The Latest
وحدت نیوز(شگر) مجلس وحدت مسلمین ضلع شگر کی جانب سے فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت وبربریت ، بے گناہ نہتے مسلمانوں کے بہیمانہ قتل عام اور مسجد الاقصی کی مسلسل بےحرمتی کےخلاف حسینی چوک شگر میں احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا جس میں ایم ڈبلیوایم شگر کے سیکریٹری جنرل شیخ اشرف حسین شگری، ڈپٹی سیکریٹری جنرل شیخ ابراہیم بہشتی، قاری شیخ اسماعیل اور ظہیر عباس ، عالم دین شیخ فدا حسین عابدی ،سماجی و سیاسی شخصیت حاجی وزیر فدا علی صاحب ،نے خطاب کیا۔ شرکاء نے مردہ باد امریکا اسرائیل نامنظور کے فلک شگاف نعروں کے ساتھ بھرپور شرکت کی۔
وحدت نیوز (کوئٹہ) ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کے زیر اہتمام ملک گیر یوم احتجاج کے موقع پر کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ مظاہرے سے صوبائی صدر ملی یکجہتی کونسل بلوچستان مولانا عبد الحق ہاشمی مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی علامہ سید محمد ہاشم موسوی علامہ برکت علی مطہری جماعت اسلامی کے رہنما مولانا حافظ نور علی اور زاھد اختر بلوچ جامعہ امام صادق علیہ السلام کے پرنسپل بزرگ عالم دین علامہ محمد جمعہ اسدی جماعت اھل سنت بلوچستان کے صوبائی صدر پیر سید حبیب اللہ شاہ چشتی جمعیت اتحاد العلماء بلوچستان کے رہنما مولانا ڈاکٹر عطاء الرحمن جمعیت علمائے پاکستان کے نجیب الرحمن نے خطاب کیا۔
علامہ مقصودڈومکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا کے مسلمان مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کر رہے ہیں کیونکہ اسرائیل غاصب نے گزشتہ ستر سال سے فلسطین میں جو مظالم ڈھائے ہیں اس کی تاریخ انسانی میں مثال نہیں ملتی ایک قوم کی سر زمین پر قبضہ کیا پھر انہیں زبردستی اپنے گھروں سے نکالا اور پھر ان پر ظلم و تشدد کی انتہا کردی اب اسرائیل کا یوم حساب قریب آچکا ہے۔ مسجد اقصی اور قدس کے وارث دنیا کے ڈیڑھ ارب مسلمان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل غاصب اور جعلی ریاست ہے جسے دنیا کے غیرت مند مسلمان اور اقوام عالم تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ عرب حکمران اگر بیت المقدس اور قبلہ اول کا سودا کرتے ہوئے امت مسلمہ سے خیانت کے مرتکب ہو رہے ہیں تو یہ ان ممالک کے عوام کا فیصلہ نہیں ہے بلکہ غیر منتخب غیر جمہوری اور ناجائز حکمرانوں کا فیصلہ ہے جو اسرائیل اور امریکہ کے سامنے سجدہ ریز ہو چکے ہیں۔ 39 ملکوں کا نام نہاد لشکرِ کہاں ہے ان بزدلوں کو کوئی بتائے کہ قبلہ اول بیت المقدس جل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل آج تاریخ کی کمزور ترین پوزیشن پر ہے۔ جب کہ آزادی بیت المقدس کے لئے فلسطینیوں کے شانہ بشانہ دنیا بھر کے غیرت مند مسلمان قربانی دے رہے ہیں جن عظیم شہدا نے القدس کی آزادی کے لئے اپنے لہو کا نذرانہ پیش کیا بیت المقدس اور فلسطین کی آزادی تک ان کے مشن کو جاری رکھیں گے۔حکومت پاکستان کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں کی حمایت بائیس کروڑ عوام کے جذبات کی ترجمانی ہے مگر ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ پاکستان زبانی حمایت سے آگے بڑھ کر عملی طور پر فلسطینی عوام اور مجاہدین فلسطین کی مدد کرے۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کندہ کوٹ میں قبائلی جھگڑے کے نتیجے میں بارہ 12 بے گناہ انسانوں کی قتل عام پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قبائلی جھگڑے اور کاروکاری ناسور کی صورت اختیار کر چکے ہیں جس کے نتیجے میں بے گناہ انسانوں کا قتل عام ہورہا ہے علمائے کرام دانشور اور معاشرے کے ذمہ دار افراد سیاسی اور مذہبی جماعتیں اس معاشرتی ناسور کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ سندھ کا یہ علاقہ وانا اور وزیرستان کا منظر پیش کر رہا ہے جہاں بے گناہ انسانوں کا قتل عام معمول کا مسئلہ بن چکا ہے ہتھیاروں کی بھرمار اور مجرموں کی سرعام سرگرمیاں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو بے نقاب کر رہی ہیں۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا ہے کہ انسانیت کیلئے اسرائیل کا ناپاک وجود کورونا وبا سے زیادہ خطرناک ہے، شیرخوار بچوں سمیت فلسطینی شہادتوں کی صورت میں مسلمان ہونے کی قیمت چکا رہے ہیں، اسیر فلسطینیوں کی مسکان سے اسرائیل ہلکان ہوگیا ہے، افسوس عالمی ضمیر نے انسانیت اور انصاف کا دامن ہاتھ سے چھوڑ دیا۔ لاہور سے جھنگ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام نڈر اور ناقابل شکست ہیں، اسرائیل جیسے انتہاء پسند دشمن کیخلاف ان کی استقامت اور خشت باری پر مبنی مزاحمت قابل رشک ہے، شیرخوار بچوں سمیت فلسطینیوں کی شہادت نے اسرائیل اور اس کے آقائوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔ علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کے قتل عام نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو خون کے آنسو رونے پر مجبور کر دیا، اسرائیلی درندوں نے مسجد اقصیٰ نذرآتش کرتے ہوئے درندگی کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر دنیا سے انصاف کا جنازہ نہ اٹھ گیا ہوتا تو آج کوئی یورپی ملک اسرائیلی بربریت پر خاموش نہ رہتا۔ علامہ اسدی نے مزید کہا کہ بیت المقدس اور فلسطینیوں کی بقاء کیلئے برادر اسلامی ملک ایران کا آبرومندانہ اور جراتمندانہ بیانیہ دوسرے مسلمان حکمرانوں کیلئے قابل تقلید ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی ظلم و ستم پر خاموشی اختیار کرنا درحقیقت فلسطینیوں کیساتھ دشمنی کے مترادف ہے، مسجد اقصیٰ کو آگ لگانے کے بعد اسرائیلی نوجوانوں کے رقص نے شیطانیت کو بھی شرما دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا وجود انسانیت کیلئے ناسور بن گیا ہے، اسرائیل کا خاتمہ کرنے تک دنیا میں پائیدار امن بحال نہیں ہوگا۔
وحدت نیوز(لاہور) فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم کیخلاف مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے پارٹی پرچم اور فلسطین کے جھنڈے اُٹھا رکھے تھے جبکہ مظاہرین اسرائیلی جارحیت کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کرتے رہے۔ شملہ پہاڑی چوک "مردہ باد مردہ باد، اسرائیل مردہ باد" کے نعروں سے گونجتا رہا۔ اس موقع پر پہلے سے وہاں موجود انجمن طلبہ اسلام کے درجنوں کارکن بھی ایم ڈبلیو ایم کے مظاہرے میں شریک ہو گئےاوور فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ مظاہرے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ حسن رضا ہمدانی نے کی جبکہ دیگر علماء بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مقررین نے کہا کہ او آئی سی کو بیان بازی سے نکل کر عملی اقدامات کرنے چاہئے، اور اسرائیل کو تسلیم کرنے والے عرب ممالک کو اب اپنا فیصلہ واپس لے لینا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے مظالم کی مذمت نہ کرکے امریکہ پوری دنیا میں ظالم ریاست کے طور پر بے نقاب ہو گیا ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ قرآن ہمیں یہود و نصاریٰ سے دوستی بنانے سے منع کرتا ہے، اس واضح قرآنی حکم کے باوجود اگر کوئی مسلم حکمران یہود و نصاریٰ سے تعلق رکھتا ہے اور ان پر اعتماد کرتا ہے تو وہ اسلام کا غدار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پوری پاکستانی قوم اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں، اور عالمی برادری بالخصوص انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اسرائیل کی ننگی جارحیت کو بے نقاب کریں اور فوری طور پر فلسطینیوں پر مظالم کا سلسلہ بند کروایا جائے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مظلومین فلسطین سے یکجہتی اور اسرائیلی بربریت کے خلاف دارلحکومت اسلام آباد میں عظیم الشان کار اور موٹر بائیک ریلی کاانعقاد کیا گیا ۔احتجاجی ریلی جی نائن ٹو کمیونٹی سنٹر سے سے ڈی چوک تک نکالی گئی جس میں سینکڑوں کی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔ریلی کی قیادت سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کی ۔ریلی میںامامیہ اسٹوڈٹنس آرگنائزیشن ، ملی یکجہتی کونسل کے قائدین بھی شریک تھے۔ شرکاء گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار تھے اور پلے کارڈ اٹھار رکھے تھے جن پر اسرائیل کی بربریت اور عالمی طاقتوں کی بے حسی کے خلاف نعرے درج تھے۔
ڈی چوک پر ریلی کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ اسرائیل نے جو آگ کا کھیل شروع کیا ہے اس کا انجام اسرائیل کی نابودی کی شکل میں سامنے آئے گا۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی بنیادوں کے کھوکھلا ہونے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ دنیا کے باضمیر مسلم حکمران بہت جلدیہود و نصاری کے خلاف باہم نظر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم ترنوالہ نہیں جسے کوئی بھی آسانی سے نگل لے یہ اسرائیل سمیت اس کے تمام حواریوں کے گلے کی ہڈی بن چکا ہے۔فلسطین میں آبادی والے علاقوں پر اسرائیلی حملے اسی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کا دفاع کرنے والی مزاحمتی تحریکوں کے جرات و حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں۔ اس وقت دنیا کا ہر باشعور مسلمان اپنے فلسطینی بھائیوں کے اصولی موقف کا دفاع کرتا نظر آ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نام نہاد انسانی حقوق کے علمبرداروں کی اسرائیلی بربریت پر خاموشی ان کی متعصب ذہنیت کو آشکار کر رہی ہے۔اس غیر منصفانہ طرز عمل سے غیر مسلموں کی نظر میں عالم اسلام کی حیثیت کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت طے شدہ ہے کہ اس وقت دنیا بھر میں دو متحارب گروہ ہیں۔ایک وہ ممالک جو یہود و نصاری کے خلاف اپنے اسلامی تشخص کے ساتھ برسرپیکار ہیں اور دوسرے وہ جو مصلحت اور مفادات کی سیاست کو مقدم سمجھتے ہوئے مسلمانوں کے دشمنوں کی خوشنودی حاصل کرنا چاہتے ہیں چاہے وہ خاموش رہ کر ہو یا پھر طاغوت و استعمار کا ساتھ دے کر۔اس میں اول الذکر کا تعلق حق اور ثانی الذکر کا تعلق باطل سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہود و نصاری مسلمانوں کے دشمن ہیں یہ الہامی فیصلہ ہے۔ اس میں کوئی دوسری رائے نہیں۔ اسرائیل کے خلاف تمام مسلمان حکمرانوں کو باہم ہو جانا چاہئے۔ جو اسلامی ریاست فلسطینی مسلمانوں کے خلاف صیہونیوں کی حمایت کرے گی اس کا یہ عمل اسلام کے خلاف کھلی جنگ تصور کیا جائے گا۔
انہوں نے مسلم حکمرانوں سے کہا کہ یہ وقت بیدار ہونے کا ہے۔ اگر انہوں نے اپنی آنکھیں نہ کھولیں تو اس کا خیمازہ ان کی آنے والی نسلوں کو بھگتنا پڑے گا۔ریلی میں جماعت اسلامی کے نائب امیر میاں اسلم تحریک نوجوانان پاکستان کے مرکزی رہنما عبداللہ گل ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثاقب اکبر سمیت مذہبی وسماجی شخصیات نے شرکت اور خطاب کیا ۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام ملک بھر میں جمعہ کو یوم حمایت فلسطین منایا گیا۔ ملک بھر کی مساجد میں علمائے کرام نے جمعہ کے خطبات میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت اور فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی۔ ملتان میں نماز جمعہ کے بعد امام بارگاہ ابوالفضل العباس چوک کمہاراں والا میں فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کی۔ مظاہرین نے امریکہ اسرائیل اور بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے اقوام متحدہ۔او آئی سی اور عرب لیگ سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں اسرائیلی بربریت اور جارحیت کے خلاف آواز بلند کریں۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کہا کہ اسرائیل کا وجود عالم اسلام کے لئے ایک ناسور کی مانند ہے، اسرائیلی جارحیت کے سامنے سینہ سپر ہونے والے فلسطینی مجاہدوں کو سلام پیش کرتے ہیں، اسرائیلی جارحیت اور مظالم پر اقوام متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کمیشن کی مجرمانہ خاموشی قابل مذمت ہے، آج امت مسلمہ مسلم ممالک کے حکمرانوں کی جانب دیکھ رہے ہیں کہ قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کے لیے کون آواز بلند کرتا ہے۔ پوری پاکستانی قوم فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی ہے۔ اس موقع پر عالم اسلام اور بالخصوص فلسطینی،کشمیری،یمنی اور بحرین کے مسلمانوں کے لیے خصوصی دعا کرائی گئی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)فلسطین پر قابض صہیونی اسرائیلی افواج کی جارحیت کے خلاف ملی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس کا انعقاد ۔ جس میں مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ، ملی یکجہتی کونسل کے جنرل سیکرٹری علامہ ثاقب اکبر، تحریک نوجوانان پاکستان کے چیئرمین عبد اللہ حمید گل، جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما مولانا حبیب احمد نظیری، اسلامی تحریک پاکستان کے رہنما نیئر عباس بلوچ اور ملی یکجہتی کونسل کی تحقیقاتی کمیٹی کے مفتی امجد عباس نے مشترکہ طور پر اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صہیونی ریاست کے مظالم پر ہم کسی صورت خاموش نہیں رہیں گے اور قبلہ اول کی بے حرمتی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے خطاب میں کہا کہ مظلوم فلسطینیوں کے عزم و حوصلوں نے پوری دنیا کے حریت پسندوں کو ایک بار پھر بیدار کردیا ہے۔پاکستان نے ہمیشہ امت مسلمہ کے لیے فرنٹ لائن پر آکر کردار ادا کیا ہے۔غاصب اسرائیلی افواج نے منصوبہ بندی کے تحت کاروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔ فلسطینی بھائیوں کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ آزمائش کی ہر گھڑی میں پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
کانفرنس میں ملی یکجہتی کونسل کی طرف سے مشترکہ اعلامیہ بھی پیش کیا گیا جس میں کہا گیا کہ اسرائیل ایک غاصب، انتہاپسند اور دہشت گردریاست ہے،جسے عالمی سامراج نے دھونس دھاندلی ، پیسے اور اسلحے کے زور پر فلسطینی سرزمین پر مسلط کر رکھا ہے۔اس ناکام اور غیر فطری ریاست کا زوال نوشتہ دیوار ہے، اس کا خاتمہ دیر یا بدیرناگزیر ہے۔ مشرقِ وسطی میں امن کا پائیدارحل یہ ہے کہ دنیا بھر سے اکٹھے کیے گئے یہودی اپنے اپنے گھروں کو واپس جائیں اور فلسطینی اپنے گھروں میں آباد ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مذہب اور ریاست کو جدا قرار دینے والی بظاہر سیکولراور لبرل قوتوں نے ایک یہودی ریاست قائم کرنے میں اپنا گھنا ؤنا کردار ادا کیا ہے اور اسے سہارا دے رکھا ہے جس سے سامراجی طاقتوں کی منافقت آشکار ہوتی ہے۔ ناجائز اسرائیلی ریاست، پہلے دن سے ہی فلسطینی علاقوں، محلوں اور گھروں پر ناجائز قبضے کرنے کے درپے ہے۔ اس وقت فلسطین میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ بیت المقدس میں قدیم آباد فلسطینیوں کے گھروں پر قبضے کے خلاف ایک ردعمل کا نتیجہ ہے۔ صہیونیوں کے توسیع پسندانہ عزائم کے تحت مسجدِ اقصی میں نمازیوں پر وحشیانہ ظلم و تشدد کے خلاف ردعمل فطری ہے۔ اسرائیلی مظالم کو روکنے کے لیے غزہ کے مسلمانوں نے اپنے مظلوم بھائی بہنوں کی حمایت میں اسرائیل کو ظلم و تشدد بند کرنے کے لیے الٹی میٹم دیا۔ جس کی صہیونیوں نے پرواہ نہ کی۔ امریکہ اور مغرب کی پشت پناہی اور طاقت کے گھمنڈ میں انتہاپسند صہیونی اپنی انسان کش، توسیعی پالیسی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان اقدامات سے جن انسانوں کے حقوق پامال کیے گئے، جنھیں ان کے گھروں سے جلا وطن کر دیا گیا، وہ کیسے چپ رہ سکتے ہیں۔یہ امر افسوس ناک ہے کہ امریکہ نے سلامتی کونسل کے اجلاس کو بے نتیجہ بنانے کے لیے مسلسل اپنا منفی کردار ادا کیا ہے اور گذشتہ روز اجلاس ہی منعقد نہیں ہونے دیا، تاکہ اسرائیل کو اپنے وحشیانہ مظالم مزید جاری رکھنے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔ اس سے یہ بھی واضح ہوتا ہے کہ اقوامِ متحدہ ایک ناکام ادارہ بن کر رہ گیا ہے اور امریکہ کے سامنے اس کی حیثیت ٹک ٹک دیدم، دم نہ کشیدن والی ہے۔مسلمانوں کے بیشتر ممالک کی قیادت بصیرانہ اور فیصلہ کن اقدامات کی صلاحیت سے عاری ہے۔ چاہیے تو یہ تھا کہ اب جب فلسطینی مظلوم اپنے حقوق کے لیے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں تو ان کا بھرپور ساتھ دیا جاتا لیکن زیادہ تر زبانی جمع تفریق قراردادوں اور مذمتوں پر انحصار کیا جا رہا ہے، ایسے نمائشی اقدامات سے کبھی قوموں کی تقدیر نہیں بدلتی؛ تاہم مسلمان ممالک کے حکمرانوں سے قطع نظر، مسلمان عوام، القدس کی آزادی کا جذبہ لیے ہوئے اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے حماس، اسلامی جہاد اور دیگر آزادی پسند فلسطینیوں کو خراجِ تحسین پیش اور ان کی جرات و استقامت کو سلامِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نزدیک دنیا میں، خاص کراصلی اور حقیقی فلسطینی جن میں مسلمان، مسیحی اور یہودی شامل ہیں، ان پر مشتمل ریاست بحال ہو اور وہ اپنے ایک ملک گیر ریفرنڈم کے ذریعے اپنی حکومت تشکیل دیں۔اس کے بغیر خطے میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا؛ ورنہ اسرائیل اور اس کے سرپرستوں کی موجودہ پالیسی خود یہودیوں کے لیے نقصان دہ ہے۔ہم بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبال کے نظریات کی روشنی میں اسرائیل کو ناجائز اور غاصب ریاست سمجھتے ہیں اور دو ریاستی حل کوایک طاغوتی فریب کے سوا کچھ نہیں جانتے۔ حکومتِ پاکستان کو بھی بانی پاکستان اور مفکرِ پاکستان کے نظریات پر کاربند رہنا چاہیے۔ہم اس موقع پر افغانستان میں حالیہ دہشت گردانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، جن میں سکول کی معصوم بچیوں اور بچوں، نیز بے گناہ نمازیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس حقیقت سے آگاہ ہیں کہ داعش اور ایسے دیگر تکفیری، دہشت گرد گروہ امریکہ کے پروردہ ہیں اور امریکہ افغانستان سے جاتے جاتے انھیں وہاں اپنا جانشین بنا رہا ہے جیسا کہ وہ شام اور عراق میں کر چکا ہے۔ ہم اس موقع پر مظلوم اہلِ کشمیر سے بھی یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ وہ ایک روز سفاک اور عیار برہمن سامراج سے نجات حاصل کریں گے۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں عید کی نماز کے راستے میں ڈالی گئی رکاوٹوں کی بھی شدید مذمت کی۔انہوں نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل کی حالیہ سفاکانہ کارروائیوں کے خلاف پورے ملک میں اتوار کے روز ، ملی یکجہتی کونسل کی اپیل پر یومِ احتجاج منایا جائے گا۔ تمام دینی، مذہبی، سیاسی جماعتوں اور پاکستان کے غیور عوام سے اس احتجاج میں بھرپور شریک کی اپیل ہے۔
وحدت نیوز(کراچی)فلسطین میں اسرائیل جارحیت اور لشکر کشی کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویزن نے فوارہ چوک سے کراچی پریس کلب تک ریلی نکالی اور پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔احتجاجی مظاہرے میں علامہ صادق جعفری،علامہ حسن ظفر نقوی،قاضی احمد نورانی،اسرار عباسی،یونس براہی،محفویار خان،علی حسین نقوی،علامہ مرزا یوسف حسین،راؤ کامران،علامہ مبشر حسن،علامہ علی انورسمیت کارکنان،سیاسی، سماجی و مذہبی شخصیات اورسول سوسائٹی کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیل و امریکہ کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرے میں عالمی استکباری طاقتوں کے خلاف شدید نعرہ بازی بھی کی گئی۔ کورونا سے متعلق حکومتی ایس او پیز پر عمل کرنے کے حوالے سے شرکاء احتجاج نے انتہائی ذمہ دارانہ انداز اختیار کیا۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کراچی کے صدر علامہ صادق جعفری کاکہنا تھا کہ سرائیل نے فلسطین پر حملہ نہیں کیا بلکہ عالم اسلام کی غیرت وحمیت پرحملہ کیا ہے۔ دنیا کی باطل قوتیں مجتمع ہونا شروع ہو گئی ہیں۔اگر مسلمان حکمرانوں نے '' امت مسلمہ'' کی'' خوشنما لفاظی'' سے نکل کر اس کا عملی اظہار نہ کیا تو پھر تاریخ میں وہ عالم اسلام سے غداری کے مرتکب ہونے والوں کی صف میں کھڑے نظر آئیں گے۔انہوں نے کہا اب کسی مصلحت یا منفعت کا وقت نہیں ہے اب حق و باطل کا معرکہ ہے مسلمانوں کو یہ ثابت کرنا ہے کہ وہ محض اسلام کے نام لیوا نہیں بلکہ اس کے دفاع کے لیے جان و دل سے تیار ہیں۔ 16 مئی مرکزی قائدین کی حکم پر امریکہ و اسرائیل کے خلاف ملک بھر میں احتجاج ہوگا۔16 مئی کے دن ملکی عوام غاصب اسرائیل و امریکہ کے خلاف بھر ہور احتجاج کر یں گے۔ملکی عوام کے دل اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔
علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ نے کہا کہ اسرائیل کے خلاف پاکستانی حکومت دو ٹوک اور واضح موقف اختیار کرے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین محض زمینی تنازع نہیں بلکہ یہ نسلوں کی بقا کا مسئلہ ہے۔ بیت المقدس سے صرف فلسطینیوں کا تعلق نہیں بلکہ ہر کلمہ گو کی اس سے جذباتی وابستگی ہے۔حکومت پاکستان کی طرف سے مشکل کی اس گھڑی میں فلسطینی مسلمانوں کی جانی و مالی امداد کا اعلان کر کے طاغوتی طاقتوں کو یہ باور کرانا ہو گا کہ جب بھی جہاں بھی عالم اسلام کا یہود و نصاری سے کوئی معرکہ ہو گا ہم مسلمانوں کی صف میں کھڑے نظر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی طرف سے خوراک،ادویہ اور دیگر ضروری سازووسامان فلسطین بھیجنے کے لیے جتنی جلدی ممکن ہو اعلان کیا جائے۔علامہ قاضی احمدنورانی نے اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ اسرائیل امت مسلمہ کے قلب پر خجر کے مانند ہے1948 کو دنیا میں اسرائیل نام کی ایک جعلی ریاست کا قیام ہواسب سے پہلے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے جعلی ریاست کو تسلیم نہیں کیا۔اسرائیل کے ہاتھوں ہزاروں بے گناہ فلسطینی مارے گئے شہدائے فلسطین کو سلام پیش کرتے ہیں یہود ونصاریٰ امت مسلمہ کے سب سے بڑے دشمن ہیں۔امت مسلمہ کو متحد ہوکر امریکہ و اسرائیلی کے خلاف اعلان جہاد کرنا ہوگا۔مسئلہ فلسطین کا حل مسلم امہ کے اتحاد و مزاحمت کے بغیر ممکن نہیں۔
احتجاجی مظاہرے دیگرمقررین کا کہنا تھا کہ اسلامی فوجی اتحاد اور او آئی سی سمیت دیگر عالمی اسلامی اداروں کو اسرائیل کے خلاف اپنا سکوت توڑ کر یہ واضح کرنا ہو گا کہ ان کا قیام اسلام کے دفاع کے لیے تھا یا ان کے پس پردہ کوئی اور مقاصد تھے۔ وہ اسلامی ممالک جو مسلم امہ کے نزدیک ایک باوقار اور جرات مندانہ مقام رکھتے ہیں ان کے لیے اپنے اس تشخص کو برقرار رکھنے یا ثابت کرنے کا اس سے بہتر وقت نہیں ملے گا۔تاریخ بڑی بے رحم ہے اچھے بُرے تمام کرداروں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہے۔
انہوں نے اسرائیل کو یہ باور کرایا کہ کہا کہ فلسطین کوئی آسان ہدف نہیں جسے آسانی سے سر کر لیا جائے۔ آج کا فلسطین جدید جنگی ہتھیاروں سے لیس اور ایمان کی اس دولت سے مالا مال ہے جسے افرادی برتری سے شکست نہیں دی جا سکتی۔اسرائیل نے جو آگ بھڑکائی ہے یہ اس کے اپنے سے دامن سے لپٹ کر اسے جلا کر راکھ کا ڈھیر کر دے گی۔مظاہرے کے اختتام پر امریکہ و اسرائیلی پرچم نظر آتش کئے گئے۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کے خلاف مجلس وحدت مسلمین نے ہفتے کے روز ملک کی اہم سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں کے مشترکہ اجلاس کے انعقاد کا اعلان کیا ہے ۔قبل ازیں مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وفاقی وزیر شیریں مزاری، سراج الحق، مولانا فضل الرحمان، صاحبزادہ ابو الخیر ، علامہ ساجد نقوی اور صاحبزادہ حامد رضا سمیت ایم سیاسی و مذہبی قائدین سے ٹیلفونک رابطہ کیا اور اس اہم ایشو پر انہیں اعتماد میں لینے کے ساتھ اسرائیلی کی طرف سے مظلوم فلسطینیوں کو نشانہ بنانے کے خلاف اپنے اضطراب سے بھی آگاہ کیا۔انہوں نے اتفاق رائے سے 16 مئی کو یوم یکجہتی فلسطین کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے ۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ فلسطین پر اسرائیلی یلغار امت مسلمہ کی غیرت و ایمان پر حملہ ہے ۔صیہونی طاقتوں نے عالم اسلام کی غیرت وحمیت اور جذبہ ایمانی کو جانچنے کے لیے جو خون کا بازار گرم کر رکھا ہے اس کی اسے بھاری قیمت چکانا ہو گی۔انہوں نے کہا اسلامی برادری کے لیے یہ آزمائش کا وقت ہے۔مسلمانوں کے قبلہ اول کو یہودی تسلط سے آزاد کرانے کے لیے ہم سب کو ایک ہونا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی فوجی اتحاد اور او آئی سی سمیت اسرائیل کے خلاف اپنا سکوت توڑ کر یہ واضح کریں کہ عالم اسلام کا دفاع انہیں ہر شے پر مقدم ہے۔ان اداروں کی تشکیل اسلامی مفادات کے تحفظ کے لیے تھی ۔ وہ اسلامی ممالک جو مسلم امہ کے نزدیک ایک باوقار اور جرات مندانہ مقام رکھتے ہیں ان کے لیے اپنے اس تشخص کو برقرار رکھنے یا ثابت کرنے کا اس سے بہتر وقت نہیں ملے گا ۔تاریخ بڑی بے رحم ہے اچھے بُرے تمام کرداروں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہے۔
انہوں نے اسرائیل کو یہ باور کرایا کہ کہا کہ فلسطین کوئی آسان ہدف نہیں جسے آسانی سے سر کر لیا جائے۔ آج کا فلسطین جدید جنگی ہتھیاروں سے لیس اور ایمان کی اس دولت سے مالا مال ہے جسے افرادی برتری سے شکست نہیں دی جا سکتی۔اسرائیل نے جو آگ بھڑکائی ہے یہ اس کے اپنے سے دامن سے لپٹ کر اسے جلا کر راکھ کا ڈھیر کر دے گی۔