The Latest

وحدت نیوز (مشہد مقدس) مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشہد مقدس کے وفد نے گزشتہ روز مشہد مقدس میں منعقدہ یوم القدس کے حوالے سے ریلی میں شرکت کی۔ مجلس وحدت مسلمین کے وفد کی قیادت مسئول دفتر مولانا ظہیر الحسن، مولانا سید منور عباس نقوی، مولانا انصاف رضا، سید محمد علی کاظمی اور دیگر نے کی۔ میدان بسیج سے نکالی جانے والی ریلی میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشہد مقدس کے مسئولین، اراکین، علمائے کرام اور پاکستانی طلاب کی ایک بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے مجلس وحدت مسلمین اور پاکستان کے پرچم اُٹھا رکھے تھے۔ ریلی میں پاکستانی پرچم نمایاں تھا، ریلی اپنے مقررہ راستوں سے ہوتی ہوئی حرم مطہر امام رضا علیہ السلام پر اختتام پذیر ہوئی۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری امور سیاسیات سید  ناصر شیرازی نے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ موجودہ پاکستانی حکومت کا رویہ بھارتی حکومت کے سامنے محکومانہ ظاہر ہوتا ہے، ملک بھر میں جاری دہشت گردی میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ملوث ہونے کے واضح ایٹیلیجنس ثبوتوں کے باوجود وزیر اعظم نواز شریف کا نریندر مودی سے کوئی شکوہ شکایت نہ کرنا انکی غلامانہ ذہنیت کا عکاس ہے، پاکستان کے اصلی کشمیر کاز سے روگردانی شہداء کشمیر کے خون سے بے وفائی ظاہر کرتی ہے، پاکستان کی تمام اہم وفاقی وزارتیں اس وقت ون مین شو کا شکا ر ہیں ، روس میں ہونےوالی پاک بھارت وزارائے اعظم ملاقات ہماری خارجہ پالیسی کی کھلی ناکامی ظاہر کرتی ہے، کسی ایجنڈے کے بغیر ملاقات نے نرریندر مودی کو مجرم ہونے کے باوجود سراٹھا کر ملنے پر مجبور کردیا، ورنہ مشرقی پاکستان کی علیحدگی کے حوالے سے دیئے گئے بیان کے بعد نریندر مودی اخلاقی طور پر نواز شریف کا سامنا کرنے کی جرائت نہیں کرتے ۔

بینک ٹرانزکشن پر عائدود ہولڈنگ ٹیکس کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اعلانیہ اشاریہ چھ فیصدیا تین فیصد ٹیکس نہ فقط سرمایہ دار ، صنعت کار بلکہ عام شہری ، کسان، تاجر اور ملازمت پیشہ افراد پر بھی ظلم ہے، حکومت عالمی بنکوں کے غیر معقول مشوروں پر عوام پر روزانہ نت نئے تجربے کرتی رہتی ہے،حکومت کو عوام پر تین فیصد ٹیکس کا ہی نفاذ کرنا تھا قوم کو بے وقوف بنانے کیلئے پہلے چھ فیصد اور تاجروں کے احتجاج کے بعد تین فیصد ٹیکس کا ریلیف دے کر تین فیصد ٹیکس برقرار رکھنے کا اعلان محض حکومتی فریب کاری ہے اور کچھ نہیں ، انہوں نے اعلا ن کیا ایم ڈبلیوایم بینک ٹرانزکشن پر عائد غیر منصفانہ غنڈہ ٹیکس کو مسترد کرتی ہے اور احتجاج کی صورت میں تاجر برادری کے شانہ بشانہ کھڑی ہو گی۔

وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام گزشتہ روز ملک بھر میں ’’عالمی یوم القدس ‘‘ منایا گیا، ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرے کیے گئے۔ تفصیل کے مطابق جنوبی پنجاب کے مرکزی شہر ملتان میں نماز جمعہ کے بعد امام بارگاہ شاہ گردیز سے مرکزی القدس ریلی نکالی گئی ۔ ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی، ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ قاضی نادر حسین علوی، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ملتان کے ڈویژنل صدر ڈاکٹرقمرعلی رضا اور جواد مصطفی ، جنرل سیکرٹری محمد علی نقوی نے کی ۔ ریلی کے شرکاء نے پینافلیکس، بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے جن پر قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی، فلسطینی مسلمانوں سے اظہار اور اسرائیلی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر شرکاء نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی اور عالم اسلام سے قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کے لیے آواز بلند کرنے کا مطالبہ کیا۔ القدس ریلی چوک گھنٹہ گھر پہنچ کر جلسے کی شکل میں تبدیل ہوگئی ۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ آج قبلہ اول صیہونیوں کے قبضے میں ہے جو کہ عالم اسلام کے لیے شرمناک ہے، پوری دنیا کے مسلمان اگر اپنا فریضہ سمجھتے ہوئے قبل اول کی آزادی کے لیے آواز بلند کریں تو قبلہ اول آزاد ہوسکتا ہے، آج کوئی بھی دن ایسا نہیں گزرتا جس دن استعماری طاقتیں مسلمانوں کو ظلم و ستم کے شکنجے کا شکار نہیں بناتیں، آج جہاں کہیں بھی ظلم و تشدد ہو رہا ہے، وہ مسلمانوں کے امریکہ و اسرائیل سے خفیہ تعلقات کے نتیجے میں ہی ہو رہا ہے۔ علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کہا کہ اگر نام نہاد اسلامی ممالک ان شیطانی قوتوں سے اپنے تمام تر تعلق ترک کرتے تو دنیائے اسلام کی یہ حالت نہ ہوتی، یہ شیطانی قوتیں مسلم نسل کشی پر نہ اتر آتیں، برما میں مسلمانوں کا بے دریغ قتل عام نہ ہوتا، مقبوضہ علاقہ جات ان کے قبضے میں نہ ہوتے، قبلہ اول پنجہ استبداد میں نہ ہوتا۔ آئی ایس او کے ڈویژنل صدر ڈاکٹر قمر علی رضا نے کہا کہ آج ایسا کوئی دن نہیں گزرتا کہ جب اسر ائیل فوجی فلسطینی عوام کو گولیوں کا نشانہ نہ بناتے ہوں، مظلوم فلسطینی عوام پر مصیبتوں کے پہاڑ ٹوٹ رہے ہیں، لیکن نام نہاد اسلامی ممالک کے ٹھیکیداروں کو اب بھی اپنی غلطی کا احساس نہیں ہو رہا ہے اور اب بھی وہ خواب غفلت میں پڑے ہوئے ہیں، اگر یہ بیدار ہوئے ہوتے تو قبلہ اول کی آزادی دور نہ ہوتی، لیکن اب وہ دن دور نہیں ہے کہ جب ان ٹھیکیداروں کے ساتھ وہی سلوک ہوگا جو صدام، قذافی یا حسنی مبارک کے ساتھ انجام پایا۔آئی ایس او کے رہنما جواد مصطفی نے کہا کہ فلسطین عالم اسلام کے لئے آنکھ کی حیثیت رکھتا ہے، فلسطین مسلمانوں کے لئے شہ رگ جاں کے مثل ہے، جب تک مقبوضہ فلسطین کی آزادی عمل میں نہیں لائی جاتی تب تک اسلامی ممالک کی سرحدیں محفوظ ہرگز نہیں ہیں، ، بیت المقدس کی آزادی تک ہمارے مقدسات کی توہین ہوتی رہے گی، ہماری عزتیں تار تار ہوتی رہیں گی۔ آخر میں اسرائیل کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی گئی اور امریکہ اور اسرائیل کے پرچم بھی نذرآتش کیے گئے۔ اس کے علاوہ کبیروالا، تلمبہ، عبدالحکیم، خانیوال، مظفرگڑھ، علی پور،سیت پور،خانگڑھ، کوٹ ادو،لیہ، بھکر،ڈیرہ غازیخان، شجاع آباد،جلال پورپیروالا میں بھی مجلس وحدت مسلمین اور آئی ایس او کے زیراہتمام ’’عالمی یوم القدس‘‘کے موقع پر احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔

وحدت نیوز(گلگت) صدر و وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر گلگت بلتستان کے بارے میں بھارتی موقف کی حمایت کرکے غداری کے مرتکب قرار پائے ہیں۔گلگت بلتستان نہ تو آزاد کشمیر کا حصہ رہا ہے اور نہ ہی یہ خطہ کسی کشمیری لیڈر نے آزاد کرایا ہے۔یہ خطہ یہاں کے عوام نے بزور بازو ڈوگروں سے آزاد کرایا ہے۔گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے میں بظاہر کوئی دشوار ی حائل نہیں البتہ وفاقی حکمرانوں کی بدنیتی ضرور حائل ہے۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ شیخ نیئر عباس نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کا شروع دن سے مطالبہ رہا ہے کہ اس محروم خطے کو پاکستان کے دوسرے صوبوں کی طرح مکمل صوبہ بنایا جائے۔صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر گلگت بلتستان کے متعلق سیاست کرنے سے پہلے کشمیر کے مستقبل کافکر کرتے ہوئے اپنے عوام کو ایک پیج پر لائیں،گلگت بلتستان کے مستقبل کا فیصلہ یہاں کے عوام کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا کسی کشمیر ی کو کوئی حق نہیں پہنچتا کہ وہ گلگت بلتستان کے معاملات میں مداخلت کرے۔یہ علاقہ کسی بٹوارے کے نتیجے میں آزاد نہیں ہوا بلکہ یہاں کے عوام نے ڈوگروں سے جنگ لڑ کر 28 ہزار مربع میل پر مشتمل یہ خطہ آزاد کرواکر پاکستان میں شامل کیا ہے جبکہ کشمیری رہنما مسئلہ کشمیر کے نام پر انٹرنیشنل کمیونٹی سے بھیک مانگ کر مال بنانے والی پالیسی پر عمل پیرا ہیں اور یہ مفاد پرست کشمیر ی ٹولہ قیامت تک مسئلہ کشمیر کا حل نہیں چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام مفت میں کشمیریوں کیلئے قربانی کا بکرا نہیں بنیں گے،حقیقت یہ ہے کہ آج تک کسی کشمیری صدر اور وزیر اعظم نے گلگت بلتستان کا دورہ تک نہیں کیا ہے اور بھارتی ایجنٹوں کے ایماء پر اخباری بیانات جاری کرتے رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام ان نام نہاد مفاد پرست کشمیری رہنماؤں سے نفرت کرتے ہیں اور ان کے بیانات کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ گلگت بلتستان کو صوبے کا درجہ دیکر سالہا سال کی محرومیوں کا ازالہ کیا جائے۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) عالمی یوم القدس کے موقع پر بلوچستان سمیت ملک بھر میں احتجاجی جلسے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ اس سلسلے میں ملک بھر کی طرح کوئٹہ، گنداخہ، ڈیرہ اللہ یار، نصیر آباد، رکنی بارکھان وغیرہ میں مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔

کوئٹہ میں یوم القدس کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ آج جمعہ ۲۲ رمضان المبارک کو دنیا بھر میں مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے عالمی یوم القدس منایا جارہا ہے۔ بلوچستان کے فرزندان اسلام کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے قبلہ اول بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کی آزادی کے لئے اپنے پاکیزہ لہو کا نذرانہ پیش کیاہے۔ ہم شہدائے یوم القدس کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے ان سے تجدید عہد کرتے ہیں کہ آزادی قدس کی تحریک جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل غاصب دنیا بھر میں فتنہ و فساد کی جڑ ہے۔ دہشت گرد گروں کی پشت پر اسرائیل غاصب کا ہاتھ ہے ہم حماس اور حزب اللہ کی جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں۔ انشاء اللہ بیت المقدس جلد ہی آزاد ہوگا اور غاصب صیہونی ریاست اسرائیل نابود ہوگی۔

در ایں اثناء گنداخہ میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی رہنماء مولانا عبدالحق بلوچ اور مولانا محمد علی جمالی نے کہا کہ اسرائیلی مظالم کو امریکی سرپرستی حاصل ہے، آج امریکہ اقوام عالم میں منفور ہوچکا ہے۔

وحدت نیوز (سکردو)عالمی یوم القدس کے موقع پر دنیا بھر کی طرح اسکردو میں بھی یوم القدس نہایت شاندار طریقے سے منایا گیا۔ اس موقع پر بلتستان کی مرکزی القدس ریلی سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے خطاب کیا ۔ علامہ آغا علی رضوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یوم القدس دنیا بھر میں مستضعفین و محرومین جہاں کے رہبر امام خمینی بت شکن کے حکم پر آغاز ہو ا اور پاکستان کی سرزمین پر اس عظیم دن کو شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کے حکم پر منایا جا رہا ہے ۔ یہ دن دنیا بھر کے مظلوموں بلخصوص مظلومین فلسطین سے اظہار یکجہتی کا دن ہے ، اس دن کو نہیں منانے والا امام خمینی رح کے فرمان کے مطابق استعمار کا ایجنٹ ہے۔ اس روز دنیا بھر کے مظلومین مجرمین جہان امریکہ و اسرائیل کی جنایت کاریوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوتے ہیں اور قدس کی بازیابی کے لیے جدوجہد کرتے ہیں۔ یوم القدس امریکہ و اسرائیل کے مظالم کی نابودی کا دن ہے ، اس دن دنیا بھر کے مظلوم وقت کے ظالم کے خلاف آواز بلند کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوم القدس دنیا میں ظالم و مظلوم کی پہچان کا دن بن چکا ہے ۔ آغا علی رضوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یوم القدس مسلمانان جہاں کو اتحاد و یگانگت کی دعوت دیتا ہے اور مسلمانان جہاں کو قدس کی بازیابی کے لیے ذہن سازی کر تا ۔ یوم القدس دنیابھر میں موجود نام نہاد انسانی حقوق کی تنظیموں سے سوال کررہا ہے بلخصوص اقوام متحدہ سے سوال کر رہا ہے کہ مظلوم فلسطینوں کو سات عشروں سے کیوں انسانی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ ہم اس روز کی مناسبت سے دنیا بھر میں موجود باضمیر انسانوں ، انسانی حقوق کی دم بھر نے والی تنظیموں بلخصوص اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فلسطین میں سات عشروں سے انسانی حقوق پر ڈھائے جانے والے مظالم کا سد باب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قدس کی آزادی مسلمانوں کے اتحاد میں پوشید ہ ہے امام خمینی کے فرمان کے مطابق اگر عالم اسلام ایک ایک بالٹی پانی اسرائیل پر بہا دے تو اسرائیل دنیا کے نقشے سے مٹ سکتا ہے۔ آج اسلامی ممالک میں امریکہ و اسرائیل نے مسلمانوں کے درمیان تفرقہ کے ذریعے اتحاد قائم ہو نے سے روکے رکھا ہے بلخصوص نام نہاد عرب اسلامی ممالک مسئلہ فلسطین میں امریکہ و اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہیں جو کہ انتہائی شرمناک ہے۔ کبھی عرب اسلامی ممالک کویہ توفیق نہیں ہو ئی کہ و ہ فلسطین کے مسلمانوں کے حق میں اور اسرائیل کے خلاف ایک بیان دے ۔ قدس آج اگر یہودیوں کے قبضے میں ہے تو محض اسی وجہ سے ہے کہ مسلمانوں کے درمیان اتحاد کی فقدان ہے ۔ امریکہ نے اسلام کے اندر مزید افتراق ڈالنے ، مسلمانوں اور آپس میں الجھانے اور اسلام کا چہرہ مسج کر کے پیش کرنے کے لیے طالبان اور داعش جیسی تنظیموں کو وجود میں لایا اور اسکی معاونت میں مصروف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والے دھماکوں اور فتنوں میں امریکہ و اسرائیل اور را کا براہ راست ہاتھ ہے۔ امریکہ و اسرائیل اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے پاکستان اور اسوقت اسکردو بھی پہنچ چکا ہے جو کہ خطرہ کی گھنٹی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یو ایس ایڈ اور دیگر امریکی تنظیموں کے پیچھے امریکہ اور اسرائیل ہے ۔ امریکہ گلگت بلتستان میں اپنے مفادات کے حصول کے لیے انہی تنظیموں کے ذریعے سازشوں کے جال بننے میں مصروف ہے۔ سات سمند ر پار موجود اسلام و قرآن کا دشمن گلگت بلتستان سے کیسے مخلص ہو سکتا ہے۔ اگر امریکہ کو انسانیت کی فکر ہے اور انسانوں کی خدمت کی فکر ہے تو وہ اسرائیل کے سر سے ہاتھ اٹھائے اور فلسطین کے مسلمانوں کو انکے کیوں دیتے ۔ ستر سال قبل اسرائیل نے فلسطین میں جو کچھ کیا تھا آج امریکہ اپنی تنظیموں کے ذریعے گلگت بلتستان اسکا تکرار ہو رہا ہے جو کہ خطے کے لیے خطرہ کی گھنٹی ہے آج تمام مسلمانوں کو دنیا بھر کے ظالموں بلخصوص امریکہ و اسرائیل اور اسکے ایجنٹ طالبان اور داعش کے خلاف قیام کرنے اور دنیا بھر کے مظلومین کی حمایت میں آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے ۔

وحدت نیوز (کراچی/ لاہور/اسلام آباد/کوئٹہ /گلگت/ سکردو) مجلس وحدت مسلمین اور آئی ایس اوکے زیر اہتمام نماز جمعہ کے بعد ملک بھر میں مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے عالمی یوم القدس منایاگیا،ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں قصبوں دیہاتوں میں پانچ سو سے زائد ریلیوں کا انعقاد کیا گیا،کراچی میں مرکزی آزادی القدس کی ریلی سے سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان نے خطاب کیا،جبکہ اسلام آباد میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ امین شہیدی نے القدس ریلی کی قیادت کی،کوئٹہ میں مجلس وحدت مسلمین کے رکن بلوچستان اسمبلی آغا سید محمد رضا مرکزی ریلی کی قیادت کی،خیبر پختونخواہ میں مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سبطین حسینی اور صوبائی رہنما کرم ایجنسی سمیت صوبائی دارالحکومت میں مرکزی القدس ریلی کی قیادت کی گلگت میں القدس کی مرکزی ریلی کی قیادت علامہ نیر مصطفوی نے جبکہ بلتستان میں مرکزی القدس ریلی کی قیادت سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین بلتستان ڈویژن آغا سید علی رضوی نے کی ۔

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مرکزی القدس ریلی دوپہر 2 بجے جامع مسجد صاحب الزمان علیہ السلام اسلام پورہ سے اسمبلی ہال تک نکالی گئی جس کی قیادت مرکزی سیکریٹری تبلیغات علامہ احمداقبال رضوی ،سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی،مرکزی سیکرٹری اطلاعات آئی ایس او پاکستان سجیل شمسی،اور شکیل نقوی نے کی ،مرکزی ریلی القدس لاہور اسلام پورہ تا اسمبلی ہال میں پاکستان پاکستان عوامی تحریک، پاکستان عوامی تحریک،سنی اتحاد کونسل،جمعیت علمائے پاکستان (نیازی گروپ)،انجمن شہریان لاہور سمیت دیگر شخصیات نے شر کت کی۔اسی طرح پنجاب،سندھ،کے پی کے،بلوچستان،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے دیگر اضلاع اور تحصیلوں میں مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی و تحصیل سیکرٹری جنرلز القدس ریلیوں کی قیاد ت کی۔

لاہور القدس ریلی سے خطاب میں علامہ عبدالخالق اسدی کا کہنا تھا کہ قبلہ اول کی آزادی کے لئے جدو جہد ہمارے ایمان کا حصہ ہے،ہم اسرائیل کے ناپاک وجود کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،چنیوٹ میں القدس ریلی سے مرکزی رہنما مجلس وحدت مسلمین سید ناصر شیرازی نے خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ اسلامی ملکوں میں مسلمانوں کے قتل عام کرنے والے نام نہاد جہادی قبلہ اول کی آزادی کے لئے اسرائیل کے خلاف جہاد کریں پوری مسلم امہ ان کے شانہ بشانہ ہونگے،لیکن افسوس کا مقام یہ ہے کہ یہ گروہ جہاد کے نام پر اسرائیل اور امریکہ کے ہی درپردہ مدد کر رہے ہیں،ریلی سے پاکستان عوامی تحریک کے رہنما ڈاکٹر رحیق عباسی نے بھی خطاب کی انہوں نے کہا کہ قبلہ اول کی آزادی اور مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں نکلنا عین عبادت ہے،آج عرب ممالک کے غلام حکمران مسلمانوں کے قتل عام کے لئے داعش،النصرہ اور طالبان جیسوں کی حمایت تو کرتے ہیں لیکن فلسطین میں جہاں مسلمانوں کی نسل کشی ہو رہی ہے اور قبلہ اول پر یہودیوں کا قبضہ ہے اس کے خلاف منہ نہیں کھولے گا کیونکہ ان عیاش عرب حکمرانوں کو اسرائیل اور امریکہ کے مفادات عزیز ہے،ریلی میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شریک تھی،ریلی کے شرکاء ہاتھوں میں پلے کارڈ اُٹھائے قبلہ اول کی آزادی کے لئے نعرے لگاتے رہے۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) خیرالعمل فاؤنڈیشن کے چیئرمین نثارعلی فیضی کا صوبائی سیکریڑی فلاح بہبود تہور عباس کے ہمراہ شاہداؤ ڈی آئی خان ھاؤسنگ کا لونی کا دورہ انہوں نے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا اور کالونی کی تعمیرات جلد مکمل کرنے کی ہدایات کی۔ علامہ اقبال کالونی کمیتہ امداد امام خمینی کے تعاون سے تعمیر کی جارہی ہے جس میں ۳۰ مستحق خاندانوں کو گھر الاٹ کر دیے گئے ہیں اس وقت اسکی تعمیر اپنے آخر ی مراحل میں ہے۔کالونی کے رہائشی مستحق افراد سے ملاقات کرتے ہوئے گفتگو میں چیئرمین خیرالعمل فاؤنڈیشن نثار علی فیضی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کا یہ طرہ امتیاز ہے کہ اسکی اولین ترجیح معاشرے کے بے سہارا اور محروم طبقوں کی خدمت کرنا اوران کے حقوق کی جنگ لڑناہے۔ایک ایسے ملک میں جہاں غریب غریب تر اور امیر امیر تر ہوتا جارہا ہے ۔ دولت کی منصفانہ تقسیم نہ ہونے کی وجہ سے افراد پسماندگی اور محرومیت کی دلدل میں دھنس چکے ہیں خیرالعمل فاؤنڈیشن مسا ئل اور وسائل کوآمنے سامنے رکھ کر انہیں حل کرنا چاہتی ہے اس وقت بشمول ڈیرہ اسماعیل خان،گلگت اور لیہ میں ۱۰۰ گھرتعمیر کیے جارہے ہیں جو ان مفلس اور درد مندخاندانوں کے دکھوں پر مرہم کا کام کریں گے،فلاحی امور کی انجام دہی کیلئے عوام الناس فطرے کی رقوم ایم ڈبلیوایم کےرفاحی شعبے خیر العمل فاؤنڈیشن کو عطیہ کریں۔

وحدت نیوز (لاہور) قرآن کتاب ہدایت ہے،جس نے قرآن کو تھام لیا وہ فلاح پا گیا،امت مسلمہ کی نجات کا واحد ذریعہ قرآن ہے،قرآن ایسا چراغ ہے جوبجھنے والا نہیں،قرآن مکمل ضابطہ حیات ہے قرآن پر عمل کر کے ہی ہم اپنے سیاسی،اجتماعی،معاشرتی مسائل کو حل کر سکتے ہیں،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں ایم ڈبلیوایم کے شعبہ تربیت کے زیر اہتمام جشن نزول قرآن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خالق کائنات نے قرآن کی صور ت میں آئین زندگی خاتم الانبیا ء محمد مصطفیٰٰ کے قلب اطہر پر اتارا ،اس میں ہمارے ہر مسئلہ کا حل ہے،قر آن بیدار ی کاپیام ہے،قرآن وحدت کا پیغام ہے،قرآن سے انس و محبت کرنا خدا اور رسول و اہلبیت اطہار سے عشق و محبت کرنا ہے،جس نے قرآن کو اپنا لیا اسے صحراؤں اور پہاڑوں میں بھی رہنمائی ملے گی،جس نے قرآن کو پس پشت ڈال دیا اس نے ہلاکت و تباہی کو اپنے اوپر مسلط کرلیا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری کہا کہ مسلم امہ اگرقرآن کو اپنے لئے آئین و دستور بنائیں تو دنیا کا نقشہ تبدیل ہوسکتا ہے،قرآن نکتہ اتحاد امت اورا ورحدت المسلمین کا آئینہ دار ہے،ہماری بدقسمتی ہے کہ ہم پر وہ حکمران مسلط ہیں جنہوں نے قرآن کو پس پشت ڈال رکھا ہے اگراسلامی ممالک کے حکمران قرآن کے طارق نا ہوتے تو امت مسلمہ اس طرح خوار نا ہوتی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ پیر معصوم نقوی نے کہا کہ قرآن کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ اس کی حفاظت کی ذمہ داری خدا نے لی ہے ،قرآن کاپنی اصل شکل میں موجود ہونا ہمارے لیئے باعث فخر و اطمینان ہے وگرنہ دوسری آسمانی کتابوں میں وقت کے ساتھ ساتھ تبدیلیاں آ چکی ہیں ،قرآن اسی شکل میں موجود ہے جس شکل میں قلب اطہر رسول آخر پر نازل ہوا،انہوں نے متوجہ اور خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ قرآن کے متن میں تمام تر سازشوں کے باوجود تحریف نہیں کر سکے وہ آج اس کی غلط و من مانی تعبیر کے ذریعے تحریف کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔

مہتمم جامعہ نعیمیہ علامہ راغب حسین نعیمی نے کہا کہ دہشتگرد و تکفیری گروہ قرآن کی آیات مظاہرہ کو گلے کاٹتے ہوئے،بے گناہوں کو خون میں نہلاتے ہوئے اور انسانوں کا لاشوں کی توہین کرتے ہوئے استعمال کر رہے ہیں اور انہیں دنیا بھر میں نشر کر ہے ہیں،اس کا صرف ایک ہی مقصد ہے کہ کتاب ہدایت و رہنمائی سے بیزار کیا جائے،انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو ایسے تکفیری و اسلام دشمن ایجنٹوں کی سازشوں کو سمجھنا ہو گا اور انہیں ناکام بنانے کی حکمت عملی بنانا ہو گی۔

کانفرنس سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین کے پولیٹیکل ایڈوائزر اعجاز احمد چودھری،جمعیت علما ء پاکستان نیازی کے سربراہ پیر معصوم شاہ نقوی،جمعیت علمائے پاکستان نیاز ی گروپ کے سیکرٹری اطلاعات ڈ اکٹر امجد،تحفظ ناموس رسالت کے رہنما محمد علی نقشبندی،مہتمم جامعہ نعیمیہ علامہ راغب حسین نعیمی،منہاج القرآن علماء مشائخ ونگ کے صدر سید فرحت حسین شاہ،علامہ احمد اقبال رضوی،علامہ عبدالخالق اسدی،علامہ ابوذرمہدوی،حاجی امیر عباس مرزا،سید اسد عباس نقوی،افسر حسین خاں سابق چئیرمین آئی او پاکستان سمیت معروف نعت و منقبت خوانوں نے شرکت کی۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے سیکریڑی جنرل عباس علی نے اپنے بیان میں کہا کہ بلدیہ پلازہ کے اطراف میں سخت سیکورٹی کے باوجود بم دھماکہ اور تسلسل سے جاری ٹارگٹ کلنگ ایک بڑے خطرے کی گھنٹی ہے۔ حال ہی میں لگائے گئے بیریرز بھی شہریوں کے لیے مشکلات کی باعث بن گئے۔ ماہ رمضان میں دہشت گرد عناصر نہتے روزہ داروں ، بچوں ، خواتین کو شہید اور زخمی کر کے ناقابل معافی جرم کے مرتکب ہوئے جبکہ دوسری جانب صوبائی حکومت اور سیکورٹی ادارے مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔ ماہ رمضان کے حوالے سے بارہا حکومت اور انتظامیہ کو آگاہ اور خصوصی انتظامات کے مطالبات ان کے نوٹس میں لاتے رہے لیکن کوئی شنوائی نہ ہوئی اور ناخوشگوار واقعات تواتر سے رونما ہو رہے ہیں۔ کوئٹہ شہر ایک عرصے سے ٹارگٹ کلنگ اور بم دھاکوں کی زد میں ہیں۔ حالات ٹھیک ہوئے کا نام نہیں لے رہے۔ پولیس اور ایف سی دعویٰ کر رہی ہے کہ وہ ایک مہینے کے دوران سینکڑوں ملزمان گرفتار کئے۔ مگر ان میں سے کسی طالبان یا داعش کمانڈر کو ابھی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا اور ان تنظیموں اور لوگوں کی جانب سے کوئٹہ شہر میں تواتر کے ساتھ ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکے جاری ہیں اور یہ عناصر حکومت اور سیکورٹی اداروں کو یہ چیلنج دے رہے ہیں۔ کہ وہ جب چاہیے شہر کے وسط میں کاروائی کر سکتے ہیں ۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وہ بم دھماکے اور ٹارگٹ کلنگ میں شہید اور زخمی ہونے والے کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور غم کا اظہار کرتی ہے۔ اور صوبائی حکومت کی نا اہل ، غفلت ، عدم دلچسپی اور کوتاہی کی مذمت کرتی ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree