وحدت نیوز(دھیرکوٹ) مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے وفد کا دورہ غازی آباد، مجاہد اول ، سابق صدر و وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم خان کے انتقال پر اظہار تعزیت و فاتحہ خوانی، سابق وزیر سردار عتیق خان سے ملاقات ، تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے وفد نے غازی آباد دھیر کوٹ کا دورہ کیا، وفد کی قیادت ریاستی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے کی، جبکہ وفد میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل خالد محمود عباسی، سیکرٹری سیاسیات سید تصور عباس موسوی اور رہنماء ایم ڈبلیوایم سید حسین سبزواری بھی شامل تھے، وفد نے سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان سے ملاقات کی ، ان کے والد، مجاہد اول،تحریک آزاد کشمیر کے درخشاں ستارے، سابق صدر و وزیراعظم سردار عبدالقیوم خان کے انتقال پرملال پر اظہار تعزیت کیا، اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر صدر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ میں مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے رہنماؤں کا تہہ دل سے شکرگزار ہوں ، جنہوں نے یہاں آ کر ہماری دلجوئی کی اور اظہار ہمدردی کیا، ریاستی سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور جوادی نے کہا کہ سردار عبدالقیوم خان ہر دل عزیز لیڈر تھے، انہوں نے تحریک آزادی کشمیر کی راہ میں بے پناہ قربانیاں دیں ، مرحوم کے کئی کام ایسے تھے جو تاحشر یاد رکھے جائیں گے، مرحوم بلاتمیز پارٹی سب کے لیڈر تھے، سابق صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم خان کے انتقال سے بہت بڑا خلا پیدا ہوا ہے، مرحوم کی ریاست کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے خدمات نا قابل فراموش ہیں ۔ مرحوم مدبر،زیرک اور انتہائی قابل سیاست دان تھے۔ آزاد کشمیر میں اسلامی نظریاتی کونسل کا قیام، محکمہ امور دینیہ کا قیام اور دیگر بیشتر ایسے امور ہیں جو مرحوم کی اسلام دوستی کے گواہ ہیں ، یقیناًاہلیان ریاست خصوصاً اپنے خاندان اور جماعت کے لیئے مرحوم کی موت ناقابل تلافی صدمہ ہے۔ مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے صبر و اجر کے لیئے دعا گو ہیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) گلگت بلتستان میں ن لیگ انتقامی سیاست پر اترآئی ہے،صوبائی سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کی گرفتاری وزیر اعلیٰ ن لیگی کابینہ کی ایما پر عمل میں لائی گئی،دیوار سے لگانے کی کوشش کی تون لیگ کو اس کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑیگی،الیکشن کو ہائی جیک کرکے ہمارے مینڈیٹ پر شب خون مارنے کے بعد رہنماوُں کو ہراساں کیا جا رہا ہے،جسے ہم ہرگز قبول نہیں کریں گے،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مرکزی رہنماوُں کے ہنگامی اجلاس سے خطاب میں کیا،اجلاس میں مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر شیرازی و دیگر رہنماوں نے شرکت کی،اجلاس میں صوبائی سیکرٹری سیاسیات غلام عباس کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ن لیگ کی جانب سے انتقامی کاروائی قرار دیا،اجلاس سے خطاب میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ ہم عدم تشدد اور رواداری کے سیاست کے حامی ہے ن لیگ کا وطیرہ ہے کہ وہ پولیس اور قومی اداروں کو اپنا ذاتی ملازم سمجھ کر سیاسی مخالفین کے خلاف ہمیشہ استعمال کرتی ہے،پاکستان دشمن خطرناک دہشت گردوں کو جیل سے فرار کرانے میں انہی کے کٹھ پتلی نگران حکومت نے کردار ادا کیا،انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ہم کسی کی من مانی چلنے نہیں دینگے،ہم اس غیر اخلاقی غیر جمہوری اور غیر انسانی عمل کے خلاف خاموش نہیں رہیں گے،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری دیگر مرکزی رہنماوُں کے ہمراہ انہی دنوں میں گلگت بلتستان کا ہنگامی دورہ بھی کریں گے۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین کراچی ڈویژن کی جنرل سیکرٹری خواہر ہما جعفری نے ڈویژنل ممبران اور ضلعی انچارج کے ساتھ '' اورنگی،گلشنِ عباس اور قضبہ'' کے علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں کی خواتین سے ملاقات کیں ۔ ملاقات میں خواتین سے ملکی حالات و واقعات اور ملتِ جعفریہ کے موجودہ حالات پرتفصیلی گفتگو ہوئی.اسکے علاوہ مختلف فلاحی پروجیکٹس اور ملتِ جعفریہ کی ضرورت مند اور ہنر مند خواتین کے لیے فلاح و بہبود کے حوالے سے گفتگو ہوئی.جسکے بعد شھداء ملتِ جعفریہ کے خانوادوں سے ملاقات کےلیے انکے گھرگئے اور انکی خدمت تعزیت پیش کی. جسکے بعد تمام ملتِ جعفریہ کے شھداء کی بلندی درجات کے لئےفاتحہ خوانی کی گئ۔
وحدت نیوز(گلگت)پاکستان مسلم لیگ نون کی حکومت نے گلگت بلتستان میں انتقامی کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے، مجلس وحدت مسلمین پاکستان جی بی کے شعبہ سیاسیات کے سربراہ غلامہ عباس کی گرفتاری اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ تفصیلات کے مطابق غلام عباس کو آج گلگت پولیس نے گرفتار کر لیا ہے اور انکے خلاف چار ماہ پہلے گلگت میں یمن کے مظلومین کی حمایت میں ریلی نکالنے پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ صوبائی حکومت نے کالعدم جماعتوں کی ایماء پر یمن پر سعودی عرب کی جانب سے جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرنے پر ایم ڈبلیو ایم گلگت کے سات رہنماوں کے خلاف انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کئے تھے اور اس سلسلے میں ایم ڈبلیو ایم گلگت کے رہنماء عارف حسین قنبری کو کم و بیش دو ماہ تک پابند سلاسل رکھنے کے بعد گذشتہ مہینے میں رہا کر دیا گیا تھا۔
سعودی نواز حکومت کی گلگت بلتستان میں بھی حکومت بننے کے بعد ان مقدمات کی دوبارہ پیروی شروع کر دی گئی ہے اور دوبارہ سے گرفتاریوں کا عمل بھی شروع ہوگیا ہے۔ غلام عباس کے علاوہ گلگت بلتستان کے صوبائی سیکرٹری جنرل شیخ نیئر عباس مصطفوی پر بھی انسداد دہشتگردی کے تحت مقدمات درج ہیں۔ ان پر ہاتھ ڈالنے کی صورت میں پورے گلگت بلتستان میں شدید ردعمل آسکتا ہے بالخصوص نواز لیگ کی حکومت کے ابتداء میں ہی فرقہ وارانہ کشیدگیوں کا آغاز ہوسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت ان تمام رہنماوں کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے کا ارادہ رکھتی ہے، جن پر یمن کی حمایت میں ریلی نکالنے پر انسداد دہشتگردی کے مقدمات درج ہیں۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے رکن بلوچستان اسمبلی آغا محمد رضا وفد کے ہمراہ ہزارہ ٹاون کوئٹہ کے شیعہ مکینوں کی جانوں کو خودکش حملہ آور کی تباہی سے بچاتے ہوئے اپنی قیمتی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہید طالب حسین کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرنے جامع مسجد مصطفیٰ بروری پہنچ گئے اور شہید کے بیٹے سے اظہار تعزیت اور ہمدردی کرتے ہوئے شہید کی درجات بلندی کے لیے دعا کی اور حقیر سی رقم شہید کے بیٹے کو دینے کا وعدہ کیا.
آغا رضا نے شہید کے بیٹے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید طالب حسین حقیقی معنوں میں مجاہد تھے جنہوں نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر بے گناہ انسانوں کی جان بچا کر نئی تاریخ اپنے نام رقم کی. پس ہمیں سوچ لینا چاہیے کہ ہمارا دشمن ایک ہے جو شیعہ سنی کو آپس میں لڑانے کی کوشش کر رہا ہے اور وطن عزیز پاکستان کو اندر سے کھوکھلا کرنے میں لگا ہوا ہے . انشاءاللہ ہم دشمن کو ان کے تکفیری مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور شیعہ سنی یکجہتی سے ان کا مقابلہ کریں گے۔
وحدت نیوز (کوئٹہ) کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ کا اپنے وفد کے ساتھ مجلس وحدت مسلمین کے ممبربلوچستان اسمبلی آغا رضا سے عید ملنے ان کے رہائش گاہ میں تشریف لائے، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گذشتہ شب ہزارہ ٹاؤن کے علاقے میں خودکش بمبار کی ناکام کارروائی پر جنرل ناصر خان جنجوعہ نے شہید طالب حسین کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انکا کہنا تھا کہ شہید طالب حسین نے عید کے موقع پر بزدل دہشتگردوں کی کارروائی کو ناکام بناتے ہوئے قیمتی انسانوں کی جانوں کو ضائع ہونے سے بچایا ہے، جسکی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ دہشتگردوں کو جڑ سے اُکھاڑ پھیکنے کیلئے پاک فوج کے ہمراہ پوری پاکستانی قوم شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ کوئٹہ سمیت پاکستان کو جلد دہشتگردی کی لعنت سے نجات دلائینگے۔
دریں اثناء ایم ڈبلیو ایم کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا نے جنرل ناصر خان جنجوعہ کا انکی رہائشگاہ آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے عیدالفطر کو شُہداء کی یاد میں مناتے ہوئے انتہائی مبارکباد پیش کی،اس موقع پر آغا رضا اور جنرل ناصرکے درمیان بلوچستان کی امن وامان کی مخدوش صورتحال بالخصوص شیعہ نسل کشی کے حوالےسے تفصیلی گفتگو ہوئی آغا رضا نے انہیں شیعہ ہزارہ قوم کے خدشات اور غم وغصے سے بھی آگاہ کیا، جنرل ناصرجنجوعہ نے بلوچستان میں شیعہ ہزارہ قوم پر پہ در پہ حملوں کو پاکستان کی سلامتی کے لیئے تباہ کن قرار دیا انہو ں نے کہا کہ بلوچستان میں موجود آخری دہشت گرد کے خاتمے تک پاک فوج چین سے نہیں بیٹھے گی۔
اس موقع پر ہزارہ قوم کے معزین ائیر کموڈور شوکت حیدر، مظفر علی چنگیزی ، سید داود آغا ، عامر علی چنگیزی ،ابراہیم ہزارہ، قیوم علی چنگیزی،حاجی کریم ، پروفیسر تاج فیض، طاہر نظری ،ڈاکڑ محمد جمعہ ، آغا محسن ،آغائے توحیدی اور علماء کرام میں آغائے علی حسنین وجدانی اور شیخ ولایت حسین جعفری تشریف فرما تھے،جنرل ناصر خان جنجوعہ فرداً فرداً معززین سے گلے ملے اور عیدالفطر کی مبارک باد دی، آخر میں پاکستان کی سلامتی ، دشمنوں کی نابودی اور شہدا کی ایصال ثواب کے لیےفاتحہ خوانی بھی کی گئی۔