The Latest
وحدت نیوز (گلگت) ہمارے تعلیمی انحطاط کا ذمہ دار کوئی ایک شخص نہیں بلکہ پوری قوم پر اس کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ہم اجتماعی طور پر علم کے نور کو بجھانے اور جہالت کو پروان چڑھانے کے مجرم ہیں۔ہمارے حکمران تو تقریباً ان پڑھ اور جاہل ہیں جنہیں علم سے کوئی سروکار نہیں ہوتا بلکہ وہ تو اپنے نفس کے پجاری ہوتے ہیں اور اپنی تجوریاں بھرنے کے علاوہ انہیں کوئی سروکار نہیں ہوتا۔مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شعبہ خواتین کی رہنما و رکن صوبائی اسمبلی بی بی سلیمہ نے جناح پبلک اکیڈمی میں تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علم کے بغیر انسان کی رہنمائی ممکن نہیں،علم نبیوں کی میراث ہے جس نے یہ میراث پائی اس نے علم کا بڑا حصہ پالیا۔یہ ایک المیہ سے کم نہیں کہ ہم نے اپنے آپ کواس گرانبہا دولت سے دور رکھا ہے اور اس کے مقابلے میں دنیا کے مال و دولت پر نظریں للچائی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے ہم تنزلی کا شکار ہیں جبکہ دوسری اقوام جنہوں نے علوم قرآنی سے استفادہ کیا وہ آج ارض و سماء پر کمندیں ڈال رہے ہیں اور مسلمان اقوام کے پاس صرف ماضی کے قصے رہ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ تعلیمی انحطاط کے قابل ذکر ذمہ داران حکومت وقت، دانشور حضرات، اساتذہ کرام اور والدین ہیں ۔جب نظام کی تبدیلی کا وقت آپہنچتا ہے تو ہم سب کچھ بھول جاتے ہیں اور ایسے حکمرانوں کو اپنے اوپر مسلط کرتے ہیں جنہیں علم سے دور تک کا واسطہ نہیں ہوتا اور اسی طرح ہم عوام حکمرانوں کے ان دانستہ جرائم میں برابر کے شریک ہیں جنہیں ہم ہی اپنے ووٹ کی طاقت سے منتخب کرتے ہیں اور ہمارایہ عمل علم سے دوری کی بناء پر ہے۔ہماری سسکتی زندگی، بنیادی انسانی سہولتوں سے محرومی کے ذمہ دار یہ حکمران نہیں بلکہ ہم خود ہیں جنہیں اچھے اور برے کی تمیز نہیں۔انہوں نے کہا کہ اپنی غفلتوں اور کوتاہیوں ہی کی وجہ سے آج ہم دوسری اقوام سے پیچھے ہیں اور جہالت کی تاریکیوں میں ڈوبے ہوئے ہیں لیکن ہمیں ناامید بھی نہیں ہونا چاہئے۔
بقول حضرت اقبال
نہیں ہیں ناامید اقبال اپنی کشت ویران سے
ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی
ہمارے ان درسگاہوں کے ننھے سے پھولوں میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ علم کے خوشبو سے دنیائے عالم کو معطر کریں اور اگر کوئی کمی ہے تو ان پھولوں کی پرورش میں ہے۔اساتذہ اور والدین ملکر ان علم کے متوالوں کی صحیح معنوں میں پرورش کریں تو بعید نہیں کہ ہمارا شمار بھی ترقی یافتہ قوموں میں ہوگا۔وقت آپ کے ہاتھوں میں ہے یہی وہ نازک لمحات ہیں جہاں آپ نے فیصلہ کرنا ہے کہ اپنے ان معصوم بچوں کا مستقبل روشن وتابناک بنانا ہے یا پھر تاریک۔آئیے آج یہاں سے فیصلہ کرکے جائیں کہ اپنے ان نونہالوں کو ہر صورت علم کی روشنی سے آشنا ئی دلوانے کیلئے ہر مصیبت کو جھیلنے کیلئے اپنے آپ کو آمادہ کریں۔محنت ،لگن اور دیانت سے اپنی گمشدہ میراث کو پانے کیلئے جب ایک قدم ہم آگے بڑھائینگے تو خدا وند عالم کی نصرت کو حاضرپائینگے۔اپنی اس قوم کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کیلئے اس لمحے سے ہمیں استفادہ کرنا پڑے گا اور یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ وقار و عظمت کے ساتھ جینا ہے یا پھر ذلت و رسوائی کو گلے لگانا ہے۔
وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی کوآرڈینیٹربرائے شعبہ خواتین خانم زہرا نقوی نے ہفتہ وحدت کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہےکہ عید میلاد النبی (ص) کے اس پر مسرت موقع پر اس کٹھن اور دشوار دور میں " لبیک یا رسول اللہ " کہہ کہ تجدید عہد کرتے ہیں کہ حق کے راستے سے ایک قدم بھی پیچھے نہ ہٹیں گے ۔صرف سیرت و کردار رسول اللہ (ص) ہی ہے جنہوں نے اپنی رسالت و نبوت و گفتار سے پہلے صرف اپنے اخلاق و کردا،صداقت و امانت ،ایثار و شجات کے باعث وقت کے ظالموں اور زمانے کے بتوں کا مقابلہ کیا ہم تمام مسلمانوں خواہ وہ مرد ہوں یا عورت صرف ایک نقش قدم پر چلنے میں ہی راہ نجات ہے ۔آج یمن،پارا چنار،لبنان اور بالخصوص نائیجیریا لہو لہو ہے عاشقان رسول پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں ۔اب سکون سے گھروں میں بیٹھنے کا وقت نہیں ہم خواتین کو مانند بنت رسول (ص) کفر کے بتوں کو توڑنے کے لئے میدان عمل میں آنا ہو گا ۔صرف آپ (ص) کی سیرت ہی مشعل راہ ہے ۔خدایا !ہم تمام کو سیر نبوی(ص) پر عمل پیرا ہونے کی توفیق و سعادت عطا فرما۔
وحدت نیوز (قصور) مجلس وحدت مسلمین کے فلاحی شعبے خیرالعمل فائونڈیشن کی جانب سے قصور کے علاقے پتو کی مین مسجد قاسم ؑابن الحسن ؑ کا افتتاح کردیا گیا ۔ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکریٹری پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی نے مسجد کا افتتاح کیااس موقع پر عوام کی بڑی تعدادموجودتھی،مسجدکےافتتاح کےبعدنماز باجماعت بھی ادا کی گئی۔
وحدت نیوز(گلگت) پاراچنار بم دھماکہ دشمن کی پست ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے،قوم شہادت کے شیریں موت کی عاشق ہے ،دشمن کے ناپاک عزائم کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہونگے۔مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شعبہ خواتین کی کوارڈینیٹر خواہر سائرہ ابراہیم نے پاراچنا بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دشمن بم دھماکوں اور خودکش حملوں کے ذریعے عوام کو خوف و ہراس میں مبتلا کرکے اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل چاہتا ہے جس میں ہرگز انہیں کامیابی نصیب نہ ہوگی۔ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ،ریاست اپنی ذمہ داریوں کو احسن انداز میں نبھائے تو دہشت گردی کی لعنت سے قوم کو نجات مل سکتی ہے۔قوم کو موجودہ اور ماضی کے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی سزا مل رہی ہے ریاست اپنا قبلہ درست کرلے اور انصاف کے تقاضے پورے کرے تو کوئی بعید نہیں کہ یہ قوم پوری دنیا میں اپنا نام روشن کرسکتی ہے لیکن بد قسمتی سے اس قوم کو ایسے حکمرانوں سے پالا پڑا ہے جنہیں اقتدار کی ہوس نے اندھا کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ایک مائنڈ سیٹ ہے جو ہمارے معاشرے میں سرایت کرچکا ہے جس سے نجات حاصل کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر آپریشن کی ضرورت ہے ۔دہشت گردوں کی مالی و اخلاقی سپورٹ کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنا لازم ہے بصورت دیگر یہ آگ پورے معاشرے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔
وحدت نیوز (چنیوٹ) ایم ڈبلیو ایم ضلع چنیوٹ کے زیر اہتمام غریب اور نادار مریضوں کی فلاح و بہبود کے لیے بھوانہ میں فری ڈسپنسری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی سیکریٹری جنرل سید انیس عباس زیدی اور صوبہ پنجاب کے سیاسی مسئول آصف رضا نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور مجلس وحدت مسلمین ضلع چنیوٹ کے اس اقدام کو سراہا۔ واضح رہے کہ بھوانہ میں قائم کی گئی فری ڈسپنسری میں مذہب اور مسلک کی تفریق کے بغیر نادار مریضوں کے لیے مفت ادویات اور علاج معالجے کی سہولت دستیاب ہے۔
وحدت نیوز (راولپنڈی) اربعین حسینی کے مرکزی جلوس میں وحدت اسکاؤٹس کی شاندار سکیورٹی خدمات،تمام چیکنگ پوائنٹس پر صرف وحدت اسکاؤٹس کے نوجوان ہی موجود رہے۔ جلوس میں ہر طرف سیکنڑوں وحدت اسکاؤٹس مومنین کے طرف سے زبردست پذیرائی اور نوجوانوں کا اسکاؤٹس میں شمولیت کیلئے ڈسٹرکٹ اسکاؤٹس لیڈر ناصر حسین اور علامہ علی اکبر کاظمی سے رابطے۔ بانیان کی طرف سے اسکاؤٹس کو 9 ربیع الاول تک جاری عزاداری کے پروگراموں کی سیکیورٹی کیلئے رابطے۔
وحدت نیوز (سکردو) خیر العمل فائونڈیشن شعبہ فلاح و بہبود مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام شئیر انٹرنیشنل کے تعاون سے روندو بلتستان کے علاقے طورمک میں منصوبہ فراہمی آب کا افتتاح کر دیا گیا اس منصوبے سے طورمک کے سات گاوٗں جن میں میلدینگ، ٹوق، کشیپہ، ژھوپہ ، برےسکور، ننوپہ، اور پنو کے عوام کو پینے کے پانی کی فراہمی ممکن ہوئی ہے، منصوبے کے آغاز سے علاقہ مکینوں نے مسرت کا اظہار اور ایم ڈبلیوایم کا شکریہ ادا کیا ہے، منصوبے کا افتتاح ایم ڈبلیوایم کے رہنما علامہ احمد علی نوری نے اپنے دست مبارک سے کیا۔
وحدت نیوز (سکردو) مجلس ﻭﺣﺪﺕ ﻣﺴﻠﻤﯿﻦبلتستان ڈویژن ﮐﯽ ﺟﺎﻧﺐ ﺳﮯ ﮔﻮﻝ ﻣﯿﮟ ﺯﻟﺰﻟﮯ ﺳﮯ ﻣﺘﺎﺛﺮﮦ ﺧﺎﻧﺪﺍﻧﻮﮞ ﻣﯿﮟ ﺍﻣﺪﺍﺩﯼ رقوم کی ﺗﻘﺴﯿﻢ کی گئی،ﻣﺠﻠﺲ ﻭﺣﺪﺕ ﻣﺴﻠﻤﯿﻦ ﮐﮯ ﺻﻮﺑﺎﺋﯽ ﺭﮨﻨﻤﺎ ﻋﻼﻣﮧ ﺍﺣﻤﺪ ﻋﻠﯽ ﻧﻮﺭﯼ ﺍﻭﺭ ﺁﻏﺎ ﻣﺤﻤﺪ ﻋﻠﯽ ﺷﺎﮦ نے زلزلہ ﻣﺘﺎﺛﺮﯾﻦ ﻣﯿﮟ ﺭﻗﻮﻡ ﺗﻘﺴﯿﻢ کے چیک تقسیم کیئے،زلزلہ متاثرین نے مشکل کی اس گھڑی میں ایم ڈبلیوایم کی جانب سے مالی تعاون پر دلی مسرت اور خوشی کا اظہار کیااور علامہ ایم ڈبلیوایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وحدت نیوز (کربلا) وحدت اسکائوٹس کا پندرہ رکنی وفدزائرین امام حسین ؑکی خدمت کیلئے کربلا معلیٰ پہنچ گیا ہے،وفدکی سربراہی مرکزی سیکریٹری وحدت اسکائوٹس برادرتنصیر حیدرشہیدی کررہے ہیں،واضح رہے کہ اس برس پہلی مرتبہ وحدت اسکائوٹس کا گروپ مقامی اسکائوٹس رضا کاروں کے تعاون سےنجف تا کربلا پاپیادہ زائرین کو میڈیکل فرسٹ ایڈ، سبیل اور دیگر امورمیں خدمات فراہم کریں گے۔
وحدت نیوز (لاہور) وحدت اسکاوٹ کے نوجوان اپنے سارے کام خدا اور آئمہ اطہا رؑ کے لئے سرانجام دیا کریں،اسکائوٹ رضا کار کی زندگی خدمت خلق کیلئے وقف ہوتی ہے،معاشرے میں موجود برائیوں کو ختم کرنا اور صحت مند سرگرمیوں کافروغ اسکاوٹ کی بنیادی ذمہ داری ہے ، ان خیالات کا اظہار مرکزی سیکریٹری وحدت اسکاوٹ برادر تنصیر حیدرشہیدی نے چنیوٹ میں منعقدہ وحد ت اسکاوٹ پنجاب کی صو بائی اسکاوٹ اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،جس میں پنجاب بھر کے وحدت اسکاوٹ کے ڈسڑکٹ اسکاوٹ لیڈرز نے شرکت کی ۔ جس کے اند ر آئندہ چھ ماہ کا پروگرامز پر ڈسکشن ہوئی ۔ اور نئے ڈسڑکٹ سکاوٹ لیڈرز اور کابینہ سے سکاوٹ وعدہ لیا گیا۔جن سکاوٹ لیڈرز کی کارکردگی نظر نہیں آرہی اس پر صوبائی اجلاس میں ان کے خلاف سخت کاروائی کی گزارش کی گئی ہے۔ جس پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ چہلم امام حسین ؑ پر وحدت اسکائوٹ پنجاب کی جانب سے اعزادران اما م حسین سید الشھدا کی خدمت میں اپنے آپ کو پیش پیش رکھے گی۔
اجلاس کے شروع میں وحدت اسکاوٹ کی جانب سے اما م زین العابدین ؑ کی شہادت کے موقع پر مجلس عزا بھی کروائی گئی جس میں رکن شوری عالی علامہ شبیر بخاری نے خطاب کیا۔ اجلاس میں خصوصی شرکت علامہ عبدالخالق اسدی صاحب نے کی اور سکاوٹس کی کارکردگی کو بہتر بنانے پر زور دیا۔ اجلاس میں بعثت یونیورسٹی پاکستان کو ضلع کا درجہ دیا گیا اور اس کے ڈسڑکٹ سکاوٹ لیڈر برادر قدوس علی کو بنایا گیا۔