
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(لاہور)صوبائی سیکرٹریٹ مجلس وحدت مسلمین صوبہ پنجاب لاہور میں صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین صوبہ پنجاب علامہ سید علی اکبر کاظمی کی آمد اور کابینہ سے پہلا باضابطہ اجلاس منعقد ہوا۔
اس موقع پر مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی، مرکزی سیکرٹری فروغ عزاداری ملک اقرار حسین،مرکزی سیکرٹری تعلیم برادر عارف الجانی، صوبائی جنرل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین صوبہ پنجاب سید حسن کاظمی،صوبائی آفس مسئول جناب ظہیر الحسن کربلائی اور دیگر صوبائی کابینہ کے ساتھ ساتھ آئی ایس او لاہور کے جوانوں نے بھی شرکت کی اور علامہ سید علی اکبر کاظمی کومجلس وحدت مسلمین صوبہ پنجاب کے صدر بننے پر مبارکباد پیش کی اور انہیں لاہور آمد پر خوش آمدید کہا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم اور نصاب تعلیم کمیٹی کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ کسی بھی شہری پر اس کے مذہبی عقائد سے متصادم مذہبی نظریات مسلط کرنا آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر انسانی حقوق ریاض حسین پیرزادہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیں۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ماہ محرم اور صفر میں مجالس عزاء اور عبادت کو جرم قرار دے کر جو مقدمات درج کئے گئے وہ حقوق انسانی کی خلاف ورزی ہیں۔ حقوق انسانی کی ان خلاف ورزیوں کے حوالے سے آپ نے قومی اسمبلی کے اندر اور باہر جو جرأت مندانہ اقدام اٹھایا اس کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ متنازعہ نصاب تعلیم بھی ملکی آئین میں بیان کردہ بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ اس سلسلے میں آپ پاکستان کے کروڑوں شہریوں کے تحفظات دور کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی شہری پر اس کے مذہبی عقائد سے متصادم مذہبی نظریات مسلط کرنا آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہے۔ متنازعہ نصاب تعلیم کے ذریعے پاکستان کے کروڑوں شہریوں کے بنیادی حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو مذہبی آزادی اور بنیادی انسانی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔ مگر یکساں قومی نصاب میں جان بوجھ کر ان بنیادی حقوق کو نظرانداز کیا گیا ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ وفاقی وزیر انسانی حقوق کی حیثیت سے میں پاکستان کے تمام شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا محافظ ہوں۔ آئین پاکستان تمام مکاتب فکر اور شہریوں کے حقوق کا ضامن ہے۔ نصاب تعلیم میں کسی مکتب فکر پر دوسرے مسلک کی تعلیمات کو مسلط نہیں کیا جا سکتا۔ اس سلسلے میں متعلقہ ذمہ داران کو آپ کے خدشات اور تحفظات سے آگاہ کروں گا۔
وحدت نیوز(پشاور)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ شہداء کا پاکیزہ لہو اسلام کی آبیاری اور قوموں کی بقاء کا ضامن ہے، حاج قاسم سلیمانی آج ہم میں موجود نہیں، لیکن ہم انہیں کبھی بھلا نہیں سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ شہید علامہ عارف حسین الحسینی (رہ) پشاور کے زیراہتمام کانفرنس بعنوان ’’تیسری برسی شہید حاج قاسم سلیمانی و رفقاء‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں علامہ سید جواد ہادی، تحریک حسینی پاراچنار کے سپریم لیڈر علامہ سید عابد حسین الحسینی سمیت دیگر علمائے کرام نے خطاب اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
کانفرنس میں مجلس علماء شیعہ خیبر پختونخوا کے صدر علامہ احمد روحانی، تحریک حسینی پاراچنار کے صدر علامہ سید تجمل حسینی، مجلس وحدت مسلمین پشاور کے صدر سید ذکی الحسینی، علامہ اصغر رجائی، علامہ نور آغا سمیت کثیر تعداد میں علماء نے بھی شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ آج جن شہداء کو خراج عقیدت و سلام پیش کرنے کے لیے یہاں جمع ہوئے ہیں، وہ ظالموں کے سامنے مظلومین جہاں کی ڈھال تھے، شہداء کا پاکیزہ خون اسلام کی آبیاری کا موجب ہے۔
انہوں نے کہا کہ حاج قاسم سلیمانی آج ہم میں موجود نہیں ہیں، لیکن ہم انہیں کبھی بھلا نہیں سکتے، جنہوں نے اپنی جانوں کے نذرانے جہان اسلام کے لیے پیش کر دیئے۔ ہم وطن کے باوفا بیٹے ہیں، ہم ملکی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دیں گے، وطن عزیز کی خود مختاری اور استحکام کے لئے جانیں نچھاور کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج جس شہید بزرگوار سید عارف حسین الحسینی کی جائے شہادت پر ہم موجود ہیں، وہ بھی وطن عزیز کا باوفا فرزند تھا، جو ملک کی داخلی و خارجی خود مختاری پر ہمیشہ زور دیتا تھا اور ملکی فیصلے اسلام آباد میں کرنے کی بات کرتا تھا، اتحاد و وحدت کا عظیم داعی تھا، ہمارے لاکھوں سلام اے قائد شہید (رہ) آپ کا مشن آج بھی جاری و ساری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملک کو بحرانی کیفیت سے نکالنا ہے تو الیکشن جلد سے جلد ہونے چاہیئے۔ خیبر پختونخوا حکومت نے اہل تشیع کے مسائل پر توجہ نہیں دی، جس سے پی ٹی آئی کو نقصان ہوگا۔
وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخواہ کے صدر علامہ جہانزیب جعفری نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کے واقعے میں شہید ہونے والے ثقلین عباس بلوچ کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں ٹارگٹ کلنگ کا پھر سے شروع ہونا انتہائی تشویشناک ہے جسے حکومتی ادارے روکنے میں مکمل طور پر بے بس اور ناکام نظر آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ مختلف مقامات پر ناکے لگائے تاکہ دہشت گردی کے واقعات کو روکنے میں مدد مل سکے اور علاقے کی دن بدن خراب ہوتی امن و اماں کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے۔ حکومت کو معلوم بھی ہے کہ آئے روز صوبہ بھر میں دہشت گردانہ کارروائیاں جاری ہیں لیکن ان کے سد باب کے لیے کوئی ٹھوس حکمت عملی کا نہ اپنایا جانا افسوس ناک امر ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں گزشتہ روز تھانہ پروا کی حدود میں ٹارگٹ کلرز نے فائرنگ کر کے ثقلین عباس بلوچ کو قتل کردیا تھا جس پر اہلیان تحصیل پروا نے میت کو انڈس ہائی وے پر رکھ کر احتجاج کرتے ہوئے حکومت وقت سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں ایک مرتبہ پھر سے بڑھتی ہوئی دہشت گردی کی کارروائیاں ریاستی رٹ کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں اور قاتلوں کی فوری گرفتاری عمل لائی جائے بصورت دیگر ہم احتجاج کا لائحہ عمل دینے پر مجبور ہونگے۔مقررین میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ رمضان توقیر، مجلس وحدت مسلمین کے رہنما سید غضنفر عباس نقوی اور سید اسد زیدی شامل تھے۔
وحدت نیوز(پشاور)مجلس وحدت مسلمین خیر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری شبیر حسین ساجدی نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر لطیف آفریدی ایڈووکیٹ کے قتل پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہو کہا ہے کہ لطیف آفریدی اپنے عہد کے ایک منظم رہنماء، ممتاز قانون دان اور سابق صدر سپریم کورٹ بار تھے۔ وہ ایک ہمدرد و شفیق انسان تھے، ان کی زندگی خطرات و رکاوٹوں سے بھری پڑی تھی۔ پاکستان اور افغانستان سمیت دنیا بھر کے پختون انہیں قدر کی نظر سے دیکھتے تھے۔ لطیف آفریدی ہمیشہ داخلی و خارجی دباو اور دہشتگردی کے خلاف سینہ تان کر کھڑے رہتے تھے، انہوں نے سابقہ فاٹا خصوصاً کرم کے تنازعات کے حل کیلئے شب و روز محنت کی۔ اللہ تعالیٰ لطیف آفریدی کے درجات بلند فرمائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مظلوم طبقے کے حقوق کے محافظ دہشتگردی کی بھینٹ چڑھ گئے، پولیس اور دیگر انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے جس بے رحمی کے ساتھ انکا قتل ہوا اس سے تمام ادارے زیر سوال ہیں۔ ہائی کورٹ بار روم میں قتل ہونا لمحہ فکریہ ہے، اس سانحے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ قاتل کو کیفر کردار تک پہنچا کر کرار واقعی سزا دی جائے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ سابق رکن قومی اسمبلی،سینئر وکیل اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر عبدالطیف آفریدی کے پشاور ہائی کورٹ میں دن دیہاڑے قتل کی شدید مذمت کرتا ہوں اور مقتول کے ورثاء سمیت وکلاء برادری سےدلی ہمدردی اور تعزیت کرتا ہوں پشاور میں آئے روز دہشت گردی کے واقعات کا ہونا انتہائی افسوس ناک ہے، وفاقی ادارے اور صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ صوبے میں قیام امن اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اور موثراقدامات بروئے کار لائے۔