The Latest
وحدت نیوز(گلگت) دہشت گرد بزدلانہ حملوں کے ذریعے پاکستان کی مسیحی برادری کے حوصلوں کو کمزور نہیں کرسکتے۔ مسیحی برادری دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کی جانب سے جاری آپریشن کی مکمل حمایت جاری رکھے گی ۔لاہور میں چرچ پر حملے کی پرزور مذمت کرتے ہیں خود کش حملے کے نتیجے میں معصوم شہریوں کی ہلاکت پر غمزدہ خاندانوں کو تعزیت پیش کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین اقلیتی ونگ کے سیکرٹری جنرل رحمن مسیح سے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا۔
انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری اس ملک کے محب وطن شہری ہیں اور کوئی ملکی دفاع کے سلسلے میں ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔ہمارا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے اور دہشت گرد مسیحی عبادت خانوں پر حملہ پاکستان پر حملہ ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں اور دہشت گردوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اس قسم کے بزدلانہ حملوں سے ہمیں مرعوب نہیں کیا جاسکتا۔دہشت گرد مسیحی برادری کو نشانہ بناکر عیسائی مسلم فسادات کو ہوا دینا چاہتے ہیں اور ہم اس سازش کو اپنے اتحاد کے ذریعے ناکام بنادیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک عزیز پاکستان اس وقت حالت جنگ میں ہے اور دشمن اختلافات کو ہوا دیکر اندرونی طور پر ملک کو کمزور کرنا چاہتے ہیں اور ہم مسیحی برادری پاکستان دشمنوں کے ان مذموم مقاصد کی تکمیل ہونے نہیں دینگے۔ انہوں نے خود کش حملوں میں جاں بحق ہونے والے کے ورثاء سے اظہار تعزیت کی اور پنجاب حکومت کی جانبداری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت دہشت گردوں کے سامنے بھیگی بلی بنی ہوئی ہے اور ظلم کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر طاقت کا استعمال انتہائی بزدلانہ فعل ہے۔انہوں نے چیف آف آرمی سٹاف سے اپیل کی کرسچن برادری کی نسل کشی کا سلسلہ رکوانے میں کردار ادا کریں اور دہشت گردوں کا نیٹ ورک جو کہ پاکستان کے طول و عرض میں موجود ہے کے خلاف ضرب عضب طرز کا آپریشن کریں۔
وحدت نیوز (گلگت ) لاہور میں چرچ اور شاہراہ قراقرم پر سیکورٹی فورسز پر دہشت گردوں کی جانب سے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں،حکومت دہشت گردوں کو روکنے میں ناکام ہوچکی ہے۔شاہراہ قراقرم پر سیکورٹی فورسز جب محفوظ نہیں تو مسافروں کیلئے کیسے یہ شاہراہ محفوظ ہوگی ،بین الاقوامی شاہر اہ کو محفوظ بنانے کیلئے شاہراہ کو پاک فوج کے حوالے کیا جائے اور شاہراہ سے متصل آبادیوں میں دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ نیئر عباس مصطفوی نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ جیل گلگت سے خطرناک مجرموں کے فرار کے فوری بعد شاہراہ قراقرم پر سیکورٹی فورسز کے جوانوں کو نشانہ بنانا خطرے کی گھنٹی ہے جبکہ ان خطرناک مجرموں کی گرفتاری کے حوالے سے حکومتی اقدامات محض ایک خانہ پری ہے ۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ قراقرم ایک خونی شاہراہ بن چکی ہے جہاں دہشت گرد جب اور جہاں چاہیں کاروائی کرتے ہیں اور گزشتہ چند سالوں میں غیر مقامی سیاحوں اور سیکورٹی فورسز کے آفیسران اور جوانوں سمیت 100 سے زائد مسافروں کو بے دردی سے شہید کردیئے گئے ہیں اور اب تک ان تمام دہشت گردانہ کاروائیوں میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرنے میں حکومت ناکام ہوچکی ہے اور جب بھی حکومت دہشت گردوں کے خلاف کوئی کاروائی کی حکمت عملی تیار کرتی ہے دہشت گردوں کی پشت پناہ جماعتیں احتجاج او ر دھمکیوں پر اتر آتی ہیں۔ انہوں نے لاہور میں چرچ پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر پولیس تشدد کو زیادتی قرار دیتے ہوئے کہ پنجاب حکومت دہشت گردوں کے سامنے تو بے بس ہے اور اپنے عزیزوں کے قتل عام پر احتجاج کرنے والوں کے خلاف طاقت استعمال کررہی ہے ۔
وحدت نیوز (حیدرآباد) لاہور میں چرچ پر ہونے والے حملے اور قدم گاہ مولا علی کے روڈ پر واسا کی ناقص کارگردگی کے خلاف مجلس وحد ت مسلمین ضلع حیدر آباد کی جانب سے ایک ہنگامی اجلاس منعقد کیا گیا اجلاس کی صدارت مولانا امداد علی نسیمی نے کی اس اجلاس میں مرکزی تنظیم سازی سیکریٹری یعقوب حسینی اور ڈپٹی سیکریٹری صوبہ سندھ عالم کربلائی نے شرکت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا امداد علی نسیمی نے کہا کہ لاہور میں جو واقع ہوا ہے اس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں اور اس دکھ کی گھڑی میں عیسائی برادری کے ساتھ ہیں یہ دھماکہ پنجاب حکومت کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے پنجاب میں آپریشن کا دائرہ پورے پنجاب میں بڑھایا جائے پورے ملکی سطح پر حکومت ناکام ہوچکی ہے کبھی امام بارگاہ کبھی ، مسجد ، کبھی اقلیتوں کی عبادت گاہوں پر حملہ یہ حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے اور جو عبادت گاہیں ہیں اُن پر کوئی سیکورٹی نہیں یہاں پر ایک اور بات کی طرف آپ کو متوجہ کرتا چلوں کہ قد م گاہ مولا علی طرف دیکھا جائے تو عرصہ دراز سے مین روڈ گٹر کے پانی سے بھرا ہوا ہے لیکن کوئی توجہ نہیں اور نہ ہی کوئی خاطر خواہ عمل کیا گیا ہو ۔ ہم نے کمشنر تک درخواست دی ہے پر کوئی ذمہ دار فرد ذمہ داری قبول کرنے کو تیار نہیں اور نہ ہی کوئی توجہ ہے۔جمعرات اور جمعہ کو زائرین اور نمازیوں کی بڑی تعداد قدم گاہ پر آتی ہے جن کو گٹر کے پانی سے گزرنا پڑتا ہے اور بہت مشکل ہے اس لئے ان تمام باتوں سے پتہ چلتاہے کہ حکمران مال لوٹنے اور کرسی بچانے اور سالوں کی مدت پوری کرنے میں لگے ہوتے ہیں ان کو قوم ملک اور ملت کی کوئی پرواہ نہیں چاہے وہ مارے جائیں یا لوٹے جائیں ان حکمرانوں کے بچے اور گھر محفوظ ہیں جب تک دہشت گردی کے خلاف آپریشن کا دائرہ نہیں بڑھایا جاتا اور دہشت گردوں کو عبرت ناک سزا نہیں دی جاتی اور ان کام چور افسروں کے خلاف ایکشن نہین لیا جائے گا تو حالات میں بہتری کبھی نہیں آسکتی ۔
وحدت نیوز (مظفرآباد) لاہور یوحنا آباد دھماکے ، مجلس وحدت مسلمین بھرپور مذمت کرتی ہے، دھماکے انتہائی بزدلانہ کاروائیاں تھے ، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر کے سیکرٹری سیاسیات سید تصور عباس موسوی نے ریاستی مظفرآباد سے جاری مذمتی بیان میں کیا، انہوں نے کہاکہ ہم دہشتگردی و دہشتگروں کے ازل سے مخالف تھے، ہماری کل کی آواز قومی مؤقف اختیار کر چکی ہے، عیسائی برادری سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں ، اس ملک میں کوئی بھی کسی بھی طرح محفوظ نہیں ، حکمرانوں کی ناقص پالیسیاں و کمزور حکمت عملی عوام کے لیئے مسلسل عدم تحفظ کا باعث بن رہی ہیں، وفاقی و صوبائی حکومتیں گوجرہ وماضی کے دیگر واقعات کی شفاف تحقیقات کو یقینی بناتیں ، تو ناسور طاقتوں کو اس طرح کی بزدلانہ کاروائیوں کی ہمت نہ ہوتی، ملک میں آگ و خون کی ہولی کھیلنے والوں کو نشان عبرت بنا دیا جاتا تو آج یہ قیمتی جانیں ضائع نہ ہوتیں، مخصوص دہشتگرد مائنڈ سیٹ کو تباہ کیئے بغیر قیام امن ممکن نہیں ، اس نظریے کے پشت بانوں کو بھی سامنے لانا ہو گا، حکومت و عسکری ادارے ٹھوس اقدامات کریں ، عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری ان اداروں کا بنیادی فرض ،انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں آرمی چیف سے کہ جسطرح اچھے اور برے طالبان کی تمیز کو ختم کرتے ہوئے بلا امتیاز آپریشن جاری ہے، اسی طرح پنجاب کے اندر بھی ان ٹھکانوں کا صفایا ضروری ہے کہ جو اس سفاک عمل کی بنیاد ہیں ۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ بالخصوص عبادتگاہوں چاہے وہ کسی بھی مسلک و مذہب کی ہوں کا تحفظ بہر صورت یقینی بنایا جائے۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل و سیکرٹری امور خارجہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی لاہور میں ہونے والے چرچ حملوں کی مزمت کرتے ہوئے کہاہے کہ تکفیریت ہی دراصل پاکستان کی دشمن ہے اور ملک عزیز کی جڑوں کو کھوکھلا کر رہی ہے۔ عیسائی برادری کی عبادت گاہ پر حملہ دراصل پاکستان کی سالمیت پر حملہ ہے۔ تکفیری گروہ ملت پاکستان کو دہشت زدہ کرنا چاہتے ہیں اور اپنی دہشت و بربریت سے خوف و ہراس کی فضا قاتم کرنا چاہتے ہیں۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ دھماکوں میں مرنے والوں کےلواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جب تک پورے پاکستان میں تکفیری سوچ رکھنے والے اور ان کے صلاح کاروں کو تختہ دار پر نہیں لٹکا یا جائے گا تب تک ان جیسے واقعات ہوتے رہیں گے اور ملت پاکستان اسی طرح اپنے عزیزوں کے جنازے اٹھاتی رہے گی۔ پس اب وقت آگیا ہے کہ تکفیریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے اور ان کی کمین گاہوں کو تباہ کر دیا جائے ۔ ہم امید کرتے ہیں کہ پاک فوج جلد ان جرائم پیشہ عناصر تک رسائی حاصل کر کے ان کو کیفر کردار تک پہچائے گی۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ جب حکمرانوں کے اپنے لوگ کالعدم دہشت گرد تنظیموں سے رابطے رکھیں گے تو دہشت گردی کیسے ختم ہو گی۔؟ (ن) لیگ کی وفاقی اور صوبائی حکومت دہشت گردی کے خاتمے اور دہشت گردوں کے حمایتوں کو گرفتار کرنے میں سنجیدہ نہیں، صرف ڈنگ ٹپائو پالیسی اختیار کی جا رہی ہے۔ لاہور یوحنا آباد میں دھماکوں میں بے گناہوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ہم شور مچا مچاکر تھک گئے ہیں کہ (ن) لیگ کی صوبائی کابینہ کے بہت سے ایسے لوگ ہیں جن کے کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ آج بھی روابط ہیں لیکن کوئی ہماری اس بات پر توجہ نہیں دیتا، جس کی وجہ سے آج بھی پنجاب میں دہشت گردی ہو رہی ہے اور بے گناہ لوگ اس کا نشانہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ دہشت گردوں کو گرفتار کریں لیکن دہشت گردوں کی گرفتاری کے ساتھ ساتھ ان دہشت گردوں کے سہولت کاروں پر بھی ہاتھ ڈالنا ہو گا ورنہ مکمل دہشت گردی کا خاتمہ ایک خواب ہی رہے گا۔انہوں نے کہا کہ سانحہ ہ یوحنا آبادمیں جانبحق مسیحی برادری کے غم میں شریک ہیں ، کل ملک بھر میںمسیحی برادری سے یوم یکجہتی منایا جائےگا۔
وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری امورسیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے گلگت بلتستان انتظامیہ، نگران حکومت اور غیر مقامی اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے انتخابات میں دھاندلی کرنے کے مکمل انتظامات کر لئے ہیں۔ نواز حکومت نے ایسے فرد کو گورنر بنایا جو گلگت بلتستان کو پاکستان کا حصہ ہی نہیں سمجھتا ہے اور اس نے اس سے پہلے اپنے مختلف بیانات میں گلگت بلتستان کو متنازعہ علاقہ قرار دیا ہے، ایسا شخص گلگت بلتستان سے کیسے مخلص ہو سکتا ہے۔ برجیس طاہر نے گلگت بلتستان کو پارٹ ٹائم نوکری بنایا دیا ہے اور وہ گلگت بلتستان کے عوام پر احسان کرتے ہوئے وہ ہفتے میں 2 دن گلگت بلتستان کے عوام کو دینگے۔ گلگت میں مجلس وحدت مسلمین کی صوبائی سیکرٹریٹ میں صوبائی ذمہ داروں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز حکومت نے ہر وزیر کو 2 حلقے سونپ دیئے ہیں کہ وہ ان حلقوں میں مسلم لیگ نواز کے امیدوار کے لئے کمپین چلائے۔ مسلم لیگ نواز کی حکومت نے گلگت بلتستان میں 70 فی صد حکومتی عہدوں پر غیر مقامی افراد کو قابض کرا دیا ہے جبکہ مقامی افسران کی تذلیل کی جا رہی ہے۔ جس گورنر کو علاقے میں موجود معدنی ذخائر کے بارے میں علم نہ ہوں ایسے فرد کو گورنر رہنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نواز گلگت بلتستان میں نوآبادیاتی نظام کو متعارف کرانے کی کوشش کر رہی ہے۔ نگران حکومت، چیف الیکشن کمشنر مکمل طور پر جانبدار ہو چکے ہیں ایسے میں ان کی نگرانی میں الیکشن معنی خیز ہے۔ مسلم لیگ نواز اسٹیبلشمنٹ کو خریدنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ ان کے ذریعے الیکشن کو ہائی جیک کرے۔ مسلم لیگ نواز نے پنجاب میں نجم سیٹھی کی طرح گلگت بلتستان میں غیر مقامی گورنر، نگران وزیراعلیٰ، وزراء اور چیف الیکشن کمشنر کے ذریعے انتخابات کو پنکچر لگانے کی بھرپور تیاری کی ہے۔ نواز لیگ کی عوام دشمن تمام پالیسیوں کو عوام کے ساتھ مل کر ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ایک ہفتے کے اندر گلگت بلتستان کے پندرہ حلقوں سے امیدواروں سے درخواستیں وصول شروع کی جائے گی اور ہر حلقے سے بے داغ امیدوار کو سامنے لایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات میں سیاسی فرعونوں کو مزہ چکھائے گی۔ ہم نے مکتب تشیع کو پاکستان میں سیاسی شناخت عطا کی ہے اور یہ مکتب ایک سیاسی طاقت بن چکی ہے جس میں اتنی طاقت ہے کہ وہ کسی بھی ظالم حکومت کو عدم استحکام سے دوچار کر سکتی ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے انشاء اللہ اس خطے کے عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت کسی جماعت کو ہرگز اجازت نہیں دے گی کہ وہ گلگت بلتستان کے عوام کا استحصال کر سکیں، 68 سالوں سے باری باری اقتدار کے مزے لوٹنے والی جماعتوں نے اس خطے کے عوام کا سیاسی، معاشی اور اقتصادی استحصال کیا ہوا ہے جس سے آزاد ہونے کا واحد راستہ ان باریاں بدلنے والی جماعتوں کے سیاسی فرعونوں کو دریائے سندھ کی تند و تیز لہروں میں بہا کر ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران کے جھوٹ اور مکاری کو بے نقاب کر کے اقتدار پر قبضے کے خواب کو چکنا چور کر دیں گے اور سیاست میں بھرپور حصہ لیکر غاصبوں سے سیاسی مورچہ چھین لیں گے۔ گلگت بلتستان میں ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہونے کے باوجود یہاں عوام کو دن میں صرف دو گھنٹے بجلی فراہم کرنا اس خطے کے وسائل اور عوام دونوں کی تذلیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت گلگت بلتستان کے وسائل کو بروئے کار لاکر خطے کو وفاق سے کچھ لینے کی بجائے کچھ دینے کی پوزیشن میں لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اس خطے پر کوئی احسان نہیں بلکہ گلگت بلتستان کا پاکستان پر احسان ہے، گلگت بلتستان کے صاف و شفاف پانی سے پورا پاکستان سیراب ہو رہا ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام کسی کے زرخرید غلام نہیں، یہ خطہ قومی ہیروز کی سرزمین ہے، خطے کے عوام پاکستان کی محبت میں اس کی سرحدوں کی حفاظت میں مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں۔ ایک نگران وزیر کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن میں جانے کی اگر کسی جماعت کی تیاری نہیں تو وہ مسلم لیگ کی جماعت ہے اگر ان میں ہمت ہے کل سے انتخابی شیڈیول کا اعلان کرے۔ مجلس وحدت ہر حلقے میں اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی اور الیکشن میں تاخیر کا باعث نواز لیگ ہے۔
وحدت نیوز(کراچی) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیرِاہتمام سفیرانقلاب، بانی آئی ایس او، شہید ڈاکٹر سید محمد علی نقوی کی بیسویں برسی کی مناسبت سے خیرالعمل روڈ، انچولی سوسائٹی، کراچی میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں آئی ایس او کراچی کے سابق ڈویژنل صدور، سینیئر برادران سمیت امامیہ طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ سیمینار سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی، علامہ نقی ہاشمی اور شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے رفیق خاص امجد کاظمی ایڈووکیٹ نے خطاب کیا، جبکہ دستہ امامیہ کے صاحب بیاض عاطر حیدر اور وسیم الحسن عابدی نے ترانہ شہادت پیش کئے، اس موقع پر شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی حالات زندگی مبنی ڈاکیومنٹری پروجیکٹر اسکرین پر دکھائی گئیں۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے علامہ امین شہیدی نے کہا کہ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی بہت ساری تنظیموں کے بانی ہونے کے ساتھ ساتھ خود اپنی ذات میں ایک تنظیم اور تحریک تھے، شہید ڈاکٹر کی تمام جدوجہد اسلام کی خدمت کیلئے انجام دی، ان کی تمام جدوجہد لوگوں کو امید مستضعفین جہان حضرت امام مہدی آخر الزمان (عج) سے متمسک کرنے کیلئے تھی، جس کے ظہور کی منتظر تمام کائنات ہے۔ علامہ امین شہیدی نے کہا کہ شہید ڈاکٹر نقوی ان عاشقان سید شہداء (ع) میں ہیں جنہوں نے شہادت کا انتخاب آگاہانہ و شعوری طور پر کیا، انہوں نے جس کربلائی انداز سے راہ خدا میں جدوجہد کی، زندگی بسر کی، اس کا لازمی نتیجہ آگاہانہ شہادت کی صورت میں ہی سامنے آتا ہے، خود شہادت نے بھی آگے بڑھ کر ڈاکٹر صاحب کا استقبال کیا۔ ڈاکٹر صاحب ان افراد میں سے ہیں، جنہوں نے آگاہانہ طور پر اس زندگی کا انتخاب کیا، جس کی انتہاء شہادت ہے۔
علامہ امن شہیدی نے کہا کہ شہید ڈاکٹر نقوی نے ایسے کاموں کو انجام دیا کہ جس کے نتیجے میں امام زمانہ (عج) کے سپاہی تیار ہوئے، شہید ڈاکٹر کے کاموں کے نتیجے میں جہاں ملت نے حیات پائی، وہیں ایسے افراد بھی معاشرے میں پروان چڑھے، جو اللہ کے دشمنوں کیلئے ننگی تلوار ثابت ہوئے، جنہوں نے آج تک دشمن کی صفوں میں کھلبلی مچائی ہوئی ہے، جو آج بھی دشمن کیلئے موت کا پیغام ثابت ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن شہید ڈاکٹر نقوی کی محنتوں میں سے ایک محنت کا ثمر ہے، لہٰذا شہید کے نظریاتی عاشقان، آئی ایس او کے جوانوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ شہید ڈاکٹر نقوی کی زندگی، انکے نظریات و افکار کی آگاہی حاصل کرتے ہوئے انکی راہ و مشن کو ہر قیمت پر جاری رکھیں، اور شہید ڈاکٹر نقوی کی مانند ظہور امام زمان (عج) ک راہ ہموار کرنے اور وطن عزیز پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے ہراول دستہ ثابت ہوں۔ علامہ امین شہیدی نے مزید کہا کہ ایک وقت ایسا بھی آیا کہ جب آئی ایس او کے مرکزی دفتر کے دروازے شہید ڈاکٹر صاحب کیلئے بند کر دئیے گئے، لیکن شہید نقوی نے اجتماعی زندگی کی ان آفات کے موقع پر بھی ایک شفیق باپ کی طرح بند دروازے کے پیچھے رہ کر بھی ہمیشہ گھر کی سلامتی اور حفاظت کیلئے جدوجہد کی، شہید ڈاکٹر نقوی نے اپنی پوری طاقت کے ساتھ اس وقت بھی آئی ایس او کو مضبوط کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید نقوی نے اس بات سے قطع نظر کہ کون مخالف ہے یا کون حامی، تنہا ہیں یا لشکر ساتھ ہے، کوئی ساتھ دے رہا ہے یا نہیں دے رہا، راہ خدا میں جدوجہد جاری رکھی، اللہ کی طرف سے عائد اپنی ذمہ داری کی ادائیگی کیلئے میدان میں ثابت قدم رہے، یہاں تک کہ اس راہ میں اپنی قیمتی جان تک قربان کردی۔
وحد ت نیوز(اسکردو) سید ناصرعباس شیرازی مرکزی سیکریٹری امورسیاسیات مجلس وحدت مسلمین پاکستان اپنے تنظیمی دورے پر اسکردو پہنچ گئے۔ اپنے دورے کے دوران وہ بلتستان کے سیاسی و مذہبی شخصیات کے ساتھ ملاقاتوں کے علاوہ تنظیمی اجلاسوں سے خطاب بھی کریں گے۔ ناصر عباس شیرازی کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا، اس دوران بلتستان کی اہم شخصیات نے مجلس وحدت مسلمین میں اپنی شمولیت کا اعلان کرنا ہے۔ دیگر مصروفیات کے علاوہ ناصرعباس شیرازی پولیٹیکل کونسل ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان اور کورکمیٹی کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے، جس میں مجلس وحدت مسلمین کی آنیوالے الیکشن میں اپنی بھرپور شرکت اور کامیابی کیلئے جدید خطوط پر مبنی حکمت عملی بھی طے کی جائیگی۔ اسکردو میں قیام کے دوران وہ تمام حلقوں کے دوروں کے علاوہ مختلف طبقات کے وفود اور عمائدین اور اہم شخصیات سے ملاقات بھی کرینگے۔ ان کا یہ ہنگامی دورہ علاقے کی سیاسی فضا میں ہلچل پیدا کرنے کا باعث بن سکتا ہے۔
وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت مسلمین موروثی سیاست کو دفن کرکے صالح قیادت کے ذریعے عوامی خدمت گلگت بلتستان کی سیاست میں ایک نیا رخ متعارف کروائے گی۔علاقے کی سیاست پر سالوں سے قبضہ جمائے سیاسی مداری وحدت مسلمین کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خوفزدہ ہوکر نت نئی سازشوں کے ذریعے علاقائی اختلافات کو ہوا دینے میں مصروف ہیں۔حلقہ 5 نگر میں وحدت مسلمین عوام کی امنگوں کی ترجمان بن چکی ہے اور اپنے سیاسی حریفوں کی ہر سازش کو ناکام بنادے گی۔
ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین ہوپر نگر کے نو منتخب یونٹ سیکریٹری جنرل برادر حامد حسین نے وفاداری کا حلف لینے کے بعد اپنے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وحدت مسلمین نے سیاست میں روایتی طریق کار سے ہٹ کر ایک نئی جہت متعین کردی ہے جس سے سیاسی مداریوں اور جھوٹ کی سیاست کرنے والوں کیلئے سیاست کے دروازے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے بند ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ برسراقتدار نواز لیگ جھوٹے وعدوں اور سرکاری مشینری کے استعمال کے ذریعے عوامی مینڈیٹ چرانے کے خواب دیکھ رہی جسے شرمندہ تعبیر ہونے نہیں دیا جائیگا۔حلقہ 5 نگر کے عوام نواز لیگ کے شیطانی حربوں کو خوب جانتے ہیں جن کی سیاست سعودی فرمانرواؤں کے مفادات کو پاکستان میں تحفظ فراہم کرنے کے سوا کچھ بھی نہیں۔انہوں نے کہا کہ وحدت مسلمین کی گلگت بلتستان میں سیاسی طاقت کو انڈر اسٹمیٹ کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں انتخابات میں کسی بھی حریف جماعت کو حیران کن شکست سے دوچار کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نواز کو گلگت بلتستان میں باریاں لینے کی ہرگز اجازت نہیں دینگے اور علاقے کے وسائل سے بھرپور استفادہ کرکے گلگت بلتستان کو خود کفالت کے سفر میں گامزن کردینگے ۔