وحدت نیوز (شکارپور) جامڑا ضلع شکارپور میں کالعدم دھشتگرد تنظیم نے مسجد امام زمانہ ؑ میں پیٹرول چھڑک کر آگ لگائی دی اور جل کافر جل کے نعرے لگاتے رہے اس واقعے کے نتیجے میں مولانا صابر حسین جل کرشدید زخمی ہوئے تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی،مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری امور سیاسیات عبداللہ مطہری ،مولانا سکندرعلی اور شہداء کمیٹی کے دیگر رہنماوں نے مقامی اسپتال میں زخمی مولانا صابر حسین کی عیادت کی اور ان کی جلد شفاءیابی کی دعا کی ، اس موقع ہر عبداللہ مطہری کا کہنا تھا کہ ضلع شکار پور ،جیکب آباد اور قریب و جوار کے اضلاع دھشتگردوں کی جنت بنی ہوئی ہے اور انتظامیہ تماشائی بنی ہوئی ہے ، انہوں نے واقعے میں ملوث دہشت گردوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
وحدت نیوز(قم)مجلس وحدت قم کی کابینہ کے ہفتہ واراجلاس میں ایکشن کمیٹی نے تہران ایمبیسی میں پاسپورٹ کے مسائل پر ہونے والی پیشرفت نیز کوئٹہ میں زائرین کو درپیش مشکلات کے حوالے سے اپنی رپورٹ پیش کی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تہران ایمبیسی نے دسمبر میں پاکستانیوں کے پاسپورٹ کے مسئلے کو حل کرنے کے حوالے سے یقین دہانی کروائی ہے جبکہ کوئٹہ میں محصور زائرین کی صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیا گیاہے۔اس موقع پرمختلف تجاویز سامنے آئیں۔ فی الحال کوئٹہ میں محصور زائرین کے مسائل کے فوری حل کے لئے سیکرٹری جنرل حجۃ الاسلام گلزار احمد جعفری ،فنانس سیکرٹری محمد علی شریفی ،آفس سیکرٹری مختار مطہری اور سیکرٹری سیاسیات و ارتباطات عاشق حسین آئی آر نے کہا ہے کہ اگر حکومتِ بلوچستان نے زائرین کو ستانا بند نہ کیا تو تمام دنیا میں احتجاج کرنے کی کال دیں گے ۔ بین الاقوامی سطح پر ایک موثراحتجاج کرنے کے لئے ابتدائی منصوبہ بندی کا کام ایکشن کمیٹی کے سپرد کردیا گیاہے۔
اجلاس میں یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ بین الاقوامی سطح پر زائرین سید الشہدا اور زیارات اعتبات عالیہ کے حوالے سے ایک شیعہ سنّی مسلمان مل کر ایک ادارہ بنائیں جو ان امور کی نگرانی کرے۔
وحدت نیوز (جھنگ) ماڑی شاہ صغیرہ جھنگ میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے پلٹ فارم سے الیکشن میں حصہ لینےوالے چیئرمین ضیاءحسین کاظمی،وائس چیئرمین سردار حسن مہدی خان بلوچ اور کونسلرز کے انتخابی جلسے میں صوبائی سیکرٹری علامہ عبدالخالق اسدی نے شرکت کی اس کے علاوہ مرکزی سیکرٹری سیاسیات برادر ناصر عباس شیرازی اور سربراہ سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے شرکت کی اور بعد ازاں جلسے سے خطاب کیا۔اس کے علاوہ جلسے میں مجلس وحدت مسلمین ضلع جھنگ کی کابینہ اور علاقے کی شیعہ سنی کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
وحدت نیوز (بھکر) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع بھکر کا ضلعی شوریٰ کا اجلاس زیر صدارت ضلعی سیکرٹری جنرل سفیر حسین شہانی ، گاوں خان سر بر مقام شاہِ نجف امام بارگاہ و مسجد میں منعقد ہوا جس میں برادر مسرت کاظمی ،برادر آصف رضا اور محترم استاد ذوالفقار اسدی صاحب نے شرکت کی اس کے علاوہ تمام ضلعی کا بینہ کے عہداداران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ضلع بھکر سے کوٹلہ جام ،رضائی شاہ،پیر اصحاب ، بھان چٹا ، سیال ،پنجگرائیں ، بھکر سٹی ، دریا خان ، میاں پنجہ سمیت 30 یونٹس نے شرکت کی۔
اس کے علاوہ مقامی اہم شخصیات میں سے علامہ عرفان حیدر شاہ نقوی نے شرکاء سے خطاب کیا۔ اجلاس میں یونٹس اور ضلعی کابینہ نے کارگردگی رپورٹس پیش کیں۔
برادر مسرت کاکاظمی نے شرکاء اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمیں مزید محنت کرنے کی۔ضرورت ہے اور یونٹ سطح پر فعالیت کی اشد ضرورت ہے اس کے علاوہ ذوالفقار اسدی صاحب نے تنظیم سازی اور لائحہ عمل کے حوالے سے گفتگو کی.
وحدت نیوز (لاہور) صحافت پر حملہ کرنیوالے دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں، کراچی، فیصل آباد اور ملک کے دیگر حصوں میں میں میڈیا پرسنز پر ہونیوالے حملے دراصل حق اور سچ کی آواز کو دبانے کی سازش ہے، حکمران مذمتی بیانات سے ہمدردی جتنانے کی بجائے دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کریں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات مظاہر شگری نے صوبائی سیکرٹریٹ میں لاہور ڈویژن کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ صحافت پر ہونیوالے تسلسل سے حملے اس بات کی غمازی ہیں کہ دشمن بربریت کے ذریعے معاشرے کو اندھیروں میں رکھنا چاہتا ہے تاکہ کوئی بھی ان کی گھناونی سازشوں سے پردہ نہ اُٹھا سکے، ایسے حملوں کے ذمہ دار وہی لوگ ہیں جن کے کالے کرتوں سے ذرائع ابلاغ نے معاشرے کو آگاہی دی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران دہشتگردی کیخلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے میں مخلص نہیں، مصلحت پسندی اور سیاسی مفادات کے حصول کی خاطر قومی سلامتی کو داوُ پر لگایا جا رہا ہے، حکمران دہشتگردی کیخلاف جنگ کا ڈھونگ رچا کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں، انتہا پسند اور ان کے سہولت کار اب بھی آزاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈان نیوز کی ڈی ایس این جی اور ورکرز پر حملے کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا ایک ایک کارکن صحافی برادری کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، آزادی صحافت پر قدغن لگانے والوں کے ناپاک عزائم کو ہم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دینگے، اس مقدس پیشے سے وابستہ افراد کی تحفظ میں ناکامی کے ذمہ دار نااہل اور مفادپرست حکمران ہی ہیں۔
وحدت نیوز (کراچی) ایم ڈبلیوایم کے امیدواروں کا ہدف اقتدارکا حصول نہیں بلکے محروموں کی ترجمانی ہے،5دسمبرکو ایم ڈبلیوایم کا خیمہ کرپٹ ، لٹیرے،دہشت گردسیاسی جماعتوں کے مقابل محفوظ پناہ گاہ ثابت ہوگا،خیمہ کا نشان مظلوموں کیلئے ظلم کے اندھیروں میں جائے امان ہے،جب تک حق حکمرانوں خدا کے صالح ونیک بندوں تک منتقل نہیں ہوتا معاشرے میں عدل کا نفاذ ممکن نہیں ،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مختاراحمد امامی نے مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کے تحت مرکزی روڈ جعفرطیارسوسائٹی پرمنعقدہ لبیک یا حسین ؑ کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے ضلعی رہنما احسن عباس، ایس یوسی کے ضلعی صدرآفتاب مرزا،پیام ولایت فاؤنڈیشن کے ڈویژنل رہنما محمد اسلم،پاکستان عوامی تحریک کے صوبائی رہنما خان محمد بلوچ،یونین کمیٹی جعفرطیار11سے ایم ڈبلیوایم کے نامزد بلدیاتی امیدواربرائے چیئرمین جعفرالحسن اوروائس چیئرمین عارف رضا نے خطاب کیا۔واضح رہے کہ ملت جعفریہ کی تمام نمائندہ تنظیموں بشمول شیعہ علماءکونسل، پیام ولایت فائونڈیشن، آئی ایس او، ماتمی انجمنوں، ہیت آئمہ مساجدودیگر نے غیر مشروط طور پر مجلس وحدت مسلمین کے نامزد بلدیاتی امیدواروں کی حمایت کا با ضابطہ اعلان کردیا ہے۔
علامہ مختارامامی کا کہنا تھا کہ پروردگارکا دعدہ ہے کہ اس نے مظلوموں کواس زمین کا وارث قراردینا ہے،لیکن اس کیلئے مظلوموں کو خودمحنت وجستجوکرنی ہو گی کیوں کے خدا کسی قوم کی حالت اس وقت تک نہیں بدلتا جب تک خود اس قوم کو اپنی حالت کے بدلنے کی فکر نہ ہو، پاکستان کے قیام سے لیکر اب تک ایک مخصوص طبقہ اشرافیہ مسلسل غریبوں ،ناداروں ، مفلسوں اور محروموں کے حقوق غصب کرکے اپنی تجوریوں کو بھر رہا ہے، معاشرے میں عدل کے ناپید ہوجانے کے باعث نفرتیں ، بغض اور تعصب جنم لے رہا ہے، ایسی مایوس کن صورت حال میں عوام کے دردوں کا مداواکرنے مجلس وحدت مسلمین نے قابل، اہل اور ایمان دار امیدواروں کو بلدیاتی انتخابات میں نامزد کیا ہے ، جن کی کامیابی کے نتیجے میں دستیاب وسائل کا رخ ان کی تجوریوں کی نہیں عوام کی دہلیز کی جانب ہوگا، ایم ڈبلیوایم کے کارکنان اور ذمہ داران کا خاصہ ہے کہ وہ بغیر حکومتی اختیارات ووسائل کے بھی عوامی خدمت کا سفر جاری رکھتے ہیں اور انشاء اللہ آگے بھی جاری رکھیں گے،عوام علاقائی مسائل کے فوری اور آسان حل کے کیلئے ایسے نمائندوں کو ووٹ دیں جو ان کی دسترس میں ہوں ،کراچی کے عوام ظلم ، ناانصافی ، کرپشن ، دہشت گردی اورلوٹ مار کی سیاست کو خیربادکہہ کر 5دسمبر کوخیمے پر مہر لگا کر حقیقی تبدیلی کا آغاز کریں ۔