The Latest
وحدت نیوز (بلتستان)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اسکردو پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اسکردو میں منعقدہ کانفرنس بعنوان ’’ عظمت شہداء کانفرنس ‘‘ میں شرکت کے لیے اسکردو پہنچے ہیں۔ اس موقع پر اسکردو ائیرپورٹ پر علامہ آغا علی رضوی، علامہ شیخ کریمی، علامہ شیخ علی احمد نوری، شیخ اعجاز بہشتی سمیت دیگر کارکنان نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا پرتپاک استقبال کیا۔
علامہ راجہ ناصر عباس سمیت دیگر مرکزی قائدین 25 مئی کو 13 رجب المرجب یوم ولادت امام علی (ع) کی مناسبت سے روندو میں منعقدہ جلسہ عید سے خطاب کریں گے جبکہ 26 مئی کو سانحہ 88، سانحہ کوہستان، سانحہ چلاس، سانحہ بابوسر کے شہداء اور ملت پاکستان کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منعقدہ عظمت شہداء کانفرنس میں بھی خطاب کریں گے۔ عظمت شہداء کانفرنس 26 مئی بروز اتوار کو یادگار شہداء اسکردو پر منعقد ہوگی۔
وحدت نیوز (مانیٹرنگ ڈیسک) اردن کی 89 ممتاز شخصیات نے حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصر اللہ کے نام ایک خط میں لبنان کے دلیر، نڈر اور بےباک مجاہد کی اسرائيل کے خلاف کامیابیوں کو عرب اقوام کے لئے باعث فخر قرار دیتے ہوئے لبنان کی طرح شام کے دفاع کو واجب قرار دیا ہے۔ مہر خبر رساں ایجنسی نے النشرہ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اردن کی 89 ممتاز شخصیات نے حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصر اللہ کے نام ایک خط میں لبنان کے دلیر، نڈر اور بےباک مجاہد کی اسرائيل کے خلاف کامیابیوں کو عرب اقوام کے لئے باعث فخر قرار دیتے ہوئے لبنان کی طرح شام کے دفاع کو واجب قرار دیا ہے۔ اردن کی ممتاز شخصیات میں اعلی فوجی، مختلف قبائل، اردن کی پارلیمنٹ کے موجودہ اور سابق ارکان اور یونیورسٹیوں کے اساتذہ شامل ہیں۔
اردنی شہریوں نے اپنے خط میں شامی حکومت کے دفاع کو واجب قرار دیتے ہوئے شام کی حمایت کرنے پر سید حسن نصر اللہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اردن کی ممتاز شخصیات نے اپنے خط میں اسرائيل کی طاقت کے طلسم کو توڑنے پر حزب اللہ لبنان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا ہے کہ حزب اللہ لبنان نے قومی اور دینی غیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے لبنان کی سرزمین کو غاصب صہیونیوں سے آزاد کرالیا جبکہ اردن، مصر اور دیگر عرب حکومتیں اپنی سرزمین کو ابھی تک غاصب صہیونیوں سے آزاد نہیں کراسکی ہیں۔ اردنی شخصیات نے عرب اقوام کے باہمی اتحاد پر تاکید کرتے ہوئے امریکہ، اسرائيل اور عرب ڈکٹیٹروں کی حمایت میں لڑنے والے سلفی وہابیوں سے نفرت اور بیزاری کا اظہار کیا ہے جو اسلام اور مسلمانوں کے لئے ننگ و عار کا باعث بنے ہوئے ہیں۔
وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین (ملتان) کے حمایت یافتہ اور پاکستان تحریک انصاف کے ملتان سے نومنتخب ممبر صوبائی اسمبلی ظہیرالدین علیزئی نے ایم ڈبلیو ایم ملتان کے ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور عام انتخابات میں مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے حمایت اور تعاون کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میری کامیابی میں مجلس وحدت مسلمین کا مرکزی کردار ہے بہت جلد ملتان آ کر مجلس وحدت مسلمین کے رہنمائوں اور کارکنوں کے اعزاز میں عشائیہ دوں گا۔ اس موقع پر علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ملتان میں معتدل قوتوں کا ساتھ دے کر مضبوط پاکستان کی بنیاد میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ مجلس وحدت مسلمین نے ملتان میں جن اُمیدواروں کی حمایت کااعلان کیا پھر اُنہیں کامیاب کرانے تک ساتھ دیا۔ اُنہوں نے ظہیرالدین علیزئی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انشاءاللہ ملتان میں قومی وحدت کا یہ سفر جاری رہے گا۔
وحدت نیوز (کراچی) ملک بھر میں ملت جعفریہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، کراچی دہشت گردی میں کالعدم گروہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملوث ہیں، شیعہ ڈاکٹروں، انجینئروں، وکلاء اور استادوں سمیت نوجوانوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے، ملک بھر میں کالعدم طالبان دہشت گردوں کو ایک مرتبہ پھر کھلی آزادی دے دی گئی ہے، اگر کراچی میں فوجی آپریشن شروع نہ کیا گیا تو کراچی سمیت ملک بھر میں باضابطہ احتجاجی دھرنوں کا سلسلہ شروع کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کراچی کے سیکرٹری جنرل علامہ صادق رضا تقوی، علامہ دیدار جلبانی، علامہ باقر زیدی نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز شہر کراچی و پشاور میں ہونیوالی سفاکیت اور دہشت گردانہ کارروائیوں کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے جمعہ کو یوم احتجاج و یوم سوگ منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک میں شیعہ ڈاکٹروں، انجینئروں، وکلاء اور استادوں سمیت نوجوانوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے لیکن ریاست سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں پر کوئی اثر نہیں ہو رہا بلکہ دوسری طرف جیلوں میں قید خطرناک تکفیری دہشت گردوں کو آزاد کیا جا رہا ہے، تاکہ وہ ملک بھر میں آزادی سے دہشت گردی کا کھیل کھیلیں۔
علامہ صادق رضا تقوی کا کہنا تھا کہ عام انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن کی جانب سے کالعدم طالبان دہشت گردوں کو لگام دی جاتی تو انتخابات سے قبل اور فوری بعد ملک میں منظم دہشت گردی کا سلسلہ شروع نہ ہوتا۔ ایک مرتبہ پھر دہشت گردوں نے کراچی کے معصوم اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے اور گذشتہ تین روز میں اب تک متعدد شیعہ عمائدین کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جا چکا ہے، کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سے شروع ہونیوالی ٹارگٹ کلنگ کی لہر میں شیعہ نوجوان ارشد عباس کو اورنگی ٹاؤن میں شہید کیا گیا، ماڑی پور روڈ پر دہشت گردی کا نشانہ بننے والے تین باپ بیٹے سید کوثر ثقلین ایڈووکیٹ اور ان کے دو نوجوان بیٹے عون عباس اور محمد عباس کو کالعدم دہشت گردوں نے اس وقت دہشت گردی کا نشانہ بنایا جب وہ اپنے بچوں کو اسکول چھوڑنے کے لئے جا رہے تھے، اسی طرح شاہ فیصل کالونی میں شیعہ نوجوان سید یاسر اقبال کو ٹارگٹ کلنگ میں شہید کیا گیا جبکہ دوسری جانب نصرت بھٹو کالونی میں ڈاکٹر احسن اور ان کی معصوم بیٹی کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا جو کہ تاحال شدید زخمی ہیں۔ ملک بھر میں طالبان دہشت گردوں اور اُن کے زیر اثر کالعدم جماعتوں کو فری ہینڈ دے دیا گیا ہے اور ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت بانیان پاکستان کی اولادوں کو دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکوں میں شکار کیا جا رہا ہے جو کہ حکومت پر سوالیہ نشان ہے۔
ایم ڈبلیو ایم کراچی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ پشاور کے علاقے امامیہ کالونی میں بھی دہشت گردانہ کارروائی اور شہر کراچی میں جاری شیعہ عمائدین کی مسلسل ٹارگٹ کلنگ ایک ہی سازش کی کڑیاں ہیں۔ گذشتہ دنوں پاکستان کے سب سے بڑے روزنامہ میں ایک خبر شائع ہوئی جس میں ایک پولیس اہلکار کو معروف شاعر پروفیسر سید سبط جعفر سمیت متعدد شیعہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا گیا ہے جو کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کی قلعی کھولنے کے لئے کافی ہے، اگر کراچی میں دہشت گردوں کے خلاف فوجی آپریشن شروع نہ کیا گیا تو کراچی سمیت ملک بھر میں باضابطہ احتجاجی دھرنوں کا سلسلہ شروع کر دیں گے اور حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں پر عائد ہوگی۔ رہنماؤں نے افواج پاکستان، چیف جسٹس اور دیگر اعلٰی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ شہر کراچی کو طالبان دہشت گردوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں موجود کالعدم جماعتوں کی نمائندہ کالی بھیڑوں کی تطہیر کرے، بصورت دیگر ملک بھر میں نہ ختم ہونیوالا احتجاجی سلسلہ شروع کر دیں گے اور پارلیمنٹ ہاؤس سمیت اعلٰیٰ اداروں کا گھیراؤ کیا جائے گا اور حالات کی تمام تر ذمہ داری ملک کے تمام اعلٰی اداروں پر عائد ہوگی۔
وحدت نیوز (کوئٹہ )مجلس وحدت مسلمین پاکستان کوئٹہ کے ترجمان کے مطابق دشمنان اسلام اپنے ایجنٹوں کے ذریعے مسلمانوں کے درمیان تفرقہ پھیلانے اور نفرت کی فضاء کو فروغ دینے کیلئے مصروف عمل ہے۔ بحرینی وزیر کا بیان عظیم اور مایہ ناز اسلامی لیڈر حجتہ السلام و المسلمین آغا حسن نصر اللہ کے خلاف اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ آغا سید حسن نصر اللہ نے اسلام کے سخت ترین دشمن اسرائیل کو شکست فاش دیکر دور حاضر میں جہاد فی سبیل اللہ کی عظمت کی ایک جھلک دکھائی لیکن بحرین حکومت خود اپنی عوام کے خلاف جس حکومتی دہشت گردی میں ملوث ہے ۔ وہ روز روشن کی طرح عیاں ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ جہاد اور دہشتگردی میں زمین و آسماں کا فرق ہے ۔جہاد میں مردان خدا مردانہ وار دشمن کیساتھ روبرو جنگ کر کے اسے شکست سے دو چار کرتے ہیں جبکہ دہشتگردی میں بزدلانہ وار، بلاسٹ، ٹارگٹ کلنگ اور دیگر اوچھے ہتکھنڈے اپنائے جاتے ہیں۔ آغا سید حسن نصر اللہ دشمن کیساتھ روبرو مردانہ وار جنگ کرتے رہے ہیں۔ لیکن بحرینی اور بعض دیگر شیطانی قوتیں اپنے زر خرید غلاموں کے ذریعے بے گناہ عوام کاقتل عام کرتے ہیں۔ ہم بحرینی وزیر کے اس بیان کی پُر زور مذمت کرتے ہیں۔
وحدت نیوز (لاہور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے بلوچستان کوئٹہ سے نومنتخب ایم پی اے سید آغا محمد رضانجی دورے پر لاہور پہنچ گئے۔ لاہور ائیر پورٹ پر مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی اور رکن مرکزی سیاسی کونسل سید اسد عباس نقوی نے استقبال کیا۔ بعد ازاں انہوں نے صوبائی سیکرٹریٹ پنجاب کا دورہ کیا۔ صوبائی سیکرٹریٹ کے کارکنوں نے اُن کا استقبال کیا اور گل پاشی کرکے خوش آمدید کہا۔ کارکنوں سے ملاقات میں گفتگو میں کرتے ہوئے نومنتخب ایم پی اے سید آغا محمد رضا نے کہا کہ کوئٹہ میں ہماری کامیابی آپ جیسے مخلص کارکنوں اور ہماری خواتین کی جدوجہد کا نتیجہ ہے، بدترین دھاندلی کرکے بھی ہمیں ہرایا نہیں جا سکا، کوئٹہ کے عوام کی مجلس وحدت مسلمین سے والہانہ محبت ہے کہ قیام پاکستان کے بعد پہلی دفعہ کسی مذہبی ، سیاسی جماعت نے یہ کامیابی حاصل کی ہے۔
انہوں نے کہا انشاء اللہ ہم اپنی وہ عوام جنہوں نے ہم پر اعتماد کر کے ووٹ دیا ہے اور جنہوں نے ہماری مخالفت کی ہے دونوں کو مایوس نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری طاقت کا اصل سرچشمہ صرف اور صرف خدا وند متعال کی ذات کے بعد کوئٹہ کے غیور عوام ہیں جس میں ہمارے اہلِ سنت پشتون بلوچ بھائی شامل ہیں جنہوں نے اعتماد کرتے ہوئے ہمارے کندھوں پر یہ بھاری ذمہ داری عائد کردی ہے اور میں اللہ سے دعا گو ہوں کہ خدا ہمیں عوامی خدمت اور اُن کے حقوق کیلئے جدوجہد کرنے کی توفیق دے۔
وحدت نیوز (بلتستان)مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی اسکردو پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی اسکردو میں منعقدہ کانفرنس بعنوان ’’ عظمت شہداء کانفرنس ‘‘ میں شرکت کے لیے اسکردو پہنچ گئے ہیں۔ علامہ امین شہیدی کا اسکردو ائیرپورٹ پر سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین بلتستان ڈویژن علامہ آغا علی رضوی، علامہ شیخ کریمی، علامہ شیخ علی احمد نوری، شیخ عبد الکریم قاسمی، علامہ سید مظاہر حسین موسوی سمیت دیگر کارکنان نے پرتپاک استقبال کیا۔
علامہ امین شہیدی سمیت دیگر مرکزی قائدین 25 مئی کو 13 رجب المرجب یوم ولادت امام علی کی مناسبت سے روندو میں منعقدہ جلسہ عید سے خطاب کریں گے جبکہ 26 مئی کو سانحہ 88، سانحہ کوہستان، سانحہ چلاس، سانحہ بابوسر کے شہداء اور ملت پاکستان کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منعقدہ عظمت شہداء کانفرنس میں بھی خطاب کریں گے۔ عظمت شہداء کانفرنس 26 مئی بروز اتوار کو یادگار شہداء اسکردو پر منعقد ہوگی۔
وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سبیل حسن مظاہری نے پشاور کے علاقہ امامیہ کالونی میں ہونے والے بم دھماکہ کے نتیجے میں جانی نقصان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ عوام کا خون ناحق بہانے والے انسان کہلانے کے لائق بھی نہیں، جب تک عوام کو جان کا تحفظ فراہم نہیں کیا جاتا کوئی بھی حکومت اپنے آپ کو کامیاب نہیں قرار دے سکتی۔ وحدت ہاوس سے جاری اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں آج ایک شریف النفس وکیل کوثر ثقلین کو دو بیٹوں سمیت شہید کر دیا گیا، جبکہ شام کو پشاور میں بے گناہ افراد کا خون بہایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاق سمیت تمام صوبوں کی نئی جمہوری حکومتوں کو سب سے زیادہ توجہ امن و امان کے قیام اور دہشتگردی کے خاتمے پر دینا ہوگی۔ پشاور سمیت ملک کے کسی بھی حصہ میں معصوم لوگوں کا قتل عام برداشت نہیں کیا جائے گا۔ علامہ سبیل حسن مظاہری نے پشاور میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے آغا میر کے زخمی ہونے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ علاوہ ازیں مجلس وحدت مسلمین ضلع پشاور کے ایک وفد نے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت کی اور امامیہ کالونی کا دورہ بھی کیا۔
وحدت نیوز (کراچی) جب تک جیلیں اور عدالتیں دہشت گردوں اور قاتلوں کو تحفظ فراہم کرنا نہیں چھوڑیں گی اور ان کو سرعام تختہ دار پر لٹکا کر نشان عبرت نہیں بنایا جائے گا۔ دہشت گرد دھندناتے پھرتے رہیں گے اور بیگناہ شہریوں کا کشت و خون ہوتا رہے گا، سندھ ہائی کورٹ کے سینئر وکیل ثقلین کوثر اور ان کے معصوم بچوں کے بہیمانہ قتل کے خلاف کراچی میں تین روزہ پر امن یوم سوگ کا اعلان کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے وحدت ہاؤس کراچی سے جاری اپنے مذمتی بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد قانون سے زیادہ طاقتور ہوچکے ہیں، پولیس رینجرز یا تو دہشت گردوں پر گرفت پانے میں ناکام نظر آتی ہے اور اگر گرفت میں لے بھی آتی ہے تو انہیں بری کر دیا جاتا ہے، دہشت گردوں کی پشت پناہی میں پولیس اور ایف سی کے اہلکاروں کے ملوث ہونے کہ ٹھوس ثبوت موجود ہیں, جو کہ ان اداروں کے سربراہان کے منہ پر طمانچہ ہیں۔ کراچی میں وکلاء کی ٹارگٹ کلنگ شدت اختیار کرچکی ہے، گذشتہ دنوں بھی دو سگے باپ بیٹوں کو دہشت گردوں نے نشانہ بنایا تھا اور حکومت ابھی تک ان کے قاتلوں کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افسوس ناک امر یہ ہے پاکستان میں عدلیہ مفلوج ہے اور تعصب کی عینک پہن کر فیصلے کرتی ہے، بیگناہوں کے کیسز بیس، بیس سال لٹکے رہتے ہیں جب کہ دہشت گرد چار پیشیوں پر رہا کر دیئے جاتے ہیں، شہر کراچی میں سینکڑوں خطرناک ٹارگٹ کلرز دندناتے پھر رہے ہیں، جو کہ مزید بیگناہ ڈاکٹرز، علماء، وکلاء اور جوانوں کی کلنگ کا سبب بنیں گے۔ اگر ہماری فوجی اور سول قیادت پاکستان کی بقاء کے لئے سنجیدہ ہے تو دہشت گردوں کے خلاف ٹھوس حکمت عملی مرتب کریں کیونکہ پاکستان کا وجود اب ان دہشت گردوں کے مرہون منت نظر آ رہا ہے۔ انہوں نے وفاقی نگراں حکومت سے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد سندھ ہائی کورٹ کے وکیل ثقلین کوثر اور ان کے معصوم بچوں کے قاتلوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے اور دہشت گردوں کو نشان عبرت بنایا جائے۔ انہوں نے ثقلین کوثر ایڈووکیٹ اور ان کے معصوم بچوں کے بہیمانہ قتل کے خلاف کراچی میں تین روزہ پر امن یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔

More...
مجلس وحدت مسلمین پاکستان
مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے