
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(اسلام آباد) گلگت بلتستان کونسل کے ممبران کی وفاقی مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ سے اہم ملاقات اسلام آباد میں ہوئی ۔
ملاقات میں گلگت بلتستان کے ترقیاتی عمل اور عوام کے مسائل سے متعلق تفصیلی بات چیت کی گئی، ملاقات میں گلگت بلتستان کونسل کے جوائنٹ سیکرٹری، دیگر اعلی حکام شریک تھے۔
دوسری جانب گلگت بلتستان کونسل کے ممبران رہنما ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان شیخ احمد علی نوری،سید شبیہ الحسن،حشمت اللہ خان،اقبال نصیر، عبد الرحمٰن اور ایوب شاہ شامل تھے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے امامت کے آٹھویں تاجدار، والی خراساں حضرت امام رضا علیہ السلام کے یوم ولادت کے موقع پر دنیا بھر میں بسنے والے محبانِ محمد و آل محمد علیھم السلام کو مبارکباد دی ہے۔
انہوں نے کہا امام رضا علیہ السلام کی حکمت، تدبر اور دانش کو مشعل راہ بنانا ہر دور کی ضرورت ہے۔امام علیہ السلام کے حکیمانہ طرزِ عمل کی بدولت مخالفین کے دورِحکومت میں بھی مکتب اہل بیت ع کو فروغ ملتا گیا۔امت مسلمہ جن کٹھن ترین حالات سے گزرہی ہے اس سے نکلنے کے لیے تعلیمات اہل بیت ع پر عمل کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں۔ اگر مسلم امہ مظلوم کی حمایت اور ظالم کی مخالفت کی الہی تعلیمات پر عمل کرے تو طاغوت و استعمار کے اسلام دشمن منصوبے خاک میں مل جائیں گے۔دین اسلام کے حقیقی پیروکار باوفا اور جرات مند ہوتے ہیں۔انہیں ابلیسی و نمرودی ہتھکنڈوں سے دبایا نہیں جا سکتا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کراچی سے مبینہ طور پر اغواء ہونے والی بچی دعا زہرا کیس کے حوالے سے اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ دعا زہرا کے والدین کو بیٹی سے ملنے نہ دینا قانون،شریعت اور اخلاقیات کے برعکس ہے۔بیٹیاں سب کی سانجھی ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کا اغوا کاروں کوتحفظ فراہم کرنا،بیٹی اور والدین کی ملاقات میں مسلسل دیوار بنے رہنا متعدد سوالات کھڑے کررہا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ خاندانوں کو تباہی سے بچانے میں ریاست کردار ادا کرے۔
وحدت نیوز(کراچی)دعا کمیٹی و صوبائی سیکریٹریٹ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے زیر اہتمام محفل شاہ خراسان روڈ پر ھفتہ وار اجتماعی دعائے توسل کا انعقاد، دعا کی تلاوت کا شرف مولانا غلام مرتضیٰ مطہری نے حاصل کیا ۔دعائیہ پروگرام میں مومنین و مومنات نے شرکت کی.اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی رہنما برادر ناصر حسینی نے بی جے پی رہنما نوپور شرما کی جانب سے رسول خداؐ کی ذات اقدس کو نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے مسلمانوں کے خلاف سوچی سمجھی سازش قرار دیا ۔ انہوں نے امام خمینی کی 33 ویں برسی کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی کی رحلت مسلمانوں کے لئے گزشتہ صدی کا سب سے بڑا نقصان تھا۔
انہوں نے کہا کہ امام خمینی نے حریت پسندی،بیداری،شعور ،تحرک ،خوداعتمادی،خدا پرستی اور آخرت پر ایمان اور دیگر جذبات کو مسلمانوں کے درمیان اجاگر کیا ،جسے دنیا بھول چکی تھی ۔ امام خمینی کی کوششوں کے باعث آج شرق و غرب میں استعمار مخالف بیداری پھیل چکی ہے ۔ امام کا پیغام مظلوموں کے لئے مشعل راہ ثابت ہوا ۔آج افریقہ کی فضائیں امام کے پیغام سے گونج اٹھی ہے ۔ اس موقع پر آئندہ منگل 14 جون دعائے توسل کے پروگرام میں دسترخوان امام علی رضاؑ کا اعلان کیا گیا۔پروگرام میں مشہور منقبت خواں حضرات منظوم نذرانہ عقیدت پیش کریں گے ۔ دعا کے اختتام پر امام خمینی ،مرحوم مولانا آغا جعفر نقوی اور شہدائے ملت جعفریہ کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی قائدین کااہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستانی صحافی کے دورہ اسرائیل اور نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شان میں بھارتی جنتا پارٹی کے ترجمان کی گستاخی کے خلاف مشترکہ اعلامیہ پیش کیا گیا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجا ناصر عباس نے کہا کہ امت مسلمہ کا ہر فرد ناموس رسالت کا محافظ ہے۔بھارتی جنتا پارٹی کا متعصبانہ طرز عمل سب پر آشکار ہے۔اس نے مسلمانوں کے دل زخمی کئے ہیں۔اس پر امت مسلمہ کو شدید ردعمل کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔توہین رسالت کی اس گستاخی پر بھار ت کی معذرت کافی نہیں۔گستاخی کے مرتکب کو عبرت ناک سزا ملنی چاہئے تاکہ ایسا کرنے کی آئندہ کوئی جرات نہ کرے۔
انہوں نے کہا قبلہ اول کی حمایت میں شیعہ سنی موقف یکساں ہے۔قبلہ اول پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔اسرائیلی حکومت کے شدید جبر اور ظلم کے باوجود فلسطینی اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں۔کامیابی ان کے حصے میں آتی ہے جو میدان میں جم کر کھڑے ہونا جانتے ہیں۔فلسطین صرف فلسطینیوں کا ہے۔طاقت کے بل بوتے پر کوئی دوسرا اس پر قابض نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل سے تعلقات کی باتیں عالمی سازش کا حصہ ہے۔پاکستانی پاسپورٹ پر اسرائیل کا سفر کرنے کی اجازت نہیں۔ اسرائیل کا دورہ کرنے والے پاکستانی شہری کی شہریت منسوخ کر کے اسے گرفتار کیا جائے۔بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال نے فلسطینوں سے اظہار یکجہتی کیا۔پاکستان کے کسی حکمران کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ اسرائیل کی ناجائز ریاست کو تسلیم کرے۔ کشمیرو فلسطین کی آزادی کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کی جانی چاہئے۔
جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کی تمام دینی جماعتوں کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے۔امن و وحدت کے فروغ کے لیے کام کرنا ہماری اولین مشن ہے۔اسرائیل و بھارت کے مسئلہ پر ایران و سعودی عرب سمیت مسلم ممالک کے سفارت کاروں سے بات کی جائے گی۔بھارت کی شدت پسند حکمران جماعت اقلیتوں کے لیے اذیت بنی ہوئی ہے۔بھارتی جنتا پارٹی کے بیان نے بھارت کا نام نہاد سیکولر چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔عالم اسلام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دین اسلام کی حفاظت کے لیے متحد ہوکر اقدامات کئے جائیں۔ اسرائیل کے شیطانی موقف کی مذمت اور فلسطینیوں کی بہادری و استقامت کو سلام پیش کرتے ہیں۔امت مسلمہ کا یہ فرض سمجھتے ہیں کہ وہ فلسطین کی آزادی کے لیے متحرک ہوں۔
پریس کانفرنس میں ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ ،چیئر مین مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ،کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ثاقب اکبر ،جمعتی علمائے پاکستان کے سیکرٹری جنرل سید صفد گیلانی ،اسلامی تحریک کے نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی ،سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین سید ناصر شیرازی، ڈاکٹر طارق سلیم سمیت جعفر نقو ی بھی شریک تھے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے علامہ مقصود علی ڈومکی کو ایم ڈبلیوایم کا مرکزی سیکریٹری امور تنظیم سازی مقرر کردیا ہے ۔
علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی منظوری کے بعد علامہ مقصود ڈومکی کی بحیثیت مرکزی سیکریٹری امور تنظیم سازی تقرری کا باقائدہ نوٹیفکیشن مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری کردیا گیا ہے ۔
واضح رہےکہ علامہ مقصودڈومکی کا آبائی تعلق سندھ کے ضلع جیکب آباد سے ہے ، وہ جیکب آباد اور کوئٹہ میں دینی مدارس کے مسئول بھی ہیں، اس سے قبل وہ ایم ڈبلیوایم صوبہ بلوچستان اور سندھ کے صوبائی صدراور مرکزی کابینہ میں ترجمان کی حیثیت سے فرائض انجام دے چکے ہیں۔
علامہ مقصودڈومکی انتہائی فعال علمائے کرام میں شمارکیئے جاتے ہیں اور پورے ملک میں مسلسل دورہ جات میں مصروف عمل رہتے ہیں ان کی تقرری سے ایم ڈبلیوایم کی ملک بھر میں تنظیم سازی میں مزید بہتری آئے گی۔