وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین لاہور کے سیکرٹری جنرل علامہ امتیاز کاظمی کا کہنا ہے کہ صحت کی سہولیات مہیا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے تاہم حکومتی نا اہلی کے باعث اکثر امراض علاج سرکاری اسپتالوں میں ممکن نہیں جس کے باعث لوگ نجی اسپتالوں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نجی اداروں میں مریضوں کی کھال اتاری جارہی ہے جبکہ غریب افراد کا مفت علاج کرنے کا دعویٰ کرنے والے ملک کے معروف کینسر اسپتال کا معیار بھی نہایت گر چکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر کوئی شخص کینسر کا علاج کروانا چاہتا ہے تو پہلے اس کو مہنگے ترین ٹیسٹ کروانے پڑتے ہیں جوکہ ایک عام آمی کی پہنچ سے دور ہیں اس کے بعد مشکل ترین مراحل سے گزر کر اس کو داخلہ ملتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اکثر افراد کو داخلہ دینے سے ہی انکار کر دیا جاتا ہے جس کے بعد ان کے پاس ایڑھیاں رگڑ رگڑ کر مرنے کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن موجود نہیں رہتا۔ علامہ امتیاز کاظمی کا کہنا ہے کہ اپنے ذکوٰة اورعطیات ایسے اسپتالوں اور اداروں کو دیے جائیں جوکہ مریضوں کا علاج کریں ناکہ ان کاانکار کردیں۔ زکوٰة کی ادائیگی کے فریضہ میں نہایت احتیاط برتنے کی ضرورت ہے کیونکہ زکوٰة کے بغیر کسی بھی مسلمان کا ایمان مکمل نہیں ہوتاایسا نہ ہوکہ آپ خدا کی رضا اور خوشنودی کے لئے زکواۃ نکالیں اور وہ کسی دہشت گرد تنظیم، کسی نام نہاد فلاحی ادارے کے ہتھے چڑھ جائے۔ فقہ جعفریہ سے تعلق رکھنے والے افراد بینک کے ذریعہ زکوٰة دینا اسی لئے جائز نہیں سمجھتے تاکہ زکوٰة دینے کا یہ فریضہ انسان اپنے ہاتھ سے سرانجام دے اور وہ مستحق تک پہنچ جائے ۔
وحدت نیوز (مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین دیگر ملی تنظیمات کے ساتھ ملکر آمد جمعہ کو یوم القدس کے طور پر منائے گی، فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیئے بعد از نماز جمعہ ریلیز کا انعقاد کیا جائے گا، اس یوم القدس کے موقع پر کشمیر ،یمن اور برما کے مظلوم مسلمانوں سے بھی اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان آزاد جموں و کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے وحدت ہاوس مظفرآباد میں کابینہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا ، انہوں کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ہر سال کی طرح اس سال بھی 22رمضان المبارک کو یوم القدس بھرپور جوش کو خروش سے منائے گی، فلسطین کا مسئلہ اسلامی مسئلہ ہے، قبلہ اول کی آزادی تک ہم مظلوم و محکوم فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے، سڑکوں پر آکر مردہ باد امریکہ و نامنظور نامنظور اسرائیل نامنظور کے نعرے لگاتے رہیں گے، عوام سے اپیل ہے کہ ریلیز میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنا شرعی فریضہ ادا کریں ، ہر پیر و جوان ظلم کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کرے ۔قبلہ اول صہیونی طاقتوں کے قبضے میں ہے ، اس کی آزادی کے لیئے جو جسطرح سے کردار ادا کر سکتا ہے کرے۔مسلم حکمراں ہر اس امر پر خاموش ہوتا ہے جہاں مظلوم مسلمان ظلم کی چکی میں پس رہا ہو۔ اپنے اقتدار کی خاطر تو ہر قدم آگے بڑھنے کو تیار ہوتا ہے ، قبلہ اول کی آزادی کے لیئے اگر مسلم ممالک متحد ہو جائیں تو ہر گز اسرائیل کا قبضہ برقرار نہیں رہ سکتا، بلکہ اسرائیل کا ناپاک وجود بھی دنیا کے نقشے سے ختم ہو جائے گا۔ علامہ تصور جوادی نے کہا کہ اس مرتبہ یوم قدس مقبوضہ کشمیر، برما و یمن کی مظلوم عوام کے ساتھ بھی یکجہتی کے لیئے منایا جائے گا۔ مسلم حکمرانوں کے مردہ ضمیروں کو للکارا جائے گا۔ اسرائیلی و امریکی پرچم نذر آتش کیئے جائیں گے انہوں نے مذید کہا کہ تمام ضلعی ہیڈاکوارٹرز میں بعد از نماز جمعہ ریلی کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ بعض اضلاع میں دو دو جگہوں سے ریلیز کا اہتمام کیا جائے گا۔ مظفرآباد میں بھی مرکزی ریلی زیر اہتمام آئی ایس او آزاد کشمیر کے زیر اہتمام مرکزی امام بارگاہ سے نکالی جائے گی ، جو عزیز چوک پر اختتام پذیر ہو گی، جہا ں قائدین خطاب کریں گے۔
وحدت نیوز (لاہور) رہنما مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ حسن ہمدانی نے کہا ہے کہ داعش کی حماس کو حالیہ دھمکی اسرائیل کے ایماء پر گیدڑ بھبھکی کے سوا کچھ نہیں۔ حماس کی تاریخ شہداء کے مقدس خون سے سنہری حروف میں تحریر ہے۔ حماس نے آج تک اپنے کلمہ گو بھائیوں کو زندہ جلایا اور نہ ہی اولیاء خدا کے مزارات کو منہدم کیا۔ مسلمان بہنوں کی حرمت کو پامال کیا اور نہ ہی کعبہ کو گرانے کی دھمکی دی۔ شعائر اسلام کی حرمت کو پامال کرنے جیسے قبیح افعال کبھی انجام نہیں دیئے۔ دنیا کے کروڑوں افراد نہ صرف حماس کے لئے دعاگو ہیں بلکہ آزادی القدس کے لئے ان پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ حماس کی اسرائیل کے خلاف حالیہ مقاومت حماس کی خدا کے لئے قیام کی زندہ تصویر ہے، جس میں انہوں نے دشمن کے دانت کھٹے کئے۔ اس جمعۃ الوداع کو پوری دنیا کے غیرت مند مسلمان سڑکوں پر آکر القدس کی آزادی اور حماس کی حمایت میں امریکہ و اسرائیل اور ان کے لے پالک سعودی عرب کے پٹھو داعش، طالبان، النصرہ اور القاعدہ جیسوں سے اظہار برائت کرکے اپنے خدا کی رضائیں حاصل کریں گے۔
وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے رہنما علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ اسرائیل عالم اسلام کے لئے ایک ناسور کی شکل اختیار کرتا جا رہا ہے، گذشتہ روز امدادی جہازوں کو روک کر امدادی اشیاء کو غزہ کے محصورین تک نہیں جانے دیا گیا، جو کہ عالمی قوانین کی سراسر خلاف ورزی ہے۔ لیکن اقوام عالم، اقوام متحدہ اور او آئی سی خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے محلہ طوطل میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے دیگر رہنما اور کارکنان بھی موجود تھے۔ علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ یوم القدس کے موقع پر ہر مسلمان کو چاہیے کہ اپنا فرض اولین سمجھتے ہوئے قبلہ اول کی آزادی کے لئے باہر نکلے۔ اُنہوں نے اہل ملتان سے اپیل کی کہ یوم القدس کے موقع پر امام بارگاہ شاہ یوسف گردیز سے چوک گھنٹہ گھر تک نکالی جانے والی ریلی میں بھرپور شرکت کریں۔
وحدت نیوز (کوئٹہ) خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران کوئٹہ کے زیر اہتمام (قرآن وحدت اور امن عالم کا داعی) کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ اسلام کا پیغام سراسر رحمت اور امن و سلامتی ہے۔ قرآن کریم کی تعلیمات امن عالم اور اتحاد انسانیت کی ضامن ہیں۔اس وقت دنیائے اسلام ، انسان دشمن ،عالمی سامراجی قوتوں کے نشانے پر ہے۔ انہی کے پروردہ دہشت گردوں نے عالم اسلام میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ آج پوری مسلم دنیا آگ وخون کی لپیٹ میں ہے، ہر جگہ اسرائیل کا دفاع کرنے کے لئے نام نہاد اسلامی گروہ کھڑے ہو چکے ہیں بظاہر انہوں نے اسلام اور اسلامی حکومتوں کے قیام کا نعرہ بلند کیا ہو اہے لیکن حقیقت میں وہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کا دفاع کر رہے ہیں ، شام میں لاشوں کے انبار ہیں، لبنان دہشتگردوں کے نشانے پر ہے،یمن میں خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے، مصر میں بھی ہم دیکھ چکے ہیں کہ کس طرح ایک منتخب حکومت کو امریکی ، اسرائیلی اور عرب امداد سے چلتا کیا گیا ہے، پاکستان میں گذشتہ چند برس میں ستر ہزار سے زائد پاکستانیوں کو مساجد، امام بارگاہوں، جلوسوں، سیکورٹی چیک پوسٹوں، سرکاری دفاتر، اسکولوں اور دیگر مقاما ت پر دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
سیمینار سے ڈائریکٹر خانہ فرہنگ آقائے سید ابوالفضل حسینی، امیر جماعت اسلامی بلوچستان عبدالمتین آخونزادہ، کونسل جنرل آقائے حسن یحیوی اور معروف دانشور امان اللہ شادیزئی نے خطاب کیا۔ اور نماز وحدت بھی ادا کی گئی۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کوئٹہ میں ہزارہ شیعہ قبیلے کے تین افراد کوفائرنگ کر کے شہید کرنے کے واقعہ پر شدید غم و غصے کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ میں ایک بار پھر شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے۔حکومت بلوچستان میں شر پسندی کے واقعات کو سنجیدہ نہیں لے رہی یہی وجہ ہے کالعدم تنظیموں نے اس علاقے کو اپنی محفوظ پناہ گاہ بنا رکھا ہے اور جب ان دہشت گرد عناصر کا جی چاہتا ہے بے گناہ انسانی جانوں کے ساتھ خون کی ہولی کھیل کر دندناتے ہوئے روپوش ہو جاتے ہیں جبکہ ایف سی میں موجود کالی بھیڑیں کوئٹہ میں جاری شیعہ نسل میں ملوث ہیں،۔حکومت کی مسلسل بے حسی ملت تشیع کے اضطراب میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔اگر ملت تشیع کے پانچ کروڑ شیعہ سڑکوں پر نکل آئے تو پھر حکومت کا اقتدار میں رہنا ممکن نہیں رہے گا۔ ۔ہم بارہا مطالبہ کر چکے ہیں کہ بلوچستان میں بھرپور فوجی آپریشن کر کے دہشت گردوں کی کمین گاہوں کو ملیا میٹ کیا جائے لیکن حکومت مسلسل پس وپیش سے کام لے رہی ہے۔جو حکومتی کمزوری ہے یا پھر کسی سیاسی مصلحت کا تقاضہ ہے،ریاستی ادارے کوئٹہ میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ میں برابر کے ذمہ دار ہیں،ہمیں کسی صورت گوارہ نہیں کہ بے گناہ انسانی جانوں کو سیاسی مقاصد کی بھینٹ چڑھایا جائے۔ہم وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بلوچستان میں ضرب عضب کی طرز کو فوجی آپریشن بلاتاخیر شروع کیا جائے جو آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے۔ علامہ راجہ ناصر نے شہدا کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے شہدا کی بلندی درجات اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔