The Latest

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سالانہ مرکزی تنظیمی وتربیتی پیام وحدت کنونشن کا دعوتی عمل تیزی کے ساتھ جاری ہے، اس سلسلے میں چیئرمین کنونشن اقرار حسین ملک نے مرکزی کابینہ کے اراکین نثارعلی فیضی، علامہ اصغر عسکری اورعلامہ علی شیر انصاری کے ہمراہ سربراہ جامعتہ الکوثراسلام آباد بزرگ عالم دین علامہ شیخ محسن نجفی، سینئراساتیذجامعہ علامہ فداحسین مطہری اور شیخ مہدی کروی ، شیعہ علماءکونسل کے مرکزی رہنما علامہ عارف حسین واحدی سمیت تمام علمائے کرام کو شرکت کی دعوت دی،چیئرمین کنوکشن نے نمائندہ وفدکے ہمراہ لاہور میں جامعہ عروۃالوصقیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی ، سربراہ مدارس جعفریہ علامہ سید حسین نجفی اور دیگر اساتیذسے ملاقات کی اور انہیں مرکزی کنونشن میں شرکت کی دعوت دی،چنیوٹ میں جامعہ بعثت کے علامہ مہدی کاظمی اور تمام اساتیذ اور علمائے کرام کو کنونشن میں شرکت کی دعوت دی،جامعہ دارالعلوم  محمدیہ سرگودھا کے مدیر اعلیٰ علامہ ملک نصیر حسین سے ملاقات کی اور انہیں مرکزی کنونشن میں شرکت کی دعوت دی، بعدازاں چیئرمین کنونشن اقرار حسین ملک نے مرکزی صدر آئی ایس او علی مہدی ، مرکزی چیئرمین آئی اولعل مہدی خان کو انکے دفاترمیں جاکر مرکزی کنونشن میں شرکت کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کرلیا۔

وحدت نیوز (لاہور) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پرمجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد اقبال کامرانی کی قیادت میں وفد کا جناح ہسپتال لاہور کا دورہ،گلشن اقبال دھماکے میں زخمی ہونے والے شہریوں کی عیادت اور میڈیا سے گفتگو،وفد میں مسئول معاون امور سیاسیات آصف رضا ایڈوکیٹ،سیکرٹری سیاسیات لاہور ڈویژن سید حسین زیدی،ڈپٹی سیکرٹری جنرل لاہور رانا ماجد علی،سیکرٹری یوتھ ونگ لاہور آغا نقی مہدی،شیخ عمران علی ودیگر رہنما شامل تھے،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد اقبال کامرانی کا کہنا تھا کہ لاہور میں معصوم بچوں،خواتین اور نہتے شہریوں پر شب خون مارنے والوں کا اسلام سے تو کیا انسانیت سے کوئی تعلق نہیں،ہم ان مجروحین اور شہداء کے خانوادگان کے درد کو سمجھ سکتے ہیں کیونکہ گذشتہ کئی سالوں سے ہم اپنے چوبیس ہزار سے زائد پیاروں کو وطن دشمنوں کے ہاتھوں کھو چکے ہیں،طالبان اور دہشت گردوں کیخلاف روز اول سے آپریشن کا مطالبہ ہمارا تھا،لیکن مفاد پرست سیاست دانوں کی غفلت نے ساٹھ ہزار سے زائد پاکستانیوں کو ان درندوں کے ہاتھوں شہید کروادیے۔

انہوں نے کہاکہ  میڈیا کے دوست اس بات کی گواہی دیں گے ہم نے پنجاب میں ان کی کمین گاہوں خصوصاََ جنوبی پنجاب میں ان کی صف بندیوں پر چیختے چلاتے رہے لیکن حکمرانوں کی کانوں پر جوں تک نہیں رینگی،آج درجنوں معصوم جانوں کے ضیاع کے بعد آپریشن کا اعلان کیا گیا،کیا ہمیں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کے لئے ہر دفعہ سینکڑوں جانوں کی قربانی دینی ہونگے،پنجاب میں ان دہشت گردوں کے سہولت کار اور سرپرست آزادی سے اپنے گھناونے سازشوں میں مصروف ہیں اور ان درندوں کے ہمدرد حکومتی صفوں میں بھی موجود ہیں،بلاتفریق آپریشن کے بغیر اس ناسور سے چھٹکارا ممکن نہیں،پوری دنیا میں دہشت گردی اور بربریت کے پیچھے کار فرما تکفیر ی قوتوں کے اصل سرپرست ہمارے ازلی دشمن بھارت،اسرائیل اور امریکہ ہے،جو آج پاکستان کی سلامتی کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں،ہمیں ایک قوم بن کر ان ظالم درندوں کیخلاف میدان میں حاضر رہنا ہوگا ،اور اس مٹھی بھر تکفیری سوچ  کو شکست دے کر قائد اور اقبال کے پاکستان کو پھر سے امن محبت کا گہوارا بنا نا ہوگا۔

وحدت نیوز (سکھر) مجلس وحدت مسلمین ضلع سکھرشعبہ خواتین کے تحت پریس کلب آڈیٹوریم میں یوم خواتین بمناسبت ولادت باسعادت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا منعقد کیا گیاجس میں سکھر اور گردو نواح سے شیعہ سنی مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی سینکڑوں خواتین نے شرکت کی،تقریب کے مہمان خصوصی  قائد وحدت علامہ ناصرعباس جعفری، مرکزی سیکریٹری جنرل شعبہ خواتین خانم زہرا نقوی تھے جنہوں نےسیرت دختر رسول ﷺحضرت فاطمہ زہراس پر جامع روشنی ڈالی اور جناب سیدہ س کی انقلابی سیاسی جدوجہد کا احاطہ کیا، جبکہ دیگر مقررین میں ضلعی سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیوایم چوہدری اظہرحسن اور ضلعی سیکریٹری جنرل شعبہ خواتین خانم شبانہ میرانی شامل تھے، عالمی شہرت یافتہ شاعر اہل بیت ظفرعباس  ظفر نے نذرانہ عقیدت بھی پیش کیا ،تقریب میں مقابلہ حسن قرآت کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں مختلف بچیوں نے سیرت حضرت فاطمہ زہرا س پر موضوعاتی تقاریر پیش کیں ، کامیاب ہونے والی بچیوں میں انعامات تقسیم کیئے گئے، تقریب کے اختتام پر علامہ ناصرعباس جعفری،ظفرعباس ظفر، خانم زہرا نقوی، چوہدری اظہر حسن، احسن عباس رضوی اور سکھر ڈویژن کی معروف خواتین بانیان مجالس میں اعزازی شیلڈز تقسیم کی گئیں ۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل و سیکرٹری امور خارجہ ڈاکٹر علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے اقبال پارک لاہور میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جب تک دہشتگردوں کے سہولت کاروں کو پھانسی نہ دی جائے، تب تک اس طرح کے دردناک واقعات ہوتے رہیں گے۔ دہشتگرد اپنی بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے ملت پاکستان کے حوصلے پست کرنا چاہتے ہیں۔ علاوہ ازیں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما نے کہا کہ حکومت اور انتظامی اداروں کو چاہیے کہ وہ ان جیسے واقعات کو روکنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائیں، ورنہ اسی طرح خواتین، جوان اور معصوم بچے شہید ہوتے رہیں گے۔ ہم شہداء کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور ان کے لئے دعاگو ہیں کہ اللہ تعالٰی تمام خاندانوں کو انصاف اور صبر عطا کرے۔

وحدت نیوز (لاڑکانہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکریٹری جنرل ناصر ملت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے صوبائی ڈپٹی سیکریٹری یوتھ ندیم جعفری ،مجلس وحدت مسلمین ضلع سکھر کے مسئولین چوہدری اظہر حسن، آفتاب میرانی،منتظر مھدی، ضلعی سیکریٹری جنرل ملیرکراچی احسن عباس کے ہمراہ لاڑکانہ میں سیکریٹری جنرل جناب طارق حسین بدوی سے ان کی والدہ اور بھائی کے انتقال پر ان سے تعذیت کی. اس موقعہ پر لاڑکانہ کی ضلعی کابینہ کے اراکین طارق رسول انڑ، مشتاق علی میمن، حق نواز اعوان، اعجاز علی سولنگی، عبدالرزاق جمالی، ڈاکٹر نبی ڈنو اور توحید حیدر ابڑو بھی موجود تھے. فاتحہ خوانی کے بعد تنظیمی امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی.

وحدت نیوز (اسلام آباد) صدر اسلامی جمہوریہ ایران ڈاکٹرحسن روحانی نے دورہ پاکستان کے دوسرے دن سرینا ہوٹل اسلام آباد میں علماء اور دانشوروں کے ساتھ نشست سے خطاب کیا، اس موقع پرمجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ امین شہیدی ، علامہ اصغر عسکری، علامہ اقبال بہشتی، علامہ مقصودڈومکی، علامہ سبطین حسین الحسینی سمیت ملک بھر سے جید علمائے کرام اور دانشور حضرات نے تقریب میں شرکت کی، جبکہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری دورہ سندھ کے باعث تقریب میں شرکت نہ کرسکے، تقریب وقت مقررہ سے ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے شروع ہو ئی جس کے باعث علامہ امین شہیدی اور ڈاکٹر ابولخیر محمد زبیرخطاب نہ کرسکے،علماء کی جانب سے نمائندہ خطابات جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق اور شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کیا۔ اس موقع پر بے نظیر بھٹو یونیورسٹی پشاور کی وائس چانسلر ڈاکٹر رضیہ سلطانہ اور فارسی زبان کے استاد پروفیسر ڈاکٹر اکرم شاہ اکرام نے بھی خطاب کیا۔



وحدت نیوز(مظفرآباد ) علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے کہا ہے کہ لاہور لہو لہو، گلشن اقبال پارک دھماکے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ،شہداء کے لواحقین سے اظہار ہمدردی جبکہ زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں ، دہشت گرد اسلام و پاکستان دشمن ، ان کا خاتمہ ناگزیر ہے ، تکفیری و انتہائ پسند قوتیں غیر ملکی ایجنٹ ہیں ، اغیار کے ایجنڈوں کی تکمیل ان کا مشن ہے ، مملکت خداداد پاکستان کو ان سے پاک کیا جائے ، لاہور میں ہونے والے سانحے میں ملوث عناصر کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے ، آپریشن ضرب عضب اہداف کے حصول میں ناکام نظر آ رہا ہے، یہ آپریشن اس وقت تک کامیاب نہیں جب تک ملک کے گلی کوچوں سے دہشت گر دوں ،ناسوروں و سفاک درندوں کا خاتمہ نہ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان آزاد جموں و کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے یہاں صحافیوں سے بات چیت میں کیا ۔

 انہوں نے کہا دہشت گرد تکفیری عناصر اس ملک کو آگ و خون کی بارش میں نہلانا چاہتے ہیں ، سوال ہے کہاں ہیں قانون نافذ کرنے والے ادارے ؟ کہاں ہیں نیشنل ایکشن پلان کے ثمرات؟ کالعدم جماعتوں پر پابندیاں کیا صرف کاغذی تھیں ؟ ان کی مشکوک سرگرمیوں پر خاموشی لمحہ فکریہ ہے، اس صورتحال میں وزیراعظم پاکستان ، وزیرداخلہ اور وزیراعلیٰ پنجاب کو قوم کے سامنے آ کر جواب دینا چاہیے ۔ لاہور میں ہونے والا واقعہ دلوں کو دہلاگیا، درندگی کی انتہائ ، ان عناصر کے کنٹرول کرنے میں ذمہ داران مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں ، اگر انسان کا بنیادی حق زندگی ہی اسے میسر نہیں توکیا کیا جائے؟ حکومت عوام کی جان و مال کی حفاظت کی ذمہ دار، مگر کہاں سوئی ہوئی ہے؟ لاہور میں اتنا بڑا واقعہ ہو گیا، میڈیا چلا چلا کر بتاتا رہا، مگر کوئی بھی ذمہ دار میڈیا پر نہیں آیا کیوں، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ لاہور میں ہونے والے واقعے میں ملوث عناصر کو بے نقاب کرنے کے لیے ہر قسم کے وسائل کو بروئے کار لایا جائے، کیفر کردار تک پہنچایا جائے ، ایسے عناصر کو چوکوں چوراہوں میں نشان عبرت بنا دیا جائے ۔

وحدت نیوز (مشہد) مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشہد مقدس کے سیکرٹری جنرل حجتہ الاسلام عقیل حسین خان نے لاہور میں ستر سے زیادہ بے گناہ افراد کی شہادت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ آج پوری ملت سوگوار ہے۔ دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ اس واقعے کا ذمہ دار پنجاب حکومت کا نااہل حکمران ہے جس کے نزدیک پنجاب میں طالبان کا کوئی وجود نہیں۔ سیکرٹری جنرل شعبہ مشہد مقدس نے کہا کہ لاکھوں افراد ملک بھر میں دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ گئے پر ابھی تک ہمارے حکمرانوں کو معلوم نہ ہو سکا کہ اس کے پیچھے کون ہے جبکہ آج سب پر واضح ہو چکا ہے کہ سعودی وہابی تکفیری سوچ نے ہی پوری دنیا کے امن کو خطرے میں ڈالا ہوا ہے۔ عقیل حسین خان نے کہا ملک بھر میں جتنے بھی دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں انکے پیچھے سعودی تکفیری سوچ کے مدارس ہیں اور جب تک ان کے اور ان کے سر پرستوں کے خلاف کاروائی عمل میں نہیں لائی جاتی مادر وطن میں امن و امان ممکن نہیں۔ ان تکفیری عناصر کے سرپرست اسلام آباد میں اور رانا ثنااللہ کی صورت میں خود حکومت کے اندر موجود ہیں اس لئے اس حکومت سے کسی خیر کی توقع رکھنا ہی فضول ہے۔ اور اب پوری پاکستانی قوم کی امیدیں پاکستان آرمی پر لگی ہوئی ہیں۔

وحدت نیوز(لاہور) گلشن اقبال پارک کے اندر ہونیوالے دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 70 سے تجاوز کر چکی ہے۔ دھماکہ پارک کے گیٹ نمبر ایک کے قریب ہوا، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 70 افراد جاں بحق اور 300 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں، جب کہ صوبائی وزیر بلال یاسین نے بھی 51 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ گلشن اقبال پارک کے گیٹ پر دھماکے کے بعد امدادی ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو فاروق اور شیخ زید ہسپتال منتقل کیا۔ زخمیوں میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔ فاروق ہسپتال میں بستروں کی کمی کے باعث زخمیوں کو دیگر ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ امدادی ٹیمیں جناح ہسپتال میں بھی زخمیوں کو منتقل کر رہی ہیں، جہاں 36 افراد کی لاشیں موجود ہیں۔ جناح ہسپتال میں متعدد زخمیوں کو لایا گیا، جس کے بعد چھٹیوں پر گئے ڈاکٹروں کو بھی دوبارہ طلب کر لیا گیا اور انتظامیہ کی جانب سے عوام سے خون کے عطیات کی اپیل کی گئی ہے اور شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ ہسپتال میں جمع نہ ہوں، کیونکہ شدید رش کے باعث امدادی کاموں میں دشواری کا سامنا ہے۔

دوسری جانب دھماکے کے بعد شہر بھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی جبکہ جائے وقوعہ پر پولیس کی بھاری نفری نے پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور نے گلشن اقبال پارک کے گیٹ نمبر ایک پر خود کو دھماکے سے اڑایا اور دھماکے کی نوعیت انتہائی شدید تھی، جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گلشن اقبال پارک کا کنٹرول پاک فوج نے سنبھالتے ہوئے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا، جب کہ ملٹری پولیس کے دستوں نے بھی پارک کو گھیرے میں لے لیا۔ عینی شاہدین کے مطابق ایک مشکوک شخص جس کی عمر 20 سے 25 سال کے درمیان تھی اور اس کا رنگ گندمی تھا، پارکنگ ایریا میں پھر رہا تھا اور وہیں دھماکہ ہوا۔ صدر ممنون حسین کا دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہنا ہے کہ بزدلانہ کارروائیوں سے دہشتگردی کیخلاف عزم متزلزل نہیں ہوگا جبکہ وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں واقع گلشن اقبال پارک میں خودکش دھماکے سے 65 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمی اور جاں بحق ہونے والے افراد میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ خودکش دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس سے پورا علاقہ دہل کر رہ گیا اور ہر طرف افراتفری پھیل گئی۔ پولیس کے مطابق یہ دھماکہ گلشن اقبال پارک کے گیٹ نمبر ایک کے قریب ہوا۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری، فائر بریگیڈز کا عملہ، بم ڈسپوزل سکواڈ اور امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، جنہوں نے علاقے کو مکمل گھیرے میں لے کر سیل کر دیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق خودکش دھماکے میں 20 کلو سے زائد بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ بارودی مواد میں بال بیرنگ کا استعمال بھی ہوا۔ پولیس ذرائع کے مطابق خودکش بمبار کی عمر 20 سے 22 سال تھی۔

وزیراعلٰی پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے خودکش حملے کی پرزور الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے دہشتگردی واقعے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے صوبہ بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم بھی سرنگوں رہے گا۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ڈاکٹر حیدر اشرف کا دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عینی شاہدین اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق گلشن اقبال پارک میں ہونے والا یہ دھماکہ خودکش تھا۔ صوبائی مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ خودکش دھماکے کے بعد لاہور کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ ہسپتالوں میں تمام ڈاکٹرز اپنی ڈیوٹی پر موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ہسپتالوں میں لائے گئے زخمیوں کی تعداد 200 سے زائد ہے جبکہ 50 سے زائد افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ انہوں نے عوام سے خون کے عطیات دینے کی اپیل کی ہے۔ گلشن اقبال پارک میں خودکش دھماکے کے بعد شہر کے تمام تفریحی مقامات خالی کرا لئے گئے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت میں دھماکے کے بعد پنجاب بھر میں سکیورٹی بھی انتہائی سخت کر دی گئی ہے۔ کئی مقامات پر سرچ آپریشنز کی اطلاعات بھی ہیں۔ قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے شہریوں سے اپنے اردگرد کے ماحول پر نظر رکھنے کی اپیل بھی کی ہے۔

وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے لاہور پارک دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ معصوم انسانی جانوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ ایک پارک میں خودکش دھماکہ بربریت کی بدترین مثال ہے۔ قیمتی انسانی جانوں کے اس ناقابل تلافی ضیاع پر جتنا بھی افسوس کیا جائے وہ کم ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں ناکام رہی، جس کا بنیادی سبب حکومتی صفوں میں ایسے عناصر کی موجودگی ہے، جو کالعدم مذہبی جماعتوں کے لئے نرم گوشہ رکھتے ہیں اور انہیں حکومتی آشیر باد حاصل ہے۔ جب تک پنجاب حکومت کی صفوں سے ان امن دشمن قوتوں کو نکالا نہیں جاتا تب تک امن کا قیام ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کو حکومت اپنے مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیوں کے لئے استعمال کرنے کی بجائے دہشت گردی کی سرکوبی کے لئے بروئے کار لائے۔ ایسے تمام مدارس، شخصیات اور کالعدم جماعتوں سے حکومت بخوبی آگاہ ہے، جو بھاری بیرونی فنڈنگ پر چلتے ہیں۔ ان عناصر کے خلاف فوری کریک ڈاون ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا اگر حکومت دہشت گردی کے خاتمے میں سنجیدہ ہے تو پنجاب بھر میں دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے خلاف بلا تاخیر آپریشن شروع کرے۔ دہشت گردی کے بدترین واقعات پر قابو پانے کے لئے کوئی دوسری رائے قابل عمل نہیں۔ اس کا واحد حل فوری گرفتاریاں اور عبرت ناک سزاؤں کو یقینی بنانے میں ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree