وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر شیرازی نے پنجاب اور سندھ میں ماہ محرم کے دوران بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیوروکریسی کی عقل پر انسان دھنگ رہ جاتا ہے جسے نہ اسلامی اقدار کا لحاظ ہے اور نہ ہی تاریخ اسلام سے آگاہی۔حالانکہ کہ کسی گلی محلہ میں بھی اجتماعی پروگرام رکھنے سے پہلے اہل محلہ کی رائے اور غمی خوشی کے اوقات کو مدنظر رکھا جاتا ہے ۔جب کہ الیکشن کے شیڈول کے اجرا میں جلدبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی بھی مکتبہ فکر سے رائے لینے کو غیر ضروری سمجھا گیا جو انتہائی افسوس ناک ہے۔محرم کے مہینے میں پاکستان کے کروڑوں شیعہ سنی بھائی نواسہ رسول کریم ﷺ کا غم مناتے ہیں ۔اس مہینے میں انتخابات کے انعقاد سے ٹرن آوٹ کی شرح اس حد تک کم ہو گی کہ اس کے نتائج کو تسلیم شدہ قرار نہیں دیا جا سکے گا۔ انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ انتخابات کے اس شیڈول کو فوری طورپر تبدیل کیا جائے۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) کوئٹہ پبلک ہائی سکول کی جانب سے سال 2014-15 کے سالانہ تقریب تقسیم انعامات گورنمنٹ یزدان خان ماڈل ہائی سکول کے سبزہ زار میں منعقد کیا گیا۔ اس تقریب کے صدر مجلس ایم ڈبلیوایم کےرکن بلوچستان اسمبلی  آغا رضا تھےجبکہ مہمان خصوصی ایم پی اے ڈاکڑ رقیہ ہاشمی صاحبہ تھیں ۔علاوہ ازیں دیگر مہمانان میں جناب ایکسین صادق علی صاحب ،ایم ڈبلیوایم کے  کونسلر کربلائی رجب علی ، کونسلر کربلائی عباس علی ، کونسلر سید مہدی , معززین علاقہ اورمختلف اسکولز کے ہیڈ ماسٹرز و اساتذہ صاحبان شریک تھے ۔پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک اور حمد و نعت سکول کے طلباء نے پیش کیا۔تقریب کے آغاز میں تمام مہمانان ،طلباء و طالبات اور شرکاء نے قومی ترانہ کے احترام میں کھڑے ہوکر یک زبان ہوکرقومی ترانہ گایا۔ پروگرام میں مختلف ٹیبلواور ملی نغمے یوم دفاع کی مناسبت سے طلباء و طالبات نے خوبصورت انداز میں پیش کیے۔ سکول ہذا کے پرنسپل محترمہ زہرہ جبیں صاحبہ نے سپاس نامے میں سکول ہذا کی کارکردگی اور مسائل کے بارے میں اظہار خیال کیا اور ساتھ ہی ساتھ یزدان خان سکول کے پرنسپل شبیر حسین کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس تعلیمی سرگرمیوں کے لیے سکول کے گراونڈ فراہم کیے۔مہمان خصوصی اور صدر مجلس نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ اورطلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کیے۔

پروگرام کے آخر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ایم پی اے ڈاکڑ رقیہ ہاشمی صاحبہ نے کہا کہ آئندہ سال 2016-17 کے بجٹ میں ایم پی اے آغا رضا کے ساتھ مل کر ترجیحی بنیادوں پر سکول ہذا کے تمام تر مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ تقریب کے اختتام پر صدر مجلس ایم پی اے آغا رضا نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہمارے معاشرے میں ایسے بھی سکول ہیں جہاں پر چار پانچ کمروں پر مشتمل گھروں میں سکول قائم کیے جاتے ہیں۔ جبکہ سکول کے لیے کھیل کا میدان ، کشادہ کمرے،لیبارٹری اور دیگر سہولیات کا ہونا ضروری ہے ۔آغا رضا نے پروگرام میں ملی نغمے اور ٹیبلوپیش کرنے پر طلباء و طالبات کو مبارک باد پیش کی ساتھ ہی ساتھ پروگرام میں کیے گئے باربی گرلزکے گانے پر طالبات کے ڈانس پر اظہار نا پسندیدگی کا اظہار کیا اور کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ طلباء و طالبات کی اخلاقی تربیت بھی ضروری ہے ۔

آخر میں آغا رضا نے سکول کے مسائل کے حل کے لیے اپنے آئندہ سال کے بجٹ میں اپنی بہن محترمہ ایم پی اے ڈاکڑ رقیہ ہاشمی کے ساتھ ترجیحی بنیادوں پر سکول ہذا کے تمام تر مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ یاد رہے کہ آغا رضا نے گزشتہ سال میں کوئٹہ پبلک ہائی سکول کے لیے مبلغ 10 لاکھ روپے سکول ہذا کو دے چکے ہیں۔
آخر میں آغا رضا نے کوئٹہ پبلک سکول کے ڈائریکٹر حاجی رضا صاحب ، پرنسپل زہرہ جبیں اور تمام اسٹاف کو بہترین پروگرام پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔

وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ نیئر عباس مصطفوی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان سانحہ منٰی میں شہید ہونے والے حجاج کرام کو وطن واپس لانے اور گمشدہ حجاج کو بازیاب کرانے میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرے، سانحہ منٰی کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کیلئے تمام اسلامی ممالک کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے۔ وزارت مذہبی امور اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے اور واقعے کو سات دن گزر جانے کے باوجود شہداء، زخمیوں اور لاپتہ افراد کی معلومات فراہم نہ کرکے وزارت مذہبی امور نے مجرمانہ غفلت کے مرتکب ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی حکام کی غفلت اور بدانتظامی کی وجہ سے ہزاروں حجاج کرام شہید ہوگئے، جس کی تمام تر ذمہ داری سعودی حکام پر عائد ہوتی ہے۔ سعودی حکام کی اس مجرمانہ غفلت کا پردہ چاک کرنے کیلئے ضروری ہے کہ تمام اسلامی ممالک کے نمائندوں پر مشتمل کمیشن تشکیل دیا جائے، جو واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری ملت اسلامیہ سوگوار ہے اور اپنے پیاروں کی ناگہانی موت پر نالہ کناں ہے، جبکہ سعودی حکام اپنے جرائم کو چھپانے کیلئے سرگرم عمل ہیں اور شہداء کی لاشوں کو لواحقین کے حوالے کرنے میں لیت و لعل سے کام لے رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ شہداء اور لاپتہ حجاج کرام کی فوری وطن واپسی کا بندوبست کرے۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم المقدسہ کے سیکریٹری جنرل اور توانا خطیب حجتہ الاسلام علامہ ڈاکٹر غلام محمد فخرالدین سانحہ منیٰ میں لاپتہ ہوئے ہیں ، جن کا تاحال کوئی سراغ نہیں لگ سکا، اسلام آباد سے کاروان امین اللہ کےہمراہ حج بیت اللہ کی سعادت کیلئےحجاز مقدس تشریف لے گئے تھے،جہاں منیٰ میں بھگدڑمچنے کے بعد ہزاروں حجاج کرام کچلنے اور دم گھٹنے کے باعث شہیداور زخمی ہوئے ،زخمیوں کومقامی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ، شہید کی لاشوں کو فریزنگ کنٹینرزمیں بند کردیا گیا جبکہ متعدد حجاج اس سانحے کے بعد لاپتہ ہوئے ہیں جن کا کسی اسپتال ،کنٹینریا دوسری جگہ کوئی سراغ نہیں لگ سکاہے،علامہ غلام محمد فخرالدین بھی انہیں لاپتہ حجاج میں شامل ہیں ، ا  ن ہمراہ قافلے میں شامل دیگر حجاج اور مکہ مکرمہ میں موجود ہمدرد دن رات تک ودوکے باوجود ان کی تلاش میں تاحال ناکام رہے ہیں جبکہ حکومت پاکستان اوردفتر خارجہ بھی اب تک سعودی حکومت سے شہید اور لاپتہ پاکستانی حجاج تک رسائی کیلئے کوئی ٹھوس اقدام نہیں اٹھا سکی ہے، علامہ غلام محمد فخرالدین سمیت سینکٹروں گمشدہ حجاج کرام کے اہل خانہ اور احباب شدید کشمش اور پریشانی کے عالم میں مبتلا ہیں اور کوئی داد رسی کرنے والا نہیں ۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ اپنے وفد کے ہمراہ جن میں آرمی آفیسرز، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر موجود تھے۔ گنج شہداء بہشت زینب (س) ہزارہ قبرستان میں شہداء تشریف لائے اور شہداء کے مرقد پر فاتحہ خوانی پڑھی۔ لیفٹننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ کا استقبال مجلس وحدت مسلمین کے رکن بلوچستان اسمبلی آغا رضا رضوی، سردار نثار علی، سید داؤد آغا، عبدالقیوم چنگیزی، کونسلر کربلائی عباس علی، کونسلر کربلائی رجب علی، ماسٹر اعجاز اور دیگر معززین قوم نے کیا۔ علاوہ ازیں اہل تشیع اور اہل سنت برادران کے علماء نے بھی شرکت کی۔ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دراصل جتنے آرمی آفیسرجب بھی ڈیوٹی سے فارغ ہوتے ہیں تو اپنے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں، تو میں نے بھی یہی سوچا ہے لیکن صرف فوج کے شہید تو نہیں ، ہم بحیثیت قوم بہت قربانیاں دے چکے ہیں اور بالخصوص 10سال سے تو ہم جنازے اُٹھا اُٹھا کر تنگ آگئے ہیں، اسی لیے آج میں یہاں شہیدوں کو سلام پیش کرنے آیا ہوں۔رکن بلوچستان اسمبلی آغا  سید رضا رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کا شکریہ اس لیے ادا نہیں کرتے کہ آپ نے ہمارے شہداء کو اپنا شہداء سمجھا، بلکہ  ہم آپ کی قیام امن کی  کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ منیٰ انتہائی درد ناک واقعہ ہے جس نے عالم اسلام کو سوگ میں مبتلا کر دیا ہے۔ابھی تک ہزاروں لاپتا افراد کے اہل خانہ در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔انہیں مصدقہ اطلاعات کہیں سے بھی حاصل نہیں ہو رہی۔ہمارے جید عالم دین علامہ غلام محمد فخر الدین ابھی تک لاپتا ہیں۔ اس سانحہ کی شفاف اورغیر جانبدارانہ تحقیقات کی جانی چاہیے۔حجاج کرام کے جان ومال کا تحفظ سعودی حکومت کی قانونی ذمہ داری تھی۔اطلاعات کے مطابق بیشتر زخمی پیاس کی شدت میں پانی نہ ملنے سے شہید ہوگئے جوسعودی حکومت کی بے حسی کو واضح کرتا ہے۔شہدا کے اجساد کے ساتھ بے حرمتی کے مناظر عالمی میڈیا نے بھی دکھائے۔ ہزاروں لاشیں کنٹینرز میں ابھی تک پڑی ہوئی ہیں۔اس وحشیانہ سلوک پر امت مسلمہ سراپا احتجاج ہے۔یمن ،شام اور بحرین میں سعودی مداخلت نے اس کی توجہ کو تقسیم کیا ہوا ہے۔یہی انتظامی غفلت سانحہ منیٰ کا باعث بنی۔ سعودی حکومت کے اس ناروا رویہ کی یقینی جواب طلبی ہونی چاہیے۔پاکستانی حکومت نے اس سانحہ پر ردعمل کی بجائے معذرت خوانہ طرز عمل اختیار کر رکھا ہے۔کسی بھی پلیٹ فارم پرہماری وزارت خارجہ نے سعودی حکومت کی ناراضگی کے ڈر سے اپنے گمشدہ افراد کے لیے آواز بلند نہیں کی۔وزارت خارجہ کو فوری طور پر ٹیمیں تشکیل دینی چاہیے تھیں جواپنے گمشدہ شہریوں کے کوائف اور دیگر معلومات کو فورا اکھٹا کر کے ان کے خاندانوں کو ان سے آگاہ کرتیں۔

بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک اسلامی نظریاتی ملک ہے ۔اسلامی اقدار کی پاسداری کو یقینی بنایا جانا چاہیے لیکن یہاں کی نا اہل بیورو کریسی کا ہر حکم اسلامی روایات کے برعکس ہے۔صوبہ پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کا شیڈول محرم میں جاری کیا گیا جس سے ملت تشیع کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے۔ہم اس پرالیکشن کمیشن سے شدید احتجاج کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ اس انتخابی شیڈول کو تبدیل کیا جائے۔وزارت خارجہ کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے علامہ ناصر نے کہا یمن کے خلاف فوج نہ بھیج کر ہماری حکومت نے عاقلانہ فیصلہ کیا اور ہم اُس انسداد دہشت گردی کے عالمی بلاک کا حصہ بن گئے جس میں رشیا، چین ،ایران اور عراق شامل تھے جبکہ انڈیا کا جھکاو دہشت گردبلاک کی طرف رہا۔ ایسی صورتحال میں اگر خارجی معاملات میں دانشمندانہ طرز عمل اختیار کیا جاتا تو ہندوستان کو عالمی سطح پرآسانی سے تنہا کیا جا سکتا تھا۔ لیکن ہماری خارجہ پالیسی انتہائی ناقص اور مبہم رہی۔امریکہ سمیت تمام اسلام دشمن طاقتیں مضبوط پاکستان سے خائف ہیں۔بہترین خارجہ پالیسی پاکستان کو مضبوط بنانے میں غیر معمولی کردار ادا کر سکتی ہے۔ ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ضرب عضب کو سیاسی حکومت کی بھرپور تائید حاصل ہونی چاہیے تھی تاکہ دہشت گرد تنہا ہو جاتے ۔سیاسی حکومت نے نیشنل ایکشن پلان کا سہار لے کر ان افراد کے خلاف کاروائیاں شروع کر دیں جو خود دہشت گردی کا نشانہ بن رہے ہیں۔ دورد و سلام پڑھنے اور مسجد کے اوپر چار سپیکر لگانے والوں کو فورتھ شیڈول اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت گرفتار کیا جا رہا ہے ۔ریاستی سطح پر ہمیں پنجاب اور گلگت بلتستان میں انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ آئینی و قانونی حق کے استعمال پر غداری کے مقدمات قائم کرنا ریاستی جبر ہے۔ جو ناقابل قبول ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کے نام پر عزاداری پر ہمیں کوئی قدغن قبول نہیں ۔اگر ایسا ہوا تو ہم باقاعدی مزاحمت کریں گے۔پنجاب حکومت کی شیعہ دشمنی اس نہج پر پہنچ چکی ہے کہ ہمارے فوت شدہ علما پر بھی پابندی کے احکام جاری کیے جار ہے ہیں ۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree