وحدت نیوز (لاہور) صحافت پر حملہ کرنیوالے دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں، کراچی، فیصل آباد اور ملک کے دیگر حصوں میں میں میڈیا پرسنز پر ہونیوالے حملے دراصل حق اور سچ کی آواز کو دبانے کی سازش ہے، حکمران مذمتی بیانات سے ہمدردی جتنانے کی بجائے دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کریں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات مظاہر شگری نے صوبائی سیکرٹریٹ میں لاہور ڈویژن کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ صحافت پر ہونیوالے تسلسل سے حملے اس بات کی غمازی ہیں کہ دشمن بربریت کے ذریعے معاشرے کو اندھیروں میں رکھنا چاہتا ہے تاکہ کوئی بھی ان کی گھناونی سازشوں سے پردہ نہ اُٹھا سکے، ایسے حملوں کے ذمہ دار وہی لوگ ہیں جن کے کالے کرتوں سے ذرائع ابلاغ نے معاشرے کو آگاہی دی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران دہشتگردی کیخلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے میں مخلص نہیں، مصلحت پسندی اور سیاسی مفادات کے حصول کی خاطر قومی سلامتی کو داوُ پر لگایا جا رہا ہے، حکمران دہشتگردی کیخلاف جنگ کا ڈھونگ رچا کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں، انتہا پسند اور ان کے سہولت کار اب بھی آزاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈان نیوز کی ڈی ایس این جی اور ورکرز پر حملے کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا ایک ایک کارکن صحافی برادری کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، آزادی صحافت پر قدغن لگانے والوں کے ناپاک عزائم کو ہم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دینگے، اس مقدس پیشے سے وابستہ افراد کی تحفظ میں ناکامی کے ذمہ دار نااہل اور مفادپرست حکمران ہی ہیں۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے میڈیا سیل سے جاری شدہ بیان میں مرکزی رہنما علامہ سید ہاشم موسوی نے انسانیت کی بے بسی کا عالم بیان کرتے ہوئے کہا گیا کہ دن بہ دن انسانی حقوق کے دشمن اپنی کاروائیاں انجام دے رہے ہیں انہوں نے گزشتہ دنوں زابل میں شیعہ ہزارہ مومنین کے اغوا ہونے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اپنے علاوہ ساری دنیا کو کافر قرار دینے والوں کے خلاف جب تک سب متحد نہیں ہونگے تب تک ان تکفیری عناصر سے چٹکارہ نہیں مل سکے گا۔ یہ ہمیں مذہب کے نام پر تقسیم کرنے کی نا پاک سازش ہے جسے ہم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
ان کاکہنا تھا کہ جو لوگ آج یہ سمجھ کر چپ ہیں کہ یہ ہمارا مسئلہ نہیں ہے انہیں سمجھنا ہوگا کہ یہ کسی ایک کا نہیں بلکہ ہم سب کا مسئلہ ہے۔دہشتگردی سے ہم سب کو نقصان ہو رہا ہے اور دہشتگردی کا تعلق کسی بھی مذہب یا قوم سے نہیں ہے کسی قوم یا مذہب نام صرف اس لئے استعمال کیا جاتا ہے کہ لوگوں کو یہ کہہ کر چپ کرایا جائے کہ ہمارا ان سے کوئی تعلق نہیں۔ اگر ان کی کاروائی کسی عیسائی کے خلاف ہو تو کوئی مسلمان آواز بلند نہ کرے اور اگر افغانستان میں شیعہ ہزارہ مومنین کو اغوا کیا جائے تو دوسرے اقوام کے لوگ ان کے حق اور انکی رہائی کیلئے آواز بلند نہ کرے ۔ اسکے علاوہ ان چیزوں کی کوئی اہمیت نہیں ۔بیان میں کہا گیا کہ انسانیت کے دشمنوں کے ناپاک ارادے کبھی کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ پیرس میں حملہ ہوتا ہے تو ساری دنیا اس کے پیچھے لگ جاتی ہے حالانکہ پاکستان اور افغانستان سمیت دیگر اسلامی ممالک کا حال اس سے بھی بد تر ہے ان کیلئے عالمی طاقتیں کچھ نہیں کہتی ایسا کیوں ہے کہ یورپ میں رہنے والے شخص کا خون ہمارے خون سے افضل سمجھا جاتا ہے، کہنے کا مقصد یہ نہیں کہ پیرس میں اچھا ہوا یا برا بلکہ یہ ہے کہ ہمارے ساتھ نا انصافی کیوں کی جارہی ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام انسانی حقوق کے ادارے اور افغان حکومت ہزارہ مومنین کی رہائی میں اپنا کردار ادا کرے۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) امت مسلمہ کے درمیان اتحاد ویگانت پہلے سے زیادہ ضروری امر قرار پایا ہے، دور حاضر میں شرق وغرب جہاد کے نام پر فساد کی لپیٹ میں ہیں ، استکباری قوتوں کی جانب سے دوہرا معیارمسلسل دہشت گردی کا باعث بن رہا ہے، ان خیالات کااظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل ،رکن ملی یکجہتی کونسل و رکن اسلامی نظریاتی کونسل علامہ محمد امین شہیدی نےمقامی ہوٹل میں منعقدہ ملی یکجہتی کونسل کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےکیا، اس موقع پر جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق، جمیعت علمائے پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر ابوالخیرمحمد زبیر، ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی رہنما لیاقت بلوچ، ڈاکٹر ثاقب اکبر،شیعہ علماءکونسل کے مرکزی رہنما علامہ عارف واحدی ودیگر بھی موجودتھے۔
علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ پیرس میں بے گناہوں کے قتل عام کی اسی طرح مذمت کرتی ہے، جیسے شام ، عراق وافغانستان میں شہید ہونے والے بے گناہ مسلمانوں کی، داعش جیسے سنگین فتنے کی تشکیل میں جہاں عالمی استعماری قوت امریکہ، اسرائیل، برطانیہ ملوث ہیں وہیں بعض نام نہاد عرب اسلامی ریاستیں بھی اس سنگین میں گناہ میں ملوث ہیں ، انہوں نے کہا کہ یہ کیسے ممکن ہے داعش کی بربریت کو پیرس میں ہم قابل مذمت جانیں اور شام ، عراق اور افغانستان میں عین اسلام ، اقوام عالم کو انسانیت کی بقاءاور سلامتی کیلئے منافقانہ طرز سیاست سے نجات حاصل کرنا ہو گی ورنہ دنیا مذید تباہی کے دھانے پر پہنچے گی اور کسی کے کچھ ہاتھ نہ آئے گا۔
وحدت نیوز (تہران) رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ علاقے کے لئے امریکہ کا طویل المیعاد منصوبہ سبھی ممالک اور اقوام بالخصوص ایران اور روس کے لئے نقصان دہ ہے، انہوں نے کہا کہ ہوشیاری اور باہمی تعاون کے ذریعے اس منصوبے کو ناکام بنانے کی ضرورت ہے۔ گیس برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے تہران پہنچنے پر روس کے صدر پوتن نے رہبر انقلاب اسلامی سے ملاقات کی۔ رہبر انقلاب اسلامی نے روسی صدر سے ملاقات میں تہران اور ماسکو کے درمیان دوطرفہ علاقائی اور عالمی تعاون میں توسیع کا خیر مقدم کرتے ہوئے علاقائی مسائل خاص طور پر شام کے معاملے میں روس کی موثر موجودگی کی تعریف کی۔ رہبر انقلاب اسلامی نے روس کے صدر پوتن کو آج کی دنیا میں ایک ممتاز شخصیت قرار دیا اور ایران کے ایٹمی معاملے میں روس کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ ایک نتیجے تک پہنچ گیا ہے، لیکن ایران کو امریکہ پر کوئی اعتماد نہیں ہے اور وہ اس معاملے میں پوری دقت کے ساتھ اور آنکھیں کھول کر امریکہ کے کردار و اقدامات پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ ایران کے سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ ہم امریکہ کو ہرگز قابل اعتماد نہیں سمجھتے، اسی لئے ہم نہ تو شام کے مسئلے اور نہ ہی کسی اور ایشو پر امریکہ سے دو طرفہ مذاکرات کر رہے ہیں اور نہ مستقبل میں ایسا کریں گے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے خاص طور پر گذشتہ ڈیڑھ برسوں کے دوران مختلف مسائل کے بارے میں روسی صدر کے موقف کو صحیح اور جدت پسندی پر مبنی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکیوں کی ہمیشہ کوشش رہتی ہے کہ وہ اپنے حریفوں کو پسپائی اختیار کرنے پر مجبور کریں، لیکن آپ نے امریکیوں کی اس پالیسی کو ناکام بنا دیا۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمٰی خامنہ ای نے شام کے مسئلے میں ماسکو کے اقدامات اور فیصلے کو بھی علاقائی اور عالمی سطح پر روس کی ساکھ میں بہتری اور خود روسی صدر پوتن کی مقبولیت میں اضافے کا باعث بتایا۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے کہا کہ امریکیوں کی کوشش ہے کہ وہ شام پر تسلط جمائیں اور اس کے بعد پورے خطے پر کنٹرول حاصل کریں اور یہ منصوبہ سبھی اقوام اور ممالک خاص طور پر روس اور ایران کے لئے خطرناک ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے شام کے قانونی اور منتخب صدر بشار الاسد کو حکومت سے ہٹانے کے حوالے سے امریکیوں کے اصرار کو واشنگٹن کی ناکام پالیسیوں میں سے قرار دیا اور کہا کہ شام کے صدر نے پورے ملک میں ہونے والے انتخابات کے ذریعے عوام کے سبھی طبقات کا ووٹ حاصل کیا، اس لئے امریکیوں کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ شام کے عوام کی خواہشات اور فیصلے کو نظر انداز کریں۔
روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے بھی اس ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی کے گرانقدر تجربات کی جانب اشارہ اور ان سے اپنی ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ روس اور ایران کے درمیان مختلف میدانوں بالخصوص ایرو اسپیس اور جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں روز افزوں تعاون سے مطمین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی اور عالمی مسائل کے حل میں بھی روس ایران کے ساتھ تعاون سے خوش ہے۔ روسی صدر کا کہنا تھا کہ روس ایران کو اپنا اطمینان بخش اور قابل بھروسہ اتحادی سمجھتا ہے۔ ولادیمیر پوتن نے کہا کہ روس اپنے اتحادیوں کی پشت میں خنجر نہیں گھونپتا۔ روس کا اگر کسی ایشو پر اپنے دوستوں کے ساتھ اختلاف نظر ہو تو ہم اسے گفتگو اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ ولادیمیر پوتن نے رہبر انقلاب اسلامی کے اس موقف کہ امریکہ میدان جنگ میں اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکامی کو مذاکرات کی میز پر محقق کرنا چاہتا ہے، کاملاً اتفاق کیا اور کہا کہ ہم اس طرف پوری طرح متوجہ ہیں اور ہرگز امریکہ کو ایسا نہیں کرنے دیں گے۔ روسی صدر نے شام کے معاملے میں ایران اور روس کے موقف کو بہت قریب بتایا اور کہا کہ روس کا موقف ہے کہ شام کا بحران صرف سیاسی طریقے سے ہی حل ہوسکتا ہے۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویڑن ضلع وسطی کی جانب سے یوسی ۶۲ پر بلدیاتی انتخابات کیلئے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ اس سلسلے میں مختلف شخصیات، تنظیموں، علاقائی کمیٹیوں اور مساجد کے ٹرسٹیز سے ملاقاتوں اور گھر گھر رابطہ کا سلسلہ جاری ہے۔ ایم ڈبلیو ایم یوسی ۶۲ کیلئے چیئرمین کے امیدوار اور وائس چیئرمین کیلئے امیدوار علامہ مبشر حسن نے زین رضوی، عسکری رضوی اور ثمر زیدی سمیت ایک وفد کے ہمراہ سادات محلہ کمیٹی سے ملاقات کی اور ان سے مجلس وحدت مسلمین کے امیدواروں کی حمایت کی درخواست کی۔ اس موقع پر اور علامہ مبشر حسن نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے کراچی میں شیعہ سنی وحدت کیلئے جو قدم اٹھایا ہے وہ اس وقت تک دیرپا نہیں رہ سکتا کہ جب تک عوام اپنا حق رائے دہی نیک اور صالح افراد کیلئے استعمال کریں، انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ہر ظالم ے خلاف اعلان جنگ کیا ہے، ہمارا منشور ہی ہر ظلم کے خلاف قیام کرنا اور عوامی مسائل کے حل کیلئے آخری لمحے تک کوشش کرنا ہے، انشاء اللہ عوام کی حمایت سے ہمارے امیدوار بلدیاتی انتخابات کے میدان میں فتح سے ہمکنار ہونگے۔ بعدازاں سادات محلہ کمیٹی نے مجلس وحدت مسلمین کے امیدواروں کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے ناصر ملت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اتحاد و وحدت اور پاکستان میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور ان کی ہر ممکن حمایت جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) پاکستان تحریک انصاف کےمرکزی رہنماوں شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین نے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور مرکزی سیکرٹری امور سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے اور ہری پور میں کے پی کے پولیس کے رویے پر معذرت کی ہے۔ تحریک انصاف کے دونوں رہنماوں نے واقعہ کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف نوٹس لینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی اعلٰی قیادت اور کارکنان علامہ راجہ ناصر عباس کی عزت اور ان کی قومی امور میں کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ناصر عباس شیرازی کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین ایک پرامن اور محبت وطن سیاسی مذہبی جماعت ہے، اس کے قائدین کے لئے ملک میں کوئی نوگو ایریا نہیں ہے، کے پی کے حکومت غیر ذمہ دار پولیس اہلکاروں کیخلاف کارروائی کرے۔ اس پر شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین نے یقین دہانی کرائی کہ اس معاملے کا نوٹس لیا جائیگا اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔