The Latest
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین نے شام میں امام حسین علیہ السلام کی ہمشیرہ حضرت زینب سلام اللہ علیھا کے روضہ اقدس پر تکفیریوں کے حملے کے خلاف 10 روزہ سوگ اور آج یوم احتجاج منانے کا اعلان کر دیا ہے۔ اسلام آباد سے جاری مذمتی بیان میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں نے اب خانوادے رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہِ وسلم کو بھی معاف نہیں کیا اور دہشتگردی کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا پر واضح ہوگیا ہے کہ تکفیریوں کا اسلام اور انسانیت سے دور کا بھی واسطہ نہیں ہے، درندہ صفت لوگوں نے عالم اسلام کو ایک اور سانحہ سے دوچار کر دیا ہے۔
مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ حضرت زینب سلام اللہ علیھا کے روضے اقدس پر حملے کی خبر نے مسلمانوں کو شدت غم سے نڈھال کر دیا ہے، اس واقعہ میں وہی قوتیں ملوث ہیں جنہوں نے جنت البقیع کو منہدم کرایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ تکفیریوں نے پہلے شعائر اللہ، مزارات اولیاء کرام کو نشانہ بنایا اور اب اہل بیت علیہ السلام کے روضے اقدس کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شام کے پرامن حالات خراب کرنے میں عالمی طاقتیں ملوث ہیں۔ علامہ امین شہیدی نے مذید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین اس سانحہ کیخلاف دس روزہ سوگ کا اعلان کرتی ہے اور آج ملک بھر میں یوم احتجاج منایا جائیگا۔ انہوں نے پاکستان میں تمام مکاتب فکر سے اپیل کی وہ اس سانحہ کی پرزور مذمت کریں اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) تکفیری دہشت گردوں نے حرم سیدہ زینب سلام اللہ علیہ پر حملہ کر کے ایک مرتبہ پھر جنت البقیع کی تاراجی کی یاد تازہ کر دی ہے ، دنیا بھر سے شام لا ئے گئے دہشت گردوں کا اہم اور آخری حدف حرم سیدہ زینب (س)پر حملہ تھا۔ہم آخری سانس تک شعائر اللہ، شعائر رسول اللہ (ص)اور شعائر اہل بیت (ع) کا دفاع کرتے رہیں گے ،مجلس وحدت مسلمین پاکستان ا س عظیم سانحے پر 10روزہ ملک گیر یوم سوگ اور 3روزہ یوم احتجاج کا اعلان کر تی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری (حفظ اللہ )نے شام ( دمشق) میں حرم سیدہ زینب(س) بنت علی (ع)پر تکفیری و خارجی دہشت گرد گروہ کی جانب سے راکٹ حملے کے خلاف مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے مذمتی بیان میں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان دہشت گردوں کا نہ تو کوئی دین ایمان ہے نہ ہی کوئی زبان ، جس طرح امریکانے افغانستان پر حملہ کے لئے 9/11کو جواز بنایا ، پھر عراق پر حملے کے لئے کیمیکل ہتھیاروں کا بہانہ بنایااور آج اسی امریکا نے شام (حرم سیدہ زینب سلام اللہ علیہ )پر حملے کے لئے عوامی حقوق کی پامالی کا واویلہ کرکے اپنے نام نہاد مسلمان جہادی (فسادی)ایجنڈوں سے لشکر کشی کروائی ہے ۔ اگر یہ فسادی تکفیری ٹولہ عوامی حقوق کی بازیابی کے لئے اتنا ہی سنجیدہ تھا تو کسی حکومتی سرکاری عمارت پر حملہ آور ہوتا ، مومنین کے دل کی ٹھنڈک ہمارے عشق و محبت کے محور ہماری پاک بی بی (س) کے حرم مطہر پر کیوں راکٹ داغے ؟
آج آل سعود کے روحانی فرزندوں نے اپنے اجداد کی سیرت پر عمل کرتے ہو ئے ایک مرتبہ پھر دختر سیدہ کونین جناب فاطمتہ الزہرا سلام اللہ علیہ جناب سیدہ زینب الکبریٰ سلام اللہ علیہ کے روضہ اطہر پر حملہ کیا ہے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر امریکا اس حملے کو ٹیسٹ کیس سمجھ رہا ہے تو حماقت کر رہا ہے ، امریکا اور اس کے وہ تمام اتحادی (فسادی)جو اس وقت شام کی انقلابی حکومت اور عوا م سے برسر پیکار ہیں انہیں اس کا جلد حساب دینا ہو گا ، اللہ کے لشکر یعنی حزب اللہ کا اعلان سے فان حزب اللہ ہم الغالبون بیشک ایک دن اللہ کے لشکر کو ہی ظالموں پر غالب آنا ہے ، اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں کہ جب امریکا ، اسرائیل اور سعودیہ عرب شام میں بھی اسی طرح ذلت و رسوائی کا سامنا کریں گے جیسے 2006میں لبنان میں کر چکے ہیں ۔
انہوں نے مذید کہا ہے کہ امریکی ، اسرائیلی و سعودی حکمران ایک بات اور اپنے ذہن نشین کر لیں کہ ابھی صرف شام کے مقامی اور پڑوسی ممالک کے چند سو غلامانِ سیدہ زینب بنت علی علیہ السلام کا مقابلہ تمہارے بس میں نہیں ڈرو اس وقت سے کہ جب عالم تشیع کے تمام مراجعین ، بزرگان ، علماء کرام اور خصوصاً ولی امر مسلمین جہان امام سید علی خامنہ ایٰ (حفظ اللہ تعالیٰ) تمہارے خلاف جہاد کا فتویٰ صادر فرمادیں تو اس زمین پر تمہارے تمام مفادات تباہ و برباد کر دیئے جا ئیں ۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری (حفظ اللہ ) نے حرم سیدہ زینب سلام اللہ علیہ پر ہو نے والے اس دل خراش سانحے کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے10روزہ ملک گیر یوم سوگ اور 3روزہ یوم احتجاج کا اعلان کیا اور تمام غیرت مند مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اہانت پر خاموش نہ بیٹھیں بلکے اسے توہین رسالت (ص) محسوس کر تے ہوئے اپنے گھروں سے باہر نکلیں اور شاتمین رسول (ص )وآل رسول (ع) کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں ۔
وحدت نیوز (ہنگو) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور ترجمان علامہ سید عبدالحسین الحسینی نے پاکستان سے دہشتگردوں کی شام روانگی کی خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اس حوالے سے فوری طور ایکشن لے، امریکہ اور اسرائیل کی پشت پناہی سے شام میں جاری بغاوت اور قتل و غارت گری میں ملوث ہونے سے اسلام کے نام پر نام نہاد جہاد کرنے والوں کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے آگیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک طالبان پاکستان سمیت دیگر شدت پسند گروہوں کی پاکستان سے شام روانگی کی میڈیا رپورٹس پر جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل کا اولین مقصد اسلام اور مسلمانوں کے خلاف اقدامات ہیں، اسی تناظر میں شام میں امریکہ اور اسرائیل کی ایماء پر بغاوت شروع کی گئی، نام نہاد مجاہدین نے اس بغاوت کا حصہ بن کر ثابت کر دیا ہے کہ ان کی ڈوریں واشنگٹن اور یروشلم سے ہلتی ہیں۔
انہوں نے حکومت پاکستان کے کردار کو بھی اس حوالے سے تنقید کا نشانہ بنایا کہ افغانستان کے بعد اب اگر شام میں بھی پاکستان کی جانب سے مداخلت ہوئی تو دنیا میں پاکستان تنہاء رہ جائے گا، حکومت فوری طور پر دہشتگردوں کی شام روانگی کا نوٹس لے اور اس حوالے سے عملی اقدامات کرے۔ انہوں نے بعض عرب ممالک کے اقدامات کی بھی مذمت کی، جو شام میں مداخلت کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شام شامیوں کا ہے، وہاں کوئی فرقہ وارانہ جنگ نہیں، بعض عرب ممالک نے امریکہ اور اسرائیل کی ملی بھگت سے اس جنگ کو شیعہ سنی جنگ قرار دینے کی سرتوڑ کوششیں کی ہیں، تاہم ان کی یہ کوششیں ناکام ہوں گی۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور روالپنڈی و اسلام آباد کی ماتمی انجمنوں کا مشترکہ اجلاس اسلام آباد میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کی برسی کے پروگرام کے چیف آرگنائزرعلامہ امین شہیدی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کی برسی اور عالمی یوم القدس کے حوالے سے نکالی جانے والی ریلی کے پروگراموں کو حتمی شکل دی گئی، اجلاس میں دونوں اہم پرگراموں میں راولپنڈی اسلام آباد کی اہم شخصیات، اداروں، انجمنوں اور بالخصوص دیگر مسالک کی شخصیات کی شرکت یقینی بنانے کے لئے الگ الگ کوآرڈیشن کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ شرکائے اجلاس کی مشاورت سے شہید قائد کی برسی کے پرگروام کیلئے ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی راہنما علامہ اصغر عسکری کی سربراہی میں تشکیل دی گئی، اس کمیٹی میں سید عباس شاہ، علامہ فخر عباس علوی، سید سعیدالحسن رضوی، علی عباس، آئی ایس او کے ڈویژنل صدر مصور عباس اور غلام عباس کاظمی کو بطور ممبر شامل کیا گیا جبکہ القدس ریلی کے حوالے سے آئی ایس او کے ڈویزنل صدر مصور عباس کی سربراہی میں چھ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ کمیٹی میں نوید رضا، مسرور نقوی، ظہیر عباس، منور نقوی، سعیدالحسن رضوی اور سید عباس شاہ شامل ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مصور عباس القدس ریلی کے حوالے سے تمام طلبہ و یوتھ تنظیموں سے رابطے کریں گے جبکہ دیگر مسالک کے علمائے کرام و اہم شخصیات کے ساتھ رابطے ایم ڈبلیو ایم کے عہدیدار و علمائے کرام کریں گے، اجلاس میں اعلان کیا گیا کہ القدس کی آزادی کیلئے ملت اسلامیہ اور اقوام عالم کا شعور اجاگر کرنے کیلئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں القدس کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی، اجلاس میں اتفاق رائے سے کانفرنس کے انعقاد کی ذمہ داری ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری روابط ملک اقرار حسین کو سونپی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم کی تشکیل سے قبل بھی شہید حسینی کی برسی کا عظیم الشان پروگرام منعقد ہوتا تھا جس میں تمام ملی تنظیموں، انجمنوں اور اداروں کے افراد بھرپور انداز میں شریک ہوتے تھے، تاہم ایم ڈبلیو ایم کے پلیٹ فارم سے اس پروگرام کو مزید بہتر انداز میں آرگنائز کرنے کی جدوجہد کی گئی جس کے بہتر نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ہمارا کسی جماعت یا تنظیم سے کوئی مقابلہ نہیں، شہید کی برسی منانا ہماری دینی، ملی اور قومی ذمہ داری ہے، اللہ تعالٰی نے ہمیں شہید حسینی کی شکل میں ایک نورانی شخصیت عطا کی تھی اور ان کی شہادت کے بعد ان کی کمی ہمیشہ محسوس ہوتی رہے گی، اس لئے ہمیں ان کے یوم شہادت کو قومی دن کے طور پر منانا ہوگا جس میں تمام تنظیمیں، انجمنیں اور ادارے شامل ہوں۔ یوم القدس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ امین شہیدی نے کہا کہ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ سرزمین پاکستان پر یوم القدس کے زندہ رکھنے کا سہرہ آئی ایس او کے سر ہے، انہوں نے کہا کہ القدس اسلام اور ملت تشیع کی میراث ہے، مظلومیت کا ساتھ دینا ایک فطری تقاضہ ہے، مظلوم خواہ فلسطین میں ہوں، عراق میں ہوں یا شام میں، ہم ان کے ساتھ ہیں، شام کے موجودہ حالات کے تناظر میں یوم القدس کو پہلے سے کہیں زیادہ جوش و جذبے کے ساتھ منانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یوم القدس آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین کو ہدایت کی کہ وہ ابھی سے ملت تشیع کی تمام تنظیموں کے ساتھ ساتھ دیگر مسالک کے ساتھ روابط تیز کریں اور انہیں خلوص نیت کے ساتھ القدس ریلی میں شرکت کی دعوت دیں۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کشمیر میں ہندوستانی غاصب افواج کی جانب سے قرآن پاک و مسجد کی بے حرمتی اور روزہ داروں کے قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی ظالم افواج کی جانب سے کی جانے والی اس بے حرمتی نے ہر مسلمان کے دل کو مجروح کیا ہے، عالم اسلام اس قبیح عمل پر سخت غم و غصے میں ہے۔
اپنے مذمتی بیان میں علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ ماہ صیام میں مظلوم کشمیری روزہ داروں کا قتل عام ہندوستانی افواج کے مکروہ اور ظالم چہرے کو مزید عیاں کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام، او آئی سی اور حکومت پاکستان اس عمل کی مذمت کریں اور بھارتی حکومت سے مطالبہ کریں کہ واقعہ میں ملوث افراد کو ان کے گھناونے عمل پر عالمی عدالت میں پیش کیا جائے اور سخت سزا دلائی جائے۔
علامہ ناصر عباس جعفری نے پندرہ کے قریب بے گناہ کشمیری عوام کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روزہ دار مظلوم شہیدوں کا یہ خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا، انشاءاللہ ایک دن کشمیری عوام آزادی کی نوید سنیں گے اور بھارتی مظالم سے نجات پائیں گے۔
وحدت نیوز (اسلام آباد)مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان جناب علامہ محمد امین شہیدی کی جانب سے راولپنڈی اور اسلام آباد کے تنظیمی افراد خصوصاً امامیہ اسٹوڈینٹس آرگنائزیشن ،آئی او اور دیگر ماتمی سنگتوں و انجمنوں کے نمائندہ افراد کے لئے دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا جس میں جمعتہ الوداع یوم القدس اور برسی قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی کے حوالے سے کوآرڈینشن کمیٹی کی تشکیل دی گئی۔
علامہ امین شہیدی نے نامزد کمیٹی کے اراکین سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ یوم القدس ظالموں کے خلاف مظلوموں کے قیام کا دن ہے ، اور اس دن کا تقاضہ ہے کہ اسے امام خمینی کے فرمان کو مد نظر رکھتے ہو ئے شایان شان طریقے سے منایا جائے اور تمام عالم اسلام بالخصوص مسلمانان پاکستان اس روز اپنی بھر پور ملی وحدت و بیداری کا اظہار کریں ، تاکہ دشمنان دین و ملت مایوس ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سالہائے گذشتہ کی طرح اس سال بھی مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام قائد شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی کی ۲۵ ویں کا سالانہ عظیم الشان ملک گیر اجتماع ۲۵ اگست کو اسلام آباد میں منعقد کیا جا رہا ہے ، چونکہ شہیدقائد ایک عالمگیر اور ملاکوتی صفات کے حامل شخص تھے لہذا قائد کی برسی کا اجتماع مجلس وحدت مسلمین کی چھتری تلے تمام ملت مظلوم پاکستان کا اجتماع ہے ، ہم تمام دینی و ملی تنظیموں ، ماتمی انجمنوں اور اداروں سے اپیل کر تے ہیں کہ آئیں اور مثل سابق مل کرشہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کا قرض ادا کریں ۔
وحدت نیوز (مناما) بحرین کی تنظیم ’’جمعیت الوفاق‘‘ کے سربراہ شیخ علی سلمان نے گرفتاری کی دھمکیاں سننے کے بعد کہا: مجھے گرفتار ہونے سے کوئی خوف نہیں ہے اس لیے کہ ملت بحرین کے پامال شدہ حقوق لوٹانے میں گرفتاری میرے لیے باعث افتخار ہے اور میں اس کا استقبال کروں گا اور اس راہ میں شہادت بھی افتخار ہے اور میں خداوند عالم سے دعاگو ہوں کہ مجھے اسی راہ میں شہادت نصیب فرمائے۔
جمعیت الوفاق کے سربراہ نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ ہمارا سیاسی فعالیتوں کا مقصد بحرین میں موجود بحران کا سیاسی راہ حل تلاش کرنا ہے کہا: بحرین کی حکومت مذاکرات کا ارادہ نہیں رکھتی۔ اس قوم کے مطالبات پورا کرنے کے لیے اس نے ابھی تک کوئی قدم نہیں اٹھایا ہے لیکن ہم اسے مجبور کریں گے کہ ایسا قدم اٹھائے۔
شیخ علی سلمان نے کہا: ہم اس ستمگر حکومت کو مخاطب کر کے کہتے ہیں کہ ملت بحرین کے حقوق کی پامالی کسی بھی صورت میں جائز نہیں ہے اور دنیا والوں کو اس قوم کے پرامن مظاہروں کی حمایت کرنا چاہیے۔
دوسری طرف سے بحرین کی الوفاء تنظیم نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بحرین میں آل خلیفہ کا ظلم و ستم ماہ رمضان میں بھی جاری ہے۔
اس بیانہ میں آیا ہے: حکومت نے عام شہریوں کے گھروں پر حملوں میں تشدید کر دی ہے جوانوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے اور مظاہرے کرنے والوں کو سرکوب کیا جا رہا ہے۔
الوفاء اسلامی تنظیم کے بیان میں مزید تاکید کی گئی ہے: آل خلیفہ کے مزدور ماہ مبارک رمضان میں بحرینی عوام کو سکون کی سانس نہیں لینے دیتے ان کے گھروں پر حملے اور جوانوں کی گرفتاریاں ماہ مبارک میں شدت اختیار کر گئی ہیں۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنر ل حضرت علامہ راجہ ناصرعباس جعفری اپنے15روزہ دورہ ایران وعراق کے اختتام پر واپس پاکستان پہنچ گئے ہیں ۔ایران (قم)میں قیام کے دوران حضرت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مختلف موضوعات پر سیمینارز سے خطاب فرمایا ۔ جبکے عراق(نجف اشرف) میں روضۂ مولائے کائنات ع کی زیارت کے ساتھ نجف اشرف میں مقیم حضرت آیت اللہ العظمیٰ حافظ بشیر حسین نجفی قبلہ سے ملاقات کی اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکریٹری امور سیاسیات ناصر عباس شیرازی اوردفتروحدت نجف کے مسؤل مولانا مہدی رضوی اور مولانا عمران کاظمی بھی موجود تھے۔ موسسۂ شہید عارف حسین الحسینی (رہ)میں نجف اشرف کے امام جمعہ و الجماعت اور معروف سیاسی ومذہبی شخصیت حجتہ السلام والمسلمین سید صدر الدین قبانچی اور ذوالفقار کاشف الغطااور مدرسہ مہدی عج کے طلاب نے بھی حضرت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات کی ۔
عراق (کربلا ئے معلی) میں قیام کے دوران زیارات بین الحرمین امام حسین (ع )و مولاابالفضل العباس (ع )اور شہدائے کربلا (ع)سے مستفید ہونے کے بعد عراق کے معروف ٹی وی چینل کربلا کے مسؤلین نے ٹی وی اینکرپرسن حجتہ الاسلام سید مظہرحسین نقوی کی قیادت میں حضرت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات کی اور کربلا چینل کے اسٹوڈیو کا علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور ناصر عباس شیرازی کو تفصیلی دورہ بھی کروایا۔
وحدت نیوز (تہران) امام خامنہ ای ۱۷ جولائی ۱۹۳۹ ع کو پیدا ہوئے۔ نواب صفوی جیسے عظیم انقلابی رہنما سے متاثر ہوتے ہوئے انہوں نے بھی انقلابی جدوجہد کا راستہ اختیار کیا اورجب امام خمینی نے شاہ ایران کی طاغوتی حکومت کے خلاف علم بغاوت بلند کیا تو ان کی قیادت میں فعال کردار ادا کرنا شروع کیا۔ قید و بند کی صعوبتوں اورشاہی تشدد بھی انہیں امام خمینی نے پیغام کو پھیلانے سے روکنے میں ناکام رہا۔ منافق دہشت گردوں نے انہیں نماز میں بم دھماکے میں اڑانے کی سازش کی لیکن اللہ تعالی کو ان سے کچھ اور ہی کام لینا تھا۔ اس حملے میں ان کا بازو شل ہوگیا۔ وہ دو مرتبہ ایران کے صدر منتخب ہوئے اور اس کے علاوہ کئی اہم امور اور اداروں میں امام خمینی کے نمائندہ بھی رہے۔ امام خمینی کی رحلت کے بعد دنیائے اسلام کی مرجعیت کی ذمہ داری ان کے کاندھوں پر آن پڑی اور تب سے بفضل خداوند متعال وہ ولی امر مسلمین کے منصب پر فائز احسن طریقے سے اپنی ذمے داریوں کو ادا کررہے ہیں۔ان کی ۷۴ ویں سالگرہ پر ہم امام زمان اور ان کے تمام پیروکاروں اور محبین کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
مرجع جہانی، خامنہ ای امامی
وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے صوبائی سیکرٹری جنرل مولانا شیخ نیئرعباس مصطفوی نے اپنے ایک بیان میں ملک بھر میں جاری شیعہ نسل کشی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے حکمرانوں اور ریاستی اداروں کی مسلسل خاموشی اور روایتی بیانات پر شدید غم و غصے اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ ہمارے تمام مسائل کا حل ملی اتحاد میں ہی پوشیدہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ملت جعفریہ ان نازک اور حساس حالات میں داخلی اتحاد کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے حقوق کیلئے مشترکہ جدوجہد کا آغاز کرے۔