وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان وومن ونگ کی مرکزی صدر محترمہ سیدہ معصومہ نقوی نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ خضدار میں بچوں کی سکول بس پر حملہ اور معصوم شہادتوں کے دلسوز واقعے نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا ہے۔ پاکستان میں دہشتگردانہ کاروائیوں کا سلسلہ طول پکڑتا جا رہا ہے ایسے دل دہلا دینے والے واقعات اور معصوم طالب علم بچوں کی جانوں کا ازالہ زبانی کلامی بیانات سے ممکن نہیں ۔
ان سنگین اور دلخراش واقعات کی مذمت کے بجائے فوری اقدامات ہونے چاہئے ملکی ریاستی اداروں اور سیکیورٹی انتظامیہ آخر کب تک غفلتوں کا شکار رہے گی ؟ حکومت اور ریاستی اداروں کو اس سانحے میں ملوث سہولتکاروں اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہیے ۔ میں شہید ہونے والے معصوم بچوں کے والدین سے اظہار تعزیت کرتی ہوں اور زخمی بچوں کی صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں اللہ تعالی ہمارے ملک اور اسکے عوام پر اپنا کرم فرمائے اور اسکے دشمنوں کو نابود فرمائے۔