
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی رہنما اوروزیر زراعت گلگت بلتستان محمد کاظم میثم نے وزیر سیاحت راجہ ناصر عبداللہ کے ہمراہ وزیر صحت گلگت بلتستان حاجی گلبر خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں گلگت بلتستان میں صحت کے ایشوز اور مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
اس موقع پر آر ایچ کیو سکردو اور بے نظیر ہسپتال گمبہ سکردو اور دیگر ہسپتالوں کے ایشیوز پر بحث ہوئی۔ وزیر صحت سے حلقہ دو سکردو میں جاری سکیموں بلخصوص ٹین بیڈ ہسپتال بشو اور دیگر بی ایچ یوز کو مزید فعال کرنے نیز کچورا میں دس بیڈ ہسپتال کے قیام کے حوالے سے گفت و شنید ہوئی۔
وزیر صحت گلگت بلتستان نے کہا کہ پورے خطے میں ڈاکٹرز کی کمی کو پورا کرنے سہولتیں فراہم کرنے کے حوالے سے تاریخی اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور مزید بہتری آئے گی۔اسکے علاوہ روندو حلقہ دو سکردو سمیت بلتستان کے تمام پسماندہ علاقوں میں طبی سہولت بلخصوص روندو زلزلہ زدگان کے لیے طبی سہولیات پر بھی گفتگو ہوئی۔ روندو تیس بیڈ ہسپتال کو اپگریڈ کرکے پچاس بیڈ کرنے کے حوالے سے بھی ضروری اقدامات کی یقین دہانی کی۔
وحدت نیوز(سکھر) مجلس وحدت مسلمین ضلع سکھر کے سیکریٹری جنرل چوہدری اظہر حسن نے کہا ہے کہ کل 27 رمضان المبارک جمعتہ الوداع کو دنیا بھر کی طرح پاکستان کے شہر سکھر میں بھی عالمی یوم القدس کی مناسبت سے ایم ڈبلیو ایم کے تحت عالمی یوم القدس ریلی نکالی جائے گی۔
سکھر پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ موجودہ عالمی حالات میں عالمی یوم القدس کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے جب متعدد عرب ممالک اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرکے فلسطین اور کشمیر کے مسئلے کو نارمل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔
چوہدری اظہر کا کہنا تھا کہ امریکا اسرائیل کی سازشیں اسلامی ممالک میں کھل کر سامنے آچکی ہے، ملت اسلامیہ عرب ممالک کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو ہرگز قبول نہیں کرتی، امام خمینیؒ نے 40 سال قبل ان شیاطین کیخلاف نعرہ لگایا تھا جس نے آج پوری دنیا کو بیدار کردیا ہے۔
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پنجاب سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ممبر متحدہ علماء بورڈ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ سید حسن رضا ہمدانی نے کہا ہے کہ 27 رمضان المبارک جمعہ کے روز اسرائیلی جارحیت کیخلاف دنیا بھر میں یوم القدس منایا جائے گا اور فلسطین ،کشمیر و یمن کے مظلومین سے اظہار یکجہتی کیلئے بھرپور انداز میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔ لاہور کی مرکزی القدس ریلی مسجد صاحب الزمان حیدر روڈ اسلام پورہ سے پنجاب اسمبلی حال تک نکالی جائے گی۔ ریلی کی قیادت مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ احمد اقبال رضوی، صدر امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان لاہور ڈویژن حیدر ثقفی و دیگر قائدین کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے مظلومین کی حمایت میں علامہ اقبال اور قائد اعظم کے نظریات ہمارے لیے بہترین لائحہ عمل ہیں، القدس مسلکی مسئلہ نہیں بلکہ امت مسلمہ کا باہمی مسئلہ ہے، کشمیر و فلسطین و یمن میں انسانی حقوق کی پامالی کے بدترین واقعات رقم کئے جا رہے ہیں، جن کیخلاف اقوام عالم کو انسانی اور اخلاقی بنیادوں پر آواز بلند کرنی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ظالموں کی مخالفت اور مظلوموں کی حمایت ایک شرعی تقاضا ہے۔امریکہ، بھارت اور اسرائیل دور عصر کے سب سے بڑے ظالم اور غاصب ہیں۔ ان کے خلاف ملت تشیع بھرپور انداز میں احتجاج جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ القدس پر اسرائیل کے غاصبانہ تسلط کے خاتمے کا وقت بہت قریب ہے۔ القدس کی آزادی کو اب دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ فلسطین کی وہ قوم جو کل تک اسرائیلی ٹینکوں کا مقابلہ پتھروں سے کرتی تھی آج جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔ عوامی مزاحمت نے اسرائیل کو عملی اور فکری طور پر شکست فاش سے دوچار کیا ہے۔امریکہ کے کندھے پر سوار ہو کر اسرائیل زیادہ دیر تک اپنی بقاء کی جنگ نہیں لڑ سکے گا۔ فلسطین کی اس ترقی نے اسرائیل اور اس کے حواریوں کو خوفزدہ کر رکھا ہے۔ اپنے وسعت پسندانہ عزائم کی تکمیل کیلئے دیکھے جانیوالے گریٹر اسرائیل کے خواب آج چکنا چور ہو چکے ہیں اور صیہونی اپنے غاصب حصے پر قبضہ برقرار رکھنے کیلئے بوکھلاہٹ میں ہاتھ پاوں مار رہے ہیں۔ اسرائیل کی اس ناکامی کا سارا کریڈٹ امام خمینی کو جاتا ہے جنہوں نے انقلاب ایران کے بعد القدس کے مسئلے کو زندہ رکھنے کیلئے بھرپور آواز بلند کی۔
انہوں نے کہا کہ انقلاب ایران کے بعد امام خمینی نے جمعة الوداع کے موقع پر پوری دنیا کے اندر یوم القدس منانے کا اعلان اس وقت کیا جب عالمی قوتیں اسرائیل کو ایک اٹل حقیقت منوانے پر تلی ہوئی تھیں۔ انہوں نے کہا وہ عالمی استکباری قوتیں جو فلسطینیوں سے ان کا آبائی علاقہ چھیننا چاہتی ہیں، آج ہمارے وطن عزیز کی سلامتی و استحکام کو بھی تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہیں۔ امریکہ پاکستان کا بدترین دشمن ہے اور اس کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہا ہے۔ دہشتگردوں کے ذریعے وطن عزیز کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے ایجنڈے پر بڑی تیزی سے کام ہو رہا ہے، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اس قوم نے پہلے ہی بہت نقصان اٹھایا ہے۔ ہمارا ملک مزید کسی آزمائش کا متحمل نہیں۔ وطن عزیز کی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے بیرونی مداخلت کا مکمل خاتمہ ناگزیر ہے۔ ملک کے حساس معاملات میں امریکی مداخلت پر ہماری خاموشی وطن عزیز کیلئے سنگین خطرہ ثابت ہو سکتی ہے۔
پریس کانفرنس میں علامہ عاصم مخدوم، سید حسین زیدی، صدر امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن لاہور ڈویژن حیدر ثقفی، مولانا سید حسین نقوی، مولانا علام عباس شیرازی، شیخ عمران اور نجم جعفری و دیگر عہدیدار شریک ہوئے۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور سابق وزیر قانون بلوچستان آغا رضا، ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ کے ڈپٹی سیکرٹری شیخ ولایت حسین جعفری اور دیگر نے کوئٹہ پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعہ کے روز ملک بھر میں یوم القدس منایا جائے گا اور فلسطین، کشمیر و یمن کے مظلومین سے اظہار یکجہتی کے لیے بھرپور انداز میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔ موجودہ ملکی و بین الاقوامی صورتحال اور خطے کے حالات ملک میں مزید ناامنی کی طرف اشارہ دے رہے ہیں۔ امریکہ اسرائیل اور سعودی عرب سمیت تمام اسلام دشمن اور ملک دشمن قوتیں تیزی سے اپنے شیطانی ایجنڈے پہ عمل پیرا ہیں۔ ان حالات میں بروز جمعہ وطن عزیز میں یوم القدس یقینا بہت اہمیت کا حامل ہے۔ فلسطین کے مظلومین کی حمایت میں علامہ اقبال اور قائداعظم کے نظریات ہمارے لیے بہترین لائحہ عمل ہیں۔ القدس مسلکی مسئلہ نہیں، بلکہ امت مسلمہ کا اور انسانیت کا باہمی مسئلہ ہے۔ کشمیر و فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالی کے بدترین واقعات رقم کئے جا رہے ہیں۔ جن کے خلاف اقوام عالم کو انسانی اور اخلاقی بنیادوں پر آواز بلند کرنی چاہئے۔ ظالموں کی مخالفت اور مظلوموں کی حمایت ایک شرعی تقاضا ہے۔ امریکہ، بھارت اور اسرائیل دور عصر کے سب سے بڑے ظالم اور غاصب ہیں۔ ان کے خلاف ملت تشیع بھرپور انداز میں احتجاج جاری رکھے گی۔
آغا رضا نے مزید کہا کہ القدس پر اسرائیل کے غاصبانہ تسلط کے خاتمے کا وقت بہت قریب ہے۔ القدس کی آزادی کو اب دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ فلسطین کی وہ قوم جو کل تک اسرائیلی ٹینکوں کا مقابلہ پتھروں سے کرتی تھی، آج جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔ عوامی مزاحمت نے اسرائیل کو عملی اور فکری طور پر شکست فاش سے دوچار کیا ہے۔ امریکہ کے کندھے پر سوار ہو کر اسرائیل زیادہ دیر تک اپنی بقا کی جنگ نہیں لڑسکے گا۔ فلسطین کی اس ترقی نے اسرائیل اور اس کے حواریوں کو خوفزدہ کر رکھا ہے۔ اپنے وسعت پسندانہ عزائم کی تکمیل کے لیے دیکھے جانے والے گریٹر اسرائیل کا دیرینہ خواب آج چکنا چور ہو چکا ہے اور صیہونی اپنے غاصب حصے پر قبضہ برقرار رکھنے کے لیے بوکھلاہٹ میں ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں۔ اسرائیل کی اس ناکامی کا سارا کریڈٹ امام خمینی کو جاتا ہے، جنہوں نے انقلاب ایران کے بعد القدس کے مسئلے کو زندہ رکھنے کے لیے بھرپور آواز بلند کی۔ امام خمینی نے جمعة الوداع کے موقع پر پوری دنیا کے اندر یوم القدس منانے کا اعلان اس وقت کیا جب عالمی قوتیں اسرائیل کو ایک اٹل حقیقت منوانے پر تلی ہوئی تھیں۔
انہوں نے کہا وہ عالمی استکباری قوتیں جو فلسطینیوں سے ان کا آبائی علاقہ چھیننا چاہتی ہیں، آج ہمارے وطن عزیز کی سلامتی و استحکام کو بھی تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہیں۔ امریکہ پاکستان کا بدترین دشمن ہے اور اس کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہا ہے۔ دہشت گردوں کے ذریعے وطن عزیز کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے ایجنڈے پر بڑی تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اس قوم نے پہلے ہی بہت نقصان اٹھایا ہے۔ ہمارا ملک مزید کسی آزمائش کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ وطن عزیز کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے بیرونی مداخلت کا مکمل خاتمہ ناگزیر ہے۔ ملک کے حساس معاملات میں امریکی مداخلت پر ہماری خاموشی وطن عزیز کے لیے سنگین خطرہ ثابت ہو سکتی ہے۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام فلسطینی شہداء کی یاد میں کراچی پریس کلب پر چراغاں و تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال، پاکستان عوامی تحریک کے رہنما راؤ کامران، جماعت اسلامی کے رہنما محمد اسماعیل، فلسطین فاونڈیشن کے سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم، علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، علی حسین نقوی سمیت مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی اور خطاب کیا۔
رہنماؤں نے مظلوم فلسطینی شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے شمع روشن کی اور ان کی بلندی درجات کیلئے دعائیں کیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ فلسطینی عوام بلخصوص شہداء مسجد الاقصٰی کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پاکستانی عوام اپنے مظلوم فلسطینی غیور مسلمانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، اسرائیل ایک غیر آئینی غاصب ریاست ہے، اسے ہرگز تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے عالمی برادری کا کردار مجرمانہ ہے، کشمیر و فلسطین میں بے گناہ عوام کو جارحیت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ او آئی سی و عرب لیگ صہیونی مظالم پر چپ سادے ہوئے ہیں، چند عرب ممالک نے اسرائیل کو تسلیم کرکے امت مسلمہ کی پیٹھ پر خنجر گھونپا ہے، فلسطین فلسطینیوں کی سرزمین ہے، اگر ان کا حق نہ دیا گیا تو ان خائن ممالک کی بادشاہتوں کو بھی صہیونی گرا دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مملکت خداداد پاکستان کی غیور عوام کشمیر و فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کیلئے جمعۃ الوداع عالمی یوم القدس کے دن ملک بھر میں غاصب اسرائیل کے خلاف احتجاج کیا جائے گا، آئمہ جمعہ و جماعت اسرائیلی جارحیت و دہشتگردی کے خلاف اور مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں خطبہ جمعہ دیں گے اور ان کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی، جبکہ بعد نماز ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، اضلاع میں احتجاجی ریلیاں و مظاہرے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شر قائد میں ایم ڈبلیو ایم کا مرکزی احتجاجی مظاہرہ بعد نماز جمعہ جامع مسجد نور ایمان ناظم آباد کے سامنے کیا جائے گا۔
وحدت نیوز(حیدرآباد) مجلس وحدت مسلمین ضلع حیدرآباد کے ترجمان علامہ گل حسن مرتضوی کی سربراہی میں یوم القدس کے حوالے سے آئی ایس او ڈویژن حیدرآباد اور اصغریہ آرگنائیزیشن حیدرآباد کے رہنماؤں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کا انعقاد حیدرآباد پریس کلب پر کیا گیا۔ جس میں مولانا سید ذوالفقار کاظمی، ایڈووکیٹ رحمان رضا عباسی، مولانا ملازم حسین، مولانا عمران علی دستی، فرمان حیدر بھٹی، سید قیصر رضوی اور انتظار مہدی زرداری نے شرکت کی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ اسرائیل کی جارحیت اور ظلم و جبر دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے، اسرائیل فلسطینی مسلمانوں پر ظلم کی تمام حدیں پار کرچکا ہے، مسلمانوں کی نسل کشی کرتے وقت تمام انسانی اقدار کو پامال کیا جا رہا ہے، معصوم بچوں جوانوں اور بوڑھوں کو بےدردی سے قتل کیا جا رہا ہے، انہیں اسیر کیا جا رہا ہے یہاں تک کہ عورت کی عزت اور حرمت کو پامال کرتے ہوئے ظلم کی تمام حدود کو پار کردیا گیا ہے۔
رہنماؤں نے کہا کہ اسلامی دنیا کے بہادر اور نڈر لیڈر امام خمینی رح نے اسرائیل کو ناسور قرار دیتے ہوئے مظلوم فلسطین اور مسجد اقصیٰ قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کی خاطر ہر سال ماہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس منانے کا اعلان کیا، دنیا کے تمام مسلمان یوم القدس کے دن اپنے اپنے گھروں سے نکلیں گے اور ریلیوں کی شکل میں اسرائیل کی نابودی اور قدس کی آزادی کے لئے اپنی آواز بلند کریں گے، دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی امام خمینی رح کے اس حکم پر ہر شہر سے لوگ فلسطین اور بیت المقدس کی آزادی کے حق میں اور اسرائیلی مظالم کیخلاف نکلیں گے، جبکہ حیدرآباد میں قدم گاہ مولا علی علیہ السلام سے تحریک آزادی القدس کے بینر تلے احتجاجی ریلی نکالی جائیگی جو گل سینٹر چوک پر اختتام پذیر ہوگی، جس میں مختلف تنظیمی رہنما و شخصیات شرکاء سے خطاب فرمائیں گی۔