The Latest
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نےیوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارت کے ظالمانہ اور غیرانسانی ہتھکنڈوں کے خلاف آج دنیا بھر میں نفرت کا اظہار کیا جارہا ہے۔مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کر کے سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی ہے۔اقوام متحدہ کو اس کا نوٹس لینا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا حق خود ارادیت کے حصول کے لیے کشمیریوں نے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ کشمیریوں کے عزم آزادی کو کچلنے کے لیے بھارت میں ریاستی اداروں کا کردار ہمیشہ مجرمانہ رہا ہے۔ خطہ کشمیر کو عقوبت خانے میں تبدیل کر کے کشمیری عوام کی آزادی کی خواہش کو دبایا نہیں جا سکتا۔مقبوضہ کشمیرکے غیور اور آزادی پسند عوام اپنے حقوق کے لیے جس جذبے اور حوصلے کے ساتھ میدان عمل میں موجود ہیں وہ لائق ستائش ہے۔کشمیریوں کے جذبہ حریت کو سلام پیش کرتا ہوں۔پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے عالمی یوم علی اصغر علیہ السلام کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عالمی یوم علی اصغر ع ان جرات مند اور بلند حوصلہ ماؤں کا اپنے وقت کے امام سے تجدید عہد کا دن ہے جو کربلا کی حقیقی پیروکار ہیں۔ جس قوم کے پاس ایسی مائیں موجود ہوں جو اپنے کمسن بچوں کو ہاتھوں پر اٹھا کر امام کی نصرت کا عہد و پیمان کریں اس قوم کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔
انہوں نے کہا اولاد سے ماں کی محبت کا کوئی متبادل نہیں لیکن عالمی یوم علی اصغر ع کے موقع پر مائیں اس امر کا اظہار کرتی ہیں کہ امام برحق کی محبت انہیں اپنی اولاد اپنی ہر شے سے بڑھ کر عزیز ہے۔مراسم عزاداری ہماری عبادات کی روح اور ہماری عاشورائی فکر ہمارے کربلائی ہونے کی دلیل ہیں۔عالم استکباری طاقتوں کو ملت تشیع کے کربلائی فہم سے خطرہ ہے۔امام زمانہ علیہ السلام کے ظہور کی زمینہ سازی کے لیے مکتب اہل بیت اطہار علیہم السلام کی آفاقی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں عملاً نافذ کرنا ہو گا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے پالیسی ٹی وی چینل پر محرم الحرام کی تیسری مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب یزیدی صفات کے لوگ حاکم بن جائے تو دین خطرے میں پڑ جاتا ہے۔ بد کردار اور گمراہ لوگ اللہ کی اطاعت سے نکل کر شیطان کے چنگل میں داخل ہو جاتے ہیں۔یزید فاسق و فاجر اور قاتل تھا۔حدود الہی کی کھلے عام نفی کرتا تھا۔ یذیدیت دراصل شیطانیت کا نام ہے جو انسانوں کو انسانیت کے مقام سے گرا دیتی ہے ۔جہاں پر انسانی قدروں کا استحصال نظر آتا ہے وہاں پر یزیدی نظام ہو گا۔قارون صفت سرمایہ دار،فرعون صفت سیاست دان اور بلم باعورا صفت مذہب فروش مل کر شیطانی ٹرائیکا بناتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی اسی طرح کا استحصالی طبقہ موجود ہے جو وطن اور اہل وطن کا استحصال کرتے ہیں۔یزیدیت کے اندر یہ تینوں طبقات موجود تھے جو الہی نظام کا خاتمہ چاہتے تھے ۔امام حسین علیہ السلام نے اس نظام کی بیعت کے مقابلے میں شہادت کو ترجیح دی۔انہوں نے کہا دین اسلام سیاسی ، معاشی ، اخلاقی،سفارتی، تعلیمی،اجتماعی، انفرادی احکام پر مشتمل ایک مکمل ضابطہ حیات ہے۔دین کو جب زندگی سے نکال دیا جائے تو نمرود و شداد کی حاکمیت جنم لیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف امام عالی مقامؑ اپنے قلیل ساتھیوں کے ساتھ دین کی حفاظت کے لیے کھڑے تھے جب کہ دوسری جانب یزیدپورے جہان اسلام کی حکومت کے ساتھ صف آرا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امام عالی مقام نے یزیدیت سے ٹکڑانے کے لیے سرد جنگ کی حکمت عملی اختیار کی۔نواسہ رسول ﷺ نے یزید کی بیعت سے انکار کیا اور مدینہ سے مکہ کی طرف چل پڑے ۔یہ وہ وقت تھا جب سب کی نظر و فکرکا مرکز امام حسین ؑ کی ذات مقدسہ تھی۔ آپ جہاں جاتے یزیدیت کے منصوبوں کا پردہ چاک کرتے جاتے۔آپ نے دنیا بھر سے آئے ہوئے حجاج کے سامنے یذیدیت کے بدنما چہرے کو بے نقاب کیا اور اگلے مراحل طے کرنے کے لیے عراق کی طرف روانہ ہو گئے۔
وحدت نیوز(بولان)مجلس علماء شیعہ بلوچستان کے صوبائی نائب صدر علامہ ذوالفقارعلی سعیدی قمی نے بلوچستان کے ضلع بولان اور ضلع سبی میں عشرہ محرم الحرام کی مجالس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام امن و بھائی چارہ کا مہینہ ہے اس مہینہ میں تمام مسلمانوں کو چاہئے کے اتحاد بین المسلمین کےلئے کوشش کریں اور اپنے فروعی اختلافات کو بھلا دیں ۔
انہوں نے کہاکہ امام حسینؑ نے بقائے دین کےلئے قیام کیا ۔یزید کا مقصد اسلامی تعلیمات کو ختم کرکے اس کی جگہ یزیدی افکار اور نظریات کو فروغ دینا تھا جبکہ امام حسین نمائندہ الہی تھے اسلئے انہوں نے اپنے قیام کے ذریعے یزید کے ناپاک عزائم کو نیست و نابود کردیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ بلوچستان میں مختلف مقامات پر انتظامیہ کی جانب سے مجالس وجلوس عزاء پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں جو ہمیں کسی صورت میں قابل قبول نہیں ہے۔
وحدت نیوز (پنڈ دادن خان) عالمی یوم علی اصغر علیہ السلام کے موقع پر پاکستان کے مختلف علاقوں میںیوم علی اصغر علیہ السلامنہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا ۔مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی جانب سے پنڈ دادن خان میں امام بارگاہ کاظمیہ ٹوبہ میں یوم علی اصغر علیہ السلام کے موقع پر خواہر فہمیہ زینب نے بچوں اور ان کی ماؤں سے وقت امام حسین علیہ السلام سے تجدید عہد لیا کہ وہ بھی شہزادہ علی اصغر علیہ السلام کی طرح اپنے امام وقت عج کے حکم کے منتظر ہیں اور بقائے اسلام کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔
وحدت نیوز(کراچی)مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی وائس چیئرمین علامہ احمدا اقبال رضوی نے امامیہ امام بارگاہ جعفرطیار میں عشرہ محرم الحرام کی چوتھی مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امام حسینؑ کی مظلومیت پر اگر عزاداری نہ ہوتی تو دین کا نشان مٹ گیا ہوتا، یزیدیت کا عفریت دین کو نگل جاتا، یہ مظلوم کربلاؑ کی یاد ہے جس نے انسانی قدروں کی، دین کی حفاظت کی ہے، نواسہ رسولؐ سے عشق نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰؐ سے عشق ہے، غم حسینؑ عشق رسولؐ کی نشانی ہے، امام عالی مقامؑ کا غم رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا غم ہے، شیعہ سنی معتبر کتب میں واقعہ کربلا کے بعد زمین و آسمان سے خون برسنے کے حوالے موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایام عزا اس انداز سے منایا جائے کہ نبیؐ ہم سے راضی ہوجائیں، غم حسینؑ وہ غم ہے جو انسان کو مضبوط اور طاقتور بناتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام محبان حسینؑ گھروں سے نکلیں اور یزیدان عصر کو للکار کر یہ پیغام دیں گے کہ غم حسینؑ ہمیں ہر شے پر مقدم ہے، دنیا کی کوئی طاقت ہم سے مظلوم کربلاؑ کا غم چھین نہیں سکتی، بچے بزرگ نوجوان اور خواتین سب حسینی جذبے کے ساتھ نکل کر امام عالی مقامؑ سے اپنی عقیدت و عشق کا اظہار کریں، ہم نے جس راستے کا انتخاب کیا ہے وہ راستہ انبیاءؑ کا راستہ ہے، ہماری عزاداری میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ڈالی جائے، عزاداری کے جلوسوں کو فول پروف سیکورٹی سمیت تمام ضروری سہولیات کی فراہمی ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے، عشق رسولؐ پر مقدمات کا اندراج کرنے والوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، سب پر یہ واضح کردینا چاہتا ہوں کہ ملت تشیع یزیدیت کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور ہمیشہ بنی رہے گی۔
وحدت نیوز(بدین)مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے نائب صدر علامہ مختار امامی نے محرم الحرام کے عشرہ اول کی مجالس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواسہ رسول امام حسینؑ کا قیام رہتی دینا کے مظلوموں کے حقوق کی جدوجہد اور ہر دور کے یزید کی ذلت و رسوائی کا سبب ہے، امام حسینؑ کے رفقاء اور احباب کی قربانی نے خدا کے فرمان مختصر گروہ کے کثیر پر غالب آنے کی آیت کو حقیقت کا جامعہ پہنایا۔ انہوں نے کہا کہ یزید ایک شخص نہیں بلکہ ایک کردار کا نام ہے، دنیا میں حسینی کردار کے حامل افراد یزیدی کردارکے حامل افراد سے برسرپیکار رہیں گے۔
علامہ مختار امامی کا کہنا تھا کہ نواسہ رسول امام حسینؑ کی عزاداری امت مسلمہ کی مشترکہ میراث ہے، امام حسینؑ بشریت کیلئے نجات دہندہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام مسلمان حضرت امام حسینؑ کی قربانی و فکر کو سمجھ کر باطل قوتوں اور اسلام دشمنوں کو شکست دے سکتے ہیں۔ علامہ مختار امامی نے ملک بھر میں بسنے والے تمام طبقات اور مکاتب فکر سے کہا کہ وہ محرم کی مجالس اور جلوسوں میں بھر پور شرکت کرکے اس بات کو واضح کردیں کہ یہاں بسنے والے عوام متحد ہیں اور تکفیریت کے فتنے کو پاکستان سے ختم کرکے دم لیں گے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)ملک کے مختلف حصوں میں عزاداران حضرت امام حسین علیہ السلام پر بے جا مقدمات کے اندراج کے خلاف مجلس وحدت مسلمین عزاداری کونسل کے موقف اور شہریوں کی مذہبی آزادی اور بنیادی آئینی حقوق کی پارلیمنٹ میں ترجمانی کرنے پر عزاداری کونسل کے سربراہ علامہ مقصود ڈومکی نے وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ریاض حسین پیرزادہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ وفاقی وزیر نے ترجیحی بنیادوں پر عوام کے آئینی حقوق سے متعلق وعدے کی پاسداری کرکے حقیقی عوامی نمائندہ ہونے کا ثبوت دیا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل ایم ڈبلیو ایم کی عزاداری کونسل کے ایک وفد نے وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ سے ملاقات کرکے انہیں پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں ملت تشیع کے خلاف ہونے والی پولیس کی زیادتیوں سے آگاہ کیا تھا اور بتایا کہ پنجاب میں ہر سال عزاداروں کے خلاف سینکڑوں ایف آئی آرز درج کرکے اہل تشیع کی مذہبی آزادی اور مذہبی حقوق سلب کئے جا رہے ہیں، حد تو یہ ہے کہ گھر اور امام بارگاہ کی چار دیواری میں مجلس عزاء پر درجنوں مقدمات قائم کئے گئے ہیں، جس پر وفاقی وزیر نے نہ صرف اسمبلی میں آواز بلند کی بلکہ چاروں صوبوں کی چیف سیکرٹریز کو عزاداری کونسل کی ملاقات کا حوالہ دے کر خطوط بھی ارسال کئے۔
وحدت نیوز(بولان)محرم الحرام کی آمد پر دوسرے شہروں کی طرح بلوچستان کے شہروں قصبوں میں بھی مجالس عزاء وعزاداری کے پروگرام کا سلسلہ جاری ہے امام بارگاہ جعفریہ سبی اور امام بارگاہ موسیٰ کاظم علیہ السلام ڈھاڈر ضلع بولان میں مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی نائب صدر سہیل اکبر شیرازی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیامبر اسلام ص نے فرمایا حسین منی وانا من الحسین محرم الحرام کا مہینہ ہمیں قربانی وشہادت کا فلسفہ سمجھاتا ہے ہم ذکر اہلیبت علیہم السلام وعزاداری کو عبادت سمجھتے ہیں ہمیں عبادت کرنے دیا جائے ہماری عبادت میں روکاوٹیں پیدا نہیں کی جائیں ہم پر امن شہری ہیں مجالس عزاء وعزاداری کو انجام دینا ہمارا آئینی حق ہے۔
بلوچستان میں مختلف مقامات پر انتظامیہ کی جانب سے مجالس وجلوس عزاء پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں جو ہمیں کسی صورت میں قابل قبول نہیں ہے حکومت سے گذارش ہے کہ عزاداروں کو تنگ نا کیاجائے بلکہ انتظامیہ کو عزاداروں کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے محرم الحرام میں امام عالی مقام امام حسین علیہ السلام نے اپنے خاندان سمیت اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے اسلام کی آبیاری کی ہے اسلام زندہ ہوتا ہر کربلا کے اس موقع پر مجلس علماء شیعہ بلوچستان کے صوبائی نائب صدر علامہ ذوالفقار علی سعیدی علامہ قربان علی جعفری علامہ حیدر علی ڈومکی موجود تھے۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کوئٹہ سٹی کے صدر ارباب لیاقت علی ہزارہ نے کوئٹہ سے کراچی جانے والے پاک آرمی کا ہیلی کاپٹر کریش ہونے کو قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کور کمانڈر کوئٹہ لفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، برگیڈئر امجد حنیف ستی سمیت پائلیٹ میجر سعید، میجر طلحہ اور نائیک مدثر کی شہادت سے پوری قوم افسردہ ہوئی ہے۔ انہوں سانحہ میں شہادت نوش کرنے والے افسران کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ تمام شہداء کے درجات بلند اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔