The Latest

وحدت نیوز (مانیٹرنگ ڈیسک) حزب اللہ لبنان کے ایک سینئر رہنما نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت اس خیال باطل کے تحت کہ چونکہ حزب اللہ، شام کے بحران میں مصروف ہے، لبنان پر دوبارہ حملہ کرنے کی تیاریاں کر رہی ہے۔ اسلامی جمہوری ایران کے خبر رساں ادارے فارس نیوز نے ’’ الخبر لبنان ‘‘ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ حزب اللہ کی مجلس عامہ کے نائب سربراہ شیخ نبیل قاووق نے خبردار کیا ہے کہ صیہونی حکومت نے لبنان پر حملے کرنے کے لئے دو روز قبل فوجی مشقیں مکمل کرلی ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ صیہونی حکومت یہ سمجھتی ہے کہ چونکہ حزب اللہ شام میں مشغول ہے، اسی وجہ سے وہ کسی مناسب وقت کی تلاش میں ہے، تاکہ لبنان پر دوبارہ حملہ کرکے اسے نابود اور اپنی ماضی کی پے در پے شکستوں کا بدلہ لے سکے۔

 

شیخ نبیل قاووق نے تاکید کے ساتھ کہا کہ لبنان کے داخلی اور شام میں جاری بحران کے باوجود حزب اللہ اسرائیل کو بڑی شکست اور لبنان کو بڑی کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے ہر لمحے پوری طرح تیار ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ لبنان کی اس بڑی کامیابی اور اسرائیل کی اس شرمناک شکست سے پورے خطے کی سیاست میں اہم تبدیلیاں واقع ہونگی۔ ان کا کہنا تھا کہ شام کا بحران ہمیں اپنے اصلی فرض جو کہ صیہونی حکومت کی جارحیت کا مقابلہ ہے، سے ہرگز نہیں روکے گا۔ شیخ نبیل قاووق نے کہا ہے کہ شام کے بحران کے باوجود حزب اللہ، صیہونی حکومت کو ایک بار پھر زبردست شکست کا مزہ چکھانے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔

 

حزب اللہ کے رہنما نے عبرا کے علاقے میں برپا ہونے والے فتنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں ایسی تبدیلی ایک بم کی مانند تھی، دشمن چاہتے تھے کہ اس بم سے پورے لبنان کو نابود کر دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فتنے کے لئے جمع کئے جانے والے ہتھیاروں کا ذخیرہ اور ملکی اور غیر ملکی دہشتگردوں کی تیاری سے تو ایسا ہی لگ رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عبرا میں انتھا پسند وہابی عناصر کی بدامنی سے وہ تمام حلقے رسوا ہوگئے جو لبنان میں پیسے اور ہتھیاروں سے بدامنی اور فتنہ پھیلانا چاہتے تھے۔ البتہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس طرح کے فتنے کے لبنان کے تمام علاقوں میں رونما ہونے کے امکانات ہیں، اس لئے تمام لبنانیوں کو پوری طرح ہوشیار رہنا چاہیئے، انہوں نے لبنان کی فوج کی طرف سے لبنان اور تمام لبنانیوں کی حمایت پر اس کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ المستقبل نامی سیاسی پارٹی اپنی تاسیس سے ہی عوام کے مذہبی جذبات کو مشتعل کرکے حزب اللہ کو نقصان پہنچانے اور بیرونی طاقتوں کے مفادات کے پراجیکٹ پر کام کر رہی ہے۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کوئٹہ کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ نادرا اور پاسپورٹ آفس کے اہلکاروں کا رویہ درست نہیں ہیں۔ مختلف بہانے بنا کر عوام کو تنگ کیا جارہا ہے۔ ان کی اس لاپرواہی کی وجہ سے عوام اپنی قومی شناخت سے محروم ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ نادرا اور پاسپورٹ آفس کے اہلکار اپنی لا پرواہی، کوتاہی اور کرپشن کی وجہ سے قومی جرم کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ کے ترجمان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس قومی مسئلے پر توجہ دے کر نا اہل اہلکاروں کے خلاف تا دیبی کارروائی کرے اور ان دفاتر میں شکایت سیل فوری طور پر قائم کئے جائیں تاکہ عوام کی شکایات کا فوری ازالہ ہو سکے۔

وحدت نیوز (آزاد کشمیر) مجلس وحدت مسلمین آزادجموں وکشمیر کی نئی کابینہ کی تشکیل مکمل کر لی گئی۔ ریاستی سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے اپنی کابینہ سے حلف لے لیا۔ نئی کابینہ میں سید سرفراز حسین کاظمی (میرپور) ایڈیشنل سیکرٹری جنرل، مولانا ممتاز علی حسینی سیکرٹری ثقافت و تبلیغات، سید محسن رضا جعفری سیکرٹری خیرالعمل فاونڈیشن، مولانا سید افتخار الحسن جعفری (باغ) سیکرٹری تربیت، سید سجاد حسین سبزواری سیکرٹری فنانس، سید تصور عباس موسوی سیکرٹری سیاسیات، سید شعیب علی بخاری (کوٹلی) سیکرٹری شماریات، سید عمران حیدر سبزواری سیکرٹری یوتھ و سکاوٹس، سید قلندر نقوی سیکرٹری نشر و اشاعت، عابد علی قریشی سیکرٹری تنظیم سازی، سید کفایت حسین نقوی سیکرٹری میڈیا سیل، سید عارف حسین کاظمی (ہٹیاں) سیکرٹری امام سجاد فاونڈیشن، مولانا حمید حسین نقوی سیکرٹری روابط شامل ہیں۔

 

تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین اتحاد و وحدت کے عملی فروغ کے لئے کوشاں ہے اور خطہ میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی فضا کو برقرار رکھنے کے لئے ہرممکن کوششوں کو جاری رکھے ہوئے ہے انہوں نے کہا کہ بحیثیت مسلمان ہم سب کا مذہبی اخلاقی اور ایمان فریضہ بنتا ہے اور آئین پاکستان بھی ہمیں اس طرف متوجہ کرتا ہے کہ معاشرتی برائیوں کے خاتمہ اور ایک اسلامی معاشرے کی تشکیل میں ہم مشترکہ کردار ادا کریں ،عوام کی محرومیوں کے ازالہ اور نظام کی تبدیلی کے لئے ہر شخص کو ایک مجاہدانہ کردار ادا کرنا ہوگا جہاد کی فضیلت کے متعلق قرآنی تعلیمات سے ہمیں جو سبق ملتا ہے اس سے پتا چلتا ہے کہ اپنے معاشرے کو سدھارنے کے لئے مصلحانہ کردار بھی جہاد ہے اور اس سلسلہ میں جدوجہد کرنے والوں کو اللہ نے اپنی کتاب میں بیٹھ رہنے والوں پر فضلیت عطا فرمائی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ماہ مبارک رمضان کا آغاز ہونے والا ہے اور یہ ماہ ہمیں عبادت ریاضت کے ساتھ ساتھ ایثار وقربانی اور ایک دوسرے کے احساس اور فقراء وغرباء اور بے کس بھائیوں کے مسائل کے حل اور ان کی جائزضروریات کی تکمیل کا درس دیتا ہے لہذا اس شہراللہ میں زیادہ سے زیادہ کوشش کی جائے کہ روزے کی روح کو سمجھتے ہوئے تقویٰ کے حصول کے لئے معاشرے کی فلاح واصلاح کا فریضہ سر انجام دیا جائے۔

وحدت نیوز (مشہد)  مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری روابط و مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات  برادر اقرار حسین اور ایم ڈبلیو ایم کی شوریٰ عالی کے رکن علامہ ہاشم موسوی کا ایم ڈبلیو ایم مشہد کے دفتر کا دورہ۔ اپنے دورہ میں رہنماؤں نے مشہد کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا عقیل خان و دیگر علماء کرام اور مقامی طلبہ کے ساتھ سوال و جواب کی تفصیلی نشست کی۔ نشست میں قومی و ملی امور اور اتحاد و وحدت کے حوالے سے ایم ڈبلیو ایم کی پالیسی و اقدامات کی تفصیلی گفتگو کی گئی ۔ نشست میں موجود پوری دنیا سے آئے ہوئے طلبہ کی جانب سے ایم ڈبلیو ایم کی کامیابی کے حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا گیا نیز ایم ڈبلیو ایم کے کاروانِ وحدت کی سر بلندی کے لئے آراء و تجاویز بھی دی گئیں۔

bashir rajaوحدت نیوز (نجف اشرف) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے وفد کے ہمراہ نجف اشرف عراق میں مقیم حضرت آیت اللہ العظمٰی حافظ بشیر حسین نجفی سے ملاقات کی اور پاکستان کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد میں مرکزی سیکرٹری سیاسیات ناصر عباس شیرازی، ایم ڈبلیو ایم نجف کے مسئول دفتر مہدی رضوی اور مولانا عمران کاظمی شریک تھے۔ اس موقع پر حضرت آیت اللہ حافظ بشیر حسین نجفی کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستان میں مجلس وحدت کی فعالیت کی خبریں ملتی رہتی ہیں، ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان میں ملت تشیع کی بیداری اور فعالیت میں ایم ڈبلیو ایم نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے علامہ ناصر عباس جعفری سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ آپ نے کن حالات میں پاکستان ملت تشیع کو اکٹھا کیا اور انہیں اپنے حقوق کی بازیابی کیلئے بیدار کیا۔

 

ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات کی ضرورت ہے جس سے پاکستان میں ملت تشیع کی داخلی وحدت کو پروان چڑھایا جاسکے۔ آیت اللہ العظمٰی حافظ بشیر نجفی نے مزید کہا کہ وہ پاکستان میں ملی وحدت کے حوالے سے کلیدی کردار ادا کرنے کیلئے آمادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایسی کاوش کیلئے تیار ہیں جس کے نتیجے میں تشیع کی داخلی وحدت کو یقینی بنایا جاسکے۔ اس موقع پر علامہ ناصر عباس جعفری نے انہیں یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آپ بزرگان ملی وحدت کے حوالے سے جو بھی قدم اٹھائیں گے، اس میں ہمیں معاون، مددگار اور خود بڑھ کر فوری عمل کرنے والا پائیں گے۔

وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے لاہور پرانی انارکلی میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی اطلاع کے باوجود عوام کی جان و مال کے تحفظ میں ناکامی نے لاہور کے سکیورٹی اداروں اور انتظامیہ کا پول کھول دیا۔ لاہور کے حساس ترین اور گنجان آباد علاقے میں دہشت گردوں کی رسائی نے خفیہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیئے۔ علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے مخالف جماعتیں ان بے گناہ شہداء کے خون ناحق میں برابر کے شریک ہیں، دہشت گردوں کو مذاکرات کی دعوت دے کر ان کی حوصلہ افزائی کرنے کا نتیجہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے، دہشت گردی کا واحد حل ان ظالموں کے خلاف بھرپور آپریشن ہے، جس کا بارہا ہر فورم پر ہم مطالبہ کرچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مساجد، امام بارگاہوں، اولیا کرام کے مزارات کی انتظامیہ سکیورٹی کے معاملات کی خود نگرانی کریں۔

 

علامہ عبدالخالق اسدی کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کے ناک کے نیچے ہونے والا یہ واقعہ عوام کے لئے لمحہ فکریہ ہے! علامہ اسدی کے حکم پر وحدت یوتھ کے درجنوں کارکنان میو ہسپتال میں زخمیوں کو خون دینے کیلئے موجود ہیں اور جاں بحق ہونے والوں کے ورثا سے تعزیت کرتے ہوئے علامہ اسدی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین جاں بحق ہونے والوں کے ورثا کے غم میں برابر کی شریک ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعاگو ہے۔

وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام اسیر ویلفیئر موومنٹ کا آغاز کر دیا گیا، اس مہم کے حوالے سے پہلا مشاورتی اجلاس ڈپٹی سیکرٹری جنرل پنجاب سید اسد عباس نقوی کی زیرصدارت صوبائی سیکرٹریٹ مسلم ٹاؤن لاہور میں منعقد ہوا, جس میں پنجاب کے سات اضلاع فیصل آباد، شیخوپورہ، لاہور، قصور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، ساہیوال، پاکپتن کے سیکرٹری جنرلز و ڈپٹی سیکرٹر جنرلز نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید اسد عباس نقوی نے کہا کہ ناصر ملت علامہ ناصر عباس جعفری نے گذشتہ دورہ لاہور پر اسیران ملت جعفریہ اور ان کے اہل خانہ کیلئے ہر ممکن مدد کرنے کیلئے باقاعدہ موومنٹ کے آغاز کا حکم صادر فرمایا تھا، اسی سلسلے میں آج کا یہ اجلاس بلایا گیا ہے۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اسیران ملت جعفریہ اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کیلئے ہرممکن مدد کی کوشش کریں گے۔ خصوصی طور پر اسیران کے بچوں کی تعلیم، گھریلو ضروریات، خود اسیران کے مقدمات کی پیروی کیلئے بھرپور جدوجہد کرنے کے عزم پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اس ماہ رمضان المبارک کو ماہ پیروان امام سجاد (ع) اسیران ملت جعفریہ پاکستان کے نام پر منانے کا اعلان کیا گیا۔

 

یاد رہے کہ اسیران ملت جعفریہ کو جتنی توجہ دینے کی ضرورت ہے قوم کی جانب سے ان مظلوموں کیلئے کوئی خاطر خواہ ادارے کا نہ ہونا ایک المیہ سے کم نہیں، اسی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین نے جو کہ پہلے دن سے ہی امام سجاد فاؤنڈیشن کے ذریعے ان قومی ہیروز کی ہر ممکن امداد کر رہے ہیں، اس کیساتھ اس مہم کا بھی بیڑا اٹھانے کا اعلان کیا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ قوم کے مخیر حضرات ان گمنام قومی ہیروز کی مدد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اسیران ملت جعفریہ اور ان کے لواحقین کو یہ احساس دلائیں کہ یہ کوئی مجرم نہیں بلکہ قومی ہیروز ہیں۔

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری امور فرہنگ (تعلیم، تربیت، تبلیغات) علامہ اعجاز حسین بہشتی نے کہا ہے کہ فتنہ و فساد کا واحد حل اہل بیت (ع) کی نظر میں قرآن اور اہل بیت (ع) کا دامن تھامنے میں ہے، حدیث میں ہے کہ اگر رات کی تاریکی کی طرح فتنہ تمہیں ڈھانپ لے تو دامن قرآن کو پکڑنا جو تمہیں امن، اطمینان اور سکون کی زندگی فراہم کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم ڈبلیو ایم کراچی کے تحت المحسن ہال میں منعقدہ تنظیمی و تربیتی ورکشاپ میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ اعجاز بہشتی نے تاکید کی کہ تنظیمی جوانوں کو بالخصوص اور تمام جوانوں کو بالعموم ماہ مبارک رمضان کی آمد کے ساتھ ساتھ اپنے عبادی، معنوی اور تلاوت قرآن کے پروگرامات کو مرتب کرنا چاہیئے، کم سے کم ماہ مبارک رمضان میں تین مرتبہ قرآن ختم کرنا ضروری قرار دیں، کیونکہ اس مہینے کی برکت سے ایک آیت کی تلاوت کل قرآن ختم کرنے کے برابر ہے۔

 

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکریٹری امور فرہنگ  کا کہنا تھا کہ حدیث میں ہے کہ جس گھر میں تلاوت قرآن ہو، اس گھر کی تین خصوصیات پائی جاتی ہیں، اول یہ کہ برکت نازل ہوتی ہے، دوئم یہ کہ فرشتے نازل ہوتے ہیں اور تیسری خصوصیت یہ ہے کہ شیطان اس گھر سے دور ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے مجلس وحدت مسلمین کو الٰہی نظام اور خون شہداء کی پاسداری، مظلوموں کی حمایت، مستضعفین کی مدد اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے کیلئے بنایا ہے، لیکن اگر تنظیم ان امور کی انجام دہی میں رکاوٹ بنے تو اس بت کو توڑنا ضروری ہوگا، ہمیں تنظیم پرستی کے بجائے دینی اہداف کو حاصل کرنے کے لئے مقدمہ کے طور پر تنظیم کو استعمال کرنا چاہیئے۔

وحدت نیوز (سندھ)  مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مختار امامی نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت لاپرواہ سیاستدانوں کی خود غرضی کا شکار ہے۔ وفاقی حکومت عوامی خواہشات کا احترام کرے۔ عوام کو انتخابات سے پہلے بہت سنہرے خواب دکھائے گئے۔ مرکزی حکومت بحرانوں کے خاتمے کے لئے شروع دن سے ہی سنجیدہ نہیں ہے۔ یہ نہیں ہو سکتا کہ حکمران اتنے بھولے ہیں کہ انہیں ملک میں ہونے والی سازشوں کاعلم نہیں ہے مگر وہ کسی بھی قسم کے سدباب سے قبل غیر ملکی قوتوں کے اشارے کا احترام اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ افسوس پاکستان کی کمزور اور نڈھال معیشت غیر سنجیدہ حکمرانوں کے ہاتھ چلی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکریٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا۔ علامہ مختار امامی نے کہا کہ وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنی ناکام پالیسیوں کا جائزہ لے اور عوام کی بہتری کے تمام اقدامات پر فوری عمل کرے۔

 

علامہ مختار امامی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنے ہر دور حکومت میں کراچی کے ساتھ ہر سطح پر ناانصافی کی۔ ابھی تک حکومت نے جو بھی فیصلے کئے اس سے عوام کو براہ راست ایک بھی فائدہ نہیں مل سکا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اچھی قیادت نہ ملنے کی وجہ سے بہت سے بحران وراثت میں بھی ملیں ہیں مگر موجودہ حکومت نے جس طرح اپنی حکومت کا آغاز کیا ہے اس سے سابقہ تمام حکومتوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کے پانچ سالہ دور میں بھی عوام کو ریلیف نہیں مل سکا ہے۔ 11 مئی کے انتخابات نے جس طرح عوام کے دلوں میں پاکستان کے بہتر مستقبل کے لئے امنگ جگائی تھی وہ نامناسب لوگوں کی اجارہ داری کی وجہ سے اسی روز دم توڑ گئی۔ مہنگائی اور لوڈشیڈنگ سے ستائے ہوئے عوام کی قسمت میں روزانہ کی بنیاد پر نت نئے مسائل عذاب کی صورت میں ڈال دیئے جاتے ہیں۔

وحدت نیوز (اسکردو) اسکردو میں اسد عاشوا مذہبی عقیدت کے ساتھ منایا گیا۔ عاشورا اسد کے موقع پر علم، تعزیے اور تابوت کے جلوس برآمد ہوئے۔ جلوس عزاء میں ہزاروں عزاداران نے نواسہ رسول حضرت امام حسین (ع) اور آپ کے اصحاب کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے نوحہ خوانی، سینہ کوبی اور زنجیر زنی کی۔ عزاداران امام حسین (ع) مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے شبیہ قتل گاہ سکردو پہنچے جہاں پر تمام جلوس اختتام پذیر ہوئے۔ عاشورائے اسد کے موقع اسکردو پولیس کو پوری طرح الرٹ رکھا گیا تھا، ماتمی دستوں کی گزر گاہوں میں عزاداروں کے لئے سبیل امام حسین (ع) اور نیاز کے انتظامات کئے گئے تھے جبکہ کسی بھی ایمرجنسی کے لئے ریسکیو اور فرسٹ ایڈ پوسٹ بھی قائم کی گئی تھی۔

 

درایں اثناء  اسد عاشورا کے موقع پر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان بلتستان ڈویژن کے زیر اہتمام مجلس عزا کا انعقاد حسینی چوک اسکردو پر کیا گیا۔مجلس عزا سے ڈویژنل صدر امتیاز عابدی، علامہ سید مبارک حسین موسوی اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے خطاب کیا۔ ہزاروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے کہا کہ پیغام کربلا ہر برائی اور فسق و فجور کے خلاف ڈٹ جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بلتستان میں فسق و فجور کی ترویج کا ذریعہ بنی ہوئی ہے، حکومت اب بھی ہوش کے ناخن لے اور بلتستان میں موجود فسق و فجور، منشیات، بے راہ روی اور بدعنوانیوں کے خلاف اقدامات کرے۔ انہوں نے مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مظلوموں کی جماعت ہے اور مظلوموں اور محروموں کے حقوق کی جنگ لڑے گی۔ ہم بلتستان میں محکمہ تعلیم میں جاری بدعنوانیوں کو روکنے کے لیے تمام تر قانونی اقدامات اٹھائیں گے اور آئندہ کی نسل کو بدعنوان طبقوں سے نجات دیں گے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree