وحدت نیوز (مانٹرنگ ڈیسک) رہبر انقلاب اسلامی کی ویب سائٹ خامنہ ای ڈاٹ آئی آر نے شہدائے مدافعین حرم کے اہل خانہ کے ساتھ ہوئی آپ کی ملاقات کی رپورٹ شائع کی ہے۔
اس ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی نے شہدائے مدافعین حرم کے اہل خانہ سے فرمایا: حقیقت میں آپ کے شہداء، اور آپ اہل خانہ؛ ان کے ماں باپ اور ان کی اولاد، تمام ملت ایران کی گردن پر حق رکھتے ہیں۔ ان شہیدوں کی کچھ خصوصیات ہیں؛ ایک یہ ہے کہ انہوں نے عراق و شام میں حرم اہلبیت(ع) کا دفاع کیا ہے اور اسی راہ میں جام شہادت نوش کیا ہے۔
حضرت آیت اللہ خامنہ ای نے مزید فرمایا: آپ کے ان شہداء کی دوسری خصوصیت یہ ہے کہ انہوں نے وہاں(شام) جا کر دشمنوں کا مقابلہ کیا ہے اگر یہ وہاں جا کر جنگ نہیں کریں گے تو دشمن ملک کے اندر گھس جائے گا۔۔۔ اگر ان کو وہاں نہیں روکا جائے گا تو ہمیں کرمانشاہ، ہمدان اور دوسرے علاقوں میں ان کے ساتھ جنگ کرنا پڑے گی۔ در حقیقت یہ ہمارے شہداء ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کو ملک کے دفاع، ملت، دین اور انقلاب اسلامی کے دفاع کی راہ میں نثار کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا: تیسری خصوصیت یہ ہے کہ انہوں نے عالم غربت میں شہادت پائی ہے، یہ ایک بڑی خصوصیت ہے،اور یہ خداوند عالم کی بارگاہ میں نظرانداز نہیں ہو گی۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے وفدنے علامہ مبشر حسن کی سربراہی میں سندھ رینجرز کے زیر اہتمام پر امن شہر کراچی امن واک میں خصوصی شرکت کی اور دہشت گردی کا شکارشہر قائد کی عوام سے اظہار یکجہتی کیا، اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے رہنما علامہ صادق جعفری، علامہ اشرف علی منتظری، علامہ عیسیٰ قرائتی ، ناصرحسینی اور دیگر شامل تھے۔
ایم ڈبلیوایم رہنما مبشر حسن نے کہا کہ شہر قائد میں طویل بدامنی اور دہشت گردی کے بعد اب عوام نے کچھ سکھ کا سانس لیا ہے، ایک روز میں ڈیڑھ درجن سے زائد پیاروں کی لاشیں اٹھانے والے شہری اب قیام امن کے بعد کسی حد تک پر سکون زندگی نصیب ہونے پرمطمعن نظرآتے ہیں، شہر کراچی کو امن لوٹانے میں سندھ رینجرز خصوصاًڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر کا کردار قابل تحسین ہے،عوام سندھ رینجرز سے امید رکھتے ہیں کہ شہر قائد میں مکمل قیام امن اور عوام کی جان ومال کے تحفظ کے یقینی ہونے تک دہشت گردوں کے خلاف بلاتفریق آپریشن جاری رکھیں گے۔
وحدت نیوز (راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین ضلع راولپنڈی کی ضلعی شورٰی کا اہم تنظیمی اجلاس پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبد الخالق اسدی کی زیر صدارت مدرسہ باقر الصدر میں ہوا۔اجلاس میں تنظیم کے ضلعی سیٹ اپ کی سالانہ کارکردگی کا جائز ہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خالق اسدی نے ضلع راولپنڈی کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی میں تنظیمی سیٹ اپ کی فعالیت لائق تحسین ہے۔ تنظیم کے عہدیدران و اراکین جس لگن سے قوم میں سیاسی و مذہبی شعور کی بیداری کے لیے کام کر رہے ہیں وہ بلاشبہ مثالی ہے۔ہمیں خوشی ہے کہ راولپنڈی کا ضلعی سیٹ اپ ایسے بابصیرت اور دانشمند افراد پر مشتمل ہے جو قوم کا حقیقی درد اور بے لوث خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں۔ ضلعی شوری کو بریفنگ دیتے ہوئے ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ ساجد شیرازی نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران راولپنڈی میں مجلس وحدت مسلمین کی اراکین اور یونٹس کی تعداد میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ مختلف علاقوں کے سو سے زائد دورے کیے اور لوگوں کو ایم ڈبلیو ایم کی سیاسی، مذہبی اور سماجی خدمات سے آگاہ کیا ۔اتحاد بین المسلمین کے فروغ کے لیے میلاد النبی کے پروگراموں سمیت دیگر دینی اجتماعوں میں بھی ہماری شرکت رہی جسے دوسرے مسالک کے افراد کی طرف سے بے حد سراہا گیا۔عزاداری کے حوالے سے درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے اعلی پولیس افسران سے ملاقاتیں کی گئیں۔تنظیم کو سیاسی اعتبار سے مضبوط کرنے کے لیے کنٹونمنٹ اور بلدیاتی الیکشن میں ہم خیال امیدواروں سے رابطے ہوئے اور ہماری حمایت کے باعث مختلف سیاسی شخصیات نے الیکشن میں حوصلہ افزا نتائج حاصل کیے۔
ضلع راولپنڈی کے سرپرست علامہ علی اکبر کاظمی نے آنے والے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مقررہ مدت میں ضلعی شورٰی کے اجلاس کا انعقاد انتہائی ضروری ہے تاکہ تنظیمی معاملات کو احسن انداز میں چلانے کے لے مشترکہ مشاورت سے آئندہ کا لائحہ عمل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہو گئی کہ ماہ محرم سے قبل ضلع راولپنڈی کے ہر علاقے میں مجلس وحدت مسلمین کا فعال یونٹ موجود ہو۔ مسلکی ہم آہنگی کے لیے دیگر مکتبہ فکر کے علما سے ملاقاتوں کے سلسلے کو بھی وسعت دی جا رہی ہے تاکہ تمام مسالک کے باہمی احترام کویقینی بنایا جا سکے۔اجلاس میں مرکزی معاون سیکریٹری امور سیاسیات آصف رضا،مولانا غلام محمد عابدی،مولانا اعوان علی شاہ،مولانا شیخ علی مظہر اور مولانا ظہیر سبزواری سمیت صوبے کی نامور سیاسی و مذہبی شخصیات نے بھی شرکت کی۔
وحدت نیوز(ہالا)NA-218مٹیاری کے ضمنی الیکشن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پرمجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کی جانب سے ہالا کے کارکنان اور معززین کے اعزازمیں ظہرانہ دیا گیا، جس میں خصوصی شرکت اور خطاب کیا، اس موقع پرایم ڈبلیوایم صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مختارامامی ، ضلعی سیکریٹری جنرل مولانا اخترحسین اورایم ڈبلیوایم کے سابق امیدوارسید فرمان علی شاہ کاظمی سمیت بڑی تعداد میں شرکاء موجود تھے۔
علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے خطاب میں کہا کہ مٹیاری اور ہالا کے عوام نے ظلم واستبداد کے مقابل قیام کرے وادی مہران میں ایک نئی تاریخ رقم کی ہے، امام خمینی ؒ کے بقول ہم وضیفے کی انجام دہی کے پابند ہیں نتیجے کے نہیں ، محروم ومظلوم عوام نے وڈیرہ شاہی کو جس طرح چیلنج کیا سندھ کی سیاسی تاریخ میں ایسی مثالیں بہت کم ملتی ہیں ، حسینی جذبے سے سرشار مٹیاری کے عوام نے حضرت شاہ عبدالطیف بھٹائی ؒ کی تعلیمات کی پیروی کرتے ہوئے ایک تکفیری کا مقابلہ کیا اور اس سمیت عوام کیلئے روٹی ، کپڑا اور مکان کا نام نہاد نعرہ لگانے والوں کو بھی یہ پیغام دیا کہ اب ہم کسی دھوکے اور فریب کا شکار نہیں ہو ں گے، انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیوایم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے 17000ہزار سے زائد ووٹ دینے والے عوام کا قرض فرمان علی شاہ اور ایم ڈبلیوایم کی گردن پر ہے، میں ایم ڈبلیوایم کے ذمہ داران اور فرمان شاہ کو نصیحت کرتا ہوں کے منصب واقتدار کے بغیر عوام کی خدمت کو اپنا فرض اولین قرار دیں ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)عوامی نیشنل پارٹی (ANP)کے اعلیٰ سطحی وفدنے سینیٹرافرسیاب خٹک کی سربراہی میں مرکزی وحدت سیکریٹریٹ اسلام آباد میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری سے ملاقات کی، وفدمیں اے این پی کے سینیٹر زاہد خان، رکن قومی اسمبلی بشریٰ گوہر اور دیگر شامل تھے، جبکہ ایم ڈبلیوایم کے مرکزی معاون سیکریٹری امور سیاسیات آصف رضا اور صوبائی سیکریٹری جنرل کے پی کے علامہ سبطین حسین الحسینی بھی ملاقات میں موجود تھے۔
علامہ راجہ ناصرعباس جعفری اور سینیٹر افرسیاب خٹک کے درمیان قومی وبین الاقوامی دوطرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،جبکہ کے پی کے میں جاری دہشت گردی ، شیعہ ٹارگٹ کلنگ، تکفیریت کی ترویج ، پاک چین اقتصادی راہداری پر چھوٹے صوبوں کے تحفظات اور گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان میڈیا سیل کے زیراہتمام اسلام آباد میں صحافیوں کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا ،مقامی ہوٹل میں منعقدہ اس ظہرانےمیں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافی حضرات نے شرکت کی۔ ظہرانے میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے نومنتخب عہدیداروں نے بھی خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحد مسلمین کے سربراہ علامہ ناصرعباس جعفری نے موجودہ قومی اور عالمی حالات کے تناظرمیں صحافی برادری کے کاندھوں پر موجود بھاری ذمہ داری کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مغربی اور بعض عرب ذرائع ابلاغ امت مسلمہ کے درمیان انتشار اور تفرقہ پھیلانے کی مذموم سازشوں میں مصروف ہیں آپ کااخلاقی اور شرعی فریضہ ہے کہ سچ اور حق پر مبنی خبروں کو نشر کریں اور امت مسلمہ کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کے فروغ کیلئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے آخر میں تمام صحافیوں کا آمد پرشکریہ ادا کیا۔