
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا ہے کہ پاکستان کے سیاسی کلچر میں عدم برداشت کا عنصر پروان چڑھ رہا ہے اور موجودہ صورتحال میں تمام جماعتوں کے قائدین کی کلیدی ذمہ داری ہے کہ اپنے سیاسی منشور میں برداشت، رواداری، اور وضع داری کو فروغ دیں ورنہ سیاسی تصادم سے کسی کی عزت نفس محفوظ نہیں رہے گی۔
علامہ اسدی نے کہا کہ اس صورتحال میں لگتا ہے کہ سیاسی جماعتوں نے پاکستان کو جغرافیائی اعتبار سے بانٹ لیا ہے، جو سب سے زیادہ خطرناک ہے، اس سے کسی سیاسی جماعت کو اسمبلیوں میں واضع اکثریت نہیں مل سکے گی اور ہر اسمبلی اتحاد کی بناء پر چلے گی۔ علامہ اسدی نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم نئی نسل کیلئے قائداعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ اقبالؒ کے فرمودات کی روشنی میں سیاسی تربیت کے مواقع پیدا کر رہی ہے، دینی اقدار کے پیش نظر صالح قیادت سامنے آ سکتی ہے، سیاست سے دین کو جدا کرنے سے ہی موجودہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں رواداری کیلئے مذہبی قیادت کو آگے آنا ہوگا۔
وحدت نیوز(لاہور) یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر لاہور میں کربلا گامے شاہ سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کا اہتمام مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے کیا گیا۔ ریلی کی قیادت ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ حسن رضا ہمدانی نے کی جبکہ علامہ وقارالحسنین نقوی، علامہ حافظ کاظم رضا نقوی، علامہ صبیح حیدر شیرازی سمیت دیگر رہنماوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد ریلی میں شریک ہوئی جنہوں نے پلے کارڈز، بینرز اور پرچم اٹھا رکھے تھے۔ ریلی کے شرکاء نے جنت البقیع کے انہدام کی مذمت کرتے ہوئے آل سعود کیخلاف نعرے بازی کی۔ ریلی کے شرکاء نے سعودی حکومت سے فی الفور جنت البقیع تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا۔
علامہ حسن رضا ہمدانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اتنی عظیم ہستیوں کے مزاروں سے یہ ناروا سلوک کسی غیر مسلم یا کافر و مشرک حکومت نے نہیں کیا بلکہ یہ اقدام خادم حرمین شریفین کہلانے والے سعودی حکمرانوں کے ناپاک فیصلوں کے تناظر میں انجام پایا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آلِ سعود کو عالم اسلام کا ڈر خوف نہ ہو تو رسولِ اکرمؐ کے روضہ اقدس کو بھی منہدم کرنے سے دریغ نہ کرتے۔ انہوں نے کہا کہ آلِ سعود نے نہ صرف جنت البقیع جیسے تاریخی قبرستان کو منہدم کیا ہے بلکہ مکہ مکرمہ شھر کے اندر بہت سی تاریخی اور رسولِ اکرم ؐ کی ذات گرامی سے منسوب مقدس جگہوں کو ہوٹلوں اور شاہی محلوں میں تبدیل کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حرم الہیٰ اس وقت بلند و بالا فائیو سٹار ہوٹلوں اور آلِ سعود کے طاغوتی محلات کے سائے میں آچکا ہے۔ جس شھر سے توحید کا پیغام بلند ہوا تھا، اُس میں کئی صیہونی اور یہودی علامات کو باقاعدہ سازش کے تحت نصب کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ سعودی حکومت نے 1925 میں 8 شوال 1349ھ کو جنت البقیع میں دختر رسول حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اور آئمہ کے مزارات کو مسمار کر دیا تھا۔ جس کیخلاف ہرسال 8 شوال کو دنیا بھر میں یوم انہدام جنت البقیع منایا جاتا ہے۔
وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر ملک بھر کی طرح جنوبی پنجاب بھر میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی، ملتان میں 8 شوال 10 مئی کو گھنٹہ گھر چوک سے نواں شہر چوک تک احتجاجی ماتمی ریلی نکالی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کی صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، انجینئر سخاوت علی، وسیم عباس زیدی، ندیم کاظمی، علی رضا بخاری، فہیم جعفر سمیت دیگر شریک تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ 8 شوال 1926ء کو آل سعود نے جنت البقیع میں مدفن جگر گوشہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سیدہ فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا، آئمہ کرام اور صحابہ کرام کی قبور کو مسمار کر دیا، جو کہ تاریخ اسلام کا ایک سیاہ باب ہے۔
یہی وجہ ہے سعودی عرب اپنی نابودی کی جانب بڑھ رہا ہے، جس نے مکہ و مدینہ کی حرمت کو پامال کر دیا، یہود و ہنود کے گٹھ جوڑ سے گرجا گھروں اور مندروں کی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے، جگہ جگہ جوا خانے، شراب خانے اور کسینوز بنائے جا رہے ہیں، ماضی میں حج پر پابندی رہی، لیکن موسیقی کے کنسرٹ منعقد کیے گئے، سعودی حکومت مکہ و مدینہ کی آڑ میں مسلمانوں کے جذبات سے کھیل رہی ہے اور آہستہ آہستہ مسلمانوں کی غیرت کا سودا بھی کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 8 شوال کو مجلس وحدت مسلمین ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالے گی۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ شیخ محمد صادق جعفری نے کہا ہے کہ 8 شوال 1344ھ تاریخ کا وہ سیاہ ترین دن ہے جس دن خاندان رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اصحاب رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مزارات کو مسمار کرکے آل سعود کے انتہاپسندوں نے اسلامی اقدار کو پامال کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ صادق جعفری نے کہا کہ تاریخ آل سعود کے سیاہ کارناموں سے پُر ہے اور ان میں انہدام جنت البقیع سیاہ ترین کارنامہ ہے کہ جس نے آل ِسعود کا مکروہ اور منافق چہرہ عالم ِاسلام کے سامنے بے نقاب کردیا، اسلام کے اس عظیم و مقدس قبرستان جنت البقیع میں دُختر رسول خاتون جنت سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا، ازواج مطہرات (رض)، اہلبیت رسول علیھم السلام اور اصحاب ِرسول رضوان اللہ علیھم مدفون ہیں اور ان کے مقدس مزارات کی توہین و بے حرمتی کرتے ہوئے مسمار کرنا دراصل شعائر اللّہ کی توہین کرنے اور شعائر اللّہ کو مسمار کرنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آل ِسعود نے جنت البقیع کے مقدس قبرستان میں دُختر رسول علیھا السلام و اہلبیتؑ رسول علیھم السلام اور اصحاب ِرسول رضوان اللہ علیھم کے مقدس مزارات کی توہین و بے حرمتی کرتے ہوئے تمام مقدس مزارات کو بلڈوزر کے زریعے مسمار کردیا جوکہ عالم اسلام میں غلامان ِرسول اللّہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وآلہِ وَسَلَّم کے سینوں میں زہر آلود خنجر کی مانند ہے۔ علامہ صادق جعفری کا کہنا تھا کہ جو حکمران فلسطین و یمن کے مظلوم مسلمانوں کے مخالف اور اسرائیل و امریکہ جیسے اسلام دشمنوں کے حامی ہوں وہ مسلمان کہلانے کے کبھی مستحق نہیں ہوسکتے، آل سعود کی سوچ کو ہی لے کر داعش نے شام میں انبیا کرامؑ، اصحاب رسولؓ حضرت اویس قرنیؓ، و حضرت حجر بن عدیؓ اور خلیفہ حضرت عمر بن عبدالعزیزؒ کے مزارات تک مسمار کردیئے، ہدف نواسی رسول سیدہ زینب سلام اللہ علیھا کا مزار تھا لیکن مدافعین حرم کی سخت مزاحمت کی وجہ سے داعش کو وہاں منہ کی کھانی پڑی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات اسد عباس نقوی نے مرکزی سیکرٹریٹ میں کنونشن کور کمیٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی استعماری طاقتوں کا ایک اہم نشانہ ہے اورآج وطن عزیز کو در پیش خطرات پہلے سے کئی گنا زیادہ ہیں ۔جہاں بیرونی مداخلت اور دبائو ہے وہیں بیرونی اور داخلی دہشتگردوں نے وطن عزیز کو مشق ستم بنا رکھا ہے۔پاکستانی عوام کے ساتھ ساتھ مسلح افواج کے جوان جو وطن عزیز کی جغرافیای سرحدوں کی حفاظت پر مامور ہیں کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے اس کیفیت سے نکلنے کے لئے دینی طبقات کا کردار اور مشترکہ بیانیہ بہت اہم ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اسلام کے ماننے والونے پوری دنیا میں اپنے اپنے وطن کے دفاع میں کلیدی کردار ادا کیا ہے وطن عزیز پاکستان کےعوام بھی دینی قیادت سے راہنمائی حاصل کرنا چاہتے ہیں دینی طبقات کی ذمہ داری بہت بڑھ جاتی ہے۔ ملت کے علما ء کے رہبرانہ کردار کے تعین اور منظم سازشوں اور خطرات کا نظم کے ساتھ مقابلہ کرنے کے لئے دینی قیادت کو صف اول پر کھڑے ہو کر قائدانہ کردار اد اکر کے پاکستان کو اس بھنور سے نکالنا ہو گااور پاکستان میں بیرونی مداخلت، فوج، عدلیہ اور دیگر اداروں کے خلاف ہونیوالی سازشوں کا مقابلہ کرنا ہو گا انہی موضوعات کو مد نظر رکھتے ہوئے اس امر کی ضرورت محسوس ہو رہی ہےکہ ملک بھر سے مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے انقلابی قیادت ایک جگہ جمع ہو کر منظم لائحہِ عمل تیار کرےاور ملک و ملت کی مشترکہ آواز بنیں ۔
اسد نقوی نے مزید کہاکہ اس سلسلہ میں قومی بیانیہ کے لئے جلد ایک عظیم الشان"وحدت کانفرنس" کا انعقاد کیا جائے گا جس میں پاکستان کی مذہبی قیادت خطاب فرمائے گی ۔ان شاء اللہ ملی و ملکی اور بین الاقوامی صورت حال کے تناظر میں اپنے وظیفہ شرعی کی بنیاد پر حکمت عملی ترتیب دینے کے لئے یہ کانفرنس انتہائی مؤثر ثابت ہو گی ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا ہے کہ آل سعود نے آئمہ ھدی اھل بیت رسول صحابہ کرام اور اولیائے الہی کے مقدس مزارات منہدم کرکے دنیا کے کروڑوں انسانوں کو سوگوار کردیا ہے۔ سر زمین وحی پر شعائر اسلام اور احکام دین کو پامال کرتے ہوئے رقص و سرود کی محفلیں اور کنسرٹ سجانے والے آل سعود کا مکروہ کردار اب امت مسلمہ کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آل سعود نے مدینہ طیبہ میں جنت البقیع جبکہ مکہ معظمہ میں جنت المعلی کو منہدم کرکے امت مسلمہ کو سوگوار کردیا۔ شعائر اللہ کی توہین آل سعود کا ناقابل معافی جرم ہے۔ سر زمین وحی پر دینی احکام کی دھجیاں اڑاتے ہوئے آل سعود نے سعودی عرب میں حجاب پر پابندی ختم کر دی آل سعود بے حیائی فحاشی اور عریانی کی ریاستی سرپرستی میں ترویج کر رہے ہیں۔ یمن کے مظلوم عوام کے خلاف جارحیت کا آغاز اور عوام پر بمباری اور یمنی مسلمانوں کا قتل عام داعشی دھشت گردوں کی سرپرستی قبلہ اول مسجد اقصی اور سر زمین فلسطین و کشمیر سے خیانت اور امریکہ و اسرائیل کی غلامی آل سعود کے اسلام دشمن کردار کی عکاس ہے۔ اب تو آل سعود دین اور شعائر دینی سے فرار کرتے ہوئے سعودی پرچم سے کلمہ طیبہ محو کر کے سعودی عرب سے دین کے آخری آثار بھی مٹانے کے درپے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 8 شوال یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر پوری دنیا کے عاشقان اھل بیت آل سعود کی اس ظلم و بربریت کے خلاف یوم احتجاج منائیں گے اور جنت البقیع و جنت المعلی میں اھل بیت اطہار صحابہ کرام اور اولیائے الہی کے مقدس مزارات کی تعمیر نو کا مطالبہ کریں گے۔ ان شاء اللہ جنت البقیع عنقریب خدا کے صالح بندوں کے ہاتھوں جلد تعمیر ہوگا اور آل سعود کے شجرہ خبیثہ کا عبرتناک انجام دنیا جلد دیکھے گی۔