
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(راولپنڈی)صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب کی زیر صدارت ضلع راولپنڈی کے شعبہ فلاح وبہبود کی میٹنگ ضلعی آفس مجلس وحدت مسلمین ضلع راولپنڈی میں منعقد ہوئی ۔ ضلعی سیکریٹری فلاح وبہبود جناب محمد کاظم بلتی نے شعبہ فلاح وبہبود کی کارکردگی پر صوبائی صدر کو بریفنگ دی ۔
اس میٹنگ میں ضلعی صدر ضلع راولپنڈی جناب سید اعوان علی شاہ شیرازی ، نائب صدر جناب ناصر عباس ودیگران موجود تھے ۔ میٹنگ میں شعبہ فلاح وبہبود کی کارکردگی پر غور و فکر کیا گیا اور آئندہ کے لئے شعبے کے لئے مزید بہتری لانے کے لئے تجاویز دی گئیں۔
صوبائی صدر نے شعبہ فلاح وبہبود کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ اس شعبے میں بہتری کی گنجائش موجود ہے ۔ اس شعبے کو مزید فعال کیا جائے اور ضلعی شعبہ فلاح وبہبود ضلع راولپنڈی کے سیکرٹری جناب محمد کاظم بلتی صاحب ، صوبائی سیکرٹری فلاح وبہبود جناب شیخ عمران علی صاحب سے بھی ہم آہنگ رہے ۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلوچستان کے جاری کردہ بیان کے مطابق صوبائی ایگزیکٹیو کونسل کا اہم اجلاس صوبائی دفتر کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ جس میں صوبائی صدر ایم ڈبلیو ایم علامہ سید ظفر عباس شمسی، صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی، صوبائی نائب صدر علامہ شیخ ولایت حسین جعفری، مجلس علمائے مکتب اہل بیت بلوچستان کے رہنماء علامہ موسیٰ حسینی، علامہ مبشر حسین، شعبہ عزاداری کے صوبائی صدر محمد رضا، سید وحید شاہ اور یوتھ ونگ کے ڈویژنل مسؤل محمد طفیل شریک ہوئے۔ اجلاس میں مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی مرکزی، صدر عزاداری ونگ ملک اقرار حسین اور مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے ملک اقرار حسین علوی نے کہا کہ ایگزیکٹو کونسل مرکزی شوریٰ کے فیصلے کی روشنی میں قائم کی گئی ہے۔
جس کا ہدف مدر سیٹ اپ اور شعبہ جات کے درمیان ہم آہنگی کا فروغ ہے۔ اجلاس میں اتفاق رائے سے علامہ سہیل اکبر شیرازی کو ایگزیکٹو کونسل کا صوبائی کوآرڈینیٹر منتخب کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید اسد عباس نقوی نے کہا کہ ہم ہر مظلوم کے حامی اور ظالم کے دشمن ہیں۔ ہم فلسطینی مظلوموں کی حمایت کو اپنی شرعی اور اسلامی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان کے مومنین نے آزادی فلسطین و مسجد اقصیٰ کی راہ میں اپنے عظیم شہداء کی قربانیاں پیش کی ہیں۔ جنہیں یوم القدس کے دن مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کے جرم میں دھشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔ کوئٹہ میں آزادی فلسطین مارچ تاریخی پروگرام ہوگا۔ اجلاس نے فیصلہ کیا کہ 24 دسمبر بروز اتوار کوئٹہ میں آزادی فلسطین مارچ ہوگا۔ جس میں مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔ اجلاس میں مدر سیٹ اپ اور شعبہ جات کے درمیان ہم آہنگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے مزید بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔
وحدت نیوز(لاہور) صوبائی دارالحکومت لاہور میں علما و مشائخ کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ سید علی اکبر کاظمی نے کہا ہے کہ فلسطین کے مظلومین کیخلاف برطانیہ بھی اسرائیل کی مدد کو آن پہنچا ہے، مسلمان حکمران لحاف میں سر دبائے مظلوم فلسطینیوں کے قتل عام کا تماشا دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے دوبارہ جنگ کا آغاز کرکے اقوام عالم پر واضح کر دیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کی نسل کشی مکمل ہونے تک باز نہیں آئے گا۔
علامہ سید علی اکبر کاظمی کا مزید کہنا تھا کہ مسلمان ممالک کو یاد رکھنا چاہیے اسرائیل کینسر کی طرح پھیلنے کی کوشش کر رہا ہے اور وہ تمام ممالک اِس کی لپیٹ میں آ جائیں گے جو آج فلسطینیوں کی مدد سے اِس لئے گریزاں ہیں کہ امریکہ ناراض ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے ناپاک قدم نہ روکے گئے تک کوئی بھی اِس ناسور سے محفوظ نہیں رہے گا۔
وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر و ممبر ڈویژنل امن کمیٹی انجینئر سخاوت علی سیال نے کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی کے دشمن اور ان کے کٹھ پتلی تکفیری دہشت گرد وطن عزیز میں شرپسندی کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے، پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خاتمے کی بھاری قیمت چکائی ہے اب ہم کسی مزید آزمائش کے متحمل نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کا خاتمہ تکفیری عناصر کی بیخ کنی سے مشروط ہے، دہشت گرد اور ان کے فکری، جانی و مالی سہولت کار ان کے پشت پناہ ملک کی سلامتی کے دشمن اور قوم کے غدار ہیں ان کے ساتھ کسی بھی قسم کی لچک مادر وطن کے ساتھ بدترین خیانت ہوگی، سیاسی قوتوں اور طاقتور اداروں کو دہشت گردوں کی سرکوبی کے لیے ایک پیج پر رہتے ہوئے نتیجہ خیز اقدامات کرنا ہوں گے، چلاس کے المناک سانحہ کے شہدا کی بلندی درجات، لواحقین کے صبر اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں۔
وحدت نیوز(ملتان)وحدت یوتھ کونسل ملتان ڈویژن کا دوسرا دستوری اجلاس آج جامعہ شہید مطہری ملتان میں منعقد ہوگا، اجلاس میں تنظیمی صورتحال، حلف برداری اور آزادی فلسطین مارچ خصوصی ایجنڈے کے طور پر شامل ہے، اجلاس کی صدارت ڈویژنل صدر دلشیر علی کریں گے جبکہ مرکزی جنرل سیکرٹری وحدت یوتھ سید سجاد نقوی خصوصی شرکت کریں گے۔ اجلاس میں مجلس علمائے مکتب اہلیبیت جنوبی پنجاب کے صدر و پرنسپل جامعہ شہید مطہری ملتان علامہ قاضی نادر حسین علوی، مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ جنوبی پنجاب کے صوبائی نائب صدر مرزا وجاہت علی خصوصی گفتگو کریں گے۔
وحدت نیوز(گلگت)ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے ترجمان غلام عباس نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر داخلہ کی مایوس کن پریس کانفرنس شہداء کے لہو پر نمک پاشی ہے۔ ہر دہشتگردی کو انڈین ٹیگ لگا کر فائل بند کر کے دہشت گردوں کو تحفظ دینے کی حکومتی روایت ناقابل برداشت ہے۔
ایک بیان میں غلام عباس کا کہنا تھا کہ قاتلوں کی تلاش ریاست کی زمہ داری ہے۔ دیامر عوام کا ریسکیو اور خون کے عطیات دینا قابل تحسین ہے۔ دہشت گردی کیلئے دیامر کی سرزمین کا انتخاب کر کے دیامر کو بدنام کرنے کی سازش کی گئی ہے۔ تمام شہداء کی بلندی درجات اور زخمیوں کی صحت یابی کی دعا اور سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت و تسلیت عرض کرتے ہیں۔