
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر سیدہ معصومہ نقوی نے گزشتہ شب اسرائیل کے غزہ کے المعمدانی ہسپتال پر میزائل حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انا للہ و انا الیہ راجعون ، نہایت افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ اسرائیل کی جلاد صفت فوج نے ظلم اور بربریت کی انتہا کرتے ہوے غزہ کے المعمدانی ہسپتال پر اس وقت میزائل برسائے جب کہ زخمیوں اور بیماروں کے علاؤہ بہت سارے بےگھر لوگوں نے پناہ بھی لے رکھی تھی ۔ جن میں ننھے بچے اور عورتیں بھی شامل تھیں ہزار کے قریب بے گناہ لوگوں کا چند لمحوں میں قربان ہوجانا واقعا ساری دنیا کے آزادی خواہوں ،حریت پسندوں اور حقوق انسانی کے علمبرداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہے اے مسلمانان عالم ، اپنے پیاروں کی نصرت کے لئے اٹھ کھڑے ہوں جو زبان کے ساتھ قیام کر سکتا ہے وہ اس ظلم و بربریت کے خلاف زبان کے ساتھ قیام کرے ، جو لکھنے کا فن جانتا ہے وہ قلم کے ذریعے جہاد کریں آئیے مل کر اپنے مال کے ذریعے فلسطینی بہن بھائیوں کی امداد کے لیے اٹھ کھڑے ھوں ۔ اگر ظالم حکمرانوں کی پابندیوں کی وجہ سے ہمارے مرد فلسطین نہیں پہنچ سکتے تو کم از کم ہم خواتین بھرپور انداز میں مالی معاونت میں حصہ ڈالیں ۔
آج غزہ میں شدید غذائی قلت اور دوائیوں کی کمی پائی جاتی ھے ۔ ہم سب مالی امداد کے ذریعے اس عظیم خدمت کا حصہ بن سکتے ھیں ۔ ان شاءاللہ خوبان عالم اپنی بہترین ذمہ داریاں نبھاتے ہوے اسرائیل کو جلد از جلد صفحہ ہستی سے مٹا دیں گیں ، آئیے سب مل کر اپنے حصے کی ذمہ داری کو نبھائیں اور حسب توفیق اس عبادت کا جزو بن جائیں ۔ پورے ملک میں میری تمام تنظیمی و غیر تنظیمی مائیں ، بہنیں ، بیٹیاں اس مشن کا حصہ بن جائیں اور اپنے انفاق کے ذریعے فلسطینیوں تک اپنی بہترین امداد پہنچائیں ۔ تاکہ مجاہدین حماس کے حوصلے مزید بلند ہوں اور وہ نابودی اسرائیل کے اور نزدیک ہوجائیں۔
وحدت نیوز(سرگودھا)ضلع سرگودھا کی تحصیل شاہ پور کی معروف سیاسی وسماجی شخصیت سید عمران شاہ کی والدہ کی وفات پر تعزیت کرنے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا وفد مرکزی سیکرٹری سیاسیات وسابق معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب جناب سید اسد عباس نقوی مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی سربراہی میں تحصیل شاہ پور کے گاوں (حسین شاہ) پہنچا ۔علامہ سید علی اکبر کاظمی صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین صوبہ پنجاب اور ظہیر کربلائی صوبائی آفس سیکرٹری بھی مرکزی سیکرٹری سیاسیات کے ہمراہ تھے ۔ سید عمران شاہ شیرازی ضلع سرگودھا کی ایک جانی پہنچانی سیاسی قد آور شخصیت ہیں اور انکے والد علاقے کے معروف سیاسی وسماجی زمیندار سادات خاندان سے تعلق رکھتے ہیں ۔
سید عمران شاہ کا خاندان علاقے میں لوگوں کی فلاح وبہبود اور ویلفیئر کے کاموں میں معروف ہے ۔ عمران شاہ صاحب مجلس وحدت مسلمین پاکستان تحصیل شاہ پور کے شعبہ سیاسیات کے تحصیل صدر ہیں اور انہوں نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے لئے بڑی سیاسی خدمات سرانجام دی ہیں ۔ ان کی والدہ کے انتقال پر بڑی بڑی سیاسی ، سماجی ، علمی اور مذہبی شخصیات نے آکر ان سے تعزیت کی آج مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وفد نے آکر ان کی والدہ مرحومہ کے انتقال پر تعزیت کی اور علامہ راجہ ناصر عباس جعفری چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے تعزیت کا پیغام پہنچایا اور مرحومہ کی بلندی درجات کے لئے دعائے مغفرت کی اور لواحقین کے لئے صبرجمیل کی دعا کی ۔
سید عمران شاہ شیرازی نے ایم ڈبلیو ایم کے وفد کا شکریہ ادا کیا ۔ قبلہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری صاحب کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کیا ۔ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا اور عمران شاہ صاحب نے مرکزی سیکریٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین پاکستان کو علاقے کی موجودہ سیاسی صورتحال سے آگاہ کیا۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن نے فلسطینی مظلوم عوام پر اسرائیلی و امریکی سفاکیت کے خلاف امریکی قونصلیٹ کی جانب مارچ کا اعلان کردیا۔ سوشل میڈیا پر جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ایم ڈبلیو ایم ترجمان نے غاصب صہیونی ریاست اسرائیل اور اس کے سرپرست امریکہ کی فلسطینی مسلمانوں پر بربریت کے خلاف حمایت فلسطین و دفاع غزہ ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔
اعلامیہ میں ترجمان نے ریلی میں خواتین، مرد اور بچوں سے بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔ ریلی 22 اکتوبر بروز اتوار 3 بجے سہ پہر کو ہوگی جس کا آغاز نمائش چورنگی سے ہوگا جو امریکی قونصلیٹ کی جانب مارچ کرے گی۔ ریلی میں شرکت کے لئے شہر بھر سے ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا گیا ہے۔
وحدت نیوز(قم) کل رات اسرائیل کی غزہ کے ہسپتال میں موجود زخمی بچوں پر بمباری کی مزمت کرتے ہوئے سربراہ مجلس علماء امامیہ پاکستان اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری امور خارجہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے کہا کربلائے غزہ میں صیہونیوں کا ہسپتال میں موجود زخمی بچوں پر انسانیت سوزحملہ اسرائیل کی حقیقت کو عیاں کرتا ہے۔ دراصل غزہ میں گھروں، ہسپتالوں اور عوامی مراکز کو نشانہ بنانا اسرائیلی بوکھلاہٹ کی علامت ہے۔ امریکہ ، مغربی ممالک اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے والے خائن عرب ومسلم حکمران اسرائیل کی طرف سے فلسطینی نسل کشی میں برابر کے شریک ہیں۔
تمام عالم اسلام کے حکمرانوں سے اپیل ہے کہ مزمتی بیان یا قرار دادیں پاس کرنا مسئلہ فلسطین کا حل نہیں بلکہ مسلم امہ کی طرف سے ان جرائم کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ فلسطین کی مکمل آزادی اور غاصبانہ قبضے سے نجات کے لئے ہر طرح کی امداد فراہم کی جائے۔
سیکرٹری امور خارجہ ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ ہم شھداء کے خانوادہ اور پوری فلسطینی مجاھد قوم کو تعزیت وتسلیت پیش کرتے ہیں۔اور دعا ہے کہ اللہ تعالی شھداء کے درجات بلند کرے اور جنت نصیب کرے اور زخمیوں کو جلد از جلد شفایاب فرمائے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین ایم ڈبلیوایم پاکستان علّامہ راجا ناصر عباس جعفری کی غاصب اسرائیل کی جانب سے غزہ میں اسپتال اور حماس قیادت کے گھروں پر حملے کی مذمت۔میڈیا کو جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ غاصب اسرائیل نے اسپتال پر حملہ کر کے عالمی انسانی حقوق اور جنگی قوانین کی بدترین پامالی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسپتال پر راکٹ حملے میں ایک ہزار سے زائد بے گناہ بچے، عورتیں ، بزرگ اور جوان بے دردی سے شہید ہوچکے ہیں۔اسرائیلی بربریت میں امریکہ اور اس کے حواری برابر کے مجرم ہیں۔عالمی برادری کی اس ظلم و بربریت پر خاموشی قابل افسوس اور مذمت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام امت مسلمہ دنیا بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کرے۔حکومت پاکستان ہمت کا مظاہرہ کرے اور کھل کہ اس ظلم کے خلاف آواز اٹھائے۔پاکستان میں بھی تین روزہ سوگ کا سرکاری سطح پر اعلان کیا جائے۔ غیرت مند پاکستانی کسی صورت میں اسرائیل کے وجود کو تسلیم نہیں کرتے۔
علامہ راجہ ناصرعباس نے مزید کہا کہ مظلوم فلسطینیوں نے مزاحمت کا راستہ چنا ہے۔فلسطین میں معصوم بچوں، خواتین کا خون اسرائیل و عرب حکمرانوں کے گلے پر ہے۔حکومت پاکستان کو چایئے اسرائیلی جارحیت کے خلاف واضح موقف اختیار کرے۔مسلم امہ اسرائیل کے ناپاک وجود سے بیت المقدس اور فلسطینی علاقوں کو آزاد کروائیں۔ ہزاروں بچے، بہنیں اور بیٹیاں امت مسلمہ کی جانب دیکھ رہی ہیں۔تمام مسلم ممالک یک جان ہو کر فلسطینیوں کی امداد کو پہنچیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اور او آئی سی غزہ میں اسرائیلی جنگی جرائم کو فوری روکیں، اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی پر اتر آیا ہے اور کھلم کھلا عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے، اس گھمبیر صورتحال کو نہ روکا گیا تو غزہ میں بہت بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے، غذائی اشیاء کی قلت، پانی بجلی اور میڈیکل سہولیات کے ناپید ہونے سے شدید بحران پیدا ہو گیا ہے، غزہ کی نہتی عوام پر ہونے والی وحشیانہ بمباری میں ممنوعہ کیمیکل سفید فاسفورس کا استعمال کیا جا رہا ہے، جس کی تصدیق اسرائیل کے سکالرز بھی کر رہے ہیں، اقوام عالم نے اسرائیلی مظالم پر دوغلی پالیسی اپناتے ہوئے مجرمانہ چپ سادھ رکھی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اسرائیلی سفاکیت کی حمایت میں امریکہ تمام تر حدیں عبور کر چکا ہے، اقوام متحدہ میں روس کی انسانی بنیادوں پر مبنی جنگ بندی کی قرارداد کو روکنا اسرائیلی جرائم میں شریک ہونے کے مترادف ہے، امریکی بحری بیڑوں کی تعیناتی اور فوجیوں کو اسرائیل بھیجنے کی پالیسی صہیونی ریاست کے لیے سنگین نتائج برآمد کرے گی، اسرائیلی فوج نفسیاتی طور پر جنگ ہار چکی ہے، خدا کے شیروں نے بھوک اور پیاس کے باوجود اسرائیل کو نڈھال کر دیا ہے، غزہ پر دس روزہ شدید بمباری کے باوجود اندر داخل ہونے کی جرات نہیں ہے، کاغذی شیر امریکہ بھی اسرائیل کو غزہ میں داخل ہونے سے روک رہا ہے، فلسطینی عوام کی استقامت اور عزم و ہمت دشمن پر غالب آ گئی ہے، امریکی وزیر خارجہ کو مشرق وسطیٰ کے دورے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس کا واضح ثبوت ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن خود دورہ کرنے پر مجبور نظر آتا ہے، اسرائیل اور اس کے سرپرستوں کو یہ خوف کھائے جا رہا ہے کہ جنگ کا دائرہ وسیع ہوا تو اسرائیل کے وجود کو شدید خطرات لاحق ہو جائیں گے۔