
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز:(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکریٹری سیاسیات سید علی حسین نقوی نے کہا ہے کہ فرقہ واریت پھیلانے والے تمام عناصر دین کے بھی دشمن اور وطن کے بھی دشمن ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کیا ہم سب ارض پاک میں ایک دوسرے کے عقیدے کا احترام کرتے ہوئے امن و آتشی کے ساتھ نہیں رہ سکتے، کیا ایک دوسرے کو کافر مرتد مردود کہنے سے ہم دین کی کوئی بڑی خدمت کررہے ہیں یا وطن عزیز کی تعمیر وترقی کررہے ہیں۔
علی حسین نقوی کا کہنا تھا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام سے میں ہاتھ جوڑ کر گزارش کرتا ہوں کہ خدا کے لئے ایک دوسرے سے محبت و احترام کا درس دیں امت کو جوڑنے اور متحد ہونے کا درس دیں، دین محمدی ہمیں محبت و امن کا درس دیتا ہے، اسلام سلامتی کا دین ہے، خدا کے لئے تفریق اور تفرقہ کے درس دینے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کریں تاکہ وطن عزیز میں محبت امن اور رواداری کا ماحول فروغ پا سکے۔
وحدت نیوز:(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ مقصود ڈومکی نے کہا ہے کہ تکفیری اور بدزبان مولوی منظور مینگل نے شعائر اللہ، قرآن کریم، مسجد، اذان اور اہل بیت علیہم السلام کی توہین کی ہے، قرآن کریم کھول کر اللہ کے گھر مسجد میں فحش گفتگو کرنے والے فرقہ پرست ملا کو شیخ الحدیث کہلانے کا کوئی حق نہیں ہے لہذا ملا منظور مینگل کے خلاف توہین قرآن کریم اور توہین مسجد کا بھی مقدمہ درج ہونا چاہیئے۔
اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ منظور مینگل نے شیعہ علماء اور مجتہدین کے خلاف جھوٹ بولا اور شرانگیز گفتگو کی جو قابل مذمت اور شرمناک ہے، قرآن کریم کہتا ہے کہ جھوٹوں پر خدا کی لعنت ہے، کراچی میں ملزم کے خلاف توہین مذہب کی دفعات کے ساتھ مقدمہ درج کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں ملزم کو فی الفور گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے، اذان شعار الہیٰ ہے، اذان کی توہین ناقابل برداشت ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ شرپسند اور گستاخ مولوی کو گرفتار کیا جائے تاکہ مسالک کے مابین فرقہ واریت کی آگ کو نہ بھڑکایا جاسکے۔
علامہ مقصود ڈومکی نے مزید کہا کہ کالعدم تنظیم کی طرف سے ایف آئی آر کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے قانون کے مطابق ملزم کو گرفت میں لائیں اگر مقدمہ واپس لیا گیا تو ہم بھرپور احتجاج کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ منظور مینگل اور کوئی بھی تکفیری ملک کے قانون سے بالاتر نہیں، قانون پر عمل کرتے ہوئے ملزم کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، ملت تشیع پاکستان ملزم کی گرفتاری تک صدائے احتجاج بلند کرتی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ سینکڑوں شیعہ حافظ قرآن کریم ملا منظور مینگل کا چیلنج قبول کرتے ہیں جب اور جہاں چاہیں ہمارے حافظان قرآن کریم ملا منظور مینگل کے حفاظ سے مقابلہ کریں گے۔
وحدت نیوز:(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے صدر علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری ہمیں اپنی جان سے بڑھ کر عزیز ہے، جن حکمرانوں نے اپنے اقتدار کی بقاء کے لیے ملکی سلامتی کو داؤ پر لگایا وہ پوری قوم کے مجرم ہیں، ملک میں امریکی و برطانوی مداخلت ملکی سالمیت کیلئے خطرہ ہے، ملک میں امریکی سفیر کی مداخلت قابل قبول نہیں۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکی سفیر کے گوادر، پولیس لائن سمیت دیگر اداروں کے دورے تشویشناک ہیں، ملک نازک صورتحال سے گزر رہا ہے اور مختلف بحرانوں کی زد پر ہے ایسے میں ارباب اقتدار ملک کو کہاں لے جارہے ہیں، حکمرانوں نے ملکی معیشت تباہ کر دی، ملکی عوام مہنگائی میں پس رہے ہیں، حکمران طبقہ ٹیکس کے پیسوں سے عیاشیاں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ڈالر کے مصنوعی بحران پر اب تک قابو نہیں پاسکی، ملکی معیشت جب تک مستحکم نہیں ہوتی ڈالر سمیت ایشائے ضروریات کی قیمتوں میں کمی تب تک صرف ایک خواب ہے۔
علامہ باقر زیدی نے مزید کہا کہ ملکی حکمران عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ ڈال کر بھتہ خوری کرنے کے بجائے اداروں اور ملکی سرمایہ ہڑپ کرنے والے حکمرانوں کے خلاف کاروائی کرکے لوٹی ہوئی قومی دولت واپس لائیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ ریاستی اقدامات سے ریاست کو ہی خطرہ ہے، پاکستان ایک خودمختار ریاست ہے، ہمارے داخلی و خارجی معاملات میں مداخلت بدترین جارحیت ہے، ملک میں امن و امان کی تباہی اور معاشی و اقتصادی بدحالی کی تمام تر ذمہ داری امریکہ پر عائد ہوتی ہے، ملکی عوام امریکہ کو پیغام دے کہ اب پاکستان تمہارے کھیل کا حصہ نہیں بنے گا، قومی اداروں میں امریکی و برطانوی سفیر کی مداخلت کی مذمت کرتے ہیں، پاکستان سے امریکی و برطانوی سفارتکاروں کو ملک سے نکالنے کا مطالبہ کرتے ہیں، آئی ایم ایف کے معاہدوں میں پورے ملک کو گروی نہ رکھا جائے۔
وحدت نیوز:(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے پولیٹیکل سیکریٹری علامہ مبشر حسن نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایک طویل مدتی معاشی پالیسی کی ضرورت ہے، معاشی مشکلات سے نکلنے کے لئے معاشی پالیسی پر قومی اتفاق رائے پیدا کرنا ناگزیر ہوچکا ہے۔
یہ بات انہوں نے مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کی پولٹیکل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
علامہ مبشر حسن نے کہا کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر ہم آہنگی کے ساتھ ایسی معاشی پالیسی تشکیل دینے کی ضرورت ہے جس کے ذریعے ہم اس مادر وطن کو قرضوں کے گرداب سے نکال کر معاشی خودمختاری پر گامزن کرسکیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلسل نااہلی اور کرپشن نے ملک کو دیوالیہ ہونے کے قریب لاکھڑا کیا ہے اور اس کے نتیجہ میں آج عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، ملکی سلامتی کے لئے ضروری ہے کہ ہم معاشی آزادی کو اولین ترجیح دیں، ملکی ترقی کے لئے جلد از جلد آئی ایم ایف سے چھٹکار پانا ضروری ہے۔
اجلاس میں مولانا حیات عباس نجفی، مولانا نشان حیدر ساجدی، آصف صفوی، زین عباس، کلب جواد، عباس رضا سمیت دیگر ذمہ داران موجود تھے۔
وحدت نیوز: (نجف اشرف) مجلس وحدت مسلمین نجف اشرف کے صدر مولانا خاور عباس نقوی نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سب ایک نبی (ص) کی امت ہیں اور قران مجید نے بھی ہمیں امت واحدہ کہہ کر مخاطب کیا ہے، امت کے ہر فرد کیلئے ضروری ہے کہ وہ اپنے جزوی اور فرقہ وارانہ اختلافات کو پس پشت ڈال کر امت واحدہ کا ممبر ہونے کا ثبوت دے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ تمام مسالک کے مابین اگر کوئی شخصیت مرکز وحدت ہے تو وہ ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سارے اختلافات کا اصل سبب اپنے نبی حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کو فراموش کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر دعا کرتے ہیں کہ تمام مسالک کے لوگ آپس میں اتحاد سے رہیں اور نبی (ص) کے وفادار امتی ہونے کا ثبوت دیں۔ انہوں نے کہا کہ ماہ ربیع الاول ہمیں امت واحدہ ہونے کی یاد دلاتا ہے اور ہفتہ وحدت ایک مناسب موقع ہے کہ ہم اس ہفتے میں بھرپور طریقے سے باہمی رواداری، اخوت اور وحدت کا مظاہرہ کریں۔
شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی ایک روزہ تنظیمی دورے پر صحبت پور پہنچے اور امام بارگاہ موجن شاہ میں تنظیمی ذمہ داران سے ملاقات کی۔
اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم صحبت پور کے ضلعی صدر سید شاہد حسین شاہ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری غلام حسین، شیخ سید محسن علی شاہ، سید عارف حسین شاہ و دیگر موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین وطن عزیز پاکستان میں ملت جعفریہ کے جائز قانونی حقوق کے حصول کے لئے مصروف جدوجہد ہے۔ اتحاد بین المسلمین اور اتحاد بین المومنین ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔
ہم پاکستان کے معزز اور باوقار شہری کی حیثیت سے مذہبی آزادی اور اپنے جائز قانونی حقوق چاہتے ہیں۔ عزاداری سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام ہمارا بنیادی آئینی حق ہے۔ جس پر قدغن کسی صورت قبول نہیں۔ صحبت پور میں جلوس چہلم شہدائے کربلا پر پابندی ناقابل قبول ہے۔
اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے وفد کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر صحبت پور مہران بلوچ سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں چہلم امام حسین علیہ السلام کے جلوس عزاء کے سلسلے میں گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور صوبائی حکومت جلوس اربعین امام حسین علیہ السلام میں رکاؤٹ ہٹاتے ہوئے آئندہ سال سے پہلے یہ مسئلہ حل کرے۔