The Latest

وحدت نیوز (کراچی) عالمی شہرت یافتہ پاکستانی قوال امجد صابری کی ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی پر قابو پانے میں حکومتی ناکامی کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کی جانب سے مسجد شاہ خراسان سے نمائش چورنگی تک احتجاجی ریلی نکالی گئی اور علامتی دھرنہ دیا گیا۔ اس موقع پر علماء کرام، عہدداران اور کارکنان کی بڑی تعداد شریک تھی۔ شرکاء نے امجد صابری کے مظلومانہ قتل اور حکومتی نااہلی کے خلاف بینر اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرے کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی، علامہ عقیل موسیٰ، علامہ نشان حیدر، صغیر عابد رضوی، سہیل عباس، ناصر حسینی سمیت دیگر نے کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ امجد صابری کو حب اہلبیت اطہار علیہم السلام کی سزا دی گئی ہے، دہشت گردوں نے اس ملک کو تختہ مشق بنا رکھا ہے، آئے دن بے گناہ مظلوم شہریوں کو دن دیہاڑے قتل کر دیا جاتا ہے، حکومت اور قومی سلامتی کے ذمہ دار ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، کراچی جیسے پررونق شہر کو دہشت گردوں نے اپنی محفوظ پناہ گاہ بنایا ہوا ہے، اسی طرح پنجاب بھر میں لشکر جھنگوی سمیت دیگر دہشت گرد تنظیمیں آزادانہ طور پر اپنی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کو حکومت اپنے مخالفین کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے، حاکمیت کے شوقین حکمران عوامی مشکلات سے انجان بنے بیٹھے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت بدنیتی کا مظاہرہ کر رہی ہے، اگر کالعدم مذہبی تنظیموں کے خلاف ملک بھر میں بھرپور کارروائی کی جاتی تو آج وطن عزیز میں کافی حد تک امن قائم ہو جاتا، یہ حقیقت روز روشن کی طرح آشکار ہے کہ ملک میں دہشت گردی کی مسلح کارروائیوں کی پیچھے کالعدم مذہبی تنظیموں کا ہاتھ ہے، جب تک یہ ہاتھ نہیں کاٹے جاتے، تب تک بے گناہ لاشیں گرتی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کراچی میں جسٹس سجاد علی شاہ کے صاحبزادے اویس شاہ کا اغوا اور امجد صابری کا قتل قانون نافذ کرنے والے اداروں کے منہ پر طمانچہ ہے، دہشت گرد عناصر نے حکومت پر واضح کر دیا ہے کہ وہ اپنی کارروائیوں میں مکمل طور پر آزاد ہیں۔ صوبائی رہنما ایم ڈبلو ایم نے مطالبہ کیا کہ کراچی سمیت ملک بھر میں کالعدم مذہبی تنظیموں کی سرگرمیوں پر مکمل پابندی لگائی جائے، ان مدارس کو بند کیا جائے، جہاں تکفیر کا درس اور وطن عزیز کے خلاف نفرت کا سبق پڑھایا جاتا ہے۔ مظاہرین نے امجد صابری کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سربراہ آغا علی رضوی نے اپنے ایک مذمتی بیان میں کہا ہے کہ ملک کے نامور نعت خواں، منقبت خواں اور قوال امجد صابری کی شہادت دہشتگردوں، کلعدم جماعتوں کو کھلی چھوٹ دینے اور ان تکفیری دہشتگردوں کے خلاف ملک گیر آپریشن نہ کرنے کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ مبارک رمضان میں کراچی جیسے اہم شہر میں اس شخصیت کا قتل ہونا سکیورٹی اداروں کی ناکامی اور دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن پر کی کامیابی پر سوالیہ نشان ہے۔ امجد صابری جو کہ عاشق رسولؐ اور محب اہلبیتؑ تھے ان کی شہادت تکفیری دہشتگردوں کی سیاہ کاریوں کا تسلسل ہے، جو ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے پر تلے ہوئے ہیں۔

آغا علی رضوی کہا کہ سکیورٹی ادارے کب بے گناہوں کے قاتلوں اور تکفیری دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔ ملک بھر میں دہشتگردی میں ملوث کلعدم جماعتوں کی پشت پناہی کا سلسلہ حکومت کی جانب سے کب ختم ہوگا۔ کب دہشتگردوں کے لیے پاکستان کی زمین تنگ کی جائے گی اور کب ان کے خلاف ملک گیر آپریشن کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امجد صابری کو شہید کر کے مدحت محمد و آل کو روکنے کی یزیدی کوشش ہے جو کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ امجد صابری نے نہ صرف نعت گوئی، منقبت خوانی اور قوالی کو معراج عطا کی بلکہ وہ میڈیا پر عملی طور پر امن و محبت کی پرچار کرتے رہے اور تکفیری نظریات کی بیخ کنی کرتے رہے۔ انہوں نے ہمیشہ دہشتگردوں اور تکفیریوں کے نظریات کی مخالفت کرتے رہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ انکے قاتلوں کو تختہ دار پر لٹکایا جائے۔

وحدت نیوز(کراچی)شہر قائد کے علاقے لیاقت آباد میں گاڑی پر موٹر سائیکل سوارتکفیری  دہشتگردوں کی فائرنگ سے عالمی شہرت یافتہ قوال امجد صابری شہید  ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد نمبر 10 میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے امجد صابری کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں امجد صابری زخمی ہوئے، جنہیں تشویشناک حالت میں عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا، مگر وہ جانبر نہ ہو سکے۔ امجد صابری کو چہرے اور سینے پر گولیاں لگی ہیں، تاہم سینے پر لگنے والی گولی انکے لیے جان لیوا ثابت ہوئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قوال امجد صابری ٹی وی پروگرام میں شرکت کیلئے جا رہے تھے کہ گھات میں بیٹھے نامعلوم حملہ آوروں نے انکی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی۔

فائرنگ کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امجد صابری کی رہائش بھی اسی علاقے میں واقع ہے اور وہ ایک ٹی وی پروگرام میں شرکت کیلئے ڈرائیور کے ہمراہ جا رہے تھے کہ گھر سے 2 کلو میٹر دور ہی فائرنگ کا نشانہ بن گئے۔ گاڑی میں امجد صابری کے ہمراہ انکے بیٹے اور بھتیجے بھی موجود تھے، تاہم وہ فائرنگ سے محفوظ رہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ امجد صابری کی گاڑی پر 11 گولیاں فائر کی گئیں، جبکہ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امجد صابری کو 6 گولیاں لگی ہیں۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے نامور قوال امجد صابری کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کالعدم جماعتوں کی کارستانی قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات حکومت کی دہشت گردوں کے خلاف کاروائی میں تساہل پسندی کا نتیجہ ہیں۔ کراچی میں قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر بے بس دکھائی دے رہے ہیں۔حکومتی صفوں میں دہشت گردوں کے لیے نرم گوشہ رکھنے والوں کی موجودگی ایسے واقعات کا باعث ہے جب تک ریاستی اداروں میں موجود کالی بھیڑوں کا صفایا نہیں ہوتا تب تک دہشت گرد اسی طرح معصوم جانوں کو نشانہ بناتے رہیں گے۔انہوں نے کہا امجد صابری کو محب اہلبیت ہونے کی سزا دی گئی ہے۔ایک مصروف شاہراہ پر قتل کی یہ واردات قانون نافذ کرنے والوں کی نا اہلی اور لاپرواہی کی بدترین مثال ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ امجد صابری کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے عبرت ناک سزا دی جائے۔علامہ ناصر عباس نے مرحوم کی بلندی درجات اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس سجاد علی شاہ کے صاحبزادے ایڈوکیٹ اویس سجاد کی پرسرار گمشدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ماضی میں اس طرح کے واقعات میں کالعدم مذہبی جماعتیں ملوث رہی ہیں۔جب تک ان کالعدم جماعتوں کا مکمل صفایا نہیں ہوتا تب تک قانون و انصاف کی بجائے ظلم و بربریت کا راج رہے گا۔ملک دشمن عناصر نے ہائی کورٹ کے جسٹس کے بیٹے کو اغوا کر کے عدلیہ پر حملہ کیا اور یہ ثابت کرنے کی کوشش کی ہے کہ ان کی گرفت تاحال مضبوط ہے اور انہیں کسی بھی شخصیت تک بآسانی رسائی حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر سندھ حکومت دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کرتی اور کالعدم جماعتوں کو پنپنے کا موقعہ فراہم نہ ہوتا تو آج صورتحال مختلف ہوتی۔ ملک میں امن و امان کی ناگفتہ بہ صورتحال کے باعث ہر شخص عدم تحفظ کا شکار ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اپنی ذمہ داریاں مزید چوکس رہ کر ادا کرنا ہو گئیں۔ اویس سجاد کی بازیابی کے لیے سندھ حکومت کی طرف سے فوری اقدامات انتہائی ضروری ہیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الہی اور سابق صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے اپنے اعلی سطح کے وفد کے ہمراہ ایم ڈبلیو ایم کے احتجاجی کیمپ میں مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ چوہدری پرویز الہی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک ملک گیر سیاسی و مذہبی جماعت کے سربراہ گزشتہ 40 روز سے بھوک ہڑتال پر ہیں اور حکومت ان کے مطالبات پر کان نہیں دھر رہی جو سراسر زیادتی ہے۔ انہیں انصاف دینا وفاقی حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے مگر حکومت کی جانب سے تاحال کسی بھی قسم کی پیش رفت نہ ہونا انتہائی افسوسناک ہے۔ انہیں خوامخواہ دیوار کے ساتھ لگایا جا رہا ہے۔ ہم اس پرامن احتجاج کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور حکومت کو یہ باور کرانے آئے ہیں کہ ان کے مطالبات تسلیم کیے جائیں بصورت دیگر حالات کی ذمہ داری حکومت پر ہو گی۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے کہ احتجاجی کیمپ میں آمد پر دونوں سیاسی رہنماوں اور ان کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سفاک اور بےحس ہو چکی ہے۔ اس وقت احتجاج کا یہ سلسلہ یورپ سمیت دنیا بھر کے تمام ممالک میں پھیل چکا ہے لیکن یہاں سے دو کلومیٹر سے بھی کم مسافت پر وزیر اعظم ہاوس، پریزیڈنسی، پارلیمنٹ، سپریم کورٹ اور دیگر وزارتیں موجود ہیں لیکن کسی میں اتنی اخلاقی جرات نہیں کہ وہ آکر ہماری بات کو سن سکے۔ ان جابر حکمرانوں سے جمہوریت کا ڈھونگ رچایا ہوا ہے۔ انہیں عوام کی بالکل پرواہ نہیں۔ حکومت اس پرامن احتجاج کو مشتعل کرنے کی دانستہ کوشش میں مصروف ہے۔ ہم ایک مہذب اور پُرامن قوم ہیں۔ حکومت اپنے شاطرانہ ہتھکنڈوں سے ہمیں پُر تشدد راستے پر نہیں لے جا سکتی۔ ہم نے پرامن انداز میں اپنے احتجاج کے سلسلے کو آگے بڑھانا ہے۔ نیوز بریفنگ میں علامہ ظفر حسن نقوی، علامہ اصغر عسکری اور نثار فیضی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

وحدت نیوز (جامشورو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندہ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی نے اصغریہ کے مرکزی سیکریٹریٹ المہدی سینٹر جامشورو پہنچ کر اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر برادر فضل حسین اصغری اور اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی صدر سے ملاقات کی علامہ مقصودڈومکی نے دونوں رہنماؤں کو گذشتہ ایک ماہ سے جاری قائد وحدت علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی بھوک ہڑتال اوراحتجاجی تحریک کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی،اصغریہ آرگنائزیشن اور اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنایزیشن کے مرکزی قائدین نے ریاستی جبروتشدد کے خلاف جاری قائد وحدت علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی پر امن جمہوری جدوجہد کی مکمل حمایت کا اعلان کیااور اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔

وحدت نیوز (سرگودھا) متعصب ایف آئی اے اور پنجاب پولیس کے ہاتھوں لاہور ائیرپورٹ سے گرفتار ہونے والی پاکستانی شہری سیدہ مسرت بانو مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی خصوصی کوششوں سےرہا ہوگئیں، زرائع کے مطابق ہفتے کودینی طالبہ  سیدہ مسرت بانو ایران کے شہر مشہد سے لاہور پہنچی ہی تھیں کہ متعصب ایف آئی اے انتظامیہ اور پنجاب پولیس نے انہیں دہشت گرد قرار دے کرگرفتار کرکے سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا تھا، جس کے بعد سیدہ مسرت بانو کو سرگودھا منتقل کر دیا گیا تھا۔اطلاعات کے مطابق سوشل میڈیا پر بلاجواز گرفتاری کی خبر آتے ہی پاکستانی اداروں پر شدید تنقید کی گئی تھی، جس کے بعد مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنی خصوصی کوششوں سے سیدہ مسرت بانو کو رہائی دلائی، جس پر سیدہ مسرت بانو کے اہل خانہ نے اسلام آباد پریس کلب کے سامنے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے بھوک ہڑتالی کیمپ پہنچ کر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا تہہ دل سے خصوصی شکریہ ادا کیا۔

مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے سیدہ مسرت بانوکی بلاجواز گرفتاری پر اپنے ردعمل میں کہا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران سے صرف تبلیغ کے لئے پاکستان آنے والی خاتون کو اس انداز میں ایئرپورٹ سے گرفتار کرنا سراسر ظلم و زیادتی ہے،  عالمہ اور مبلغہ جو اسلامی جمہوریہ ایران سے صرف تبلیغ کے لئے پاکستان آئیں تھیں، انہیں ایئرپورٹ پر ایف آئی اے نے گرفتار کیا اور انسداد دہشت گردی کے ادارہ (سی ٹی ڈی) کے حوالہ کر دیا،جنہیں بعد ازاں عدم ثبوتوں کی بنیاد پر رہا کرنا پڑا،اس عمل سے ریاستی اداروں کا تعصب ظاہر ہوتا ہے ، مقتدر حکمران اور عسکری قیادت اس متعصبانہ اقدام کا فوری نوٹس لیں سازش میں ملوث اہلکاروں کو فوری معطل کیا جائے ۔

وحدت نیوز(ٹیکسلا) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ،امامیہ آرگنائزیشن اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کےباہمی اشتراک سے جامعۃ القائم ٹیکسلا میں عظمت شہداء کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس سے مختلف علماء کرام نے خطاب کیا ۔تنظیمی عہدہ داروں ،علماء اور علاقے کے عمائدین نے اس کانفرنس میں بھر پور شرکت کی ۔ عظمت شہداء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کےمرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل جناب حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ احمداقبال رضوی نے کہاکہ آج پاکستان میں بنو امیہ کا دور دہرایا جا رہا ہے اور شیعیان حیدر کرار کو مختلف بہانو ں سے دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔عزادار وں کے خلاف بے بنیاد مقدمات بنائے جا رہے ہیں اور انہیں پابند سلاسل کیا جارہا ہے ،خطباء و واعظین پر ایک ضلع سے دوسرے اضلاع تبلیغ دین کے سلسلے میں پابندی لگائی جارہی ہے ۔ عزاداری کے اوقات کو محدود کیا جارہا ہے ۔ماتم داری اور عزاداری کے جلوسوں کے روٹوں کو تبدیل یا اس کے ٹائم میں کمی کی جارہی ہے ۔ شیعہ وسنی مکتب فکر کی جانب سے ہر قسم کی مذہبی مجالس اورمحافل کے انعقاد پر قدغن لگائی جارہی ہے ۔ یہ ظلم ہے اور ہم ملکر اس ظلم کا مقابلہ کریں گے ۔ شیعہ وسنی میں کوئی اختلاف نہیں ۔ہمارا اختلاف تکفیری سوچ سے ہے جو ملک کی جڑوں کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے ۔ جس سے ملک میں بدامنی اور فرقہ واریت کو ہوا دی جارہی ہے ۔ اس سوچ کے حامی آج اسٹبلشمنٹ کے اندر موجود ہیں ۔جو اس سوچ کو وطن عزیزمیں پروان چڑھانے میں ممدومعاون رہے ہیں ۔
    
آج شیعہ و سنی میں وحدت ہے ۔ ہم اپنے اپنے نظریے پر قائم رہتے ہوئے اور ایک دوسرے کے مقدسات کا احترام کرتے ہوئے انشاءاللہ عید کے بعد اپنی احتجاجی تحریک کو ایک نئی جہت دیں گے ۔ ہم ہر قسم کے ظلم کے خلاف ملکر مقابلہ کریں گے اور اپنے شہداء سے کیے گئے وعدوں کو نہیں بھلائیں گے ۔ ہم کب تک صبر کریں ؟کراچی ،کوئٹہ ، پاراچنار ،ڈیرہ اسماعیل خان ، گلگت بلتستان جہاں شیعیان حیدرکرار کی آبادیاں ہیں، کو مقتل گاہ میں تبدیل کردیا گیا ۔ ہماری زمینوں پر قبضہ کرایا جارہا ہے ۔ ہماری احتجاجی تحریک خالصتاً آئینی اور قانونی ہے ۔ ہماری اس تحریک کو دنیا میں سراہا جا رہا ہے ۔ ہم ہر قسم کے تشدد کے خلاف ہیں ۔ہم اپنا حق پر امن طریقے سے مانگ رہے ہیں ۔ اب ہماری آواز کو دبایا نہیں جا سکتا ۔ ہم اپنے حقوق کو لے کر رہیں گے ۔ انشاءاللہ عید الفطر کےبعد قائد وحدت نے لانگ مارچ کی کال دے دی ہے ۔اس لانگ مارچ کا قوم بھرپور ساتھ دے گی ۔اس لانگ مارچ کا رخ حکومت کے ایوانوں کی جانب ہو گا ۔ اب ہم خاموش نہیں رہیں گے اور ہر ظلم کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ہم نے اس وطن عزیز کی خاطر قربانیاں دی ہیں اور ہم اپنے شہداء کے ناحق بہائے گئے خون سے بے وفائی نہیں کریں ۔ہم ملک پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے میں اپنا بھر پور کردار اداکرتے آئے ہیں اور ادا کرتے رہیں گے ۔

وحدت نیوز(اٹک) علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان کےبهوک ہڑتالی کیمپ کے مطالبات کی حمایت میں ملک گیر تحریک کے سلسلہ میں صوبہ پنجاب میں رابطہ مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے،مجلس وحدت مسلمین پاکستان پنجاب کی ھنگر سٹرائیک 4 جسٹس کے حوالے سےعوامی رابطہ مہم کے سلسلہ میں  ضلع اٹک کے زیر اہتمام سنجوال مسجد جعفر یہ میں ضلع بھر کی ماتمی سنگتوں ، علماء کرام زاکرین ، بانیان مجالس ، متولیان مساجد و امام بارگاہ ، اور مختلف طبقہ ھائے زندگی سے تعلق رکھنے والے عمائدین ملت کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا گیا جس کی صدارت نامزد ضلعی أرگنائزر سید باقر حسین نقوی نے کی شرکاء کی بڑی تعداد سے علامہ اعجاز حسین بہشتی مرکزی سیکرٹری تربیت ، برادر نثار علی فیضی مرکزی سیکرٹری تعلیم اور نامزد سیکرٹری جنرل سید باقر نقوی نے شیعہ نسل کشی کے خلاف ناصر ملت علامہ راجہ ناصر عباس کی بھوک ہڑتال کے اغراض و مقاصد اور اب تک کی پیش رفت پر خطاب کیا ، علامہ اعجاز بہشتی نے کہا کہ یہ بھوک ہڑتال اور تحریک ملت کی عظمت کی عکاس ہے جو کامیابی سے ہمکنار ہو گی اس موقعہ پر شرکاء نے مجلس وحدت مسلمین کی شیعہ نسل کشی کے خلاف تحریک میں بڑھ چڑھ کر شرکت کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree