وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کے سیکریٹری اطلاعات غلام حسین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک کے نظام کو برقرار رکھنے کیلئے جو پولیسیاں بنائی گئی ہیں ان پر عمل درآمد نظر نہیں آرہی ہیں، قومی سطح کی پالیسیوں کو نا صرف معاشرتی ضروریات اور موجودہ صورتحال کا عکاس ہونا چاہیے بلکہ عوام کے حقیقی مسائل و مشکلات کے پائیدار حل کا ضامن بھی ہونا چاہیے، شہری اپنے حقوق سے محروم ہیں ۔اگر ملک کے نظام کو بہتر بنانا ہے تو یہ پالیسیاں محض فائلوں تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ ان پر عمل در آمد کرکے ان کے ثمرات عوام تک پہنچانا ضروری ہیں۔ عوام اپنے حقوق سے محرومی کی وجہ سے در در کے ٹھوکر کھا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی جمہوریت کا مطلب عوام کے یکساں حقوق اور ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہوتا ہے تاکہ معاشرے میں نابرابری کی صورتحال ہی پیدا نہ ہوں۔ تاریخ و سیاست کے مستندمفکرین کا منصب سیاست اور حق حکمرانی کو معاشرے میں اخلاقی لحاظ سے کمال اور کردار کے لحاظ سے مثال کا درجہ رکھنے والے افراد کے لیے مخصوص کرنا اسی وجہ سے ہے کہ سیاست سے منسلک طبقہ نا صرف ریاست کے اداروں میں پیدا ہونے والی خرابیوں اور کمزرویوں پر چیک رکھتا ہے بلکہ عوام کی سوچ کو مثبت سانچے میں ڈال کر سماجی رویے بھی متعین کرتا ہے۔ نمائندوں اور حکمرانوں کے انتخاب کے معاملے میں ہمیں جہاں اخلاقی بے راہ روی یا دیانتداری کے حوالے سے کسی پر معمولی سا الزام بھی سامنے آنے پر سسٹم اور سیاسی جماعتیں امیدواری کے مرحلے پر ہی ایسے افراد کو مکھن سے بال کی طرح نکال باہر کرنا چاہیے۔ لیکن ہماری بد قسمتی کہ قومی سیاست صرف مفادات کا کھیل بن کر رہ گئی ہے۔ پولیٹکل سسٹم کی اوور ہالنگ کے لیے بھی ایک عدد ایک ایکشن پلان وضع کرنا ناگزیر قومی ضرورت بن چکا ہے۔
وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام شام میں نواسی رسول اکرمۖ کے روضہ مبارک پر تکفیری دہشت گردوں کے خودکش حملے کے خلاف پریس کلب لاہور کےسامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،مظاہرے میں خواتین،بچوں سمیت مردوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،مظاہرین نے ہاتھوں میں دہشت گردی کے خلاف پلے کارڈ اُٹھائے ہوئے تھے،اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے رہنما علامہ ابوذرمہدوی، علامہ حسن رضا ہمدانی ، اسد عباس نقوی اور خانم سکینہ مہدوی نے شرکاءسے خطاب کیا۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد اقبال کامرانی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر سے امریکہ،اسرائیل اور عرب بادشاہوں نے صہیونی ریاست کی تحفظ کے لئے دہشت گردوں کو جمع کر کے شام پر مسلط کیا،اور شامی عوام کے قتل عام میں شریک رہے، لیکن شامی حکومت اور عوام کی استقامت نے دہشت گردوں کے سرپرستوں کو رسوا کیا اور دہشت گردوں کو عبرت ناک شکست سے دو چار کر دیا،آج مکافات عمل دیکھیئے کہ یہی حکمران انہی دہشت گردوں کے نشانے پر ہے،داعش،النصر فرنٹ،اور نام نہاد فری سیرین آرمی کے دہشت گردوں کو شام میں چھپنے کی جگہ نہیں مل رہے،مقاومت کے بلاگ نے صہیونی ریاست اور اس کے حواریوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیے ہیں۔
خانم سکینہ مہدوی نے کہا کہ دنیا بھر میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے پیچھے ایک مخصوص سوچ اور طبقہ کار فرماہے،وطن عزیز میں بھی یہی سوچ بے گناہوں کے قتل عا م میں مصروف ہے،پنجاب حکو مت داعش کے وجود سے انکاری کر رہی تھی لیکن آج ہر ضلع سے داعش کے کارندے پکڑے جا رہے ہیں،اسلام آباد میں بیٹھ کر ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والے تکفیری ملا سے مکمکا کر کے ملکی سلامتی کو داوُ پر لگا دیا گیا ہے، حکومت دہشت گردوں کے سامنے بے بس ہے،ہمارے شہداء کے لواحقین کو انصاف نہیں مل رہے،حکمرانوں اور ریاستی اداروں کا یہ رویہ بہت حیران کن ہے۔
احتجاجی مظاہرے سے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن،امامیہ آگنائزیشن کے رہنماوُں نے بھی خطاب کیا،چئیر مین امامیہ آرگنائزیشن لعل مہدی خاں کا کہنا تھا کہ روضہ مبارک پر حملے کے بعد مسلمانوں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے،آج ناموس رسالت و ناموس صحابہ کے جانثار کہا ہیں،شام میں تکفیری دہشت گردوں کی شکست سے دہشت گردوں کے حامی پریشان ہیں،دنیا کو پرامن اور مسلمانوں کو بدنامی سے بچنے کے لئے اس مخصوص سوچ کے حامی تکفیری دہشت گردوں کیخلاف متحد ہونا پڑیگا،بصورت دیگر یہ اسلامی تشخص کی بربادی کیساتھ ساتھ دنیا بھر کے امن کو بھی تہ تیغ کر کے رہینگے،پاکستانی حکمران اور ریاستی ادارے ہوش کے ناخن لیں اور دہشتگردی کے ناسور کیخلاف بھر پور کاروائی کریں ،دہشت گردی کیخلاف جنگ کو مصلحت پسندی کے بھینٹ نہ چڑھایا جائے،
علامہ ناصرعباس جعفری کی المصطفیٰ ہائوس لاہور میں آئی ایس اوکے مرکزی صدر اور اراکین کابینہ سے ملاقات
وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصرعباس جعفری نے ایک وفد کے ہمراہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ المصطفٰی ہائوس لاہور میں آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر علی مہدی اور مرکزی کابینہ سے ملاقات کی۔ آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر نے مجلس وحدت مسلمین کے رہنمائوں کو مرکزی سیکرٹریٹ میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے، تاکہ ملت کے اجتماعی معاملات بطریق احسن آگے بڑھ سکیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ملت کو درپیش مسائل کا حل باہمی وحدت میں ہے۔ علی مہدی نے مزید کہا کہ دشمن انقلابی حلقوں کیخلاف سازشیں کرکے نظریاتی و انقلابی لوگوں کے مابین دوریاں پیدا کرکے اپنے مذموم ایجنڈے کو آگے بڑھانا چاہتا ہے، پاکستان میں موجود انقلابی قوتوں کو ایک دوسرے کی تقویت کا سبب بن کر دشمن کی سازش کو ناکام بنانا ہوگا، تاکہ پاکستان میں رہبریت کی آرزو (وحدت) پوری ہو سکے۔ اس موقع پر شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی 21 ویں برسی کی مرکزی تقریب میں شرکت کیلئے مرکزی صدر نے ایم ڈبلیوایم کے سربراہ کو مدعو کیا۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے برسی شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی، شہید مظفر کرمانی کے روز شہادت اور کشمیر ڈے پر بھی تبادلہ خیال کیا، ملاقات کے آخر پر شہداء کشمیر و شہید مظفر کرمانی کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔
وحدت نیوز (گلگت) حکمرانوں کو گلگت بلتستان کے عوام کے بنیادی حقوق ہر صورت دینے پڑینگے عرصہ دراز سے اس علاقے کے عوام وطن عزیز سے اپنی بے پناہ محبت کی سزا بھگت رہے ہیں۔بنیادی انسانی حقوق کاحصول ہر معاشرے کا اولین حق ہے ہم ریاست سے بھیک نہیں حق مانگ رہے ہیں۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شعبہ خواتین کی کوآرڈینٹرسائرہ ابراہیم نے بیداری و آگاہی مہم کے دوسرے اجلاس میں شریک خواتین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج بیداری کا وقت ہے اور خواتین کو اپنا کردار ادا کرنا پڑیگا ۔انہوں نے کہاکہ سانحہ 13 اکتوبر 2005 میں رینجرز کی بلا اشتعال فائرنگ سے دو سیدانیاں شہید ہوگئیں لیکن ان کی ایف آئی آرتک درج نہ ہوسکی۔اس ناخوشگوار سانحے کی عدالتی کمیشن رپورٹ کو درخور اعتناء کرتے ہوئے حکومت نے بیگناہ نوجوانوں کو پابند سلاسل کیا ہوا ہے۔ملت تشیع پاکستان نے آج تک نہ اس ملک کے خلاف بغاوت کا علم بلند کیا ہے،نہ حکومتی رٹ کو چیلنج کیا ہے اور نہ ہی پاک وطن کے رکھوالوں کے خلاف کسی دہشت گردی میں ملوث ہے باوجود اس کے ہمارے مردوں اور بیٹوں کو ناکردہ جرم میں عدالتوں میں کیسز چلتے رہے۔حکومت ہمارے ساتھ سوتیلی ماں والا سلوک روا رکھے ہوئے ہے اوراگر ہم نے ان ناانصافیوں کے خلاف خاموشی اختیار کی تو ہم بھی مجرم ہونگے۔
انہوں نے خواتین سے اپنے اپنے علاقوں میں بیداری و آگاہی مہم کو تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ اس علاقے کے ساتھ ہونے والے مظالم کا راستہ روکنے کیلئے مردوں کے شانہ بشانہ خواتین بھی میدان عمل میں رہیں۔اس اجلاس میں نلتر، جلال آباد، دنیور، کے آئی یو کھاری، برمس بالااور جوٹیال کے تنظیمی عہدیداروں نے شرکت کی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس پرامن خطے کو جنت نظیر بنانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔
وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وفد نے ملتان میں پی آئی اے کے ملازمین کی جانب سے نجکاری اور کراچی میں ہونے والی شہادتوں کے خلاف دیے گئے احتجاجی دھرنے میں شرکت کی۔ وفد کی قیادت صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی، صوبائی سیکرٹری تعمیر ملت زوہیب حسین، ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کی۔ اس کے علاوہ وفد میں سیکرٹری سیاسیات انجینیئر مہر سخاوت، سید وسیم عباس زیدی، سید جاوید حسین الحسینی، سرائیکستان نوجوان تحریک کے چیئرمین مہر مظہر عباس کات، سید دلاور عباس زیدی، علی رضا بخاری اور ثقلین نقوی شامل تھے۔ اس موقع پر علامہ اقتدار حسین نقوی نے پی آئی اے کے رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ہر مظلوم کے ساتھ ہے، جس طرح یہ حکومت کسانوں، مزدوروں، ورکروں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے دیگر افراد کے حقوق غصب کر رہی ہے یہی اس کی تباہی کا سبب بنے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ اگر قوم ڈاکٹر طاہرالقادری اور عمران خان کا دھرنے میں ساتھ دیتی تو معاملہ اس حد تک نہ پہنچتا، کراچی میں پی آئی اے کے ملازمین کی شہادت اس حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ اس موقع پر علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کہا کہ یہ حکومت ظلم پہ ظلم کر رہی ہے، آج اس ملک کے ہر ادارے کو بیچنے کی بازگشت ہو رہی ہے، یہ حکمران اگر واقعی ملکی اداروں سے مخلص ہیں تو کرپٹ افراد کے خلاف کاروائی کریں، ان حکمرانوں سے نئے اداروں کے بننے کی کوئی اُمید نہیں ہے۔ اس موقع پر علامہ اقتدار نقوی نے کراچی میں شہید ہونے والے ملازمین کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور زخمیوں کی صحتیابی کے لیے دعا کرائی۔
وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے آفس سیکریٹری جناب حاجی ناصر علی نے گیس کی غیر ضروری لوڈ شیڈنگ کے بارے میں کہا ہے کہ موسم سرما میں عوام گیس کے لئے ترستے ہیں، موسم کے کروٹ لینے اور سردی کے بڑتے ہی دوبارہ گیس کی لوڈ شیدنگ شروع کر دی گئی ہے، محکمہ گیس کے ملازمین عوام کو تنگ کرنے میں مصروف ہیں۔ جب تک ہم شکایت لے کر انکے سر پر کھڑے نہیں ہوتے انہیں عوام کو انکے حقوق دلانے کا خیال ہی نہیں آتا۔ جب گیس کی شدید ضرورت ہوتی ہے اس وقت عوام کو گیس کی لوڈشیڈنگ کا سامناکرنا پڑتا ہے اور ٹھیک یہی حال گرمیوں میں بجلی کا ہے ۔جہاں ملک ترقی کی راہ میں گامزن ہونے کو بے تاب ہے وہی سرکاری اداروں میں موجود ملازمین عوام کی دلآزاری میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ گیس عوام کو کھیلونا سمجھ کر انکے ساتھ کھیل رہی ہے ، صوبے میں گیس کی ضرورت ہے مگر پھر بھی فراہم نہیں کی جارہی ہے، گیس کی عدم دستیابی مسائل کی وجہ بن رہی ہے۔ عوام گیس کے مہنگے سلنڈروں کے استعمال اور مختلف طریقوں سے گزارہ کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ جس کی وجہ سے عوام کو بڑے نقصان کا سامنا ہورہا ہے۔ شہریوں کو انکے حقوق فراہم نہیں کی جارہی ہے۔ شہری ہر چیز کیلئے احتجاج کرتے کرتے تھک چکے ہیں پھر بھی انہیں انکے بنیادی ضروریات نہیں مل رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ گیس اپنی ذمہ داریاں صحیح طریقے سے ادا نہیں کر رہی ہے۔ گیس کے محکموں کا قیام عوام کی خدمت کیلئے کیا گیا ہے مگر وہاں کے عمارتوں تک عوام کی آواز بھی نہیں پہنچ رہی، حکومت محکمہ گیس سے انکی کارکردگی پر مشتمل رپورٹ طلب کرے۔ عوام گیس کے بل جمع کرنے کے باوجود اس سے استفادہ نہیں کر پا رہے ہیں، حکومت وقت حالات حاضرہ پر نظر رکھے، عوام کئی مسائل سے دوچار ہیں۔ عوام کو انکے روز مرہ زندگی کے بنیادی ضروریات فراہم کرکے انہیں کٹھن حالات سے نجات دلائے۔