The Latest

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری یوتھ اور امام جمعہ کچورا علامہ اعجاز حسین بہشتی نے کچورا میں جمعہ کی خطبے میں حکومت پاکستان کو طالبان اور موجودہ ملکی صورتحال کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں عالمی قوتیں ایک دفعہ پھر خون کی ہولی کھیلنا چاہتی ہیں اور اس کا اثرات پاکستان پر پڑنا شروع ہوگئے ہیں لہٰذا حکومت حوش کے ناخون لے اور ملکی امن امان اور غیرملکی افراد کی سیکیورٹی کو یقینی بنائے۔

علامہ اعجازبہشتی کا علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جنت نظیر وادی گلگت بلتستان میں اس وقت سیاحوں کا رش ہے اور اس دوران حکومت کی جانب سے سیاحوں کی سہولیات کے حوالے سے کوئی خاطر خواہ پیشرفت نظر نہیں آتی اور ہوٹل مالکان کی من مانی اور ہوشربا قیمتوں کی وجہ سے سیاح کافی پریشان نظر آتے ہیں لہذا ذمہ داران اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریں۔

علامہ اعجاز بہشتی کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان آنے والے سیاح اس علاقے کی ثقافت اور تہذیب کا خاص خیال رکھیں اور دوسروں کی تہذیب کا ادب کرنا آداب معاشرت میں آتا ہے حکومت کو بھی اس حوالے سے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ یہاں کی اسلامی تہذیب اور ثقافت کا وقار برقرار رہ سکے۔

وحدت نیوز(کراچی)صوبائی سیکریٹریٹ مجلس وحدت مسلمین سندھ و دعا کمیٹی کے تحت ھفتہ وار دعائے توسل اور اجتماعی مجلس ترحیم و ماتمداری برائے ایصال ثواب و بلندی درجات شہدائے ملت جعفریہ، علماء، شعراء، وکلاء، پاک فوج، رینجرز، پولیس، اور قائد مرحوم مفتی جعفر حسین، قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی، علامہ محمد حسن ترابی شہید، علامہ شہید آغا ضیاء الدین رضوی، مولانا دیدار علی جلبانی شہید، مولانا غلام محمد امینی شہید، علامہ آفتاب حیدر جعفری شہید، استاد پروفیسر سبط جعفر شہید، مرحوم صغیر عابد رضوی، مولانا عون محمد نقوی مرحوم، امتیاز رضا زیدی مرحوم، سید محمد اقبال حسین، منقبت خواں قمر عباس، میثم شاہ، ضمیر جاوا، سینیٹر اقبال حیدر ، چچا وحید اور مرحوم مومنین و مومنات کیلئے منعقد کی گئی ۔

مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد عباس شاکری نے کہا کہ قائدین قوموں کو بیدار کرتے ہیں،یہی وجہ ہے کہ انھیں ہم سے چھین لیا جاتا ہے ۔شہید ضیاء الدین رضوی نے اپنے زمانے میں متنازع نصاب کے خلاف آواز بلند کی اور ہم سب کو اس اہم مسئلہ کی جانب متوجہ کیا ۔ آج بھی نصاب تعلیم میں من مانی اور متنازع تبدیلیاں کی جارہی ہیں۔ آج پھر شہید ضیاء کی طرح اس مسئلہ پر احتجاج کرنے کی ضرورت ہے ۔ شہداء کا ذکر شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کے بغیر نامکمل ہے ۔ شہید قائد کہتے تھے کہ قائد کے ساتھ قوم کے ہر فرد کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چائیے ۔ہماری غلطی یہ ہے کہ ہم شہداء کی قدر ان کی زندگی میں نہیں کرتے اور ان کی شہادت کے بعد ان کی اہمیت کا خیال کرتے ہیں۔ شہید علامہ حسن ترابی پر آشوب دور میں ہمیشہ فرنٹ لائن پر نظر آتے تھے ۔تمام چھوٹے اور بڑے شہداء قابل قدر ہے ۔ یہ ہماری غلطی ہے کہ ہم کسی کو قبول کرنے کو تیار نہیں ہوتے. قرآن نے شہید کو مردہ کہنے پر پابندی لگائی ہے ۔شہید کو کبھی مردہ گمان نہیں کرنا چائیے۔ جو دین کا کام کرتے ہوئے مرے وہ خدا کی نظر میں زندہ ہے اور جو زندہ رہ کر بے مقصد زندگی گزارے اللہ کے نزدیک وہ مردہ ہے ۔

مولانا محمد عباس شاکری نے کہا کہ شہادت سے بڑی کوئی نیکی نہیں ہے ۔محرم الحرام شہداء اور بالخصوص سید الشہداء امام حسینؑ کی یاد کا مہینہ ہے ۔ امام خمینی نے کہا تھا کہ ہمارے پاس جو کچھ بھی ہے عزاداری سید الشہداء کا نتیجہ ہے ۔ شہید عارف کہتے تھے کہ عزاداری ہماری شہ رگ حیات ہے. امام حسینؑ نے خدا کے لئے قربانی دی تھی۔ غیبت کبری' میں ولی فقیہ اور مراجعین عظام ہمارے رہنما ہیں۔شہداء نے قربانی گروہی تقسیم کے لئے ہرگز نہیں دی ہے ۔ شہداء کی یاد منانا ہی کافی نہیں ہے بلکہ ان کی سیرت پر چلنے سے قوم کو نجات ملے گی۔آج دشمنوں کی سازشیں گہری ہوچکی ہیں جس کے مقابلے کے لئے سب کو بیدار،ہوشیار،متحرک اور آپس میں متحد رہنے کی ضرورت ہے۔

مجلس میں مومنین و مومنات کی بڑی تعداد کے علاوہ مذہبی، سماجی شخصیات علامہ سجاد شبیر رضوی، میجر ریٹائرڈ قمر عباس رضوی، سبطین نقوی، مودت میڈیا کے صادق حسین زیدی، انجمن دربتول کے عظیم جاوا نے شرکت کی مولانا سید احمر حسین رضوی نے دعا کی تلاوت کا شرف حاصل کیا اور دعاؤں کی فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے ملت کی تمام تنظیموں، انجمنوں، سے اپیل کی کہ وہ اپنے علاقوں، مساجد، امام بارگاہوں میں ھفتہ وار دعاؤں کا انعقاد کریں بعداز دعا سوز خوانی سید عزادار حسین کاظمی، سلام ناصر آغا، ثاقب رضا ثاقب نے پیش کیا بعد ختم مجلس نوحہ خوانی برادر اسد جعفری نے کی اور مومنین نے ماتم کیا۔آخر میں شہدائے ملت جعفریہ، پاک فوج،رینجرز ،پولیس کے شہداء اور کل مرحومین کیلئے خصوصی فاتحہ خوانی کی گئی اور شرکاء میں نیاز امام حسینؑ تقسیم کی گئی۔

وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کو تین سال اقتدار میں رہنے کے بعد ناراض بلوچ یاد آئے جو کہ خوش آیند ہونے کے ساتھ ساتھ حکومت کے غیر سنجیدہ رویئے کا عکاس بھی ہے۔ دیر آید درست آید کے مصداق ہم ایسے مذاکرات کی کامیابی کے لئے دعاگو ہیں جن سے مظلوم بلوچستان کے دکھوں کا مداوا ہو سکے۔ بلوچ محب وطن ہیں ان کا اس ملک کی تعمیر و ترقی میں برابر کا حصہ ہے لہذا انہیں اس ملک میں برابر کا شہری تسلیم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ بلوچستان کے اصل فریق سردار اور نواب نہیں بلکہ بلوچستان کے مظلوم عوام ہیں جو اکیسویں صدی میں بھی اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔ جن کے لئے آج بھی پینے کا صاف پانی تعلیم اور صحت کی سہولیات ایک حسین خواب ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آچکا ہے کہ بلوچستان کی محرومیوں کا خاتمہ کیا جائے اور بلوچستان کے ساحل اور وسائل پر یہاں کے عوام کا حق حاکمیت تسلیم کیا جائے۔ اور ان وسائل کو بلوچستان کے عوام کی تعمیر و ترقی اور فروغ تعلیم و صحت کی سہولیات کی دستیابی پر خرچ کیا جائے۔

 انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے زخموں پر مرہم رکھنے سے معاملات حل کی طرف جائیں گے۔ ناراض بلوچوں سے مذاکرات کے لئے نیک نام اور بہتر شہرت کے حامل باوقار شخصیات پر مشتمل با اختیار کمیٹی تشکیل دی جائے جسے مقتدر اداروں کی حمایت بھی حاصل ہو تو ناراض بلوچوں کو قومی دھارے میں لایا جا سکتا ہے۔ ناراض بلوچ اسی سر زمین کے بیٹے ہیں جن کے خدشات دور کرکے انہیں عزت و وقار کے ساتھ قومی دھارے میں شامل کیا جائے۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کے زیر اہتمام وحدت ہاوس لاہور میں تحفظ و فروغ عزاداری کانفرنس کا انعقاد کیا گیا کانفرنس میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم علامہ احمد اقبال رضوی ، مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی ، لاہور کی معروف معلمات و ذاکرات ، بانیان مجالس اور تمام ضلعی کابینہ نے شرکت کی کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔

ضلعی سیکرٹری جنرل محترمہ حنا تقوی نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور اپنی کابینہ کے تعارف کیساتھ اب تک کی کارکردگی رپورٹ پیش کی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم علامہ سید احمد اقبال رضوی نے تحفظ و فروغ عزداری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ہم متحد ہو کر ایک قوم کی شکل میں نہیں ابھریں گے دشمن ہماری صفوں میں گھس کر ہمیں کھوکھلا کرتا رہے گا ہم غفلت میں گھرے رہیں تو اسکا مطلب یہ نہیں کہ دشمن بھی سو رہا ہے دشمن منصوبہ بندی کر رہا ہے طاقت جمع کر رہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ہمارے آئمہ کی حکمت عملی تھی کہ وہ دشمن کو دوست اور مخالف کو حامی بنانے کی کوشش کرتے جبکہ ہم دوست کو دشمن اور حامیوں کو مخالف بنا کر ان کی حکمت عملی کے بر عکس عمل کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینیؒ نے اپنے دور  قیادت میں سب سے پہلا مطالبہ تحفظ عزاداری کا کیا تھا دشمن ہماری عزاداری کو محدود کرنا چاہتا ہے لیکن یہ فرش عزا ، ماتمداری جلوس ہائے عزا ہماری عبادت ہے اور ہمیں اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر اسکی حفاظت کرنی ہے اور اپنی نسلوں تک بطور امانت پہنچانا ہے ۔

مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین و رکن اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے اپنے خطاب میں کہ عزاداری کے انعقاد میں تین ارکان ایک مثلث کی طرح اہم کردار ادا کرتے ہیں بانیان مجالس ، علماء و ذاکرین اور سامعین تینوں کی فکری ہم آہنگی اہمیت کی حامل ہے انہوں نے کہا بانیان مجالس ایسے ذاکرین کو منبر سونپیں جو  اپنے بیان کے ذریعے عزاداروں کی فکری تربیت انجام دے سکتے ہوں یہ منبر اور فرش عزا ہماری درسگاہ ہیں یہاں سے تربیت یافتہ عزادر معاشرے میں سب سے منفرد اور بلند کردار کے حامل ہونے چاہئیں۔

 انہوں نے مزید کہا کہ ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ انفرادی یا اجتماعی طور پر تحفظ عزاداری کے لیے عملی قدم اٹھائیں کیونکہ عزاداری ہماری شہ رگ حیات اور میراث ہے۔ کانفرنس سے سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین لاہور محترمہ حنا تقوی ، محترمہ عصمت زہرا ، محترمہ بشری اور محترمہ معصومہ نے بھی خطاب کیا اس موقع پر شرکائےکانفرنس نے وہاں موجود معلمات سے مختلف سوالات پوچھے جن کے عمدہ انداز میں جوابات دیے گئے تحفظ و فروغ عزاداری کانفرنس کے اختتام پر ضلعی سیکرٹری جنرل محترمہ حنا تقوی نے تمام مہمانان و شرکائے کانفرس کا شکریہ ادا کیا، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محترمہ عظمی نقوی نے دعائے امام زمانہ عج کے ساتھ محفل کا اختتام کیا ۔

وحدت نیوز(قم)افغانستان سے امریکی انخلاء اور بعد کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے حجت الاسلام و المسلمین ڈاکٹر شفقت حسین شیرازی نے کہا امریکہ مکمل طور پر افغانستان سے لاتعلق نہیں ہونا چاہتا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری امور خارجہ نے عرب ذرائع ابلاغ کی یونین "یو نیوز" کو اپنے ایک اہم انٹرویو میں کہا کہ امریکہ انخلاء کے بعد بھی افغانستان میں اپنا اثر و رسوخ بحال رکھنا چاہتا ہے۔ امریکہ افغانستان اور خطے میں امن و استحکام نہیں دیکھنا چاہتا۔ امریکہ افغانستان میں اثر و رسوخ کے ذریعے ہمسایہ ممالک کے لیے مشکلات میں اضافہ کرنا چاہتا ہے۔

ڈاکٹر شفقت حسین شیرازی نے یو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا: امریکہ طالبان کے ساتھ ڈیل کے بعد افغانستان سے نکل رہا ہے اور جہاں سے امریکہ انخلاء کرتا جارہا ہے وہاں طالبان قابض ہوتے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا بیس سال قبل امریکہ طالبان کو ختم کرنے کے نعرے کے ساتھ اپنے اتحادیوں سمیت افغانستان میں داخل ہوا۔ امریکہ افغانستان سے شدت پسندی کا خاتمہ تو نہ کرسکا اور نہ افغانستان کی تعمیر و ترقی میں کوئی خاص کردار ادا کرسکا البتہ اس نے خطے کے امن کو تباہ اور افغانستان کو برباد کر رکھ دیا ہے۔  

انہوں نے کہا افغانستان سے انتہا پسندی تو ختم نہ ہوسکی لیکن افغانستان کی عوام ظلم و ستم کا بعی طرح نشانہ بنی۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں جو مصیبت بھی آئی ہے یہ امریکی ظلم کی سیاست کا نتیجہ ہے۔

یو نیوز کو اپنے انٹرویو میں ڈاکٹر سید شفقت شیرازی نے کہا نائن الیون کا بہانہ بنا کر خطے کے امن کو تباہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا امریکہ جب مکمل ناکام ہوا تو مذاکرات کا ڈرامہ رچا رہا ہے۔ بیس سال کی تباہی پھیلانے کے بعد امریکہ کہتا ہے ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ افغانستان کے مسئلے کا مذاکرات کے علاؤہ کوئی دوسرا حل نہیں جبکہ یہ بات افغانستان کے چند حلقے اور خطے کے اہم ممالک پہلے دن سے کررہے تھے۔

انہوں نے کہا امریکہ طالبان کے ساتھ ڈیل اور ایک منصوبہ بندی کے ساتھ افغانستان سے نکل رہا اور اس نے طالبان سے اپنی حفاظت کی ضمانت لی ہے جبکہ افغانستانی عوام کی حفاظت کی ضمانت کے لیے امریکہ نے کوئی حکمت عملی نہیں بنائی ہے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے امیر جماعت اسلامی بلوچستان و صوبائی صدر ملی یکجہتی کونسل مولانا عبد الحق ہاشمی سے ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والے مختلف مکاتب فکر کے درمیان اتحاد و اخوت ضروری ہے اس سلسلے میں ملی یکجہتی کونسل اپنا کردار ادا کر رہی ہے جسے مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ جبکہ اسلام دشمن سامراجی قوتیں امت مسلمہ کے اتحاد و اخوت سے خائف ہیں۔ وطن عزیز پاکستان میں ماہ محرم الحرام سے قبل ایک سازش کے تحت مختلف مکاتب فکر کے درمیان نفرتوں کو ہوا دی جا رہی ہے۔

تمام مکاتب فکر کے مسلمان اھل بیت عظام علیہم السلام اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا احترام کرتے ہیں لہذا ہمیں دشمن کی سازشوں پر کڑی نظر رکھتے ہوئے اپنی صفوں میں اتحاد و وحدت کے فروغ پر کام کرنا ہے۔ محرم الحرام حق و باطل کا معرکہ ہے جو امت کے درمیان اتحاد و اخوت اور ظلم و استکبار کے خلاف قیام کا مہینہ ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبد الحق ہاشمی نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل نے ایک طرف دینی قوتوں کو متحد کیا تو ساتھ ہی دین اسلام اور امت مسلمہ کے مفادات کے لئے مل کر جدوجہد کا پیغام دیا۔

 انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کی رو سے حکومت اور پارلیمنٹ کوئی ایسی قانون سازی نہیں کر سکتی جو دین اسلام کی تعلیمات سے متصادم ہو۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی ہماھنگی کے فروغ اور موجودہ صورت حال پر غور کے لئے اسی ھفتے ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کا اعلی سطحی اجلاس بلایا جائے گا۔اس موقع پر مولانا عبد الحق ہاشمی نے علامہ مقصود علی ڈومکی کو اپنی دو تصانیف سبز گنبد کے سائے میں اور حدیث نبوی اور سائنسی علوم کا تحفہ پیش کیا۔

وحدت نیوز(سرگودھا) پنجاب کے ضلع سرگودھا کی تحصیل شاہ پور میں اکابرین ملت جعفریہ کا مشاورتی اجلاس کے عنوان سے ایک خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا۔اس نشست میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیاسی وژن اوراہداف کو بیان کیا گیا۔

 تحصیل شاہ پور میں آنے والے بلدیاتی انتخابات کے تناظر ایم ڈبلیوایم کے ممکنہ سیاسی کردار پر بات کی گئی ۔اجلاس میں ایم ڈبلیوایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی اور مرکزی پولیٹیکل سیکریٹری سید اسدعباس نقوی نے خصوصی شرکت کی۔

 آخر میں علاقائی معززین اور بااثر سیاسی شخصیات پر مشتمل 14 رکنی پولیٹیکل کونسل تشکیل دی گئی جوآئندہ  بلدیاتی الیکشن کے لئے لائحہ عمل مرتب کرے گی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)وزیر اعلی گلگت بلتستان بیرسٹرخالد خورشید خان کی وزیر قانون سہیل عباس شاہ کے ہمراہ صوبائی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان آغا سید علی رضوی کی عیادت کے لئے ایم ڈبلیوایم سنٹرل سیکرٹریٹ آمد۔

 وزیر اعلی گلگت جناب خالد خورشید نے آغا سید علی رضوی کی احوال پرسی کی اورجلد صحت یابی کی دعا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا ۔آغا سید علی رضوی نے وزیر اعلی خالد خورشیدکا شکریہ ادا کیا ۔

ملاقات میں گلگت بلتستان کی تعمیر وترقی سمیت امن وامان کی صورت حال اور حالیہ بجٹ میں عوامی فلاح کے منصوبوں کے حوالے سے بات چیت کی گئی ۔گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کے لئے دونوں جماعتوں کے قائدین نے مل کر چلنے کے عزم کا اظہار کیا ۔

اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی سمیت انچارچ سنٹرل سیکرٹریٹ ارشاد بنگش اور دیگررہنما بھی موجود تھے ۔

وحدت نیوز(قم) سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان حجت الاسلام والمسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے وفد کے ہمراہ موسسہ باقر العلوم قم المقدسہ کا دورہ کیا۔
مدیر موسسہ جناب حجت الاسلام و المسلمین شیخ فدا علی حلیمی نے انہیں خوش آمدید کہا اور موسسے کا تعارف کرایا۔

موسسہ باقر العلوم کے مسئول آموزش جناب حجت الاسلام محسن عباس مقپون نے موسسہ کی اب تک کارکردگی اور حال حاضر میں انجام پذیر علمی و فرھنگی فعالیتوں کی مختصر رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ موسسہ باقر العلوم کی جانب سے سال بھر میں اردو زبان طلاب کی فکری تربیت اور مفید موضوعات پر شارٹ کورسس کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے موسسے میں انجام دی جانے والی فعالیتوں کو سراہا اور انہیں وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے ان میں مزید بہتری لانے اور وسیع پیمانے پر اس طرح کے علمی، تحقیقی اور فرھنگی امور کو انجام دینے کی تلقین کی۔

انہوں نے کہا کہ مستعد اور باصلاحیت طلاب کی علمی میدان میں ترقی کےلئے فکری تربیت بھی ہونی چاہیے اس کے لیے آپ لوگوں کی جانب سے شارٹ کورسز کا اہتمام نہایت مفید ثابت ہوگا۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے موسسے میں جاری کلاس کا بھی دورہ کیا اور اساتیذسے گفتگو کی۔اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے سیکریٹری جنرل حجت الاسلام و المسلمین سید شیدا حسین جعفری اور کابینہ کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔

وحدت نیوز(لاہور) یوم شہادت امام محمد تقی علیہ سلام کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ امام ھادی علیہ السلام کی المناک شہادت کے موقع پر تمام اہل اسلام بالخصوص حجت برحق امام مہدی علیہ سلام کی خدمت اقدس میں تعزیت و تسلیت پیش کرتی ہوں۔

 انہوں نے کہا کہ امام محمد تقی علیہ سلام اخلاق و اوصاف میں انسانیت کی اس بلندی پر تھے جس کی تکمیل رسولؐ اور آل رسول کا طرہ امتیاز تھی ہر ایک سے جھک کر ملنا، ضرورت مندوں کی حاجت روائی کرنا، مساوات اور سادگی کو ہر حالت میں پیش نظر رکھنا، غربا کی پوشیدہ طور پر خبر لینا ، مہمانوں کی خاطر تواضع کرنا اور عزت و احترام سے پیش آنا اور دوستوں کے علاوہ دشمنوں سے بھی اچھا سلوک کرتے رہنا غرضیکہ آپؑ کی ذات مبارکہ تمام صفات حسنہ کا مظہر تھی۔

 انہوں نے کہا جسطرح دوسرے ائمہ علیہم السلام  نے اپنے جھاد سے اسلام کے قابل فخر تاریخ کےاوراق پر ہر ورق کا اضافہ کیا ہے، امام تقی الجواد علیہ سلام نے بھی اپنے آپ پر عملی طور مجموعی اسلامی جہاد نافذ کیا اور ہمیں ایک عظیم سبق سکھایا کہ جب بھی منافق اور ریا کار طاقتوں کا سامنا ہو تو ہمیں ہمت کرکے ان سے نمٹنے کے لئے لوگوں کو آگاہ کرنے کی کوشش کرنی چاہئے امام رضاعلیہ السلام اور امام محمد تقی علیہ السلام دونوں نے مامون کے چہرے سے ریاکاری اور نفاق کے نقاب کو اتارنے کی کوشش کی اور کامیاب ہوگئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خداوند عالم سے دعا ہے کہ امام محمد تقی علیہ سلام کے صدقے باطل کے مقابلے میں صبر و بصیرت اور مزاحمت کیساتھ ڈٹے رہنے کی توفیق اور قوت عطا فرمائے ۔ آمین

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree