
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سینٹرل پنجاب کا راہیان کربلا کنونشن برائے انٹراپارٹی الیکشن صوبائی صدر 8 جنوری کو منعقد ہوگا۔ ایم ڈبلیوایم سینٹرل پنجاب کے آرگنائزر ملک اقرار حسین کے مطابق ایم ڈبلیوایم سینٹرل پنجاب کی صوبائی شوریٰ کا اجلاس بروز اتوار 8 جنوری کا صوبائی سیکریٹریٹ لاہور میں منعقد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ صوبے بھر سے تنظیمی اضلاع کے صدور اور جنرل سیکریٹری صاحبان اجلاس میں شرکت کریں گے جبکہ مرکزی قائدین خصوصی خطاب فرمائیں گے، اراکین صوبائی شوریٰ خفیہ رائے شماری کے ذریعے آئندہ تین سال کیلئے نئے صوبائی صدر کا انتخاب عمل میں لائیںگے۔
وحدت نیوز(دادو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع دادو کی تحصیل میہڑ کے متاثرہ گاؤں فیض محمد دریانی اور گوٹھ سوجھرو بھنڈ کا دورہ کیا اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین ضلع دادو کے رہنما برادر اصغر حسینی سابقہ ضلعی سیکرٹری سیاسیات عبداللطیف کاندھڑو مولانا منظور حسین چنہ و دیگر ان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر انہوں نے متاثرین سیلاب کی صورتحال خستہ اور منہدم مکانات اور امام بارگاہ کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ چار ماہ گذر جانے کے باوجود حکومتی امداد متاثرین سیلاب تک نہیں پہنچی متاثرین کے گھر گر چکے ہیں جبکہ سخت سردی کے موسم میں غریب لوگوں کے پاس نا چھت ہے نا خیمہ۔ آج بھی اکثر متاثرین سیلاب نے راشن کی درخواست کی لوگوں کے پاس کھانے کو آٹا نہیں ہے جبکہ چاول کی فصل تباہ ہونے کے سبب اب غریب کسان فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومتی بے حسی کے باعث چار ماہ میں متاثرین کی بحالی کا کام نہیں ہوسکا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں گندم اور خریف کی فصل بہتر ہو تاکہ متاثرین کے دکھوں کا مداوا ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے کارکن قوم و ملت کی خدمت کو اپنے لئے اعزاز سمجھتے ہیں۔ سیلاب کا مسئلہ ہو یا نصاب تعلیم کا عزاداروں کے خلاف مقدمات کا اندراج ہو یا دھشت گردی کے سانحات ایم ڈبلیو ایم ہر محاذ پر ملت کے ساتھ کھڑی نظر آتی ہے اور یہی ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم شہادت حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہاکے موقعہ پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ خاتون جنت سلام اللہ علیہا کی حقیقیی معرفت اور طرز زندگی پر عمل امت مسلمہ کو تفرقہ بازی سے نجات دلا سکتا ہے۔ استکبارکے عزائم خاک میں ملانے کے لیے عزم استقامت کا درس اسی گھرانے سے ملتا ہے۔جب تک تعلیمات اہلیبت علیہم السلام کا حقیقی درک اور مفہوم سے آشنائی نہیں ہوتی تب تک امت مسلمہ اسی طرح منتشر اور دست و گریبان رہے گی۔حق فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی شناخت حاصل کر کے ذلت و اضطراب کی زندگی سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مذید کہا کہ ثقافتی یلغار کے ہتھیار سے مسلم معاشرے کو اسلامی اقدار سے دور کیا جا رہا ہے۔اخلاقی تنزلی پوری قوت سے سر اٹھا رہی ہے۔اسلامی تہذیب و تمدن کو دانستہ فراموش کیا جا رہا ہے ۔جس کا بنیادی سبب اسلامی تعلیمات سے دوری ہے۔معاشرے کی تربیت کے لیے مستورات کو اپنی ذمہ داریاں اورکردار ادا کرنا ہو گا۔جناب سیدہ کی پوری زندگی خواتین کے لیے ہر میدان میں مشعل راہ ہے۔بیٹی، بیوی اور ماں ہر حیثیت سے خاتون جنت ؑ کے طرز عمل سے رہنمائی لی جائے۔اگر ماں فاطمہ زہراؑ ہوں تو بیٹے حسن ؑ و حسینؑ ہوتے ہیں۔یزید جیسے جابر و فاسق حکمران سے حق کی خاطر نبرد آزما ہونے کا درس امام عالی مقام علیہ السلام نے نبی زادی کی آغوش سے حاصل کیا۔ دورحاضر کی یزیدیت کا مقابلہ کرنے کے لیے مخدومہ کونین حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تعلیمات پر عمل کرنا واجب ہے بصورت دیگر ہم حسینی ہونے کے دعوے دار تو ہو سکتے ہیں لیکن حق دار نہیں۔
وحدت نیوز (کراچی) خواتین کو معاشرے میں باوقار مقام کے لیے خاتون جنت سلام اللہ علیہا کے طرز زندگی کو شعار بنانا ہو گا۔اہلبیت علیہم السلام کی حقیقی معرفت اور طرز زندگی پر عمل امت مسلمہ کو تفرقہ بازی سے نجات دلا سکتا ہے۔ استکبارکے عزائم خاک میں ملانے کے لیے عزم استقامت کا درس اسی گھرانے سے ملتا ہے۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ باقر عباس زیدی نے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری شہادت دختر رسول ﷺ کے سلسلے میں جاری اپنے بیان میں کیا ۔
انہوں نے کہا کہ جب تک تعلیمات اہلیبت علیہم السلام کا حقیقی درک اور مفہوم سے آشنائی نہیں ہوتی تب تک امت مسلمہ اسی طرح منتشر اور دست و گریبان رہے گی۔حق فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی شناخت حاصل کر کے ذلت و اضطراب کی زندگی سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ثقافتی یلغار کے ہتھیار سے مسلم معاشرے کو اسلامی اقدار اور روشن تعلیمات سے دور کیا جا رہا ہے۔اخلاقی تنزلی پوری قوت سے سر اٹھا رہی ہے۔اسلامی تہذیب و تمدن کو دانستہ فراموش کیا جا رہا ہے۔جس کا بنیادی سبب اسلامی تعلیمات سے دوری ہے۔معاشرے کی تربیت کے لیے مستورات کو اپنی ذمہ داریاں اورکردار ادا کرنا ہو گا۔جناب سیدہ کی پوری زندگی خواتین کے لیے ہر میدان میں مشعل راہ ہے۔بیٹی، بیوی اور ماں ہر حیثیت سے خاتون جنت کے طرز عمل سے رہنمائی لی جائے۔اگر ماں فاطمہ زہرا ہوں تو بیٹے حسن ؑ و حسینؑ ہوتے ہیں۔یزید جیسے جابر و فاسق حکمران سے حق کی خاطر نبرد آزما ہونے کا درس امام عالی مقام علیہ السلام نے نبی زادی کی آغوش سے حاصل کیا۔ دورحاضر کی یزیدیت کا مقابلہ کرنے کے لیے مخدومہ کونین حضرت فاطم الزہرا سلام اللہ علیہا کی تعلیمات پر عمل کرنا واجب ہے۔
انہوں نے کہا کہ 3جمادی الثانی بروز منگل 27دسمبر شہادت دختر رسول ﷺ بی بی فاطمہ سلام اللہ علیھا کے حوالے سے سندھ کے مختلف اضلاع میں مجالس و جلوس عزاء نکالے جائیں گے جبکہ دعا کمیٹی وصوبائی سیکرٹریٹ ایم ڈبلیوایم سندھ کی جانب سے بعد نماز مغربین محفل شاہ خراسان روڈ،نمائش چورنگی پر دعا ء و مجلس عزاء منعقد کی جائے گی جس سے مولانا ڈاکٹر محمد حنیف مبشری خطاب فرمائیں گے۔
وحدت نیوز (لاہور) ایام شہادت دختر رسول ص ، سیدہ دو عالم ، خاتون جناں حضرت فاطمتہ الزہرا سلام اللہ علیھا کے پرسوز موقع پر مرکزی صدر ایم ڈبلیوایم وومن ونگ محترمہ سیدہ معصومہ نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ خداوند عالم نے جو فضائل صدیقہ طاہرہ کو عطا کئے کائنات کی کسی عورت کے لئے ممکن ہی نہیں ہے دختر پیغمبر عزت و عظمت میں اپنی مثال آپ تھی آپ شرافت کی بلندیوں پر رسائی رکھتی تھی آپ رسول خدا کا اعلیٰ و ارفع نمونہ تھی خاتون جنت اپنے مقام و منزلت میں کوئی ثانی نہیں رکھتی تھیں ۔
انہوں نے کہا کہ جناب سیدہؑ نے خدا کے نزدیک بلند و بالا رتبہ و مقام کی حامل ہونے کے باوجود اپنی زندگی میں بے انتہا مشکلات اور پیچیدہ ترین حالات کو تحمل کیا آپؑ نے خدا کے دین کی خاطر سخت ترین مصائب کا سامنا کیا ،آپؑ کی زندگی کے ہر لمحہ میں خواتین کے لیے بہترین درس اور اسوہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا یہ ایام حزن و غم فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کی مصیبت پر گریہ و عزادای سے خود کو ولایت کے دفاع کے لیے تیار کرنے کے ایام ہیں تا کہ ہم بھی خود کو انقلاب فاطمی سلام اللہ سے منسلک کرسکیں۔
وحدت نیوز(لاہور) شہادت خاتون جنت ، سیدہ دو عالم ، دختر حضرت محمد مصطفی ص سیدہ فاطمتہ الزہرا سلام اللہ علیہا کے دردناک موقع پر تمام امت مسلمہ کو تعزیت پیش کرتے ہوئےمجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی رہنماو رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زہرا نقوی کا کہنا تھا یہ ایام اس عظیم المرتبت بی بی کی شہادت کے ایام ہیں جس کى مرضی پیغمبر اکرم (ص) کى مرضی ہے اور پیغمبر (ص) کى مرضی خدا کى رضا ہے، جس کا غضب پیغمبر (ص) کا غضب اور پیغمبر کا غضب خدا کا غضب ہے سیدہ فاطمتہ الزہرا سلام اللہ علیہا عالم انسانیت کے لیے کامل ترین نمونہ ہیں۔
انہوں نے کہا جنابِ زہراء سلام اللہ علیہا وہ ہستی ہیں جن کی عظمت کا پتہ عام انسان کے بس میں نہیں ان ایام میں ہمیں موقعہ مل رہا ہے کہ ہم جناب زہراء سلام اللہ علیہا کی سیرت سے کچھ سیکھیں۔ کچھ معرفت حاصل کر لیں ان کا کہنا تھا دشمن اور فرعونی طاقتیں چاہتی ہیں کہ مکتب فاطمی کو حجاب سے دور کر دیا جائے، تاکہ بے حیائی کو عام کیا جاسکے حجاب وہ چیز ہے جس نے وقت کے یزید کو ہلا کر رکھ دیا ہے لھذا مکتب اہل بیت کی پیروکار ہماری مائیں بہنیں ان ایام میں تعلیمات و سیرت فاطمی کو زندہ کریں اور معاشرے میں فاطمی انقلاب کی شمعیں روشن کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔