The Latest
بزرگ عالم دین شیخ علی مدبر نجفی کی رحلت اہل علم و دانش کا عظیم نقصان ہے ، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
وحدت نیوز (کراچی ) پاکستان کی عظیم شخصیت، ممتاز علم دین، مدرسہ معصومین کراچی کے پرنسپل حجت الاسلام والمسلمین شیخ علی مدبر نجفی انتقال فرما گئے ہیں۔ مرحوم کا تعلق گلگت بلتستان کے ضلع استور کے گاوں گلتری سے تھا اور ایک عرصے سے کراچی میں مقیم تھے۔بزرگ عالم دین حجت الاسلام والمسلمین شیخ علی مدبر نجفی کی اچانک رحلت پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے وحدت سیکریٹریٹ اسلام آباد سے جاری اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ علامہ شیخ علی مدبر کا انتقال قومی اور ملی نقصان ہے۔مرحوم ا ٓغاشیخ علی مدبر نجفی نے ترویج علوم آل محمد (ع) کے لئے اپنی زندگانی کا ایک طویل عرصہ وقف کیا ، ان سے کسب فیض کر نے والے طلاب آج بڑی علمی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ خدا انہیں جوار معصومین (ع) میں جگہ عنایت فرمائے،اور ساتھ ہی ان کے پسمندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔
وحدت نیوز (اسکردو) جانثارانِ بی بی زینب سلام اللہ علیہ ،مجلس وحدت مسلمین بلتستان ڈویژن اورامامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن بلتستان ڈویژن کے تحت شام پر امریکہ اور اس کے سلفی اتحادیوں کے حملے کی سازشوں کے خلاف ایک ریلی یادگار چوک سکردو سے یو این او آفس تک نکالی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔ ریلی میں شریک افراد امریکہ ، آل سعود اور اسرائیل کے خلاف نعرے لگارہے تھے۔ ریلی علمدار چوک پر پہونچی تو انجمن امامیہ بلتستان کے سینئیر نائب صدرومجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے صوبائی رہنما آقائے مظاہر حسین موسوی نے خطاب کیا ۔ریلی کے یو این آفس پونچنے پر شیعہ علماء کونسل کے مقامی رہنماء بھی ریلی میں شریک ہوئے ۔ یو این آفس کے سامنے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ سید علی رضوی نے کہا کہ شام پر حملہ عالم اسلام پر حملہ ہے ۔ اس موقع پر انجمن امامیہ کے سٹی صدر شیخ زاہد حسین زاہدی ، راجہ زکریا اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی نائب سربراہ علامہ محمد امین شہیدی نے کہا ہے کہ شہید قائد علامہ عارف حسین حسینیؒ کی پچیسویں برسی کی مناسبت سے ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے آٹھ ستمبر کو سرزمین اسلام آباد پر منعقد ہونیوالے دفاع وطن کنونشن کے اجتماع میں ملک کے طول و عرض سے ایک لاکھ سے زائد فرزندان اسلام کی شرکت متوقع ہے ۔ ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے کنونشن کے انعقاد کے لئے تمام انتظامات کو آخری شکل دی جا رہی ہے ، انہوں نے ان خیالات کا اظہار دفاع وطن کنوشن کے انعقاد کے لیے تشکیل دی جانیوالی آرگنائزنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا ، علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام میں ملکی اور بین الاقوامی نازک حالات کے پیش نظر بیداری پیدا کرنا عصر حاضر کی اولین ضرورت ہے ، انشاء اللہ ملت اسلامیہ کے اس عظیم اجتماع کے دوران عوام میں ، وطن عزیز کو درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہو نے اور بحرانوں سے نکلنے کا شعور اجاگر کیا جائے گا ۔
انہوں نے بتایا کہ دفاع وطن کنونشن میں زیادہ تعداد میں لوگ راولپنڈی اور اسلام آباد سے آئیں گے جبکہ پنجاب کے دیگر اضلاع اور خیبر پختونخواہ سے لوگ قافلوں کی شکل میں شریک ہوں گے، انہوں نے مزید بتایا کہ اجتماع میں سندھ بلوچستان ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی بھی بھرپور نمائندگی ہو گی ، ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے شرکائے اجتماع کوآئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا جائے گا اور ایک موثر پالیسی اناؤنس کی جائے گی ، اجلاس کے دوران انہوں نے شام پر امریکی حملے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شام افغانستان ہے نہ عراق، شام سٹرٹیجک حوالے سے انتہائی حساس ملک ہے اور آج اس ملک کو اسرائیل دشمنی اور خطے میں واحد انٹی اسرائیل قوت ہونے کی سزا دی جا رہی ہے ، اگر امریکہ نے شام پر حملے کی غلطی کی تو پورا خطہ جنگ کی آگ کی لپیٹ میں آ جائے گا اور خطے کے دیگر ممالک بھی اس آگ کے شعلوں کی زد میں آ جائیں گے ، اس جنگ کا آغاز تو ہو سکتا ہے کہ امریکیوں کے ہاتھ میں ہو لیکن اس کا اختتام امریکیوں کے ہاتھ میں نہیں ہو گا ، ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی نائب سربراہ نے کہا کہ پاکستان کو شام کے حوالے سے واضح موقف اپناتے ہوئے امریکی اور اسرائیلی توسیع پسندانہ عزائم کی بھر پور مخالفت کرنی چاہیے اور پاکستان سے شام ایکسپورت کیے جانیوالے دہشت گردوں کا راستہ روکنا بھی ضروری ہے ۔
وحدت نیوز (کراچی) قائد شہید علامہ شہید عارف حسین الحسینی (رح) اتحاد امت کے داعی اور علمبردار تھے،عالمی استعمار امریکا و اسرائیل کے ایجنٹوں نے علامہ عارف حسینی شہید کر کے پاکستان کو ایک عظیم فرزند اسلام سے محروم کر دیا،عاشقان شہید حسینی اتحاد و اخوت کے علم کو بلند رکھیں گے اور افکار شہید عارف حسینی کو فراموش نہیں ہونے دیں گے۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے رضویہ امام بارگاہ فیز 1میں شہید قائدعلامہ عارف حسین الحسینی شہید کی25ویں برسی کی مناسبت سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر شرکاء کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ شہیدحسینی کا جرم یہ تھا کہ آپ نے مینار پاکستا ن میں عظیم الشان ''قرآن و سنت کانفرنس ''کا انعقاد کر کے پاکستان کے تمام مکاتب فکر کے علماء و اکابرین سمیت تمام لسانی اکائیوں کوایک وحدت کی لڑی میں ڈھال دیا تھا تاہم جس کے سبب امریکی و صہیونی پریشان ہو گئے اور پاکستان میں اپنے ناپاک عزائم کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ضروری سمجھا کہ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کو راستے سے ہٹا دیا جائے ورنہ پاکستان میں امریکی وصہیونی ایجنڈے پر عملدرآمد نہیں ہو سکے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر چہ شہید قائد کو ہم سے بچھڑے 25برس ہو چکے ہیں لیکن عاشقان شہید آج بھی شہید قائد سے تجدید عہد کرتے ہیں کہ شہید کے مشن کو ناکام نہیں ہونے دیں گے اور اتحاد بین المسلمین کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ تک پیش کر دیں گے۔ان کاکہنا تھا کہ شہید قائد کی شہادت سے پاکستان ایک عظیم قیادت اور اسلام اپنے ایک عظیم فرزندسے محروم ہوا تاہم علامہ عارف حسین الحسینی کے پیروکار اور جانثار اس عزم کے ساتھ مشن کو لے کر چل رہے ہیں کہ سرزمین پاکستان پر امریکی وصہیونی ایجنڈا کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
وحدت نیوز (کراچی ) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ صادق رضا تقوی نے وزیر اعظم نواز شریف اور وفاقی کابینہ کی کراچی میں موجودگی کے دوران تین شیعہ عمائدین کو ہدف بنا کر قتل کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نواز لیگ حکومت کی ناکام انسداد دہشت گردی پالیسی کا شاخسانہ ہے۔ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکریٹریٹ میں ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک دشمن آئین دشمن جمہوریت دشمن اور انسانیت دشمن تکفیری دہشت گردوں سے مذاکرات کرکے انہیں منانے کی کوششوں پر مبنی پالیسی کا نتیجہ ہے کہ ان کی اور ان کی کابینہ کی شہر میں موجودگی کے باوجود تین پرامن شیعہ شہریوں کو دہشت گردوں نے با آسانی قتل کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بارہ گھنٹوں میں تین پرامن شیعہ عمائدین کے قتل کی براہ راست ذمے داری ناکام وزیر اعظم اور ناکام کابینہ پر عائد ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جن دہشت گردوں نے بقول حکومت کے چالیس ہزار پاکستانیوں کا قتل عام کیا ہے کیا ان کو معافی دی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف اخلاقی اور شرعی طور پر یہ اختیار نہیں رکھتے کہ چالیس ہزار پاکستانی شہداء4 کے قاتلوں کو معاف کردیں۔ان شہداء4 کی جانیں پاکستان کی بہتری کے لئے قربان ہوئی ہیں اور ان کے قاتلوں سے قصاص لینا حکومت پر لازم ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو جہنم رسید کرنے کے بجائے ان سے مذاکرات کرنا ان شہدائے پاکستان کے مقدس لہو سے غداری کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا یہ بیان ریکارڈ پر ہے جس میں مطالبات نہ ماننے کی صورت میں نواز لیگ کی دو بڑی اور اہم شخصیات کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی تھی۔جو دہشت گرد بری افواج کے ہیڈ کوارٹر ، پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کی اہم حساس تنصیبات ، اولیائے خدا کے مزارات اور شیعہ و سنی علمائے کرام تک کو دہشت گردی کانشانہ بنا چکے ہیں، ان سے کس خیر کی توقع کی جارہی ہے۔ علامہ صادق رضا تقوی نے مطالبہ کیا کہ کالعدم یزیدی تکفیری دہشت گردوں کے خلاف کراچی سمیت ملک بھر میں فوری فوجی آپریشن کیا جائے ورنہ نواز شریف اور ان کی حکومت کو ملک بھر میں شیعہ عمائدین سمیت ہر پاکستانی کی شہادت کا براہ راست ذمے دارقرار دیا جائے گا اور مقدمہ بھی ان کے خلاف درج کرانے کی نوبت آسکتی ہے لہٰذا بہتریہی ہے کہ وہ اس جنگ میں پاکستانی قوم کی نمائندگی کریں نہ کہ دہشت گردوں کی طرف داری۔
وحدت نیوز (حیدر آباد) شام کے خلاف امریکہ کے جارحانہ اقدامات کی سعودی عرب اور عرب لیگ کی طرف سے حمایت شرمناک ہے۔افغانستان اور عراق کے عبرتناک انجام کے بعد چاہئے تھا کہ عرب ممالک بالخصوص اور اسلامی ممالک بالعموم امت مسلمہ کے دفاع کے لئے متحد ہو جاتے مگر افسوس کہ ایک مسلمان ملک و ملت کے خلاف ایک عالمی ظالم طاقت کی کھلی حمایت کی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عالم کربلائی نے وحدت ہاؤس سے جاری اپنے مذمتی بیان میں کیا۔
ان کا کہناتھا کہ ایک عام آدمی بھی جانتا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امریکی جارحیت کا مقصد’’گریٹر اسرائیل‘‘ کا قیام ہے جس میں خود سعودی عرب کو بھی ہدف بنایا جانا شامل ہے۔عرب ممالک کے اس ذلت آمیز مؤقف کے بعدلازم ہے کہ پاکستان ایک نظریاتی اسلامی مملکت کی حیثیت سے مظلوم شامی عوام کے خلاف امریکی جارحیت اور مستقبل میں دیگر اقوام کے خلاف اس کے ظالمانہ عزائم کے خلاف آواز بلند کرے ، اور تمام اسلامی ممالک کوشام کے خلاف امریکی جارحیت کی کھل کر مخالفت کرنا چاہئے۔
وحدت نیوز ( ملتان ) سینٹرل یوتھ سیکریٹریٹ ملتان میں نوجوانوں کی نشست سے خطاب کرتے ہو ئے مرکزی سیکریٹری وحدت یو تھ پاکستان فضل عباس نقوی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی (ر ہ ) کی 25ویں برسی کے موقع پر اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ میں منعقدہ ملک گیر قومی اجتماع بعنوان دفاع وطن کنونشن میں پاکستان کے طول و عرض سے مائیں ،بہنیں ، بزرگ ، بچے اور خصوصاً جوان اپنی بھر پو رشرکت سے پاکستان دشمن قوتوں کو مایوس کر دیں گے ۔ انشاء اللہ یہ اجتماع قومی و ملی تاریخ میں سنہری الفاظ میں لکھا جائے گا۔پاکستان اور عالم اسلام کے روز بدلتے سیاسی ،معاشرتی اور جغرافیائی حالات اس بات کہ متقاضی ہیں کہ پو ری ملت اپنی بیدار ی کا ثبوت دیتے ہو ئے دفاع وطن کنونشن میں زیادہ سے زیادہ شرکت کر ے۔
نشست میں جوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے اسلام آباد میں منعقدہ اجتماع میں اپنی بھر پو ر شرکت کی اعلان کر تے ہو ئے کہا کہ ہم انشاء اللہ نہ صرف دفاع وطن کنونشن میں شرکت کر یں گے بلکے اس اجتماع میں رضاکارانہ طور پر خدمات بھی انجام دیں گے ، واضح رہے کہ 8ستمبرکو منعقدہ دفاع وطن کنونشن کی تیاریوں میں اپنی خدمات انجام دینے کے لئے ملتان سے یوتھ ونگ کا ایک دستہ روانہ ہو گیا ہے ۔
وحدت نیوز (لاہور ) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے بھکر میں انتظامیہ کی جانبداری اور بزرگوں اور خواتین کو ہراساں کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اپنی ناکامی پر پردہ ڈالنے کیلئے بے گناہ عوام کو ہراساں کر رہی ہے، پنجاب حکومت میں متعصب صوبائی وزیر کے ہوتے ہوئے بھکر سمیت پنجاب میں ملت جعفریہ کو انصاف ملنے کی کوئی توقع نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے ساتھ نرمی اور محب وطن شہریوں کی بلاجواز گرفتاریاں پنجاب حکومت کے متعصبانہ رویے کی عکاسی ہیں۔
علامہ اسدی نے کہا کہ ہزاروں شہداء ملت جعفریہ کے قاتلوں کو صوبائی حکومت ہر قسم کے سہولیات فراہم کر رہی ہے، کالعدم دہشت گرد جماعت کو لاہور میں اجتماع کرنے کی اجازت دی گئی ہے، تاکہ وہ پورے پنجاب سے دہشت گردوں کو صوبائی دارالحکومت میں جمع کریں اور یہاں فرقہ واریت پر مبنی تقریریں، توہین اہل بیت کریں اور تکفیری نعرے لگائیں، تاکہ لاہور کے امن کو بھی خراب کرنے میں کوئی کسر باقی نہ رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت امن کے قیام کیلئے سنجیدہ نہیں، ورنہ شدت پسندوں کو ایسی کھلی چھٹی کبھی نہ دی جاتی، جس سے شہر کا امن خراب ہونے کا خدشہ ہو۔
وحدت نیوز (مظفر آباد) شام پر امریکی حملے کی دھمکیاں عرب ممالک کا کردار امت مسلمہ کے لیئے باعث شرمندگی ہے، امریکہ اور فرانس کی طرف سے مسلسل دھمکیاں دیئے جانے اور سعودی عرب کی طرف سے شام اور مصر میں عوام کو کچلنے کے لیئے اعانت اور سفارتی حمایت تشویشناک امر ہے، سعودی حکمران یہ کیوں بھول رہے ہیں کہ وہ حرمیں شریفین کی خدمت پر مامور ہیں اور ان کا اسلامی ممالک کے خلاف لشکر کشی میں فریق بننا امت مسلمہ کے کلیجے میں خنجر گھوپنے کے مترادف ہے۔
ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی شوری عالی کے رکن و سربراہ مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے وحدت سیکرٹریٹ مظفرآباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ عرب لیگ اور او آئی سی فوری طور پر مسئلہ کا نوٹس لیتے ہوئے سعودی عرب کو اس طرح کے اقدامات سے باز کریں ، امریکہ کی طرف سے شام پر حملہ اسرائیل کے ناپاک وجود کو مستحکم کرنے کی سازش ہے۔
علامہ تصور جوادی نے کہا کہ اگر امریکہ اور فرانس یا ان کے دیگر حواریوں نے شام پر ممکنہ حملہ کیا تو شام ان کا قبرستان ثابت ہو گا، امریکہ کی کسی بھی جارحیت کے خلاف ملت اسلامیہ پاکستان سراپا احتجاج ہو گی، امریکہ کیمیائی ہتھیاروں کی آڑ میں عراق پر بھی حملہ کر چکا ہے لیکن آج تک نہ کوئی شواہد ملے اور نہ ہی امریکہ کو کامیابی حاصل ہوئی۔ ہم امریکی عوام کے اس جذبہ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں کہ وہ صدر اوبامہ کے شام پر ممکنہ حملہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکلے، ضرورت اس امر کی ہے کہ پوری مسلم دنیا امریکہ اور فرانس کے ساتھ ساتھ سعودی حکمرانوں کے خلاف بھی قیام کے لیئے اُٹھ کھڑی ہو، یہ وہی آل سعود ہیں جنہوں نے جنت البقیع اور جنت المعلیٰ میں اجداد، اولاد و اصحاب رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی قبور مبارک کو مسمار کیا، اسی فکر کو لیکر شام میں بنت رسول سید زینبؑ اور اصحاب رسول ﷺ کی قبور کی مسمارگی اور شام کو کھنڈرات میں بدلنے کے لیئے سعودی حکمران امریکہ کے فرنٹ لائن حواری کا کردار ادا کر رہے ہیں ہم شام میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور مصر میں انسانی جانوں کی پامالی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
وحدت نیوز ( رانی پور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کا پہلا صوبائی شوریٰ کا اجلاس اما م بارگاہ مسافر شام رانی پور میں منعقد ہوا ، اجلاس کی صدارت صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مختار امامی نے کی ، اس موقع پر سندھ کے 26اضلاع کے سیکریٹری اور ڈپٹی سیکریٹری جنرلز صاحبان سمیت صوبائی کابینہ کے اراکین علامہ صادق رضا تقوی ،مولانا نشان حیدر ساجدی ، برادر عالم کر بلائی ، برادر عبد اللہ مطہری ، برادر یعقوب حسینی ، حیدر زیدی ، ناصر حسینی اور آصف صفوی اور شفقت لانگا بھی اجلاس میں شریک تھے ۔جبکے مرکز کی نمائندگی مرکزی سیکریٹری امور خارجہ علامہ شفقت شیرازی اور مرکزی سیکریٹری تربیت علامہ احمد اقبال رضوی نے کی ۔
علامہ محتار امامی نے اپنی نومنتخب صوبائی کابینہ کے اراکین کے ناموں کا اعلان کیا اور اراکین شوریٰ سے نومنتخب اراکین صوبائی کابینہ کی منظوری لی ، جب کے سالانہ پروگرامات کا اعلان بھی کیا گیا ، اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے علامہ مختار امامی نے کہا کہ 8ستمبر کو اسلام آباد میں منعقدہ سالانہ قومی اجتماع بمناسبت برسی شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی (ر ہ) بعنوان دفاع وطن کنونشن میں شرکت کے لئے کاروان دفاع وطن5ستمبر کو کراچی سے روانہ ہو گا جب کے اندرون سے علیحدہ قافلے روانہ ہو ں گے ، اور انشاء اللہ وادی مہران سے غیور فرزاندان توحید ہزاروں کی تعداد میں دفاع وطن کنونشن میں شرکت کر کے شہید قائد کے مقدس خون سے تجدید عہد کریں گے ۔