وحدت نیوز(گلگت) نواز لیگ عوام کی خدمت کی بجائے ان کی مرمت میں کوشاں نظر آرہی ہے،خوشحالی اورترقی کے نعرے صرف الیکشن تک محدود تھے اقتدار کے پہلے آٹھ مہینوں کی کارکردگی صفر ہے اقربا پروری اور اندرون خانہ سرکاری ملازمتوں کی بندر بانٹ کا بازار گرم ہے،منرلزو انڈسٹری ڈیپارٹمنٹ میں کنڑیکٹ بنیاد پر ایک ریٹائرڈ ملازم کو گریڈ 19 میں بھرتی کرنا اس ادارے کے ساتھ زیادتی ہے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عارف قنبری نے کہا کہ صوبائی حکومت کے تمام تر دعوے ہوا ہوگئے ہیں ،ترقی و خوشحالی کے خواب سجاکر نواز لیگ کو ووٹ دینے والوں کا بخار اب اترتا جارہا ہے۔اپنے ہی عوام کی ملکیتی زمینوں کوبلا معاوضہ سرکار کی تحویل میں لینا اس خطے کے عوام سے دشمنی کے مترادف ہے۔ذاتی پسند ناپسند کی بنیاد پر سرکاری آفیسروں کے تبادلے اور سرکاری ملازمتوں پرمن پسند افراد کی بھرتیوں سے لیگی حکومت کے عزائم بے نقاب ہوچکے ہیں۔ایک نااہل ریٹائرڈ سرکاری ملازم کو گریڈ 19 میں کنٹریکٹ بنیاد پر منرلز ڈیپارٹمنٹ میں بھرتی کرنے کا کوئی جواز نہیں تھا جبکہ علاقے میں ٹیکنیکل افراد کی کوئی کمی نہیں ،پورے ملک میں منرلز ڈائریکٹوریٹ کی اعلیٰ پوسٹوں پر ٹیکنیکل افراد متعین ہیں اور منرلز اور مائنز کے شعبے میں ماہر افراد ہی ایسے پوسٹوں پر تعیناتی کا حقدار ہوتے ہیں حکومت نے اقربا پروری کی بدترین مثال قائم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو نہ علاقے کی ترقی سے کوئی غرض ہے اور نہ ہی امن و امان کے حوالے سے کوئی پیش بندی کی جارہی ہے،وزیر اطلاعات کی پریس کانفرنس کے بعد حکومتی پردہ چاک ہوا کہ حکومتی عہدوں پر براجمان لوگوں کو صرف اور صرف سیر سپاٹے کی اجازت ملی ہوئی ہے اور باقی تمام امور بیوروکریسی کے رحم و کرم پر ہیں جس کا اعتراف خود وزیر موصوف نے میڈیا پر کیا ہے۔اس نااہل اور ناکام حکومت کو مزید دیر علاقے پر حکمرانی کا کوئی جواز نہیں بنتا ہے۔
وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان کے رہنماء ورکن اسمبلی کاچو امتیاز حیدر خان نے کہا ہے کہ حکومت مقپون داس میں رات کی تاریکی میں آپریشن کرکے علاقے میں امن وامان کا مسئلہ پیدا کررہی ہے، گلگت بلتستان کے لوگوں کی زمینوں پر قبضہ کرکے جان بوجھ کر حالات خراب کئے جارہے ہیں، اگر حکومت کو زمین کی ضرورت ہے تو وہ عوام کو اعتماد میں لے کر معاوضہ دے کر زمین حاصل کرے، عوام کی خواہشات کے برعکس زمین ہتھیانے کی کوشش کی گئی تو حالات کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقپون داس مقپون خاندان کی ملکیت ہے، حکومت بتائے کہ اس نے کس طرح اس داس پر واقع تعمیرات مسمار کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقپون داس کے مسئلے پر حکومت سیاست نہ کرے کیونکہ داس کا مسئلہ بہت ہی پیچیدہ ہے اور اس کا معاملہ عدالت میں ہے، حکومت نے آپریشن کرکے عدالت کی توہین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف ہم اقتصادی راہداری میں حصہ مانگ رہے ہیں دوسری جانب منظم منصوبہ بندی کے تحت ہماری زمینوں پر قبضہ کیا جارہا ہے، اگر ہم نے خاموشی اختیار کی تو کل حکومت ہمارے گھروں کو بھی مسمار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی ملکیتی زمینوں پر قبضہ کرنا سنگین واقعہ ہے اس واقعے پر خاموش نہیں رہا جاسکتا، جو لوگ عوامی ملکیت پرقبضہ کررہے ہیں انہیں جلد اپنی حیثیت معلوم ہوجائے گی۔
وحدت نیوز(ہنگو) سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین صوبہ خیبر پختونخوا علامہ سبطین حسینی نے کہا ہے کہ علماء دین کے وارث، امین و پاسدار ہیں۔ شہیدوں نے اپنا لہو دے کر جبکہ علماء نے قلم کی سیاہی سے اس مکتب کی آبیاری کی اور شب و روز کی زحمتوں اور صدیوں کی کاوشوں سے اسلام ناب کو ہم تک پہنچایا۔ علماء نے اس راہ میں بڑی بڑی قربانیاں دیں، وہ اسیر ہوتے، شہادت کے درجہ پر فائز ہو کر انسانیت کی دارین میں سعادت کا سامان فراہم کرتے ہیں۔ ہنگو بابر میلہ کے مقام پر منعقدہ مولانا منصف علی مطہری کے چہلم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم خیبرپختونخوا نے کہا کہ مکتب تشیع کو شیخ طوسی، شیخ صدوق، علی بن طاوس اور قاضی نور اللہ شوستری شہید ثالث جیسے بزرگوں پہ ناز ہے جنہوں نے اسلام کی آبیاری و مکتب تشیع کی جاودانگی اپنے خون سے کی۔ علماء کی فضیلت بڑی ہے۔ ان کے خون کی سیاہی شہداء کے لہو سے افضل ہے لیکن ان کی ذمہ داریاں بھی بڑی ہیں۔ امیر مومنان نے فرمایا کہ میں خلافت کو اس لئے قبول کر رہا ہوں کہ اللہ تعالیٰ نے علماء سے عہد لیا ہے کہ وہ ظالم کی شکم پری اور مظلوم کی گرسنگی یہ راضی ہوں۔
وحدت نیوز (لاڑکانہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع لاڑکانہ کے سیکریٹری جنرل جناب طارق حسین بدو ی کی سربراہی میں ایک وفدنے تنظیم سازی کے سلسلے میں تحصیل ڈوکری کے گاؤں بابل خان جروار کا دورہ کیا، اس موقع پرایم ڈبلیوایم کے ضلعی رہنمامشتاق علی میمن اور طارق رسول بھی انکے ہمراہ تھے،ایم ڈبلیوایم رہنما ئوں نے مقامی مومنین کے ایک بڑے اجتماع سے ملاقات کی انہیں مجلس وحدت مسلمین کی قومی جدوجہد اور اغراض ومقاصد سے آگاہ کیابعدازاں وہاں ایک نئے تنظیمی یونٹ کا قیام عمل میں لایا گیا۔
وحدت نیوز(جیکب آباد) خیرالعمل فائونڈیشن شعبہ ویلفیئرمجلس وحدت مسلمین پاکستان کے تحت نو تعمیر شدہ جامع مسجد الامام المجتبیٰ ؑ کا افتتاح خیر العمل ورکنگ اینڈ ڈیولپمنٹ ٹرسٹ (رجسٹرڈ)کے چیئرمین علامہ سید باقرعباس زیدی کے دست مبارک سے ہوگیا، اس موقع پرایم ڈبلیوایم کے علامہ مقصودڈومکی سمیت علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے مسجد کی تعمیر پر دلی مسرت اور خوشی کا اظہارکیا اور ساتھ ہی ایم ڈبلیوایم کے سربراہ علامہ ناصرعباس جعفری کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
وحدت نیوز (لاہور) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے بانی ڈاکٹر محمد علی نقوی کی اکیسویں برسی کی مناسب سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ سعودی قیادت میں بننے والے چونتیس رکنی ممالک کے سربراہی اجلاس میں پاکستان کی شرکت کا فیصلہ درست نہیں ہے، سعودی اتحاد مظلوموں کی مدد کے بجائے اسرائیل کے دفاع کیلئے بنایا گیا ہے، خلیجی ممالک کی طرف سے حماس کے بعد حزب اللہ کو دہشتگرد قرار دینا ثابت کرتا ہے کہ اس اتحاد کا مقصد فقط اسرائیلی اہداف کو تکمیل تک پہنچانا ہے، داعش کیخلاف فقط ایران، روس، عراق اور شام سمیت حزب اللہ میدان میں لڑ رہی ہے، لیکن سعودی عرب کی جانب سے انہی دہشتگردوں کو سپورٹ کیا۔ پاکستان اپنی غیرجانبداری کو قائم رکھے اور ایسے کسی اتحاد کا حصہ نہ بننے جو مسلکی بنیاد پر بنایا گیا ہو، جس کا مقصد دہشتگردوں اور ان کے سرپرستوں کو روکنے کے بجائے انہیں سپورٹ کرنا ہے۔ یہ کیسا اتحاد ہے جو اسرائیل اور اس کے مظالم پر تو خاموش ہے لیکن اسلامی تحریکوں کیخلاف میدان عمل میں نظر آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہوش کے ناخن لیں اور پاکستان کے وسیع تر مفاد میں فیصلہ کریں۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے پنجاب میں نون لیگ کی حکومت کی جانب سے جاری بیلنس پالیسی کی شدید مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شیڈول فور میں بیگناہوں کو ڈالنا ثابت کرتاہے کہ مسلم لیگ ن اپنے سیاسی مخالفوں کیخلاف کارروائی انجام دینے میں کوئی چیز درمیان میں نہیں لاتی۔
علامہ ناصر عباس جعفری نے آئی ایس او کے بانی ڈاکٹر محمد علی نقوی کی قومی خدمات کی بھی تعریف کی اور کہا کہ شہید نے اپنی زندگی دین کی سربلندی اور پاکستان مخالف قوتوں کیخلاف لڑتے گزاری۔ امریکہ مردہ باد کا نعرہ انہی کا دیا ہوا ہے،برسی سے امامیہ اسٹوڈ نٹس آرگنائزیشن کے مرکزی صدر علی مہدی کا کہنا تھا کہ شہید محمد علی نقوی کی زندگی نوجوان نسل کیلئے مشعل راہ ہے، انہوں نے اپنے خون کے آخری قطرہ تک اسلام اور پاکستان کی جنگ لڑی ، نوجوان نسل کو اسلام کی طرف راغب کرنے اور انہیں بیدار کرنے میں ڈاکٹر محمد نقوی نے اہم کردار ادا کیا۔ علی مہدی کا کہناتھا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر ایسا کردار ادا کرنا چاہیے جس سے اسلامی ممالک قریب آئیں نہ کہ دوریاں پیدا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی استعمار امریکہ پاکستان سمیت خطے کے اسلامی ممالک کے مسائل کا ذمہ دار ہے، امریکہ نے اسرائیل کے دفاع کی خاطر داعش سمیت دیگر دہشتگرد گروپوں کو وجود بخشا ہے جس کے باعث اسلامی ممالک آج بھی لہو لہو ہے۔