The Latest

وحدت نیوز(مانٹرنگ ڈیسک) اسکردو سے تعلق رکھنے والا پاکستان کا پہلا کوہ پیماء جس نے آکسیجن کے بغیر ماونٹ ایورسٹ پر پاکستان کا پرچم لہزایا، دنیا کی چھ بلند ترین چوٹیاں سر کیں اور تین ورلڈ ریکارڈ بنائے، آج بے بسی کی تصویر بنا راولپنڈی کے ہسپتال میں کسی مسیحا کی امداد کا منتظر ہے۔ حکومتی امداد کے بغیر اپنی مدد آپ کے تحت بغیر آکسیجن کے دنیا کی بلند ترین چوٹی کو اپنے عزم و ہمت اور جواں مردی سے پاوں تلے روندنے والا وطن کا یہ شیر دل سپوت آج کینسر کے مرض میں مبتلا، شدید مالی مشکلات سے دوچار، زندگی کی بازی لڑنے میں مصروف ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومت نے انکے علاج کے لئے زبانی دعویٰ تو کیا ہے لیکن عملی طور پر تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے۔ حسن سدپارا کا تعلق اسکردو کے نواحی گاوں سدپارا سے ہے اور غریب خاندان کے چشم و چراغ ہیں۔ انہوں نے ماونٹ ایورسٹ سمیت دنیا کی چھ اونچی چوٹیاں سر کرکے سبز ہلالی پرچم لہرا کر پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کیا تھا، لیکن اس عظیم قومی ہیرو کی خدمات کو سراہتے ہوئے انکے علاج کے لئے کوئی تیار نہیں۔ دوسری طرف حسن سدپارہ کے پاس اتنی مالی وسعت نہیں کہ وہ اس مہلک مرض کا علاج کروا سکے۔ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ انکی خدمات کو سراہتے ہوئے فوری طور پر انکے علاج معالجے کا مناسب انتظام کرے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ترجمان علامہ مختار امامی نے مرکزی میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی بڑی ہمشیرہ کے انتقال پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی و صوبائی رہنماوں سمیت ملک اور بیرون ملک مقیم تنظیمی ذمہ داران اور ہمدردوں نے اظہار تعزیت کیااور ملک بھر کے صوبائی و ضلعی دفاتر میں تعزیتی اجلاس و فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا،مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماوں علامہ احمد اقبال رضوی،علامہ امین شہیدی،سید ناصر شیرازی،علامہ مبارک موسوی،علامہ مقصود ڈومکی،علامہ سید علی رضوی،علامہ تصور جوادی،علامہ حسن ظفر نقوی،علامہ باقر زیدی،علامہ ہاشم موسوی،علامہ محمد اقبال بہشتی،علامہ اعجاز حسین بہشتی،سید اسد عباس نقوی سمیت دیگر رہنماوں نے جنازے میں شرکت کی،اس موقع پر مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماوں نے بھی شرکت کی اور علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے انکی ہمشیرہ کے انتقال پر اظہار تعزیت بھی کیا،مرکزی ترجمان کے مطابق مرحومہ کی رسم قل 12نومبر بروز ہفتہ ان کے آبائی گاوُں شکریال میں ادا ہوگی۔

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری سیاسیات سید علی حسین نقوی نے سابق سینٹر سیدفیصل رضا عابدی کی رہائی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے اصولی موقف اور انصاف کی فتح قرار دیا ہے. انہوں نے کہا کہ کچھ نادیدہ طاقتیں کراچی کے امن وسکون کوخراب کرنے اور فرقہ وارنہ تعصب کو ابھارنے کے لیے مذموم عزائم کی تکمیل چاہتی تھیں. فیصل رضا عابدی اور علامہ مرزا یوسف حسن کی گرفتاری اسی سازش کی کڑی ہے.۔ سندھ میں امن و امان کی خرابی کی ذمہ دار وہ کالعدم مذہبی جماعتیں ہیں جو نام بدل کر ابھی تک ملک دشمن سرگرمیوں میں مصروف ہیں. جب تک ان کو لگام نہیں دی جاتی تب تک حالات کی بہتری ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ادارے اپنی ذمہ داری کی ادائیگی میں آئین و قانون کی بالادستی کا یقینی بنائیں تو پھر قانون و انصاف کی حکمرانی ہو گی اور جرائم پیشہ افراد قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم کراچی سمیت پورے ملک میں امن کے خواہاں ہیں۔اس سلسلے میں حکومت کے ساتھ ہماری طرف سے ہر طرح کا تعاون کیا جائے گا۔دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کو بھی چاہییے کہ وہ کراچی سمیت ملک بھر کی ترقی و استحکام کے لیے مثبت انداز سے آگے بڑھیں۔انہوں نے کہا کہ اربعین امام حسین علیہ السلام کے موقعہ پرتمام جلوسوں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے تاکہ دہشت گرد قوتوں کو کسی شر پسندی کا موقعہ نہ مل سکے۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا کہ وطن عزیز کو دہشت گردی کے عفریت سے چھڑانے کے لیے سہولت کاروں کے گرد گھیرا تنگ کرنا ہوگا۔یہی عناصر دہشت گردوں کے حوصلوں میں تقویت کا باعث ہیں۔ملک کا حقیقی امن سہولت کاروں کے خاتمے سے مشروط ہے۔سندھ حکومت کی طرف سے دہشت گردی کے خاتمے کا عزم لائق تحسین ہے۔حکومت سندھ اس سلسلے میں عملی اقدامات کرے۔مجلس وحدت مسلمین کی طرف سے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کی راہ میں سے بڑی رکاوٹ وہ کالعدم مذہبی جماعتیں ہیں جو نام بدل کر اب بھی اپنی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ان جماعتوں کے خلاف بلاتخصیص کاروائی کی جانی چاہیے۔ سندھ میں مختلف جماعتوں کی طرف سے اجتماعات میں شر انگیر اور مذہبی منافرت پر مبنی تقاریر کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ ملک دشمن عناصر کا یہ طرز عمل نیشنل ایکشن پلان اور آئین و قانون کو سر عام چیلنج کرنے کے مترادف ہے۔یہی قوتیں ریاست کے امن واستحکام کی دشمن ہیں جب تک ان کو انصاف کے کٹہرے میں نہیں لایاجاتا تب تک ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کا عزم محض خواب و خیال ہی سمجھا جائے گا۔کراچی میں نامور شیعہ افراد کے قتل میں نامزد قاتل ابھی تک دندناتے پھر رہے ہیں۔ایسے عناصر کی گرفتاری میں بے جا لچک قانوں و انصاف کی بالادستی اور سندھ حکومت کے کردار کو مشکوک بنا رہی ہے۔ فیصل رضا عابدی اور علامہ یوسف حسن کے خلاف تکفیری گروہوں کی پروپیگنڈہ مہم اپنے ملک دشمن کاروائیوں سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے۔ان مقتدر شیعہ شخصیات کی رہائی میں انصاف کے تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے کسی بیرونی دباو یا مداخلت کو خاطر میں نہ لایاجائے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نیشنل ایکشن پلان کو کالعدم جماعتوں کے خلاف استعمال کرنے کی بجائے انتقامی مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے جو نیپ کی روح کے منافی اور اختیارات کا ناجائز استعمال ہے۔مذہب کا لبادہ اوڑھ کرفرقہ واریت کا زہر پھیلانے والے عناصر ملک دشمن ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔وطن عزیز کے مفادات کے خلاف سرگرم عناصر کے خلاف جب تک سخت کاروائی نہیں کی جاتی تب تک دہشت گردی کے خلا ف مطلوبہ نتائج کا حصول ممکن نہیں۔ نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرتے ہوئے کالعدم جماعتوں کی سیاست و ریاست میں مداخلت اور حصہ داری کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری سید ناصر شیرازی نے سندھ اسمبلی کی ڈپٹی سیکرٹری شہلا رضا کو دھمکی آمیز خط موصول ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معروف سیاست دان و شیعہ ممبر صوبائی اسمبلی کو جان سے مارنے اور اسمبلی کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی کالعدم مذہبی جماعتوں کی مذموم کارستانی ہے۔مک دشمن عناصر قومی سلامتی کے لیے چیلنج بنے ہوئے ہیں۔کالعدم جماعتوں کے سربراہان کے حکومتی وزرا سے مضبوط رابطوں نے ان کے حوصلوں کو تقویت دے رکھی ہے۔جب تک ان سہولت کاروں کو سخت گرفت میں نہیں لیا جاتا تب تک ملک میں کسی بھی شخص کے جان و مال کے تحفظ کی کوئی ضمانت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرتے ہوئے کالعدم جماعتوں کی سیاست و ریاست میں مداخلت اور حصہ داری کو سختی سے ختم کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انکشاف مزیدحیران کن ہے کہ خاتون سیاستدان کو خط راولپنڈی کے علاقے سٹلائیٹ ٹاؤن سے لکھا گیا ہے۔آرمی ہیڈ کوارٹر سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر فعال دہشت گردوں کی موجودگی عالمی سطح پر بھی ہمارے امیج کے لیے نقصان دہ ثابت ہو گی۔انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ کا سنجدگی سے نوٹس لیتے ہوئے شہلا رضا کی سیکورٹی میں اضافہ کیا جائے اور ملک کے تمام شہروں میں کالعدم جماعتوں کے خلاف بھرپور آپریشن کیا جائے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم اقبال کے موقع پر میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا کہ علامہ اقبال نے جس پاکستان کا خواب دیکھا تھا موجودہ پاکستان اس کی حقیقی تعبیر نہیں ہے۔اس عظیم دانشور کا پیغام کسی ایک خطے کے لیے نہیں تھا۔انہوں نے پوری امت مسلمہ کوجھنجھوڑاتاکہ مسلمانوں کی ان کی عظمت رفتہ یاد دلائی جا سکے۔اس وقت امت مسلمہ کی تنزلی و انتشارکا بنیادی سبب باہمی نفاق ہے۔یہی وجہ ہے بیشتر مسلم ممالک تباہ حالی کا شکار ہیں۔علامہ اقبال مسلمانوں کے اتحاد و اخوت کے داعی تھے۔ان کے نزدیک مسلمانوں کی خستہ حالی سے نجات کا واحد راستہ اتحاد امت تھا۔جس کا انہوں نے اپنی شاعری میں بارہا تذکرہ کیا۔علامہ اقبال کے فلسفہ خودی پر عمل ہمیں دنیا کی باقی قوموں کے سامنے باوقار مقام دلا سکتا ہے۔انہوں نے کہا اس وقت ایران سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں علامہ اقبال کی شخصیت پر ڈاکٹریٹ کی تعلیم دی جارہی ہے تاکہ لوگ ایک بہترین فلاسفر،شاعر اور دانشور کی تعلیمات سے آشنا ہو سکیں۔ہمیں اقبال کی تعلیم کو محض شاعری تک محدودرکھنے کی بجائے ان کے فلسفہ کو بھی سکول اور کالجز میں پڑھانا چاہیے تاکہ ہمارے نوجوان ایک بہترین فکر سے روشناس ہو سکیں۔۔زندہ قومیں اپنے محسنوں کی قدر دان ہوتی ہیں۔یوم اقبال کی چھٹی کا منسوخ کیا جانا اس گراں قدر شخصیت سے حکمرانوں کی عدم دلچسپی کا اظہار ہے جو قوم کے لیے تکلیف دہ ہے۔انہوں نے پاکستان کے قومی شاعر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ہر سطح پر تقریبات کا انعقاد ہونا چاہییے۔

وحدت نیوز( بہاولپور) جنوبی پنجاب میں مجلس وحدت مسلمین کی تنظیم نو کا عمل جاری ہے، اس سلسلہ میں گذشتہ روز ایم ڈبلیو ایم ضلع بہاولپور کی ضلعی شوریٰ کا اجلاس منعقد ہوا، شیعہ جامع مسجد بہاولپور میں ہونے والے اس اجلاس میں صوبہ کی نمائندگی کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی اور سیکرٹری تنظیم سازی سید عدیل عباس زیدی نے شرکت کی، جبکہ ضلع بہاولپور کی کابینہ، یونٹس اور عمائدین و علمائے کرام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کثرت رائے سے سید اظہر حسین نقوی کو آئندہ تین سال کیلئے ایک بار پھر ضلعی سیکرٹری جنرل منتخب کر لیا گیا، محمد عباس صدیقی نے منتخب سیکرٹری جنرل سے ان کے عہدے کا حلف لیا، جبکہ سید عدیل عباس زیدی نے حالات حاضرہ پر گفتگو کی۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی شہر میں گیس ناپید ہو گیا ہے،کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں عوام گیس کی عدم موجودگی کے باعث پریشانیوں کا شکار ہیں، جہاں کئی لوگ کھانا پکانے سے محروم ہیں وہی گیس مہنگے دام بکتی نظر آرہی ہے۔گزشتہ دو سال سردیوں میں گیس کا مسئلہ قائم رہا اور تاحال گیس کمپنی کو معتدد علاقوں میں گیس کی فراہمی میں ناکامی کا سامنا ہو رہا ہے۔
مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کے کونسلرز کربلائی عباس علی ، کربلائی رجب علی اور کونسلر سید محمد مہدی نے علمدار روڈ کے بعض علاقوں میں گیس کی عدم موجودگی پر گیس کمپنی سے گیس کی فراہمی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ گیس کمپنی عوام کے ساتھ غلط رویہ اختیار کر رہی ہے، موسم گرما کی نسبت سردیوں میں لوگوں کو گیس کی زیادہ ضرورت درپیش آتی ہیں اور صفر المظفر جیسے مہینے میں جب لوگوں کو نذر و نیاز کرنے ہوتے ہیں اس وقت گیس کمپنی انہیں گیس فراہم نہیں کرتی اور عوام کو انکے حالت زار پر چھوڑ دیا جاتا ہے۔  انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک عام اور واضح بات ہے کہ علاقے کے کسی گھر میں کوئی مریض ہے اور کوئی نونہال سردی کی تاب نہیں لا پاتا ان کیلئے گیس انکی زندگی کاایک بے حد ضروری جزو ہے مگر گیس کمپنی اپنی پالیسیوں کی پیروی سے بعض نہیں آتی اور احساس کو کچھلتے ہوئے گیس کی لوڈ شیڈنگ کرتے ہیں۔ انہوں نے حکومت وقت اور ذمہ داران سے گیس کمپنی کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ حکومت نے اب تک اس بات کا نوٹس نہیں لیا کہ عوام گیس سے محروم ہیں جبکہ حکومت کو چاہئے تھا کہ وہ روز اول ہی گیس کمپنی سے جواب طلب کرتی اور اگر انہیں کوئی مسئلہ درپیش ہیں اسے حل کرتی۔ اب کم از کم ایسا کوئی اقدام اٹھایا جائے کہ جس سے تمام علاقوں کے عوام کو بغیر کسی مسئلے کے گیس میسر ہو جائے۔ بیان کے آخر میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں سے مسئلے کا برقرار ہونا اس بات کی طرف اشارہ کر رہا ہے کہ گیس کمپنی شاید عوامی طاقت کا مظاہرہ دیکھنا چاہتی ہے اسی لئے عوام کوان کے بنیادی ضرورت سے محروم رکھ رہی ہے۔ اگر اس سال یہ مسئلہ حل نہ ہوا تو گیس کمپنی کو شدید احتجاجوں کا سامنا کرنا پڑے گا اور جب عوام اپنے حق کے لئے سڑکوں پر کھڑے ہونگے تو اس وقت ذمہ دار نوٹس نہ لینے والی حکومت اور عوام کو تنگ کرنے والی گیس کمپنی ہوگی۔

وحدت نیوز(مظفرآباد) وفاقی اور صوبائی حکومتیں ظالم اور مظلوم کے درمیان فرق کریں ۔ دہشت گرد یا قاتل کوئی بھی ہو قابل معافی نہیں ، لیکن قتل ہو جانے والوں پر ایف آئی آر کاٹ دی جائے کہاں کا انصاف ہے ۔ کراچی میں بزرگ علماء و زعماء کی گرفتاریاں ناقابل قبول ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے ’’شاعرمشرق‘‘ علامہ اقبال ؒ کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ احمد اقبال رضوی،سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی، معروف عالم دین مرزا یوسف حسین، شیعہ جوانوں کی گرفتاریوں اور ملیر میں پرامن مظاہرین پر لاٹھی چارج کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ دہشت گردی کا سب سے زیادہ متاثرہ فریق بھی ہم ہیں ۔ ہم نے دہشت گردی کی اس جنگ میں 30ہزار جنازے اٹھائے۔ مساجد ، امام بارگاہوں ، مجالس و جلوسوں پر بم دھماکے ہوئے ۔ کیا ان دہشت گردوں کی گرفتاریاں ہوئیں ۔ کیا انہیں نشان عبرت بنایا گیا ؟ کیا قانون نافذ کرنے والوں کی پُھرتیاں صرف مظلوم کو دیوار سے لگانے کے لیے ہیں ۔ زعماء و علماء کی گرفتاریاں اور شیڈول فور جیسے قوانین میں ڈالنا ملت جعفریہ کی توہین ہے۔ ملت جعفریہ دہشت گردی و دہشت گردوں کوپاکستان کی سالمیت کے لیے زہرِ قاتل تصور کرتی ہے۔ دہشت گردی پاکستان کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے مترادف ہے ۔ پاکستان کے اندر بسنے والے ہر شہری کو مذہبی عبادات کی ادائیگی کا حق حاصل ہے ۔ملت جعفریہ ملک نے جس طرح اہلسنت کے ساتھ ملکر ملک بنایا تھا اس طرح اسے بچانے کی جدوجہد بھی جاری رکھے گی ۔ حکومتیں فقط پالیسیوں کو بیلنس کرنے میں لگی ہوئی ہیں ۔ ایک طرف ظالم دوسری طرف مظلوم ۔ یہ کہاں کا انصاف ہے کہ لاشیں بھی ہم اٹھائیں اور گرفتار بھی ہم ہو۔ اس کھلے تٖضاد اور ظلم ہم کسی صورت قبول نہیں کریں گے ۔ وفاقی وزارت داخلہ بالخصوص سندھ حکومت علماء و زعماء کو گرفتار کرنے، پرامن مظاہرین پر لاٹھی چارج کرنے جیسے اقدامات سے گریز کرتے ہوئے دہشت گردوں کی جانب رخ کرے ۔ نیشنل ایکشن پلان کو بیلنس پلان بنانے کے بجائے شر پسند عناصر کو نشان عبرت بنائیں ۔ دہشت گردی تدارک کے لیے اٹھائے جانے والے ہر قدم پر ملت جعفریہ صف اول کا کردار ادا کرے گی۔علامہ تصور نقوی نے کہا کہ آج یوم اقبالؒ ہے ۔ علامہ اقبال کا خواب تھا کہ پاکستان بنے گا ۔ پرامن رہے گا ۔ مسلمان آزادانہ طور پر اپنی زندگیاں گزار سکیں گے ۔ حکمران روحِ اقبال سے معافی مانگتے ہوئے اپنا قبلہ درست کریں ۔

وحدت نیوز (خیر پور ناتھن شاہ) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندہ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے خیر پور ناتھن شاہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف فیصل رضا عابدی کی آواز کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔فیصل رضا عابدی محب وطن شریف شہری ہیں، ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔  اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کا  18  دسمبر کو حیدر آباد میں تاریخی اجتماع کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔
          
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور کرپشن نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کردیا ہے۔دہشت گردی کے ہاتھوں اس ملک کا کوئی بھی شہری محفوظ نہیں ہے،سندہ اپیکس کمیٹی کے اجلاسوں میں دہشت گردی کی کاروائیوں میں ملوث مدارس کی نشاندہی تو کی جاتی ہے لیکن افسوس کہ ان مدارس کے خلاف تا حال کوئی قانونی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔انہوں نے اپیکس کمیٹی سے دہشت گردی میں ملوث مدارس کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سب سے زیادہ ملت جعفریہ کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا ہے ۔اب سے کچھ دن قبل کراچی کے اندر مجلس کو نشانہ بناتے ہوئے چار مومنین کو شہید کیا گیا۔کوئٹہ میں دن دہاڑے بس میں سوار ہزارہ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی شیعہ خواتین کو نشانہ بنایا گیا۔اس ملک کے اندر ظالم اور مظلوم کو ایک ساتھ دیکھا جا رہا ہے ،ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر داخلہ چودہری نثار کالعدم جماعتوں کے سر براہان کے ساتھ ملاقات کرتے ہیں،دہشت گردوں کے ساتھ فوٹو سیشن کیا جاتا ہے۔جب اس ملک کے وزیر داخلہ ہی دہشت گردوں سے نرم گوشا رکھیں گے تو پھر امن کی ضمانت کون دے گا؟

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree