The Latest

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین کے سینٹرل سکرٹریٹ میں شوریٰ عالی کا اہم اجلاس سربراہ شوری عالی حجۃ الاسلام والمسلمین مفسر قرآن علامہ شیخ حسن صلاح الدین حفظہ اللہ کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں اب تک کےتنظیمی امور کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے لیے لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔

اس اجلاس میں ملک بھر سے اراکین شوریٰ عالی بشمول مرکزی صدر آئی ایس او زاہد مہدی شریک ہوئے، اجلاس میں سالانہ مرکزی کنونشن اور نئے مرکزی سیکریٹری جنرل کے انتخاب کیلئے اجلاس شوریٰ مرکزی کے حوالے سے بھی مشاورت ہوئی ، فیصلہ کیا گیا کہ مرکزی کنونشن اپریل 2022 میں اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔

وحدت نیوز(ڈیرہ اسماعیل خان) مجلس وحدت مسلمین ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے سیکرٹری جنرل علامہ غضنفر نقوی کے ساتھ پاکستان پیپلزپارٹی کے راہنماؤں کی ملاقات ہوئی ہے ۔

سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی ومرکزی انفارمیشن سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی فیصل کریم خان کنڈی کی وفد کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ غضنفر علی نقوی کی رہائشگاہ پر آمد اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اسد علی زیدی بھی موجود تھے۔

میٹنگ میں بلدیاتی انتخاب کے حوالے سے دو طرفہ امور پر بات کی گئی،پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد میں ڈویژنل صدر پی پی پی حاجی امان الحق خان غزنی خیل، ڈسٹرکٹ صدر پی پی پی سجاد شیرازی، ڈسٹرکٹ جنرل سیکرٹری نورنگ خان گنڈہ پور اور نوابزادہ طاہر بن یامین خان شامل تھے۔

وحدت نیوز(کشمور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی ایک روزہ دورے پر کندھ کوٹ پہنچے انہوں نے ضلعی سیکرٹری جنرل میر فائق علی خان جکھرانی کے ہمراہ شیعہ علماء کونسل کشمور کے ضلعی صدر بشیر احمد حیدری کے بھائی مرحوم غلام شبیر اور ضلعی سیکرٹری تربیت مولانا سید باقر علی شمسی کے چچا مرحوم اور سیکرٹری فلاح و بہبود ڈاکٹر احسان علی شیخ کی والدہ محترمہ کی وفات پر تعزیت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ کالعدم سپاہ صحابہ کے دھشتگردوں کا دورہ سندھ جاری ہے جس کا مقصد سندھ میں امن و اخوت کی فضا کو سبوتاژ کرنا ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کے باوجود کالعدم دہشت گرد گروہوں کی روزافزوں سرگرمیاں ریاستی اداروں کے لئے سوالیہ نشان ہے۔انہوں نے کہا کہ کالعدم گروہ کے جلسوں میں ملت جعفریہ کے خلاف غلیظ زبان استعمال کی جا رہی ہے جس کا مقصد فرقہ واریت کو ہوا دینا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت اور ریاستی ادارے کالعدم دہشت گرد گروہ کے جلسے جلوس روکنے کے لئے فوری اقدام کریں۔

انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ سانگھڑ میں کالعدم گروہ کے شرانگیز جلسے میں پیپلز پارٹی کے ایم این اے نوید ڈیرو شریک ہوئے ہیں۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے اراکین اسمبلی کی کالعدم دہشت گرد گروہ سے قربت کا نوٹس لیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے شوریٰ ِمرکزی کے اراکین کے ہمراہ ایم ڈبلیو ایم سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک تاریخ کے بدترین دوراہے پر کھڑا ہے۔حکومت کی غیر دانشمندانہ پالیسیوں کے باعث وطن عزیزمعاشی مسائل کا گڑھ بن چکا ہے۔ مقتدر طبقات کی نالائقی، نااہلی اور اختیارات کی کھینچاتانی ریاست کو کمزور کرتی جا رہی ہے۔داعش ،القاعدہ اور دیگر عالمی دہشت گرد تنظیمیں ملک میں بدامنی پھیلانے کے لیے ہمارے دروازے پر تیار کھڑی ہیں۔ایسی سنگین صورتحال کو نظرانداز کرنا کسی ناقابل تلافی نقصان کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہ کہا پاکستان کے جغرافیائی خدوخال ہر لحاظ سے اہم ہیں۔طاقت کے توازن کی ایشیا کی جانب منتقلی میں پاکستان کا کردار مرکزی گزرگاہ کی مانند ہے۔چین کی اقتصادی پیش رفت میں رخنہ ڈالنے کے لیے امریکہ اور اس کے حواری ارض پاک کو غیر مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں۔ ملک میں فرقہ وارنہ اور لسانی فسادات کا فروغ عالم استکبار کے مذموم عزائم کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔ہمیں طاغوتی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے یکجا ہونے کی ضرورت ہے۔

انہوں  نے کہا کہ ملک میں بحرانوں کی ذمہ دار وہ حکومتیں ہیں جنہوں نے اپنی داخلہ و خارجہ پالیسی کو خودمختار بنانے کی بجائے غیروں کے رحم و کرم پر چھوڑے رکھا۔مالی اداروں میں ایسے اقتصادی ماہرین کو ذمہ داریاں سونپی گئیں جن کے مفادات وطن عزیز کی بجائے غیر ملکی اداروں سے وابستہ تھے۔حکومتی سطح پر اہم فیصلوں میں غیر ضروری تاخیر اورخامیوں نے ملک کو مسائل کی آماجگاہ بنا کر رکھ دیا۔ملک کے متوسط طبقے کی آمدن و اخراجات میں عدم مطابقت کرپشن میں اضافے کا باعث بنی۔افغانستان کی موجودہ صورتحال بھی پاکستان پر براہ راست اثر انداز ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملت تشیع کے جبری گمشدہ افراد کی بازیابی کے لیے کراچی میں ہونے والے خواتین کے احتجاج پر پولیس کا لاٹھی چارج اور گرفتاریاں قابل مذمت ہیں۔ کئی کئی سالوں سے لاپتا افراد کے اہل خانہ جس اضطراب اور غم کی کیفیت میں ہیں ریاست نے اس کے اظہار کو بھی جرم سمجھنا شروع کر دیا ہے۔حکومت شیعہ قوم کو لاوارث نہ سمجھے۔ ایک طرف ایک کالعدم جماعت  سے حکومت مذاکرات بھی کر رہی ہے اور قومی سلامتی کے منافی امور پر کھلم کھلا معافی بھی دے رہی ہے جب کہ دوسری طرف ان شیعہ افراد کے لیے آواز اٹھانے والے پرامن طبقے پر تشدد کیا جا رہا ہے جنہوں نے ملک و قوم کی سلامتی کو ہمیشہ مقدم رکھا۔ اس طرح کے اقدامات سے یوں لگتا ہے جیسے ریاستی ادارے لوگوں کو شدت پسندی اور طاقت کے استعمال کی طر ف راغب کرنا چاہتے ہیں۔عوام کو دانستہ مشتعل کرنے کی اس کوشش کے پس پردہ مقاصد کو حکومت کو کھوج لگانا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں عزاداروں کے خلاف مقدمات کا اندراج انتقامی کارروائی ہے۔ عزاداری ہماری عبادت ہے ہمیں اس سے روکا نہیں جا سکتا۔ اس طرح کے غیر منصفانہ اقدامات سے حکومت اپنے لیے نئے مسائل کھڑے کرے گی۔انہوں نے کہا کہ یکساں نصاب تعلیم مسلکی نصاب کے فروغ کی کوشش ہے۔ پاکستان کسی مخصوص مسلک کی جاگیر نہیں بلکہ تمام مسلمانوں کی باہمی جدوجہد کا نتیجہ ہے یہاں پر مسلکی نصاب کو نافذ کرنا ایک نیا پینڈورا باکس کھولنے کے مترادف ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کوئی بھی غیر آئینی اقدام مادر وطن کے لیے زہر قاتل ثابت ہو گا۔ہم ہر حال میں آئین کی بالادستی چاہتے ہیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) شیعہ مسنگ پرسنز کے اہل خانہ کو پرامن احتجاج سے روکنے اور ایک اسیران ملت جعفریہ کے ایک درجن ورثاء کی بلاجواز گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئےمجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے احتجاج اہل خانہ کا آئینی حق ہے۔جبری گمشدگی کے خلاف آواز بلند کرنا آئینی بالادستی کی خواہش کا اظہار ہے،کراچی پولیس کا پرامن شیعہ خواتین پر تشدد اور گرفتاری قابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی لاقانونیت امن کو تباہ کرنے کی دانستہ کوشش ہے۔اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والے حکام کے خلاف حکومت کارروائی کرے۔شیعہ قوم کو لاوارث نہ سمجھا جائے۔خواتین پر تشدد کے واقعہ پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ریاست کو لاٹھی گولی کی بجائے آئین کی زبان سمجھنی چاہئیے۔

وحدت نیوز(کندھ کوٹ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کندہ کوٹ میں ضلعی سیکرٹری جنرل میر فائق علی خان جکھرانی اور مولانا سید باقر شاہ شمسی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قرآن کریم نے قصاص کو حیات انسانی کا سبب بتایا ہے۔ اسی ہزار شہداء کے وارث آج بھی اپنے مظلوم شہداء کے لئے انصاف کا مطالبہ کرتے ہیں۔ وہ بوڑھا باپ وہ بوڑھی ماں جس کا جوان بیٹا مارا گیا وہ یتیم بچہ جس کا باپ قتل ہوا اسے انصاف چاہیے۔ شہداء کے قاتل دھشت گردوں سے مذاکرات مظلوموں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔حیرت ہے جس وزیر اعظم کو کوئٹہ کے مظلوم شہداء کے بے کس وارث بلیک میلر نظر آرہے تھے آج وہ کس طرح دھشت گردوں اور شرپسندوں کے آگے سرینڈر ہو چکا ہے؟

انہوں نے کہا کہ حکومت اور اداروں کو کس نے حق دیا ہے کہ وہ اسی ہزار شہداء کا خون معاف کر دیں۔ چیف جسٹس اور اعلیٰ عدالتیں وارثان شہداء کی آھوں اور سسکیوں کو سنتے ہوۓ اسی ہزار شہداء کے قائل دھشت گردوں کے لئے عام معافی کا نوٹس لیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور ریاستی اداروں کی مکمل آشیر واد سے کالعدم تنظیمیں ایک دفعہ پھر ملک بھر میں شر بکھیرنے اور فتنہ انگیزی کرنے کے لئے ملک گیر فتنہ مہم پر ہیں سندھ حکومت کالعدم ٹولے کے شیڈول فور مجرموں کے دورہ سندھ کو روکے۔ جن کے نام نیکٹا کے دھشت گردوں کی لسٹ میں ہیں ان کا کسی اجتماع میں شریک ہونا قانونا جرم ہے مگر وہ سرعام جلسے کر کے نیشنل ایکشن پلان کی دھجیاں بکھیر رہے ہیں۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کراچی کے سیکریٹری جنرل سید احسن عباس رضوی نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بےقابو مہنگائی اور غربت نے اسٹریٹ کرائم اور دہشتگردی میں ایک بارپھراضافہ کردیا،ناقص حکومتی پالیسیوں کے سبب شہری بدترین معاشی بحران کا سامنے کرررہے ہیں، پیٹرولیم مصنوعات اوراشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام کی قوت خرید کو بری طرح متاثر کیا ہے ، مہنگائی میں اضافے کے بعد سے ملیر ، جعفرطیار ، سعود آباد ،ماڈل کالونی اور دیگر علاقوں میں لوٹ مار کی وارداتوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی اسٹریٹ کرمنلز کے آگے بے بس دکھائی دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو روز میں جعفرطیار سوسائٹی اور گردونواح کے علاقے سے شہری 50 موبائل فونز اور 3 موٹر سائیکلوں سے محروم ہوگئے ہیں۔ مہنگائی اور بے روزگاری پر قابو نہ پایا گیا تو یہ اسٹریٹ کرائم قتل وغارت گری میں تبدیل ہوجائیں گے ، بڑھتی مہنگائی کے سبب ملک میں خانہ جنگی اور سول وار کے آثار نمودار ہونا شروع ہوچکے ہیں، مقتدر قوتوں کو ہوش کے ناخن لینا ہوں گے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرے ، ریلیف پیکجز مصنوعی اقدامات کے سوا کچھ نہیں ٹھوس اور جامع حکمت عملی مرتب کی جائے ۔ سندھ حکومت ، پولیس اور رینجرز حکام سے مطالبہ کرتے ہیں شہریوں کی جان ومال کےتحفظ کو یقینی بنایا جائے، اسٹریٹ کرامنلز سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے ، بصورت دیگر ایم ڈبلیوایم عوام کے شا نہ بشانہ اس ظلم کے خلاف سراپا احتجاج ہوگی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین کے سنٹرل سیکرٹریٹ میں گلگت بلتستان کے نامور عالم دین اور فعال سماجی رہنما اور مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ شیخ احمد علی نوری صاحب کی گلگت بلتستان کونسل کی نشست پر بعنوان ممبر منتخب ہونے کی خوشی میں کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر آغا ظہیر الحسن کربلائی ، ایم ڈبلیو ایم سنٹرل سیکرٹریٹ کے مسئول برادر ارشاد حسین بنگش اورمرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات مظاہر شگری و دیگر بھی موجود تھے۔آخر میں دعائے خیر بھی کی گئی۔

وحدت نیوز (کندھ کوٹ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع کندھ کوٹ اندھی پھاٹک بخشاپور کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل مولانا ذاکر حسین ڈومکی رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے، مرحوم کے انتقال پر مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری، صوبائی سیکریٹری جنرل سندھ علامہ سید باقرعباس زیدی ،ضلعی سیکریٹری جنرل میر فائق علی جاکھرانی نے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ قائدین نے کہا کہ پروردگار مرحوم کی مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے آمین۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین ضلع چنیوٹ کے سیکریٹری جنرل وسابق ناظم سانگرہ سادات سیداخلاق الحسن شاہ شیرازی کے والد بزرگوار سید غلام مرتضیٰ شاہ صاحب رضائے الہیٰ سے وفات پاگئے۔ مرحوم کی نماز جنازہ سانگرہ سادات تحصیل لالیاں ضلع چنیوٹ میں ادا کی گئی جس میں علاقے کے معززین، سیاسی وسماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

مرحوم کے انتقال پر مجلس وحد ت مسلمین پاکستان کے مرکزی و صوبائی قائدین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری، علامہ احمد اقبال رضوی، ناصرعباس شیرازی، اسدعباس نقوی، علامہ عبدالخالق اسدی ودیگر نے دلی افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے تعزیتی پیغامات میں رہنماؤں نے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree