
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(اسلام آباد)منجی بشریت حضرت امام مہدی عجل اللہ فرجہ کے یوم ولادت اورشب برات کے پرنور موقعہ پرمحبان اہلبیت اطہار علیہم السلام کو مبارکبادپیش کرتا ہوں۔یہ مقدس رات قرب خداوندی کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے،رب العزت ہمیں ان مقدس سعاتوں سے مستفید ہونے کی توفیق دے،الہی آمین
وحدت نیوز(خانیوال)مجلس وحدت مسلمین ضلع خانیوال کا اجلاس ضلعی آرگنائزر منظر مہدی کی صدارت میں منعقد ہوا، اجلاس میں خصوصی طور پر مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلعی آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں اتفاق رائے سے محمد عرفان کو مجلس وحدت مسلمین تحصیل کبیروالا کا سیکرٹری جنرل نامزد کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک مذہبی و سیاسی جماعت ہے جو آمدہ بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی، مجلس وحدت مسلمین اتحاد بین المسلمین کے حوالے شب و روز کوشاں ہے، ملی یکجہتی کونسل میں ایم ڈبلیو ایم کی فعالیت اس کی نمایاں مثال ہے۔
وحدت نیوز(اسلامآباد)مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے سعودی عرب میں عقیدے اور نظریئے کے اختلاف پر ایک ہی دن میں 81 افراد کے سرقلم کرنے کو شدت پسندی کی بدترین مثال قرار دیا ہے۔ انہوں نے آل سعود کے اس وحشیانہ عمل کو سنگین جرم قرار دیتے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور اقوام عالم سے اس کے خلاف شدید ردعمل کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آل سعود کو اس غیر انسانی سلوک کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا، خدا کے ہاں ظلم کی کوئی معافی نہیں، امت مسلمہ تعصب کی بجائے انصاف کا مظاہرہ کرے اور آل سعود کے اس ظلم کی مذمت کرے، جو کلمہ گو حکمران اس ظلم و بربریت پر خاموش ہیں، وہ مسلمان کہلانے کے مستحق نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں شعائر اسلام کی صریحاً توہین کی جا رہی ہے، بت خانوں، جوئے خانوں اور ناچ گانوں کی عریاں محفلیں سرکاری سرپرستی میں جاری ہیں، اگر پابندی ہے تو صرف اہلبیت اطہار علیہم السلام کے ذکر پر پابندی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی ممالک جہاں غیر مسلموں کی حکمرانی ہے، وہاں بھی اس طرح کا ظالمانہ قانون رائج نہیں، آل سعود کا یہ اقدام یہود و نصاریٰ کی خوشنودی کے حصول کے لئے ہے، سعودی عرب میں بے گناہ انسانی جانوں کے ضیاع پر دنیا کے ہر باشعور اور باضمیر کو آواز بلند کرنی چاہیئے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وفد نے وزیر مذہبی امور کو نصاب پر ملت جعفریہ کے تحفظات سے آگاہ کیا۔ ایم ڈبلیو ایم کے وفد نے کہا شیعہ طلبہ کے لیے سابقہ علیحدہ نصاب بحال کیا جائے۔ ایم ڈبلیو ایم کے وفد نے وفاقی وزیر کو بتایا ہر مکتب فکر کے عقائد اور فقہ و حدیث کا بڑا حصہ ایک دوسرے سے مختلف ہے، لہذا ہر مکتب فکر کے بچوں کو ان کے اپنے عقائد اور فقہ و حدیث کے مطابق پڑھنے کا حق دیا جائے۔ ایم ڈبلیو ایم کا وفد وزیر مذہبی امور کے نوٹس میں لایا کہ نئے متنازعہ نصاب کی وجہ سے ملت جعفریہ میں عقائد کے عدم تحفظ کا احساس جنم لے رہا ہے، جس کو فوری طور پر دور کیا جائے۔ وفد نے دینیات کے علاہ دیگر نصابی اور درسی کتب سے بھی دل آزار مواد نکالنے اور نظام تعلیم کو پاکستان کی نظریاتی بنیاد سے ہم آہنگ کرنے کا مطالبہ کیا۔
وزیر مذہبی امور نے ایم ڈبلیو ایم کے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ نصاب تعلیم کے حوالے سے تمام مکاتب فکر کے حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ وزیر مذہبی امور نے کہا نظام تعلیم کو ملک کی نظریاتی اساس سے ہم آہنگ کرنا ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے، اس کی متعلقہ محکموں کو از سر نو تاکید کی جائے گی۔ وزیر مذہبی امور نے کہا کہ وہ ملت جعفریہ کے تحفظات پر وزارت تعلیم، متعلقہ اداروں اور تمام شیعہ اسٹیک ہولڈرز کا جلد ایک مشترکہ اجلاس بلائیں گے اور تحفظات دور کرنے کا میکانزم بنایا جائے گا۔ ایم ڈبلیو ایم کے وفد میں مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی، مرکزی سیکرٹری نوجوانان علامہ اعجاز حسین بہشتی، اصلاح نصاب کمیٹی کے رکن سید ابنِ حسن بخاری، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری گلگت بلتستان علامہ نیئر مصطفوی اور علامہ ضیغم عباس شریک تھے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین نے تعلیمی اداروں میں لڑکیوں کے حجاب پہننے پر پابندی برقرار رکھنے کے بھارتی ہائیکورٹ کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے انصاف کے اصولوں کے منافی قرار دیا ہے۔ ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے لاہور میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا بھارتی عدالت انصاف و مساوات کے اصول اور برقرار رکھنے میں ناکام ہو چکی ہے، یہ فیصلہ مسلمان مخالف مہم میں بے رحمی کی ایک تازہ مثال ہے، جہاں سیکولرازم کے ہتھیار سے مسلمانوں کو ہدف بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خدشہ ہے ہائیکورٹ کے ناقص فیصلے کے بعد خاص طور پر مسلمان اقلیت کو مزید پسماندگی سے دوچار کرنے کی کوششیں تیز ہو جائیں گی، اس عمل سے ہندو انتہاپسند جماعت آر ایس ایس کی مزید حوصلہ افزائی ہوگی اور وہ مسلمانوں کو ہدف بنائیں گے۔
علامہ اسدی نے مطالبہ کیا بھارتی حکومت اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی حفاظت و سلامتی یقینی بناتے ہوئے مذہبی روایات پر عملدرآمد کرنے کیلئے انہیں تحفظ فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ دینے والے جج کو شائد اسلامی عقائد کا علم نہیں جو یہ کہہ رہا ہے کہ اسلام میں حجاب پہننا ضروری مذہبی عمل نہیں۔ علامہ اسدی نے کہا کہ بھارت خود کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت قرار دیتا ہے جبکہ عملی طور پر وہاں اقلیتوں کا استحصال جاری ہے، ایسا لگتا ہے کہ کرناٹک ہائیکورٹ نے انڈیا کی بربادی کی بنیاد رکھ دی ہے۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں سید سلمان حیدر رضوی کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشتگردوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔ اپنے مذمتی بیان میں ترجمان ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ معروف شیعہ رہنماء سلمان حیدر کے قتل کی مذمت کرتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ سلمان حیدر کا قتل شہر قائد کا امن خراب کرنے کی سازش ہے، سلمان حیدر کی ٹارگٹ کلنگ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ ترجمان ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ شہید سلمان حیدر پاسبان عزا اور آل پاکستان زیارات کاروان آپریٹر کے سیکرٹری جنرل، مسجد و امام بارگاہ خیر العمل ٹرسٹ کے ذمہ دار اور معروف شیعہ رہنماء ایس ایم حیدر مرحوم کے بیٹے تھے۔ ترجمان ایم ڈبلیو ایم نے مطالبہ کیا کہ سلمان حیدر کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشتگردوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔ واضح رہے کہ کراچی کے علاقے انچولی سوسائٹی میں موٹرسائیکل سوار دہشتگردوں نے فائرنگ کرکے پاسبان عزا کے جنرل سیکریٹری سید سلمان حیدر رضوی کو شہید کر دیا۔