وحدت نیوز(لاہور) دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی عالمی یوم القدس منایا گیا۔ لاہور میں بھی تحریک آزادی القدس پاکستان کے زیراہتمام اسلامپورہ سے پنجاب اسمبلی ہال تک القدس ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت آئی ایس او کے سابق مرکزی صدر تہوری حیدری، مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سربراہ علامہ خالق اسدی، علامہ حسن ہمدانی، علامہ مبارک موسوی، علامہ ابوذر مہدوی، آئی ایس او لاہور کے ڈویژنل صدر علی رضا نے کی۔ ریلی میں جماعت اسلامی، جے یو پی (نیازی)، تحریک منہاج القرآن، امامیہ آرگنائزیشن، جامعہ المنتظر، تحریک انصاف، جمعیت اہلحدیث پنجاب، ادارہ التنزیل، پاکستان عوامی تحریک، علمائے مدارس جعفریہ کے رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔ ریلی کے شرکا نے فلسطین کے پرچم، بینرز، پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جبکہ جگہ جگہ اسرائیلی و امریکی پرچم مال روڈ پر بچھائے گئے تھے۔ جن کو شرکائے ریلی اپنے پیروں تلے روند کر امریکہ و اسرائیل کیساتھ اظہار نفرت کرتے رہے۔

ریلی کے شرکا امریکہ و اسرائیل کیخلاف جبکہ حماس اور حزب اللہ کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔ فضا مسلسل مردہ باد امریکہ مردہ باد اسرائیل کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔ مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ پاکستان کے غیور عوام نے شدید گرمی میں روزے کی حالت میں بھی اپنے بھائیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے نکل کر امام خمینی کے حکم پر اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کرکے ثابت کر دیا ہے کہ وہ ہمیشہ حق کیساتھ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کیخلاف مظالم رکوانے کیلئے امت مسلمہ کو یکجا ہونا ہوگا۔ ہم فلسطین، یمن، کشمیر سمیت تمام مظلوم مسلمانوں کے حامی اور مددگار رہیں گے اور دشمن کی شکست تک میدان میں استقامت کے ساتھ ڈٹے رہیں گے۔ کشمیر پر بھارتی تسلط کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بھارت کو بھی کشمیر میں قتل عام بند کرنا ہوگا کیوں کہ کشمیر پر بھارتی تسلط غاصبانہ ہے جس سے جلد چھٹکارا پا کر کشمیری مسلمان فتح حاصل کریں گے۔ مقررین نے کہا کہ فلسطینیوں کی آزادی بہت قریب ہے، وہ جلد ہی آزادی کا سورج دیکھیں گے۔

ریلی کے اختتام پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اعلامیہ پیش کیا گیا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ تمام مسلم ممالک مسئلہ قدس کو حل کروانے میں ذمہ دارانہ کردار ادا کریں اور اکثر عرب ممالک کی مسئلہ فلسطین پر مجرمانہ خاموشی کی بھی مذمت کی گئی۔

وحدت نیوز(اندرون سندھ) مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے عالمی یوم القدس بفرمان امام خمینیؒ ملک بھر کی طرح سند ھ کے مختلف اضلاع میں ریلیاں اور احتجاجی مظاہرے منعقد کئے گئے جس میں حیدرآباد میں علامہ باقرعباس زیدی ، سکھر چوہدری اظہرحسن، خیرپور آغا منور جعفری، رانی پورمیں مولانا احمد علی،ٹھری میں مولانا نبی بخش،شکارپورمیں فدا عباس، کنب مولانا نقی حیدری، جیکب آباد میں مولانا سیف علی،کشمور میں میر فائق،لاڑکانہ میں مولانا محمد علی، شھداکوٹ میں سید علی اکبر، نواب شاہ میں مولانا سجادمحسنی، مٹیاری میں مولانا دوست علی، ٹنڈو الہیارمیں غلام رسول، ماتلی یعقوب حسینی،بدین میں مولانا سید نادرشاہ ، سجاول میں مظفر لغاری، ٹھٹہ میں ڈاکٹر عبد الحسین،ٹنڈو محمد خان میں مولانا محمد بخش، عمرکوٹ میںراجا اسد،تھرمیں امیر سلطان، سانگھر میں کریم بخش،نوشہرہ میں اسد علی، جامشورومیں سید غلام شاہ دادو میں اصغر حسین اورگھوٹکی میںمولانا معشوق قمی ودیگر نے خطاب کیا۔

 احتجاجی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیوایم کے رہنماؤں نے کہاکہ پاکستانیوں نے اپنا فیصلہ سنادیا ہے کہ وہ بیت المقدس سمیت فلسطین کی ایک انچ زمین پر بھی نسل پرست غاصب اسرائیل کا قبضہ قبول نہیں کریں گے۔بیت المقدس یعنی مقبوضہ یروشلم کو آزاد و خود مختار ریاست فلسطین کا دارالحکومت بنائے بغیر، پناہ گزین فلسطینیوں کو فلسطین واپسی کا حق دیئے بغیر مسئلہ فلسطین کو حل کرنا ممکن نہیں ہے۔ اگر فلسطینیوں کے ناقابل تنسیخ حق سے انکار کیا گیا تو پھر آزادی فلسطین کے لئے مسلح مزاحمتی تحریک کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہوگا۔فلسطین کے غاصب کے فلسطین پر ناجائز قبضے کو جائزقرار دینے کی نیت سے اور فلسطینیوں کے حقوق کی مزید پامالی کے لئے ڈیل آف دی سینچری کے عنوان سے اس صدی کا سب سے بڑا فراڈ کیا جارہا ہے۔ البتہ مسلمان اور عرب عوام اسکو مسترد کرچکے ہیں۔

وحدت نیوز(حیدرآباد) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے کہا کہ کہ پاکستانیوں نے اپنا فیصلہ سنادیا ہے کہ وہ بیت المقدس سمیت فلسطین کی ایک انچ زمین پر بھی نسل پرست غاصب اسرائیل کا قبضہ قبول نہیں کریں گے۔علامہ باقر زیدی نے حیدرآباد میں مرکزی آزادی القدس ریلی کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے غاصب کے فلسطین پر ناجائز قبضے کو جائزقرار دینے کی نیت سے اور فلسطینیوں کے حقوق کی مزید پامالی کے لئے ڈیل آف دی سینچری کے عنوان سے اس صدی کا سب سے بڑا فراڈ کیا جارہا ہے۔ البتہ مسلمان اور عرب عوام اسکو مسترد کرچکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین اور بیت المقدس پر سودے بازی قابل قبول نہیں ہے۔ فلسطین فلسطینیوں کا ہے۔ غیر فلسطینی نسل پرست زایونسٹ قابضین کا فلسطین پر کوئی حق نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ صیہونی قابضین کو ان ممالک میں واپس جانا ہوگا کہ جہاں سے انہیں لاکر فلسطین پر قبضے کے لئے آباد کیا گیا تھا۔ جبکہ وہ فلسطینی جنہیں پناہ گزین کیمپوں میں رہنے پر مجبور کردیا گیا ہے انکو انکے اصل وطن فلسطین میں لاکر آباد کیا جانا چاہئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیت المقدس یعنی مقبوضہ یروشلم کو آزاد و خود مختار ریاست فلسطین کا دارالحکومت بنائے بغیر، پناہ گزین فلسطینیوں کو فلسطین واپسی کا حق دیئے بغیر مسئلہ فلسطین کو حل کرنا ممکن نہیں ہے۔ اگر فلسطینیوں کے ناقابل تنسیخ حق سے انکار کیا گیا تو پھر آزادی فلسطین کے لئے مسلح مزاحمتی تحریک کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہوگا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے قبلہ اوّل بیت المقدس اور ارض مقدس فلسطین کی صیہونی قبضہ سے آزادی اور امریکی ایماپہ مسلط کی جانیوالی “ صدی کی ڈیل “ کہ خلاف جمعتہ الوادعملک بھر میں یوم القدس کہ طور پرمنایا گیا۔یوم القدس کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن نے ملک بھر میں آزادی القدس ریلیوں اور اجتماعات کا انعقاد کیا۔

 اسلام آباد میں نکالی جانیوالی مرکزی آزادی القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ قبلہ اوّل بیت المقدس کی صیہونی قبضہ و تسلط سے آزادی ہمارے ایمان کا حصہ ہے پاکستان کی غیور عوام امریکہ اور عرب ریاستوں کی قبلہ اوّل کو مسلمانوں سے چھیننے اور آزاد فلسطینی ریاست کے وجود کے خلاف کسی سازش کو قبول نہیں کریںگے۔ انہوں نے کہا کہ نئے مشرق وسطی کی طرح امریکیوں اور انکے عرب اتحادی شیوخ کا “ صدی کی ڈیل کا منصوبہ بھی ناکام ہوگا۔ ارض مقدس فلسطین پہ فلسطینیوں کا حق ہے اور کسی بھی خائن کو یہ حق حاصل نہیں کہ اسکا سودا کرسکے۔

 القدس ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری جنرل امامیہ اسٹوڈینٹس آرگنائزیشن عارف حسین نے کہا کہ مسلم ممالک کے خلاف اتحاد بنانے کی بجائے مسلم حکمرانوں کو صیہونی مظالم کے خلاف اور قبلہ اول کی ازادی کے لئے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ استعماری قوتیں زندگی کے ہر میدان میں عالم اسلام کو پسپا کرنے پر ت ±لی ہوئی ہیں۔ فلسطین کے مسلم مکینوں کو ان کی املاک سے بےدخل کرکے مہاجر بنایا جا رہا ہے جب کہ باہر سے آکرآباد ہونے والے یہودی اس مسلم ریاست پر قابض ہوگئے ہیں۔ اس مسلم ریاست کو یہودی تسلط سے چھڑانا امت مسلمہ کا اولین فریضہ ہے۔ انہوں نے صیہونی مظالم پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بیت المقدس کی آزادی کے لئے امت مسلمہ کی مشترکہ جدوجہد کا مطالبہ کیا۔

القدس ریلی سے اپنے خطاب میں شیعہ علما کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل عارف واحدی نے کہا کہ اسرائیل نے فلسطین کے مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے، لیکن مسلمان ممالک اسرائیل کے اس جارحانہ طرز عمل کے خلاف کسی غیر معمولی ردعمل کا اظہار کرنے کی بجائے اس کے ساتھ کاروباری رابطے استوار کرنے میں مصروف ہیں جو نہ صرف اخلاقی تنزلی ہے بلکہ حکم ربانی سے بھی صریحاََ انحراف ہے۔ اسرائیل کی بجائے مسلمان ممالک کے خلاف عرب ممالک کا اتحاد ان کی ترحیجات اور اہداف کو سمجھنے کے لئے کافی ہے۔

القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثاقب اکبرنے کہا کہ قبلہ اول پر اسرائیل کا غاصبانہ قبضہ امت مسلمہ کی قوت ایمانی پر کاری ضرب ہے۔ عالم اسلام کو اپنے مقدسات کی حفاظت کو مقدم رکھنا چاہیے۔ اس وقت عالم اسلام استعماری قوتوں کے نشانے پر ہے۔ یہود و نصاریٰ کے مفادات اور اہداف مشترک ہیں۔ تاریخ کے اس نازک دور میں مسلمان حکمرانوں کو اعلٰی بصیرت اور دور اندیشی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔

شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے نائب امیر میاں اسلم نے کہا کہ امام خمینی کے حکم کے مطابق یوم القدس مظلوموں کی حمایت کا عالمی دن ہے۔ دنیا کا ہر ذی شعور جو ظلم کو انسانی تقاضوں کی توہین سمجھتا ہے، وہ اس دن کی حمایت میں آواز بلند کرتا ہے۔ریلی کے اختتام پر امریکہ اور اسرائیل کے پرچم بھی نذر آتش کیے گئے
 جبکہ ملک کہ بڑے شہروں کہ علاوہ تمام گوشہ کنار ملتان ، فیصل آباد ، سکھر ، سرگودھا ۔ سمیت آزاد کشمیر و گلگت بلتستان میں بھی یوم القد س کی ریلیوں کا انعقاد کیا گیا

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے تحت جمعہ الوداع ملک گیر یوم القدس منایا جائے گا۔وفاقی دارلحکومت ،کشمیر گلگت بلتستان سمیت ملک کے تمام صوبوں کے اہم اضلاع اور شہروں میں قبلہ اول کی آزادی کے لئے احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔وفاقی دارالحکومت میں جی سکس ٹو جامع مسجد و امام بارگاہ سے ڈی چوک تک ریلی نکالی جائے گی،ان خیالات کا اظہار مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی نے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر یمن اور فلسطین سمیت دنیا بھر کے مظلومین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ملک بھر میں یوم القدس منائیں گے۔ یوم القدس دنیابھر کے ظالموں کے لئے پیغام ہے کہ دنیا کے باضمیر انسان ان سے اظہار نفرت کرتے ہیں اور مظلومین کے حق کے لئے سراپا احتجاج ہیں ۔مسئلہ فلسطین کو مسلمانوں کے دل ودماغ سے نہیں نکالا جاسکتا ۔پاکستان کی غیور اور باشعور قوم کبھی بھی اسرئیل کو تسلیم نہیں کرئے گی۔انشااللہ وہ وقت دور نہیں جب قبلہ اول آزاد ہوگا اور اسرائیل کا نام صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) فلسطین فاونڈیشن کے زیراہتمام فلسطین و بیت المقدس اور مسجد اقصی کی آزادی کے لئے کوئٹہ پریس کلب میں گول میز کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس کی صدارت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے کی۔ مہمان خاص بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائم مقام سربراہ ملک عبدالولی کاکڑ جبکہ اعزازی مہمان امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی اور ایم پی اے میر اکبر مینگل تھے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئےکہاکہ کوئٹہ میںیوم القدس کے عظیم شہداء نے فلسطین قبلہ اول بیت المقدس اور مسجد اقصی کی آزادی کے لئے اپنے مقدس لہو کا نذرانہ پیش کیا، ان کا لہو نوید آزادی فلسطین ثابت ہو گا۔

کانفرنس سے بلوچ قوم پرست رہنما سینٹر میر مہیم خان بلوچ ، ملی یکجہتی کونسل کے صوبائی رہنما اقتدار احمد خان ، جمعیت علماء اسلام کے رہنما ممتاز صحافی و کالم نگار امان اللہ شادیزئی ، مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ ولایت حسین جعفری ، شیعہ علماء کونسل کے صوبائی صدر علامہ اکبر حسین زاھدی، سنی سپریم کونسل بلوچستان کے صدر پیر سید حبیب شاہ چشتی ، جمعیت علماء اسلام کے رہنما مفتی سعید قاری نقیب اللہ مینگل قاری عبدالحفیظ، آغا سہیل اکبر شیرازی، مولانا عبدالحمید منصوری، ڈاکٹر محمد رمضان ہزارہ مبارک علی ہزارہ و دیگر شریک ہوئے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree