The Latest
وحدت نیوز(مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر کے زیر اہتمام وحدت سیکرٹریٹ مظفرآباد میں پُروقار تقریب، جشن آزادی مملکت خداداد پاکستان کے پرمسرت موقع پر تقریب میں سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی کے علاوہ امامیہ آرگنائزیشن کشمیر ریجن کے ناظم سید اشتیاق سبزواری، آئی ایس او کے ڈویژنل صدر سید وقار کاظمی، سیکرٹری سیاسیات ایم ڈبلیو ایم آزاد کشمیر تصور عباس موسوی، سیکرٹری جنرل ضلع مظفرآباد مولانا طالب ہمدانی، خالد محمود عباسی، عابد قریشی ، عہدیداران و کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی، علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے وحدت سیکرٹریٹ پر پرچم کشائی کر کے تقریب کا افتتا ح کیا، جبکہ وحدت اسکاؤٹس اوپن گروپ کے دستے نے پرچمِ وطن عزیز کو سلامی پیش کی۔
بعد ازاں وحدت سیکرٹریٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے کہا کہ آج کا دن خوشی و مسرت کا دن ہے، آج کے دن ہمارے بزرگوں نے مال و جان لٹاتے ہوئے ہمیں اس دھرتی سے سرفراز فرمایا، قائد اعظم ؒ محمد علی جناح کی انتھک محنتوں کے ثمر میں 14اگست کی شادمانیاں ہمیں نصیب ہوئیں، مملکت خداداد پاکستان کی محبت ہمارے دلوں میں کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی ہے، پاکستانی سرزمین پر پیدا ہونے والا پاکستان سے محبت ورثے میں لیتا ہے جبکہ ہم اپنے چوائس سے پاکستان کو اپنا وطن مانتے اور اس سے لازوال محبت رکھتے ہیں ۔ ہماری منزل پاکستان ہے،آج کے دن ہم شہدائے ضرب عضب، شہدائے پاکستان اور شہدائے ملت اسلامیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ،ضرب عضب میں شہید ہونے والے ہمارے سکون و مملکت کے باسیوں کو امن کی امانت لُٹانے کے لیئے اپنی جانوں کو پیش کررہے ہیں ، مجلس وحدت مسلمین اور قوم ان جوانوں کو آج کے دن یقین دلاتی ہے کہ ہم تمہارے ساتھ ہیں، وطن کے سپوتو! ہمیں تم پر فخر ہے۔
علامہ سید تصور جوادی نے کہا کہ ہمارا نعرہ کہ پاکستان بنایا تھا پاکستان بچائیں گے اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ کل جسطرح ہمارے بڑوں نے اپنے خون سے ملک کو بنایا ، ہم اس ملک کے باسی شیعہ سنی باہم ملکر بچائیں گے ، اور کسی بھی خطرے کی صورت میں اپنی جانوں کی قربانی پیش کرنے کو تیار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جسطرح ضرب عضب کی بھرپور حمایت کی ہے اسی طرح قائد وحدت کے اعلان کے مطابق کرپٹ و باہر ممالک میں بیٹھ کر اپنے ملک کی پالیسیاں بنانے والے حکمرانوں کے خلاف آپریشن ضرب ذوالفقارکے لیئے بھی بھرپور تیاری میں ہیں۔ تقریب سے سید اشتیاق سبزواری، سید تصور عباس موسوی، مولانا سید طالب ہمدانی ، سید وقار کاظمی و دیگر نے بھی خطاب کیا، آخر میں علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے دیگر مہمانانِ گرامی کے ہمراہ کیک کاٹ کر جشن آزادی کی اس پروقار تقریب کا اختتام کیا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) پاکستان عوامی تحریک ، مجلس وحدت مسلمین ، سنی اتحاد کونسل اور مسلم لیگ ق کے انقلاب مارچ کے شرکاء اسلام آباد پہنچ گئے ہیں ،چودہ اگست کو ماڈل ٹاون لاہور سے شروع ہونے والاانقلاب مارچ چالیس گھنٹےکی طویل مصافت اور شدید سفری مشکلات کے بعدشہراقتدارمیں داخل ہوگیا ہے،ہزاروں بسوں، کاروں اور موٹر سائیکلوں پر نکلنے والے قافلے میں لاکھوں پر جوش کارکن پارٹی پرچم لہراتے اور نعرہ بازی بھی کرتے رہے۔اسلام آباد کے داخلی کھناپل کے مقام پر ایم ڈبلیوایم راولپنڈی اسلام آباد کے کارکنان نے شرکائے انقلاب مارچ خصوصاً مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری کا پرتپاک استقبال کیا،اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ شفقت شیرازی، علامہ احمد اقبال، علام اعجاز بہشتی، علامہ عبد الخالق اسدی، ناصر شیرازی، فضل عباس ، نثا رفیضی اور مہدی عابدی بھی موجود تھے ، استقبالیہ کیمپ سے مسلسل قافلوں کی آمد پر انہیں خوش آمدید کہا گیااور ان پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں ۔
انقلاب مارچ کے قائدین کو زیرو پوائنٹ پر جلسہ کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔ ڈاکٹرطاہر القادری کہتے ہیں کہ ضمانت دیتے ہیں کہ ملک میں مارشل لاء نہیں لگ سکتا۔ لاہور سے شروع ہونے والے انقلاب مارچ کے شرکاء کا گوجرانوالہ، گجرات، کھاریاں، سرائے عالمگیر اور جہلم پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ازان فجرسے قبل وزیر آباد کے مقام پر ایم ڈبلیوایم کےسینکڑوں کارکنان نے شرکائے انقلاب مارچ کا فقید المثال استقبال کیا، گجرات میں چناب پل پر مسلم لیگ (ق) کی مقامی قیادت اور کارکنوں نے شرکاء میں کھانا بھی تقسیم کیا۔علامہ ناصر عباس جعفری نے مرکزی رہنماوں کے ہمراہ گجرات کی مقامی مسجدمیں نماز فجر ادا کی، ڈاکٹر طاہر القادری کا وقفے وقفے سے ہونے والا خطاب کارکنوں کا جوش و خروش بڑھاتا رہا۔ کھاریاں میں علامہ ناصر عباس جعفری، صاحبزادہ حامد رضااور چوہدری پرویز الہی کے ہمراہ ناشتے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طاہر القادری کا کہنا تھا کہ عوامی تحریک کا انقلاب مارچ مکمل طور پر آئینی اور پُرامن ہے۔ حکمرانوں نے جو کیا کیا وہ آئینی ہے۔؟ ضمانت دیتے ہیں کہ ملک میں مارشل لاء نہیں لگ سکتا۔ حکومت کی جانب سے عوامی تحریک کو زیرو پوائنٹ پر جلسے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
وحدت نیوز(اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے یوم آزادی کی مناسبت سے اپنے ہم وطنوں کو ہدیہ تبریک پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماں دھرتی پاکستان کی یوم آزادی کے موقع پر تمام محب وطنوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلاف کی عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ اس خطے کے حصول کے لیے اقبال کے خواب، قائداعظم کی جہد مسلسل اور برصغیر کے عوام کی بےلوث قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ پاکستان کی آزادی کے لیے جن لوگوں کی خدمات کی ضرورت تھیں انہوں نے اپنی تمام تر توانائیوں اور وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کو آزاد کرایا اب ہماری ذمہ داری ہے کہ اسکی حفاظت کے لیے سب کچھ قربان کرے۔
انہوں نے کہا کہ آزادی کے وقت مسلمان اکھٹے تھے اور ایک قوم کی مانند تھے، جس قوم کو ایک ملک اور وطن چاہیئے تھا لیکن آج تقریبا سات عشرے گزرنے کے بعد وطن کو ایک قوم کی ضرورت ہے۔ ملک میں تفرقہ پھیلانے والے، تعصبات پھیلانے والے اور بدعنوانی کے ذریعے ریاستی اداروں کو کمزور کرنے والے، کرپشن کے ذریعے پاکستان کو نقصان پہنچانے والے ملک کو اندر سے کھا رہے ہیں انکے خلاف اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ دوسری طرف ملک دشمن عناصر اور دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن میں استقرار ملکی استحکام کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیروں کی پالیسی پر عمل کرنے والوں نے روح قائد کے ساتھ خیانت کی ہے۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی آزاد اور خودمختار اصولوں پر مبنی ہونی چاہیئے تاکہ مقصد کا حصول ممکن ہو۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح اور حکیم الامت علامہ ڈاکٹرمحمد اقبال کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے طویل جدوجہد کے بعد ایک آزاد وطن کیا۔ یہ پرامن ملک جمہوری جدوجہد کے ذریعے ایک سیاسی رہنما محمد علی جناح کی قیادت میں حاصل کیا گیا۔ یہ ملک اسلام کے مقدس نام پر شیعہ، سنی مسلمانوں نے اپنی وحدت کے ذریعے حاصل کیا۔ قائد اعظم محمد علی جناح شیعہ مسلمان تھے مگر انہوں نے فرقہ واریت سے بالاتر ہو کر ہمیشہ امت مسلمہ اور برصغیر کے مسلمانوں کی قیادت کی۔ فرقہ پرست تکفیری ٹولے کیلئے قائداعظم، مادر ملت فاطمہ جناح اور علامہ اقبال کے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر ہمیں وطن عزیز کی تعمیر اور ترقی کا عزم کرنا ہوگا۔ تفرقہ شیطانی عمل ہے، جبکہ اتحاد اور وحدت کی دعوت انبیاء الٰھی (ع) کی دعوت ہے۔ ہم ہر قسم کی تنگ نظری اور تعصبات سے بالاتر ہوکر پاک وطن کو امن و اخوت کا گہوارہ بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پرامن احتجاج کے راستے میں رکاوٹیں ڈالنے سے گریز کرے۔ پی ٹی آئی اور انقلاب مارچ کی رکن جماعتوں کا چار نکات پر اتفاق خوش آئند ہے کہ جدوجہد آئین کے دائرے میں عدم تشدد پر مبنی ہوگی۔ ہم حقیقی جمہوریت کا قیام چاہتے ہیں۔ لہذا مارشل لاء کے نفاذ کو برداشت نہیں کریں گے۔ جعلی مینڈیٹ کے حامل حکمران عوامی سیلاب سے خائف ہیں۔ اگر نواز شریف کے پاس حقیقی مینڈیٹ ہوتا تو وہ مڈٹرم الیکشن سے نہ گھبراتے۔ آئین کی معطل شقوں کو بحال کرتے ہوئے دفعہ 62 اور 63 کی روشنی میں الیکشن کرائے جائیں۔
وحدت نیوز(اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے زیراہتمام یوم آزادی کے موقع پر ڈویژنل سیکرٹریٹ میں ایک جشن کا اہتمام کیا گیا جس میں سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن علامہ آغا علی رضوی اور کارکنان نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے کہا کہ ظالم اور بدعنوان حکومت نے جہاں ایک طرف عوام کی آزادی سلب کی ہے وہاں وطن عزیز پاکستان کو غیرملکی پالیسیوں کی تجربہ گاہ بالخصوص امریکی مفادات کی کالونی بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جشن آزادی منانے کا مقصد وطن عزیز پاکستان کو درپیش بیرونی اور اندرونی مسائل کو درک کرنا، اپنی اپنی بساط کے مطابق حل کرنے کی کوشش کرنا اور اقبال و قائد کے پاکستان کو اسلام کا قلعہ بنانا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جو جماعتیں پاکستان کو لیبرل اور فاشسٹ حکومت بنانے کے درپے ہیں دراصل وہ اقبال و قائد کے روح سے خیانت اور وطن عزیز پاکستان سے غداری کرنے کے مترادف ہے۔ پاکستان کسی لیبرل ڈیموکریسی اور فیوڈلزم یا مارکسزم کا نتیجہ نہیں بلکہ الہٰی مقاصد کے حصول کے لیے لا الہ الا اللہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا ہے جہاں اسلامی اقدار کا لحاظ ہو اور تمام مکاتب فکر اپنے عقائد کی روشنی میں زندگی بسر کر سکیں۔ پاکستان کو اسلامی اور نظریاتی بنیادوں پر وجود میں لایا گیا تاکہ بانی پاکستان کے فرامین کے مطابق اسلام کا قلعہ بنایا جا سکے۔ اپنی تمام تر مشکلات اور مسائل کے باوجود اب بھی اسلامی جمہوریہ پاکستان عالم اسلام کی امیدوں کا محور ہے۔ جشن آزادی کی تقریب کے اختتام پر ڈویژنل سیکرٹریٹ میں سیکرٹری جنرل کے ہاتھوں کیک بھی کاٹا گیا اور آپریشن ضرب عضب کی کامیابی، پاکستان آرمی کے جوانوں کی سلامتی اور پاکستان کے استحکام و سلامتی کے لیے دعا مانگی گئی۔
انقلاب مارچ میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا بے مثال کردار شیعہ قوم کی آواز ہے، علامہ حسن ظفر نقوی
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید حسن ظفر نقوی نے کہا ہے کہ انقلاب مارچ میں علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کا بے مثال کردار شیعہ قوم کی آواز ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سیل سے جاری ایک بیان میں کیا۔ علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ بدمعاشوں کے ٹولے کے سہارے چلنے والی نواز حکومت اب اخلاقی جواز بھی کھو چکی ہے، اب صرف اسلام آباد نہیں بلکہ پاکستان کے ہر شہر کی عوام کو گلو بٹوں کو قابو کرنے کے لئے نکلنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی کابینہ کے ہر فیصلے کا پابند ہوں، ایم ڈبلیو ایم نے شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کی وحدت کی آرزو کو عملی جامہ پہنایا ہے، انقلاب مارچ میں شیعہ سنی وحدت نے پاکستان میں موجود فرقہ واریت کو ہوا دینے والے گروہوں کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے، انشاء اللہ قومی وحدت کا یہ سفر جاری رہے گا۔ انہوں نے ملت جعفریہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قوم نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور مجلس وحدت مسلمین پر جو اعتماد کیا ہے انشاء اللہ ہم قوم کی امیدوں کو پورا کریں گے اور خون کے آخری قطرے تک وحدت کا پرچم لے کر میدان میں حاضر رہیں گے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا قافلہ انقلاب مارچ میں سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی قیادت میں سینکڑوں گاڑیوں اور ہزاروں کارکنان کے ہمراہ ماڈل ٹاوُن سے اسلام آباد کے لئے روانہ ہوگیا،قافلے میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماوں علامہ شفقت شیرازی،علامہ احمد اقبال رضوی،علامہ اعجاز بہشتی،علامہ عبدالخالق اسدی سیکرٹری جنرل پنجاب،سید اسد نقوی،علامہ امتیاز کاظمی،علامہ سید جعفر موسوی بھی شریک ہیں قافلے کی روانگی سے قبل کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ ہم اس وطن کے جانثار اور وفادار بیٹے ہیں اس دھرتی کی حفاظت کے لئے ہم جانوں کا نظرانہ پیش کرنے سے دریغ نہیں کریں گے ہمارا یہ مارچ ملک میں آئین کی حقیقی نفاذ کے لئے ہیں ہم نے 22ہزار اپنے پیاروں کے لاشے اُٹھائے اور اس کے باوجود ملک میں ہمیشہ امن اور محبت کا درس دیا ہم نے اپنی عوامی اور پرامن احتجاج کی طاقت سے کو ئیٹہ کی رئیسانی کو اقتدار سے فارغ کیا تھا انشااللہ اسی طرح اس پر امن مارچ سے اسلام آباد اورپنجاب کے رئیسانیوں سے اس قوم کو آزاد کرائیں گے۔
کاروان انقلاب کے استقبال کے لئے جی ٹی روڈ کے تمام اضلاع کے سیکرٹری جنرلزہر ضلع میں کیمپ اور مارچ میں شامل شرکاء کے لئے سبیل اور کھانے کا بندوبست کریں گے اسی طرح اسلام آباد میں بھی شرکاء انقلاب مارچ کے لئے بھر پور انتظامات کریں گے۔
وحدت نیوز(لاہور)وزیر اعظم نواز شریف کے خطاب پر سربراہ مجلس وحدت مسلمین ہاکستان علامہ ناصر عباس جعفری کا ردعمل
گذشتہ انتخابات تاریخ کے متنازعہ ترین انتخابات تھے۔
وزیر اعظم شفاف انتخابات کے انعقاد کا جھوٹا رونا روتے رہے۔
عجیب الیکشن تھا کہ جس میں جیتنے اور ہارنے والے دونوں دھاندلی کا رونا رو رہے ہیں ۔
ملک میں قیام امن کے دعوے دار زویر اعظم کوئٹہ کے سو سو جنازے بھول گئے، پاک افواج کے جوانوں کے سر بریدہ لاشے بھول گئے۔
ماڈل ٹاون میں نہتی خواتین کے منہ پر گولیاں برسانہ بھی نواز شریف حکومت کا دلیرانہ اقدام تھا۔
ریاستی دہشت گردی کے جومناظر اہل پاکستان نے اس چودہ ماہ میں ملاحظہ کیئے تاریخ میں اس کی نظیرنہیں ملتی ۔
نواز شریف پر امن عوامی جدو جہد کو دہشت گردی جب کہ نہتے عوام پرپولیس گردی کو قومی دفاع قرار دیتے ہیں ۔
نوازشریف کے لہجے میں کسی آمر کی بو آرہی تھی، میاں صاحب کا انداز بیان ضیا الحق کا عکاس تھا۔
چوری شدہ مینڈیٹ سے اقتدار پر قابض نواز شریف کس منہ سے آئندہ الیکشن کی شفافیت کا دعویٰ کر رہے ہیں۔
وحدت نیوز(لاہور) دفتر مجلس وحدت مسلمین نجف اشرف عراق میں قائد شھید حضرت علامہ السید عارف حسین الحسینی رضوان اللہ علیہ کی سالانہ برسی کی مناسبت سے ایک مجلس عزاء کا انعقاد کیا گیا جس میں حجتہ الاسلام والمسلمین علامہ سرکار حسین النجفی صاحب نے خطاب کیا،جس میں انھوں نے مناقب محمد و آل محمد علیھم السلام کے ساتھ ساتھ قائد شھید رضوان اللہ علیہ کی سیرت پر مفصل روشنی ڈالی ، ان کا کہنا تھا کہ قائد شھید رضوان اللہ علیہ کی سیرت ہمارے لیئے مشعل راہ ہے،جس نے اپنی عملی زندگی اور اعلی قائدانہ صلاحیتوں سے ملت تشیع پاکستان کو جینے کا سلیقہ سکھایا اور انھوں نے اپنی پاکیزہ زندگی میں ملت تشیع پاکستان کے حقوق کے دفاع کے ساتھ ساتھ دوسرے اسلامی مسالک کے ساتھ اتحاد و وحدت کو فروغ دیا۔
انھوں نے ملت تشیع پاکستان کے حقوق کے دفاع کے لیئے اپنی جان کا نذرانہ تو پیش کردیا لیکن استعمار کے سامنے جھکے نہیں ہیں،انھوں نے اپنی سیرت سے یہ ثابت کیا کہ ہم حسینی ہیں کٹ تو سکتے ہیں لیکن استعماری طاقتوں کے سامنے جھک نہیں سکتے،قائد شھید علامہ عارف حسین الحسینی ملت کے کسی ایک طبقے ایک سوچ یا ایک نظریہ رکھنے والوں کے قائد نہیں تھے بلکہ پوری ملت تشیع پاکستان کےقائد تھے یھی وجہ ہے کہ آج بھی ان کی شخصیت ملت تشیع پاکستان میں اتحاد و وحدت کی علامت ہے۔
مجلس عزاء کے اختتام پر سیکریٹری مشاورتی کونسل مجلس وحدت مسلمین نجف اشرف حجت الاسلام الشیخ ارشد علی خان النجفی نے سابقہ جنرل سیکریٹری حجت الاسلام علامہ السید مھدی النجفی کو ان کی حوزہ علمیہ نجف اشرف میں عمدہ خدمات پر خراج تحسین پیش کیا اور انکو الوداعی کلمات کے لیئے دعوت خطاب دی جس میں السید مھدی النجفی نے اپنی تین سالہ کارکردگی پیش کی اس کے بعد سیکریٹری مشاورتی کونسل نے حجت الاسلام و المسلمین الشیخ ناصر عباس النجفی کا بطور نئے جنرل سیکریٹری مجلس وحدت المسلمین نجف اشرف کا اعلان کیا جس پر مجلس عزاء میں موجود طلبا اور علماء کرام نے صلواۃ علی محمد و آل محمد سے ان کا استقبال کیا۔
الشیخ ناصر عباس نجفی صاحب نے اپنے پہلے خطاب مجلس عزاء میں شریک طلبا اور علما ء کرام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی اعلی قیادت اور اراکین مجلس وحدت مسلمین نجف اشرف نے مجھ پر جس اعتماد کا اظھار کیا ہے انشاء اللہ میں اس اعتماد پر پورا اتروں گا،آخر پر لنگر حسینی تقسیم کیا گیا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین کے رہنما اقرار ملک، سعید رضوی اور ظہیر نقوی نے پنجاب پولیس کی جانب سے سرگودھا، ساہیول، سیالکوٹ، ملتان، لاہور سمیت متعدد شہروں میں مجلس وحدت مسلمین کے کارکنوں کو حراساں کرنے اور دفاتر کے گھیراو کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے حکومتی بکھلاہٹ سے تعبیر کیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے اور غیرجمہوری اقدامات سے گریز کیا جائے۔ رہنماوں نے کہا ہے کہ گذشتہ شب پنجاب حکومت کے ایماء پر لاہو ر میں صوبائی آفس اور اسی طرح دیگر شہریوں میں مجلس وحدت مسلمین کے دفاتر کا گھیراو کیا گیا اور رات کی تاریخی میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے کارکنوں کو حراساں کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے اور کئی جگہوں پر گرفتاریوں کی بھی اطلاعات مل رہی ہے،، ایسے اقدامات کی آمرانہ دور میں بھی مثال نہیں ملتی، احتجاج کرنا سب کا جمہوری حق ہے لیکن بادشاہ سلامت نواز شریف کے ایماء پر صوبے بھر میں کارکنوں کو حراساں کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے، ہم بتا دینا چاہتے ہیں کہ اگر کارکنوں کو حراساں کرنے ا اور دفاتر کا گھیراو بند نہ کیا گیا تو ملک گیر احتجاجی دھرنے دیں گے، جو حکومت کے خاتمہ تک جاری رہیں گے۔ پنجاب حکومت ڈاکٹر طاہرالقادری کیخلاف اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے اور انہیں یوم شہداء منانے سے نہ روکا جائے، کتنے ظلم کی بات ہے کہ ایک طرف پنجاب حکومت نے سانحہ ماڈل کراکے اپنے منہ پر کالک ملی ہے تو دوسری جانب ان شہداء کی یاد منانے سے بھی روکا جارہا ہے۔ انشاء اللہ مجلس وحدت مسلمین ماڈل کے شہداء کے حوالے سے منائے جانے والے پروگرام میں بھرپور شرکت کریگی اور اپنے سنیوں بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرے گی۔
رہنماوں نے سنی اتحاد کونسل اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کی گرفتاری بھی شدید مذمت کی۔ رہنماوں کا کہنا تھا کہ حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں جلد اس غیرآئینی حکومت سے عوام کو چھٹکارا نصیب ہوگا۔ اقرار ملک نے اسلام آباد کو سیل کرنے اور آئین کے آرٹیکل دو سو پینالیس کے نفاذ کی بھی شدید مخالفت کی اور کہا کہ وزیر اعظم خود اس شق کی زد میں آسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی مقاصد کیلئے فوج کو استعمال کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ راولپنڈی کے سیکرٹری جنرل سعید رضوی نے بتایا کہ مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام نو اگست کو راولپنڈی کے علاقے ڈھوک سیداں میں جشن آزادی پروگرام باسلسلہ بیاد شہدائے پاکستان کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں جڑواں شہروں سے لوگ شریک ہوں گے، اسی طرح دس آگست کو چاندنی چوک سے جشن آزادی کے سلسلہ میں موٹر بائیک ریلی نکالی جائیگی جو آبپارہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگی۔