وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما اور رکن شوریٰ عالی سید آغا محمد رضا نے خضدار زیرو پوائنٹ پر بچوں کی آرمی پبلک اسکول وین پر ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا انسانیت سوز اور بزدلانہ اقدام ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر معصوم جانوں کو نشانہ بنا کر پورے ملک میں خوف کی فضاء قائم کرنا چاہتے ہیں، مگر قوم ان بزدلانہ کارروائیوں سے مرعوب نہیں ہوگی۔آغا رضا نے کہا کہ اس سانحے میں ملوث عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچانا ریاستی اداروں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد فراہم کی جائے اور متاثرہ خاندانوں سے مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔