علامہ دیدار علی جلبانی ایک نڈر، دیانت دار اور شجاع عالم دین تھے، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

03 دسمبر 2013

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے علامہ دیدار علی جلبانی اور ان کے محافظ کی شہادت پر ملک بھر میں تین روزہ سوگ اور بدھ کو ملک گیر پر امن یوم احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کراچی کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری علامہ دیدار جلبانی اور ان کے محافظ کی شہادت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے اس دہشت گردی کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ علامہ دیدار علی جلبانی ایک عظیم شخصیت کے مالک تھے، وہ ایک نڈر، دیانت دار اور شجاع عالم دین، اتحاد بین المسلمین کے داعی اور انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتے تھے۔ ان کا المناک قتل پاکستان کے ہر پرامن شہری کا ذاتی نقصان ہے۔ انہوں نے حکومت کو متنبہ کیا کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران قاتل گرفتار نہ ہوئے تو پھر ایم ڈبلیو ایم راست اقدام کرنے پر مجبور ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پورا پاکستان اور بالخصوص کراچی شیعہ مسلمانوں کی مقتل گاہ بن چکا ہے لیکن پوری پاکستانی قوم کے شانہ بشانہ دہشت گردوں کے خلاف ہم متحد ہوکر مقاومت کررہے ہیں۔

 

ان کا کہنا تھا کہ علامہ دیدار علی جلبانی کے قتل میں وہی خبیث عناصر ملوث ہیں جنہوں نے راولپنڈی میں سانحہ عاشورا کے ذریعے ملک بھر میں فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے کی منظم سازش کی اور اس وقت سے اب تک وہ ملک بھر میں کئی پرامن قانون پسند شیعہ مسلمانوں کو شہید کرچکے ہیں اور کئی مساجد اور امام بارگاہوں پر حملے کرچکے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک گیر سوگ اور یوم احتجاج مکمل طور پرامن ہوگا۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سیاسی و مذہبی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سب اس سوگ اور احتجاج میں بھرپور طریقے سے شرکت کریں۔ یاد رہے کہ علامہ دیدار علی جلبانی مسجد حسینی کے امام جمعہ تھے اور انہوں نے مجلس وحدت مسلمین کے امیدوار کی حیثیت سے کراچی سے سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس ایک سو چھبیس سے الیکشن میں حصہ لیا تھا، شہید جامع مسجد الحسینی ایوب گوٹھ کے خطیب تھے، شہید کا آبائی گھر نواب شاہ سندھ میں تھا اور شہید کے سوگواران میں 2 بچے اور اُن کی اہلیہ شامل ہیں۔ دریں اثناء مجلس وحدت مسلمین کے ترجمان نے کہا کہ یوم سوگ کے دوران ملک بھر میں تعزیتی اجتماعات منعقد کئے جائیں گے۔

 

علامہ دیدار جلبانی کی المناک شہادت پر علامہ حسن ظفر نقوی، علامہ مختار امامی، علامہ صادق رضا تقوی، عبد اللہ مطہری، حسن ہاشمی، اصغر عباس زیدی، ایم کیو ایم علماء کمیٹی کے انچارج جاوید احمد، ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر علامہ قاضی احمد صدیقی، علامہ شوکت مغل، عوامی مسلم لیگ کے رہنماء محفوظ یار خان، جعفریہ الائنس کے سربراہ علامہ عباس کمیلی، شبر رضا، شیعہ ایکشن کمیٹی کے علامہ مرزا یوسف حسین، مرکزی تنظیم عزاء کے صدر سلمان مجتبیٰ، شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ ساجد علی نقوی، امامیہ اسٹوڈنٹس کراچی کے جنرل سیکریٹری غیور حسین سمیت دیگر سیاسی مذہبی و سماجی رہنماؤں نے علامہ دیدار جلبانی کی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کی اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree