وحدت نیوز (کوٹ ڈیجی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی معاون سیکرٹری سیاسیات علامہ مقصود علی ڈومکی نے کوٹڈیجی اور ببر وڈا کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ببر وڈا جامع مسجد میں منعقدہ مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ آیۃ اللہ الشیخ باقر النمر عصر حاضر کے شجاع ،انقلابی رہنماء ہیں جنہوں نے آل سعود کی بربریت اور ظلم کے خلاف آواز حق بلند کی ہے۔ جیل اور پھانسی کی سزا دے کر باقر النمر کی آواز کو نہیں دبایا جاسکتا۔ آل سعود نے امت مسلمہ پر جو مظالم ڈھائے ہیں انہیں ان کا حساب دینا ہوگا۔
در ایں اثناء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کوٹ ڈجی میں سابق ضلع نائب ناظم میر ڈنل خان ٹالپر سے ملاقات کی۔ اس موقعہ پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ پیپلز پارٹی نے سندہ میں بلدیاتی الیکشن کی تک بندی غیر منصفانہ انداز سے کی ہے۔ اور کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ آئندہ انتخابات میں عوام صالح اور باکردارافراد کو منتخب کریں۔ بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں مشاورتی اجلاس تیس مئی کو حیدر آباد میں منعقد کیا جارہا ہے۔
اس موقعہ پر میر ڈنل خان ٹالپر نے ریاست خیرپور کی تاریخی حیثیت اور ٹالپر خاندان کی خدمات کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے کہا کہ ایم ڈبلیوایم گلگت بلتستان کے عوام کی دل کی آواز بن چکی ہے، مظلوموں کے حقوق کی جنگ لڑنے کا حوصلہ و ہمت فقط ایم ڈبلیوایم کو حاصل ہے، خدا کی مدد ونصرت سے آٹھ جون کو گلگت بلتستان میں ایک نئی صبح کا آغاز ہوگا، کامیابی انشاءاللہ مظلوموں اور محروموں کے نمائندگان کی ہوگی، مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ن لیگ پنجاب کی طرز پر گلگت بلتستان انتخابات کو بھی ہائی جیک کرنے کیلئے کوشاں ہے، غیر مقامی نگراں گورنر ن لیگ کی الیکشن مہم کی نگرانی وپشت پناہی کررہے ہیں ، سرکاری وسائل وامکانات کا بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے، ن لیگ بعض حلقوں میں پیسے کے بل بوتے پر شناختی کارڈ خریدنے کی کوششوں میں بھی مصروف ہے تاکہ کسی صورت ایم ڈبلیوایم کیلئے مشکلات کھڑی کرسکے، انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے غیور اور با شعور عوام اب کسی دھوکے میں نہیں آئیں گے، سڑسٹھ سالہ محرومیوں اور ناانصافیوں کا بدلہ وفاقی جماعتوں کو چکانا ہوگا،
پاک چین اقتصادی راہداری کا گیٹ وے گلگت بلتستان ہے رائیلٹی پر سب سے زیادہ حق بھی یہاں کے عوام کا ہے،بعض سیاسی جماعتیں روٹ کے معاملے پر سیاست چمکانے میں مصروف ہیں، یہ منصوبہ پاکستان بھر کے عوام کی ترقی وخوشحالی کا ضامن ہے، نواز لیگ نے راہداری روٹ کی تبدیلی سے باز رہے ورنہ شدید احتجاج ہوگا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ اصغر عسکری نے پنجاب کی صوبائی کابینہ کے اجلاس خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عقیدے و نظریات کی بنیاد پرفکری ہم آہنگی رکھنے والے منظم افراد کے گروہ کو تنظیم کہا جاتا ہے۔تنظیم کی فعالیت کے لیے عوامی رابطہ شرط اول ہے تاکہ افرادکی فکری تربیت کر کے انہیں اس نظام کا حصہ بننے میں مدد دی جائے جو دور عصر میں نسلوں کے تحفظ و بقا اور انفرادی تشخص کے لیے ضروری ہے۔مجلس وحدت مسلمین میں ذمہ دار حیثیت سے اپنا مذہبی فریضہ پورا کرتے ہوئے ہماری یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم اس تنظیم کو افرادی، سیاسی، معاشی اور معاشرتی اعتبار سے مضبوط کریں۔شعبہ تنظیم سازی کو چاہیے کہ وہ یونٹ سازی کے عمل کو موثر بنانے کے لیے اپنے اہداف کا ازسر نو تعین کرے۔تمام اضلاع کو یونٹ سازی کے حوالے سے ٹاسک سونپا جائے اور مقررہ وقت میں بہترین اور مثبت نتائج کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے انہیں پابند کیا جائے۔انہوں نے کہا یونٹ سازی کے حوالے سے اضلاع کی طرف سے کسی بھی پیش رفت کا اظہار مصدقہ معلومات پر مبنی ہوناچاہیے اور اس میں کسی بھی قسم کی بد دیانتی کا عنصر شامل نہیں ہو۔ضلعی جنرل سیکریٹری صاحبان کو چاہیے کہ وہ ضلعی انتظامیہ، صحافی ، وکلا، تاجر برادری،علماء اور علاقے کی موثر شخصیات کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کریں تاکہ افہام و تفہیم کی سازگار فضا میں کام جاری رہ سکے اور باہمی رواداری و یگانگت کو فروغ حاصل ہو۔انہوں نے پولیس کے ذریعے مجلس وحدت مسلمین کے کچھ عہدیدران کو ہراساں کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے حکومت کا روایتی حربہ قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری تاریخ شاید ہے کہ مذہب اہل بیت ؑ کے پرستاروں نے حق پرستی کے دامن کو ہمیشہ مضبوطی سے تھامے رکھا اور باطل طاقتوں کے سامنے کبھی سرنگوں نہیں ہوئی۔
وحدت نیوز (اسکردو) گلگت بلتستان کے عوام بیدار ہیں ،8 جون ملت کی سرفرازی کا دن ثابت ہوگا،جی بی کی محرومی کا سبب مرکز میں بیٹھی قوتیں ہیں،مجلس وحدت مسلمین مظلوموں کی زبان ہے،ہم گلگت بلتستان میں قانون کی حکمرانی کو نافذ کریں گے،کرپشن کا خاتمہ اور میرٹ کی بحالی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے،عوامی خدمت کو ہمارے نمائندے عبادت سمجھ کر کریں گے،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سکردو پریس کلب میں عمائدین پاری کھرمنگ کے مجلس وحدت مسلمین میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاگلگت بلتستان میں پری پول ریگنگ جاری ہے،بے نظیر انکم سپورٹس کے نام پر شناختی کارڈ جمع کرنا شروع کر دیے ہیں،الیکشن پر قدغن کو ہرگز برداشت نہیں کرینگے،الیکشن فوج کی نگرانی میں کرائی جائے بصورت دیگر دھاندلی کے سپیشلسٹ اس خطے کو عدم استحکام سے دوچار کردینگے،ہم ہر جماعت کی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں ،یہی جمہوریت کا تقاضہ بھی ہے،پنجاب کی طرح آر اوز کے الیکشن کو ہم قبول نہیں کریں،الیکشن کا رزلٹ موقع پر ملنا چاہیئے،علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے پرامن اور محب وطن عوام کے حقوق کے حصول کے لئے ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
وحدت نیوز (اسکردو) استاد العلماء علامہ یوسف کریمی ،آزاد امید وار کھرمنگ حلقہ 5 کاظم سیلم پاروی،ایم کیو ایم گلگت بلتستان کے صوبائی ترجمان وزیر غلام محمد کلیم،پیپلز یویھ آرگنائزیشن کے نائب صدر جی ایم پاروی،سیدمحمد علی رضوی گروپ کے چیئرمین کا مجلس وحدت مسلمین میں شمولیت کا اعلان ،آزاد امیدوار کاظم سیلم مجلس وحدت مسلمین کے امیدوار ڈاکٹر شجاعت میثم کے حق میں دستبردار،سکردو پریس کلب میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آزاد امیدوار کاظم سلیم کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین مظلوموں کی حامی جماعت ہے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری امید مظلومین پاکستان ہیں ہم مجلس وحدت کے پرچم تلے جمع ہو کر اس پسماندہ اور محروم علاقے کے عوام کی ترقی کے لئے جدو جہد کریں گے،پیپلز یوتھ کے نائب صدر جی ایم پاروی کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے جو دو سے تین سالوں کام مجلس وحدت مسلمین نے کیا ہے باقی جماعتوں نے 35 سالوں میں نہیں کیا ،یہی وجہ ہے کہ خطے کے مظلوم عوام مجلس وحدت مسلمین کو اپنے لئے نجات دہندہ سمجھتے ہیں،یہ ایک قومی جماعت ہے،میں آج کے بعد ایم ڈبلیوایم کا ادانیٰ ورکر اور علامہ راجہ ناصر کا سپاہی بن کر کام کرونگا اور اسے اپنے لئے عظیم سعادت سمجھوں گا۔
وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی جنرل سیکریٹری علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے اگر حکومت ملک سے دہشت گردی کے خاتمے میں سنجیدہ ہے تو پھربیرونی مداخلت کے خاتمے کو اپنی اولین ترجیح قرار دے ملک میں حقیقی امن آ جائے گا۔ملک میں جاری دہشت گردی میں بھارتی ایجنسی را کے ملوث ہونے کے شواہد بھارت سے سفارتی تعلقات کی نوعیت پر نظرثانی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ملک دشمن طاقتوں سے انہی کے لہجے میں بات کرناقومی غیرت کا تقاضہ ہے۔ پاکستان کی ایٹمی طاقت سے خائف ملک دشمن خفیہ ایجنسیاں دہشت گردی کی کاروائیوں کے ذریعے وطن عزیز کو عدم استحکام کا شکاربنا کر پاکستان کو دنیا بھر کے سامنے ایک غیر محفوظ ریاست ثابت کرنا چاہتی ہیں۔ تاکہ بین الاقوامی سرمایہ کار وں کا اس ملک میں راستہ روکا جا سکے اور پاکستان اقتصادی و معاشی بدحالی کا شکار رہے ۔علامہ ناصرعباس ملاقات کے لیے آئے ہوئے سیاسی و مذہبی وفود سے گفتگو کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک بھارت اپنی خفیہ ایجنسی را کے ذریعے ملک میں دہشت گردی کی کاروائیوں میں مصروف ہے۔ان ملک دشمن خفیہ ایجنسیوں کے آلہ کاروں کی نشاندہی کر کے بے نقاب کرنا ہو گا جو وطن عزیز کے خلاف سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ یہ ملک ہمارا مادر وطن ہے اس کی عزت و حرمت ہم پر واجب ہے۔جو شخص ذاتی مفادات کے حصول کے لیے ملکی سلامتی کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے وہ غدار وطن ہے اور اس کی سزاتختہ دار ہے۔ پاکستا ن میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات میں بیرونی عناصر ملوث ہیں جو اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لیے پاکستان میں موجود ان تنظیموں کو استعمال کر رہے ہیں جو مذہب اور قومیت کے نام پر واویلا کر کے حکومتوں کو بلیک میل اور دہشت گردی کو پروموٹ کرتی آئی ہیں۔ان عناصر کا تعلق نہ مذہب سے ہے اور نہ قوم سے بلکہ انہوں نے ذاتی مفادات کے حصول کے لیے ملکی سلامتی کو داو پر لگا رکھا ہے۔قومی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ان عناصر کے خلاف بھرپور کاروائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نیشنل ایکشن پلان کی عمل داری پر تساہل پسندی سے کام لے رہی ہے۔جس کے باعث دہشت گردی کے واقعات پھر شدت پکڑتے جا رہے ہیں۔حکومت کو چاہیے کہ وہ نیشنل ایکشن پلان کو اپنے سیاسی حریفوں کے خلاف انتقامی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی بجائے ملک دشمن عناصر کی سرکوبی کے لیے استعمال کرے۔جس تیزی سے اس پلان کی منظوری لی گئی تھی اگر اسی سرعت کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اس پر عمل درآمد بھی کیا جاتا تو آج نتائج مختلف ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاک ملک میں امن وامان کے قیام کے لیے پورے جذبے،نیک نیتی اور بھرپور عوامی تائید کے ساتھ مصروف عمل ہے اور ہمیں یقین کامل ہے کہ اس پاک سرزمین پر آخری دہشت گر د کے خاتمے تک یہ غیور فوج ایسے ہی جرات مندانہ انداز میں آگے بڑھتی رہے گی۔