وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر محترمہ سیدہ معصومہ نقوی نے جشن ولادت با سعادت امیرالمومنین امام علی علیہ سلام کے پر مسرت موقع پر تمام عالم اسلام مومنین و مومنات اور بالخصوص امام زمان عج و رہبر معظم کی خدمت میں ھدیہ تبریک پیش کی ان کا کہنا تھا کہ بچپن، نوجوانی و جوانی کے تمام مراحل میں، آغاز بعث سے لیکر وفات رسول تک، علی (ع) کا کوئی لحظہ ایسا نہیں ہے کہ جو رسول اور اسلام کی خدمت میں نہ گزرا ہو۔ ہر وقت حق و عدالت کو برپا کرنے کی کوشش کی، اسلامی قوانین اور قرآن مجید کے احکام کے نفاذ کے لئے کس قدر مشرکین و کفار کے ساتھ مقابلہ کیا ، مختلف میدانوں میں اپنی جان کو خطرات میں ڈالا۔ جب کسی میدان میں کوئی جانے کے لئے تیار نہیں ہوتا تھا تو اس میں بھی جانے کے لئے ابو طالب کا یہی بیٹا علی (ع) ہی ہوا کرتا تھا۔ حالات کی سختی اور مشکلات، پہاڑوں کی سختی سے بھی زیادہ سخت تھیں لیکن مولا تمام حالات میں ثابت قدم اور دوسرے افراد کو بھی ہمیشہ حوصلہ دیا کرتے تھے۔
حضرت علی (ع) نے اپنا سب کچھ یعنی وقت، زندگی حتٰی اپنی تمام مادی، معنوی قوتوں کو اسلام کی راہ اور حق و حقانیت کی ترویج میں خرچ کیا۔ آج دنیا میں جو انسانی اور دینی اقدار زندہ ہیں وہ امیرالمومنین حضرت علی (ع) کی قربانیوں کا نتیجہ ہے، حتی آج جو اسلام زندہ ہے اور روز بروز قوی ہو رہا ہے یہ سب سدالانبیاء کے لائے ہوئے دین پر علی (ع) و اولاد علی (ع) کی قربانیوں اور اس راہ میں کئے ہوئے ایثار کی بدولت ہے ان کا مزید کہنا تھا کہ جشن کی محافل کو معنویت و روحانیت سے بھرپور ہونا چاہیے اور ہم سب پر واجب ہے کہ ان پاکیزہ محافل میں سیرت و کردار امام علی علیہ سلام کو بیان کیا جائے۔