
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(اسلام آباد)مفسر قرآن، بزرگ عالم دین، علامہ شیخ محسن علی نجفی کی رحلت پر تعزیت کے لئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی کی وفد کے ہمراہ جامعہ کوثر آمد۔
سید ناصر شیرازی نے مرحوم کے صاحبزادے علامہ اسحاق نجفی ،علامہ شیخ حسن جعفری اور دیگر علما کرام سےملاقات کی اوراظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔
سید ناصرعباس شیرازی نے علامہ شیخ محسن نجفی کی وفات کو ملت تشیع پاکستان کا ایک ناقابل تلافی نقصان قرار دیا اور کہا کہ ان کی دینی ، قومی و فلاحی خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی۔
وحدت نیوز(گلگت)مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے صوبائی قائدین آغا علی رضوی،رکن جی بی کونسل شیخ احمد علی نوری،نائب صدر ایم ڈبلیو ایم جی بی شیخ نیئر عباس مصطفوی،اپوزشین لیڈر کاظم میثم،رکن اسمبلی شیخ اکبر رجائی،رکن اسمبلی کنیز فاطمہ،سابق معاون خصوصی الیاس صدیقی اور صوبائی ترجمان ایم ڈبلیو ایم حاجی غلام عباس نے تعزیتی پیغام میں کہا کہ سرمایہ ملت، مفسر قرآن ، استادالعلماء علامہ شیخ محسن علی نجفی طاب ثراہ کا انتقال پوری قوم کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔آپ اتحاد امت کے داعی ، غریب پرور اورمایہ نازدینی و علمی مرکز جامعۃالکوثر سمیت سینکڑوں اداروں کے بانی شخصیت تھے۔ان کے انتقال سے قوم ایک درد رکھنے والی عظیم علمی بابصیرت شخصیت سے محروم ہوگئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس قومی سانحہ پر مراجع عظام ، حوزہ ہائے علمیہ، ان کے فرزندان حجج الاسلام شیخ محمد اسحاق نجفی،شیخ انورعلی نجفی ، روح اللہ نجفی ودیگر بازمندگان سمیت تمام مومنین کی خدمت میں تعزیت وتسلیت پیش کرتا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ قبلہ شیخ صاحب کو غریق رحمت فرمائے اور بازمندگان کو صبر جمیل واجرجزیل عنایت فرمائے۔آمین
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر سیدہ معصومہ نقوی نے مفسر قرآن ، عالم با عمل ، محسن ملت شیخ محسن علی نجفی کے انتقال پُر ملال پر ان کے خانوادہ ، شاگردان اور تمام چاہنے والوں کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آقا محسن علی نجفی مرحوم کی تمام تر دینی خدمات پر ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں آپ ساری زندگی قرآن و اہلبیت کے ساتھ منسلک رہے اور تفسیر قرآن کے ذریعے تشنگان علم کے لیے بہترین خدمات انجام دیں مختلف فلاحی و اجتماعی امور اور ادارہ جات کی تشکیل میں پیش پیش رہے پروردگار سبحان آپ کی خدمات کا بہترین اجر عطا فرمائے اور بروز محشر ابا عبداللہ الحسین علیہ سلام کے ساتھ محشور فرمائے۔ الہی آمین
وحدت نیوز (گلگت) گلگت بلتستان اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اورمجلس وحدت مسلمین کے پارلیمانی لیڈر محمد کاظم میثم نے میڈیا کو جاری اپنے میں کہا کہ طاقت کے ذریعے گلگت میں جاری احتجاج کو روکنے کی کوشش شرمناک عمل ہے، بائی روڈ گلگت احتجاج میں شرکت کے لیے نکلا ہوں، اپوزیشن کے ہمراہ احتجاج میں شرکت کریں گے۔جس نے گرفتار کرنا ہے آجائیں ہم حاضر ہیں، جمہوری اور عوامی مطالبات کیلئے جاری جدوجہد کو روک دیا گیا تو اس کی کوکھ سے غیرجمہوری رویہ جنم پائے گا۔
وفاق نے گلگت بلتستان کے لیے نیا سال کا تحفہ گندم بحران اور شیڈول فور میں درجنوں افراد کو شامل کرکے دیا،شیڈول فور میں عوامی حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والوں کو شامل کرکے دہشتگردوں کو کلین چیٹ دی ہوئی ہے،شیڈول فور میں 27 افراد نہیں بلکہ پورا گلگت بلتستان ہے، عوامی مطالبات کے لیے آواز بلند کرنے والوں پر ہاتھ ڈالیں تو احتجاج کسی اور رخ اختیار کرے گا،وفاقی حکومت گلگت بلتستان سے بیگانہ نہ ہو، جلد عوامی مطالبات پر توجہ دیں،اسلام آباد گلگت بلتستان کے ساتھ اپنا رویہ درست کرے اور نگران وزیراعظم اپنے اعلان پر عمل کرتے ہوئے گندم کا مسئلہ فوری طور پر حل کرے، ہمیں اسلام آباد میں جی بی کے عوامی مطالبات کے حل کے لیے دھرنا دینے پر مجبور نہ کریں۔
شیڈول فور کو عوامی حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والے سماجی رہنماوں اور سیاسی رہنماؤں پر استعمال کیا جاتا رہا ہے،سکردو کے نوجوان سماجی رہنما وزیر حسنین کو شیڈول فور میں ڈال کر یوتھ کے غم و غصے میں اضافہ کر دیا ہے،عوامی بیداری اور یوتھ گلگت بلتستان کے روشن مستقبل کی ضامن ہے،صوبائی حکومت گندم مسئلے پر عوام کو مزید امتحان میں نہ ڈالیں اور وفاق کے آگے ڈٹ جائیں،صوبائی حکومت جی بی کے مسائل کے حل کیلئے وفاق کے خلاف جو بھی اقدام کرے ہم ساتھ دیں گے،صوبائی حکومت وفاق کے رویوں کے خلاف آواز بلند کرے ورنہ ملازمین تنخواہوں سے بھی محروم رہیں گے، گلگت بلتستان تاریخی مالیاتی بحران سے گزر رہا ہے اور نگران وزیراعظم چین کی بانسری بجا رہا ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے ایک تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ عالم ربانی، پدر روحانی, مربی و راہنماء, شیخ الجامعہ عظیم مفسر قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی قدس سرہ کے انتقال پر ملال پر انکے خانوادہ گرامی، شاگردوں سمیت تمام چاہنے والوں کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہوں، آج میں اپنے شفیق ومہربان استاد سے محروم ہو گیا ہوں۔محسن ملت علامہ شیخ محسن علی نجفی کے انتقال پر ملال پر دل بہت رنجیدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بزرگ عالم دین مفسر قرآن،استاد العلماء شیخ محسن علی نجفی اعلی اللہ مقامہ کا انتقال پوری قوم کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔آپ اتحاد ِ امت کے عظیم داعی اور شاندار علمی شخصیت تھے۔تفسیر کوثر آپ کی بہترین علمی کاوش اور جامعۃ الکوثر آپ کا وہ مایہ ناز دینی ادارہ ہے جس نے تعلیمات ِاہلبیت اطہار علیہم السلام کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔ ملک کے تمام مذہبی حلقوں میں بزرگ عالم ِ دین کو غیر معمولی مقام حاصل تھا۔ان کے انتقال سے قوم ایک درد رکھنے والی عظیم علمی و با بصیرت شخصیت سے محروم ہو گئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خداوند متعال صدقہ چہاردہ معصومین علیہم السلام مرحوم کے درجات بلند فرمائے ۔آپ کی ملت کے لیے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں انجام دی گئیں گراں قدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، آپ ملت جعفریہ پاکستان کا قیمتی سرمایہ تھے، آپ کی وفات سے جو خلاء پیدا ہوا ہے وہ برسوں تک پر نہ ہو سکے گا۔ مفسر قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی کے درجات کی بلندی اور سوگواران کے صبر کے لیے دعا گوہوں۔
وحدت نیوز(لندن) ملت اسلامیہ کے جید عالم دین مفسر قرآن علامہ محسن علی نجفی کی رحلت سے آج ملت جعفریہ ایک عظیم مدیر ، مدبر اور شفیق استاد سے مرحوم ہوگئی ہے۔اللہ تعالی بزرگوار حجت الاسلام والمسلمین علامہ شیخ محسن علی نجفی کو اعلی علیین میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے خانوادہ محترم کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
اس ناگہانی وفات پر ھم مرحوم کےخانوادہ اور پاکستان کے تمام علمائے کرام کو تعزیت پیش کرتے ہیں۔ یقینا ملت تشیع پاکستان آج ایک عظیم عالم باعمل سے محروم ھو گئی ھے جو کہ ملت کے لئے عظیم نقصان ھے ۔ اللہ پاک بحق محمد وال محمد بزرگوار کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔ آمین