وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ترجمان علامہ مقصود ڈومکی نے کہا ہے کہ ملک میں ملت جعفریہ کے محب وطن اور اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کی جبری گمشدگی کا سلسلہ بند کیا جائے، ماورائے آئین انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کیخلاف اعلیٰ عدلیہ کو نوٹس لینا چاہیئے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ سابق مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان اور ملتان بارکونسل کے رکن ایڈووکیٹ یافث ہاشمی کا دن دہاڑے دارالحکومت اسلام آباد کے ریڈ زون سے غائب ہونا اس بات کی غمازی ہے، ان قوتوں کو نہ عدلیہ کا خوف ہے نہ آئین و قانون کی یہ پاسداری کرتے ہیں، ہم پاکستان کو بنانا ریپبلک نہیں بننے دینگے، اگر کوئی قصوروار ہے تو انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے، ہم ایسے غیر قانونی و غیر آئینی اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں،علامہ مقصود ڈومکی نے کہا ہے کہ حکومت عوام کی جان و مال کی تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے ان نادیدہ قوتوں کیخلاف کاروائی کرے، اور تمام ہمارے جبری گمشدہ افراد کو رہا کرے بصورت دیگر ان کے لواحقین کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنے پیاروں کی بازیابی کے لئے ہر فورم کو استعمال کرے.
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اعلی سطحی وفد کے ہمراہ آئی ایس او پاکستان کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا ۔آئی ایس او کے مرکزی صدر قاسم شمسی اور دیگر رہنماؤں نے ایم ڈبلیوایم کے قائدین کا استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔
علامہ راجہ ناصرعباس کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں سابق مرکزی صدر آئی ایس او یافث نوید ہاشمی کی جبری گمشدگی کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا گیا ۔علامہ راجہ ناصرعباس نے کہاکہ فعال شیعہ قومی شخصیات کا اس طرح جبری گمشدہ کیا جانا بنیادی شہری آزادی پر قدغن کے مترادف اور خلاف آئین و قانون ہے۔مسلسل احتجاجات کے باوجود درجنوں جوان اب تک لاپتہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایم ڈبلیوایم یافث ہاشمی کی بازیابی کیلئے آئی ایس او کے تمام تر اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ایم ڈبلیوایم کا شعبہ سیاسیات یافث ہاشمی سمیت تمام اسیران ملت کی جلد بازیابی کیلئے شب و روز کوشاں ہے۔اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے مرکزی رہنما علامہ اعجاز بہشتی،ناصر شیرازی،اسدعباس نقوی ،ڈاکٹر یونس حیدری، صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی،سید حسن کاظمی اور دیگر بھی موجود تھے۔
وحدت نیوز(سجاول) مجلس وحدت مسلمین ضلع سجاول کیجانب سے سیکرٹری جنرل حاجی مظفرعلی لغاری کی قیادت میں اریگشن کالونی سجاول سے مین بٹھورو اسٹاپ کراچی بدین روڈ تک جشن آزادی ریلی نکالی گئی۔ کارکنان نے جوش وخروش کےساتھ شرکت کی۔ ریلی میں مجلس وحدت مسلمین کےسیکرٹری جنرل حاجی مظفرعلی لغاری فیاض حسین شیخ اورفرحت عباس کھوسو نے خطاب کیا۔ مقررین نے پاکستان کی سلامتی اور سربلندی کیلئے خصوصی دعا کی اور کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کشمیر میں جاری بھارتی فوج کی دہشتگردی اور ظلم بربریت کی مذمت کی اور اقوام متحده اور عالمی انسانی حقوق کی عدالتوں سےمطالبہ کیا کہ کشمیر کی آزادی کا فیصلہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق کیا جائے۔
وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین ضلع جیکب آباد کے زیراہتمام مدرسہ خاتم النبیین المرتضی کالونی سے پریس کلب تک جشن آزادی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی ، ضلعی رھنما حسن رضا غدیری، مولانا منور حسین سولنگی نے کی۔ شہر کے مرکزی ڈی سی چوک اور پریس کلب کے سامنے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ آج پوری قوم جشن آزادی کو کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے دن کے طور پر منا رہی ہے ہم مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ ہیں۔
مجلس وحدت مسلمین مظلوموں کی حامی اور ظالم کی دشمن ہے۔ ظالم مودی ہو یا ٹرمپ ہم اس کے دشمن ہیں۔ کشمیری مسلمانوں کو اللہ تعالی کی نصرت پر ایمان رکھنا چاہیے آزادی ان کا مقدر ہے.انہوں نےکہا کہ دنیائے اسلام کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرے۔
وحدت نیوز(لاہور) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کی تحریک انصاف، مجلس وحدت مسلمین، مسلم لیگ ق،پاکستان عوامی تحریک کی قیادت کے ہمراہ 15 اگست کو گورنر ہاؤس سے پنجاب اسمبلی تک نکالی جانے والی کشمیر بنے گا پاکستان ریلی" کے حوالے سے پریس کانفر نس۔
اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کےمرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ناصرعباس شیرازی ،پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور ،مسلم لیگ (ق) کے کامل علی آغا ،تحر یک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری اور جنرل سیکرٹر ی پنجاب شعیب احمد صدیقی نے بھی پریس کانفرنس میںاظہار خیال کیا۔
گورنرپنجاب نے کہاکہ کل بھارت کے خلاف یوم سیاہ کے موقعہ پر لاہورمیں گور نر ہائوس کے مین گیٹ سے 5بجے پنجاب اسمبلی تک مارچ ہوگا جسکے لیے تمام انتظامات کو مکمل کیا جارہا ہے۔ مارچ میں کسی جماعت کا نہیں صرف پاکستان اور کشمیر کا جھنڈا نظر آئیگا اور دنیا بھر کو پیغام دیں گے ہم کشمیر یوں کے ساتھ اور بھارتی مظالم کے خلاف متحد ہیں ۔
ایم ڈبلیوایم کے رہنما سید ناصرعباس شیرازی نے کہاکہ بھارت کی جانب سےکشمیر عالمی قوانین کو پامال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے انسانی حقوق کو پامال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔بھارتی اقدام کے نتیجے میں لاکھوں کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق سلب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔کشمیری دیکھ رہے ہیں کہ پوری دنیا سے کون ان کے حق میں آواز اٹھاتا ہے ۔کشمیر بنے گا پاکستان ریلی کا انعقاد بروقت اقدام ہے ۔
انہوںنے مزیدکہاکہ ہم بیشک پرانے سیاسی اتحادی ہیں لیکن ہمارا یہاں جمع ہونا سیاسی مقاصد کیلئے نہیں بلکہ مظلوم کشمیری عوام کی خالصتاًاسلامی ، اخلاقی اور انسانی بنیادوں پر حمایت کیلئے ہے ۔ انشاءاللہ ہم کل مولاعلی ؑ کی وصیت پر عمل کرتے ہوئے مظلوم کشمیری عوام حمایت اور ظالم بھارتی حکومت کے خلاف بھرپور قوت کے ساتھ نکلیں گے۔
ناصرشیرازی نے کہاکہ مجلس وحدت مسلمین کی قیادت اور کارکنان کل کی ریلی میں بھرپور شرکت کریں گے ۔ جنکے ہاتھوں میں فقط پاکستان اور کشمیرکے پرچم ہوں گے ۔ یہ ریلی ہماری پاکستانیت کا اظہار ہوگا جس سے ہم تمام کشمیریوں ، عالمی اداروں اور اقوام متحدہ کو پیغام دیں گےکہ پوری قوم مظلوم کشمیریوں کے شابہ بشانہ ہے ۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین کے وفد کی یوم آزادی پاکستان کے موقع پر مزار قائد پر حاضری ۔وفدکی قیادت مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کی ۔رہنماؤں نے بانی پاکستان قائد اعظم کے مزار پر فاتحہ خوانی کی ا ور پھولوں کا گلدستہ رکھا۔اس موقع پر رہنماؤں نے ملکی سلامتی و استحکام کی خصوصی دعا کروائی۔وفد میں ایم ڈبلیو ایم سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی سمیت علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، مولانا ملک عباس، مولانا احسان دانش ،مولانا غلام عباس کمیلی، مولانا فدا حسین منتظری، ناصرحسینی، ارشد اللہ مکتبی، میرتقی ظفر،حسن رضا، عالم اہل سنت مولانا عبداللہ جونا گڑھی اور دیگر بھی شریک تھے۔
بعدازاں میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈبلیوایم کے رہنماعلامہ سید احمد اقبال رضوی اور علامہ باقرعباس زیدی نے کہاکہ قائد اعظم محمد علی جناح سمیت تحریک پاکستان کے رہنماؤں کی عظیم جدوجہد اور ہمارے بزرگوں کی قیمتی جانوں کی قربانیوں کے بدولت ہمیں یہ وطن عزیزنصیب ہوا۔14اگست کو ہمیں اپنے اجداد کی پیروی کرتے ہوئے اس ملک پر منڈلاتے خطرات کا مقابلہ کرنےکا عہد کرناہے۔
رہنماؤں نے کہاکہ 15اگست کو کشمیری مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی اور بھارت سے اظہار نفرت کے لئے یوم سیاہ منائیںگے۔کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اور وہاں بسنے والے مسلمان ہمارے بھائی ہیں۔70سال سے زیادہ کا عرصہ بیت چکا ہے کشمیریوں پر بھارتی مظالم دن بہ دن بڑھتےجا رہےہیں۔