
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(اسلام آباد)محرم الحرام 1447 ھ کے آغاز پر چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹرعلامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ محرم الحرام 1447ھ کا چاند ہمیں ایک بار پھر کربلا کے اُس لازوال پیغام کی یاد دلاتا ہے جو نواسۂ رسول، سیدالشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام نے ظلم و جبر، فسطائیت اور طاغوت کے مقابل میں حق، عدل اور انسانیت کے تحفظ کے لیے پیش کیا۔ کربلا صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں، بلکہ ہر دور کے ظالم و مظلوم کے درمیان ایک روشن معیار ہے۔
آج جب امتِ مسلمہ عالم بھر میں آزمائش، جارحیت اور فرقہ واریت کا شکار ہے، محرم الحرام ہمیں دعوت دیتا ہے کہ ہم اپنے فروعی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر اتحاد و اتفاق، صبر و استقامت، اور ظالم کے خلاف مشترکہ جدوجہد کا عہد کریں۔
کربلا نے سکھایا کہ ظلم چاہے کسی بھی شکل میں ہو، اس کے خلاف آواز بلند کرنا ایمان کا تقاضا ہے۔ اور یہ بھی کہ ملت کی بقا، وحدت اور باہمی احترام میں مضمر ہے۔ دشمنانِ اسلام امت کو کمزور کرنے کے لیے ہمیں فرقہ واریت، لسانیت اور تعصب میں الجھانا چاہتے ہیں، مگر امام حسینؑ کا پیغام ہے کہ امت کی طاقت اُس کے اتحاد میں ہے۔
آئیے اس محرم الحرام پر ہم عہد کریں
کسی بھی مسلک، مکتب یا عقیدے کی توہین سے گریز کریں۔
مساجد، امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں کا تقدس قائم رکھیں۔
مظلومینِ عالم، خصوصاً فلسطین، لبنان،کشمیر، یمن اور دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت میں یک زبان ہوں۔
اسلام دشمن قوتوں کے مقابل امت کے شیرازے کو بکھرنے نہ دیں۔
خدا کرے کہ یہ محرم الحرام امتِ مسلمہ کے لیے بیداری، وحدت، نصرتِ حق اور ظالموں کے زوال کا پیغام لے کر آئے۔الٰہی آمین
انسان کو بیدار تو ہو لینے دو
ہر قوم پکارے گی ہمارے ہیں حسین
وحدت نیوز(اسلام آباد) ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے پارلیمانی لیڈر اور رکنِ قومی اسمبلی، انجینئر حمید حسین طوری نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم جناب شہباز شریف سے اہم ملاقات کی۔
اس ملاقات میں ضلع کرم کی موجودہ حساس صورتحال، بالخصوص امن و امان کے بگڑتے ہوئے حالات اور مسلسل قتل و غارت کے واقعات پر گفتگو کی گئی۔ ایم این اے حمید طوری نے وزیر اعظم کی توجہ ٹل پارہ چنار روڈ کی بندش اور دیگر اہم سڑکوں پر مسافروں کو درپیش مشکلات کی جانب مبذول کراتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ان راستوں کو عوامی آمدورفت کے لیے کھولا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ضلع کرم کے عوام کو روزمرہ سفر اور بنیادی ضروریات کی فراہمی میں سنگین رکاوٹوں کا سامنا ہے، جس کا تدارک فوری اور مؤثر اقدامات کے ذریعے ممکن ہے۔
وزیر اعظم نے ایم این اے حمید طوری کے مؤقف کو بغور سنا اور یقین دہانی کرائی کہ حکومت اس سلسلے میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کرے گی تاکہ عوام کو درپیش مسائل کا جلد از جلد حل نکالا جا سکے۔
وحدت نیوز(منڈی بہاؤالدین)مجلس وحدت مسلمین ضلع منڈی بہاؤالدین کا ضلعی کنونشن صوبائی آرگنائزر حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید علی اکبر کاظمی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ کنونشن میں ضلعی شوریٰ کے اجلاس کے دوران جناب حاجی سیف اللہ رانجھا کو بھاری اکثریت سے ضلعی صدر منتخب کیا گیا۔
اجلاس میں ضلع بھر کی تمام تحصیلوں کے نمائندگان اور سابقہ ضلعی کابینہ کے اراکین نے شرکت کی۔ انتخابی عمل دستور کے مطابق شفاف انداز میں مکمل ہوا۔ اجلاس میں تنظیمی برادران کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ آخر میں صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب نے خصوصی خطاب کیا ۔
وحدت نیوز(کراچی)سندھ کی صوبائی و شہری حکومت عزاداران امام حسینؑ کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے، عزاداری ہماری آئینی، قانونی اور شہری حق ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، صدیوں سے نواسہ رسول ؐ امام حسینؑ کی یاد میں عزاداری جاری ہے، عزاداری کو کوئی ختم نہیں کرسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کراچی کے صدر علامہ صادق جعفری و دیگر رہنماؤں علامہ مبشر حسن، رضی حیدر، حسن کاظمی، آصف صفوی، محمد عباس سمیت دیگر نے وحدت ہاوس صوبائی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ماہ محرم 1447ہجری کی آمد آمد ہے، محرم میں علماء کرام و ذاکرین عظام امامت کے اسلوب حکومت و سیاست لوگوں کے سامنے بیان کریں، جلوس و مجالس کے روٹس پر صفائی ستھرائی اور لائٹنگ کے موثر انتظامات کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیپرا کے الیکٹرک اور دیگر بجلی فراہم کرنے والے اداروں کو پابند کیا جائے کہ وہ محرم الحرام میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ یقینی بنائے، اس محرم میں پہلے سے زیادہ مظلوموں کی حمایت میں آواز بلند ہوگی، شیعہ سنی مل کر نواسہ رسولؐ کی یاد منائیں گے، عزاداری ہماری میراث ہے اور ہمیں اس کا تحفظ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ و شہری حکومت کراچی کی خستہ حالی پر رحم کریں، سارا ملبہ وفاقی بجٹ پر ڈال کر اپنی جان نہ چھڑائیں، مون سون کی بارشوں کو گزرے سال گزر چکا ہے، شہر کی سڑکیں ناقص سیوریج نظام کے باعث گڑھوں میں تبدیل ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی و شہری حکومتیں شہر کا بجٹ کہاں خرچ کرتی ہیں، پیپلز پارٹی نے اس شہر کو بدترین شہر کے نہج پر پہنچا دیا ہے، بلدیاتی مسائل کے حوالے سے کراچی میں محرم الحرام سے قبل اعلیٰ سطح سے لے کر نچلی سطح پر ملاقاتیں ہوچکی ہیں مگر کہیں بھی انتظامات نظر نہیں آرہے، صرف میٹنگ کرنا کافی نہیں عملی اقدامات ضروری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عزاداری ہمارے لئے فرض ہے اور قیامت تک قائم رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت مختلف جگہوں سے را کے ایجنٹوں کی گرفتاری کی اطلاعات ملی ہیں، علما اور خطبا کے ساتھ مجالس کے بعد سیکورٹی حکومت سندھ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری مسائل پورے کراچی میں ہیں، میئر صاحب نے محرم سے قبل مسائل کے حل کیلئے اب تک کوئی خاطر خواہ کوششیں نہیں کی اور نا ہی ان مسائل کے حل کیلئے کوئی اجلاس بلایا گیا یے، شہر میں دو مسئلے سب سے زیادہ اہم ہیں، واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی وجہ سے تباہ حالی ہے، سیوریج کا پانی سڑکوں پر بہہ رہا ہے، ایک روز بعد محرم شروع ہونے والا ہے مگر میئر صاحب نے کسی سے رابطہ نہیں کیا ہے، مرکزی شاہراہوں کے ساتھ کچرے کے ڈھیر نظر آتے ہیں، سندھ حکومت، میئر کراچی اور ایم کیو ایم کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ یہ انسانیت کا پیغام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے محرم سے پہلے اپنی بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، شہر کے مضافاتی علاقوں کا دورہ کریں تو پتا چلے گا آپ کے نااہل وزیر اعلیٰ اور میئر نے کوئی کام نہیں کیا، پورا کراچی شہر غلاظت کا ڈھیر بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم میں کراچی عزاداری کا سب سے بڑا مرکز ہوتا ہے، چند روز پہلے جو سروے رپورٹ آئی ہے کہ کراچی رہنے کے قابل شہروں میں سب سے پیچھے جاچکا ہے، وزیر بلدیات کے پاس اربوں روپے کا بجٹ ہے ترقیاتی کام نظر نہیں آرہے ییں، ہم وزیر اعلیٰ سندھ و وزیر بلدیات سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ شہر کے سنگین بلدیاتی مسائل کے حل کیلئے خصوصی فنڈ جاری کریں گے، عشرہ محرم الحرام سے قبل مجالس و جلوس ہائے عزاء کے روٹس پر مکمل صفائی و ستھرائی، بجلی، سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کو بہتر بنایا جائے۔
وحدت نیوز(حیدرآباد) مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ صوبائی سندھ کے صدر علامہ علی انور جعفری،مرکزی نائب صدر سید زین رضوی، ضلع حیدرآباد کے صدر علامہ گل حسن مرتضوی، صوبائی رہنما مجلس علماء مکتب اہلبیت مولانا عمران علی دستی ڈویژنل صدر حیدرآباد سید صفدر عباس عابدی، لیگل ایڈوائزر ایڈوکیٹ رحمان رضا عباسی، ضلع حیدرآباد کے جنرل سیکریٹری محمد جمن سولنگی، جعفریہ الائنس کے صدر ساجد علی انصاری، اصغریہ علم و عمل کے مرکزی رہنماء سید پسند علی شاھ، انجمن حیدری سے سید فرزاد، باب علی دامن کوہسار سے سید ارشد تقوی صاحب پیام ولایت فاؤنڈیشن سے جناب عاشق علی نے پریس کلب حیدرآباد پر پریس رلیز میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔
ایام عزاء میں ہونے والی عزاداری ہماری شہہ رگ حیات ہے اور یزیدیت کے منھ پر تماچہ ہے۔ عالم اسلام میں عزاداری ہم تمام مسلمانوں کو اتحاد، نظم و ضبط اور محبت کا پیغام دیتا ہے۔ جس طرح اس پاک و طاہر ماہ میں تمام عزاداران جلوس، مجالس اور ماتم میں مصروف ہوتے ہیں وہاں حکومت وقت کی زمیداری ہے کہ وہ تمام علاقوں میں بلخصوص عزاداری کے وقت پر بجلی، پانی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ جیسی تکلیف کو ختم کرے اور معاشرے میں امن امان کی صورت حال کو برقرار رکھے۔
ایام عزاء کے دوران عزاداروں سے کسی بھی قسم کی جارحیت اور ناانصافی منظور نہیں ہے کئی جگہوں پر مجالس یا جلوس کروانے پر ایف آئی آر درج کی جاتی ہیں یا جلوس کے راستے تبدیل لئیے جاتے ہیں تحفظ کے نام پر! حکومت کو چاہیئے کے ایسے شر پسند عناصر کو اپنی گرفت میں رکھے اور محرم الحرام کے مھینے میں عزاداران یا عزاداری پر کسی بھی قسم کی پابندی لگانے کی کوشش بھی نہ کرے۔
آخر میں ہم ان تمام شھداء جو ایران میں اسرائیلی جارحیت میں شھید ہوئے ہیں ان کو خراج پیش کرتے ہیں اسرائیل اور آمریکا کی تمام شیطانی حرکات کی پرزور مزمت کرتے ہیں اور ایران کو جنگ کی کامیابی پر بھادری سے جنگ کرنے پر اسلام کا نام بلند کرنے پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
ہم مطالبہ کرتے ہیں حکومت سندھ سے کہ ایام عزاء میں تمام سہولیات عزاداران کو مہیا کی جائیں جو ہر شھری کا قانونی حق ہے اور عزاداران کو سراپاء احتجاج ہونے پر مجبور نہ کیا جائے۔
وحدت نیوز(پاراچنار)تحصیل چئیرمین اپر کرم مولانا مزمل حسین فصیح کی قیادت میں مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوں نے پیواڑ واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پاراچنار میں عیادت کی اور واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر ارشاد حسین بنگش، شفیق حسین مطہری اور دیگر موجود تھے۔ ایم ڈبلیو ایم کے وفد نے زخمیوں کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔