وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی نے کراچی ایف سی ایریا میں امام بارگاہ درعباس (ع) پر دستی بم حملہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کے حملہ میں مجلس عزا کو نشانہ بنایا گیا، امام بارگاہ در عباس میں خواتین کی مجلس ہو رہی تھی، کریکر حملہ میں 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے، امام بارگاہ حملہ میں 13 سالہ معصوم بچہ فراز شہید ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں عزاداران پر دہشتگردی کا یہ تیسرا بڑا واقعہ ہے، اس سے قبل پانچ محرم الحرام کو گلستان جوہر میں شیعہ کلنگ کے واقعات میں معروف تعلیم دان منصور صادق کو مجلس سے واپسی پر سفاک دہشتگردوں نے گھات لگاکر اپنی دہشتگردی کا نشانہ بنایا تھا جبکہ اسی وقت گلشن اقبال میں دوران مجلس عزا دہشتگردوں کی فائرنگ سے عزادار جواد اور حیدر زخمی ہوگئے تھے، جن میں بعد ازاں نو محرم کو جواد رضا دوران علاج شہید ہوگئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں دہشتگرد کھلے عام گھوم رہے ہیں، حکومت و قانون نافذ کرنے والے ادارے ناکام نظر آتے ہیں، حکومت عزادار خواتین و بچوں کو بھی تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، حکومت کے بلند و بانگ دعووں کے باوجود منصور زیدی، جواد رضوی شہید کے قاتل تاحال گرفتار نہ ہوسکے۔ علامہ مختار امامی نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت مساجد و امام بارگاہوں میں منعقدہ مجالس و جلوس عزا کو مکمل سکیورٹی فراہم کرے، آغاز محرم سے جاری عزاداروں کی ٹارگٹ کلنگ اور بم حملہ میں ملوث دہشتگردوں کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے۔

وحدت نیوز(مظفرآباد) مجالس و جلوسوں کی بھرپور سیکورٹی ، انتظامیہ کے اقدامات لائق صد تحسین ہیں ۔ان خیالات کا اظہار سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر سید محسن رضا سبزواری ایڈووکیٹ نے کیا ، انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری ،آئی جی پولیس، کمشنر صاحبان ڈویژن ہا،ڈپٹی کمشنر صاحبان اور ڈیوٹی دینے والے اہلکاران و آفیسران کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، انتظامیہ کی بھرپور سیکورٹی سے کسی قسم کا کوئی نقصان واقع نہیں ہوا ۔ مجلس وحدت مسلمین اظہار اطمینان کرتے ہوئے آئندہ بھی انہی اقدامات کی امیدکرتی ہے ۔ سید محسن رضا نے اپنے مختصر اخباری بیان میں کہا کہ الحمد للہ آزاد کشمیر میں عاشورہ محرم بخیرو آفیت گزر گیا ۔ اس پر انتظامیہ کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے اپنے کام بطریق احسن انجام دیا ۔ ہم دعا گو ہیں کہ خدا وند متعال ان کی اس ڈیوٹی کو اپنے حضور عبادت شمار فرمائیں ۔

وحدت نیوز(راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین ضلع راولپنڈی کی شوریٰ کا اجلاس ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی دفتر اسلام آباد میں منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری تعلیم برادر نثار فیضی نے جماعت کے اندر اداروں کی مضبوطی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ جماعتیں اور تحریکیں کامیابی  سے سرفراز ہوتی ہیں جن کے فیصلہ ساز اور پالیسی ساز ادارے مضبوط ہوتے ہیں اور عہدیداران اداروں کی ڈائریکشن پر چلتے ہیں۔ انہوں نے ناصر ملت کے دورہ تفتان ، وزیر اعلی بلوچستان سے ملاقات پنجاب  حکومت کے ساتھ جاری مزا کراتی عمل پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شجاع قیادت کی محنت اور اخلاص ثمر آور ثابت ہو رہا ہے اجلاس میں راولپنڈی بھر سے اراکین ضلعی شوری ،  ضلعی اور تحصیل عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں آمدہ محرم الحرام اور عزاداری سید الشہداء(ع)  کے حوالے سے فیصلے کیے گئے ، تنظیمی کارکردگی پیش کی گئی اور آئندہ کے اہداف کا تعین کیا گیا۔

 ڈپٹی سیکرٹری جنرل ضلع راولپنڈی علامہ غلام محمد عابدی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم عزاداری سید الشہداء سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے تمام جلوس ہائے عزاداری اور مجالس عزا بھرپور حسینی جذبے کے تحت منعقد کی جائیں گی راولپنڈی بھر کے جلوسوں اور مجالس کے پروگراموں میں بھرپور شرکت کی جائےگی۔ انہوں نے کہا کہ جلوس ہائے عزاء کو قبل از وقت ختم کرنے کی کوشش عزاداری پر قدغن تصور کی جائے گی اور تمام جلوس اپنے مقررہ وقت پر ہی اختتام پذیر ہوں گے۔

 اس موقع پر علامہ سید علی اکبر کاظمی سیکرٹری جنرل ضلع راولپنڈی کی سربراہی پر مشتمل چھ رکنی عزاداری سیل کا قیام عمل میں لایا گیا جوعزاداران کے مسائل کے حل کیلئے ایام عزا کے دوران 24 گھنٹے کام کرے گا۔ عزاداری سیل میں علامہ غلام محمد عابدی، ابتہاج نقوی، سید اظہر حسین کاظمی ، ناصر حسین وغیرہ شامل ہیں۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خیر العمل کے برادر محمد علی نے کہا کہ شعبہ خیر العمل کی جانب سے جلوس ہائے عزاداری میں میڈیکل کیمپ لگائے جائیں گے۔ ڈسٹرکٹ اسکاؤٹس لیڈر ناصر حسین بلتی نے اجلاس کو  بتایا کہ اسکاؤٹس اور شعبہ جوان جلوس ہائے عزاء کی سیکیورٹی کیلئے بھرپور طریقے سے تیار ہیں اور جہاں بھی بانیان نے ہمیں سیکیورٹی کیلئے کہا ہم اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر عزارادی کے ہر ممکن تحفظ کی کوشش کریں گے۔ اجلاس میں مزید یونٹس کے قیام اور تنظیمی فعالیت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

وحدت نیوز(سکردو) آل پارٹیز ایکشن کمیٹی کے اراکین خطے کے مسائل کے حل اور حقوق کے تحفظ کیلئے مشترکہ لائحہ عمل بنانے پر متفق ہوگئے۔ ایکشن کمیٹی کا ہنگامی اجلاس امامیہ ہال اسکردو میں منعقد ہوا، جس میں ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹری جنرل سید علی رضوی،  انجمن امامیہ کے صدر شیخ محمد علی مظفری، نائب صدر سید باقر الحسینی اہلسنت والجماعت کے نامور عالم دین حافظ بلال زبیری، انجمن صوفیہ نور بخشیہ کے عالم دین محمد صادق صدیقی، انجمن نور بخشیہ امامیہ کے عالم دین مولانا اسحاق ثاقب، اسلامی تحریک کے رہنماء غلام شہزاد آغا، پیپلز پارٹی کے رہنماء محمد بشیر، تحریک انصاف کے رہنماء محمد علی دلشاد، بلتستان یوتھ الائنس کے صدر ساجد شاکری اور دیگر سیاسی، مذہبی جماعتوں کے رہنماوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت، سی پیک، گلگت اسکردو روڈ، ٹیکسیز، اسکردو کرگل روڈ سمیت دیگر مسائل زیر بحث لائے گئے اور ان مسائل کے حل کے لئے مشترکہ طور پر لائحہ عمل بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ کمیٹی نے متفقہ طور پر غلام شہزاد آغا کو کوارڈینیٹر مقرر کر دیا۔ اجلاس میں آئینی حیثیت کے تعین، گلگت اسکردو روڈ کی تعمیر میں غیر معمولی تاخیر اور سی پیک میں گلگت بلتستان کو حصہ نہ دینے پر شدید احتجاج کیا گیا۔

ایم ڈبلیو ایم جی بی کے سیکرٹری جنرل و آل پارٹیز ایکشن کمیٹی بلتستان کے سربراہ سید علی رضوی نے کہا کہ حکومت ہمیں دیوار سے لگا رہی ہے اور حکومت ہمارے مسائل کے حل میں لیت و لعل سے کام لے رہی ہے۔ وہ آئینی حقوق کی فراہمی اور اسکردو روڈ کی تعمیر میں ہرگز سنجیدہ نہیں ہے۔ سی پیک میں گلگت بلتستان کیلئے کوئی منصوبہ نہیں ہے لیکن حکومت کے اہلکار دعویٰ کر رہے ہیں کہ سی پیک میں گلگت بلتستان کو اربوں روپے ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی اور سیاحتی مقاصد کے لئے جب دیگر سرحدیں کھولی جاسکتی ہیں تو کرگل اسکردو روڈ کیوں نہیں کھولا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک آئینی حقوق نہیں دیئے جائیں گے تب تک کوئی ٹیکس نہیں دیں گے۔ ہماری کسی جماعت سے کوئی دشمنی نہیں ہے، ہم حقوق غصب کرنے پر حکومت کے خلاف ہیں۔انجمن امامیہ کے صدر شیخ محمد علی مظفری نے کہا کہ مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لئے تمام سیاسی مذہبی جماعتوں کو متحد ہو کر کوششیں کرنا ہوں گی۔

حافظ بلال زبیری نے کہا کہ ہم حقوق کی جنگ سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹیں گے، جب تک حقوق نہیں ملیں گے گھروں میں واپس نہیں جائیں گے۔ حکومت ہمارے مسائل حل کرنے کی بجائے ان میں اضافہ کر رہی ہے۔ غلام شہزاد آغا نے کہا کہ بلتستان کو حقوق سے محروم رکھنے کے لئے بڑی سطح پر کوششیں ہو رہی ہیں۔ ایک لابی بلتستان دشمنی پر مبنی کام کر رہی ہے اور ہمارے حقوق غصب کر رہی ہے، ہم اس لابی کو ہرگز معاف نہیں کریں گے۔ ہم اپنے حقوق کے تحفظ کے لئے کسی بھی سطح پر جانے کے لئے تیار ہیں۔ مولانا صادق، مولانا اسحاق ثاقب، محمد بشیر، محمد علی دلشاد اور دیگر نے کہا کہ حکومت ہمارے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہی ہے، ہم زیادتیاں اور ناانصافیاں برداشت نہیں کریں گے۔ مسائل کے حل کی حکومت سے کوئی توقع نہیں ہے، ہم بالکل ناامید ہو کر رہ گئے ہیں۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کی صوبائی شوری کا پہلا اجلاس 18ستمبر کو جامع مسجد الحسین (ع)نیو ملتان میں منعقد ہوگا، صوبائی شوری کے اجلاس میں تنظیم سازی، محرم الحرام اور شعبہ جاتی پروگرام کے حوالے سے لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔ ملتان سے جاری بیان کے مطابق مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے ترجمان ثقلین نقوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اجلاس میں جنوبی پنجاب کے چودہ اضلاع کے سیکرٹری جنرل اور نمائندگان شرکت کریں گے جبکہ مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی آمد بھی متوقع ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری تنظیم سازی مہدی عابدی اور سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی کو خصوصی دعوت دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ مجلس وحدت مسلمین کی شوری عالی نے مئی میں جنوبی پنجاب کو ایک سال کے لیے الگ صوبے کے قیام کی منظوری دی تھی۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ ایک عرصے سے سیکیورٹی کے نام پر زائرین کرام اور طلاب کے ساتھ ہتک آمیز رویہ قابل مذمت ہے، حکومت دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کی بجائے پُرامن شہریوں کو محصور کرنے پر تلی ہے، جب تک دہشت گردوں کا خاتمہ اور اُن کے سرپرستوں کو عبرتناک انجام سے دوچار نہیں کیا جائے گا ملک میں امن ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں قافلہ سالاران کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں شامل قافلہ سالاروں نے علامہ اقتدار حسین نقوی کو کوئٹہ اور تفتان میں پیش آنے والے مسائل سے آگاہ کیا اور اس حوالے سے لائحہ عمل ترتیب دینے کی اپیل کی۔ علامہ اقتدار حسین نقوی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک لمبے عرصے سے حکومت کی ان کارستانیوں کو برداشت کر رہے ہیں لیکن اب مزید خاموش نہیں رہیں گے، وفاقی حکومت زائرین کے مسائل کو فوری طور پر حل کرے اور سیکیورٹی کے نام پر محصور کرنے سے باز آئے۔ اُنہوں نے کہا کہ اگر کوئٹہ اور تفتان بارڈر پر زائرین کو تنگ کرنے کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر ملک کے بھر لاکھوں عزادار کربلا معلی میں امام حسین کی روز شہادت پر جمع ہوتے ہیں ہم حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ محرم الحرام سے قبل زائرین کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں اگر حکومت نے اہانت کا سلسلہ ترک نہ کیا تو محرم الحرام میں جلوسوں کا رُخ حکمرانوں کے ایوانوں کی جانب ہو گا۔ اس موقع پر زوار غلام رضا، زوار حسن رضا کاظمی، زوار جام مہتاب حسین، زوار عرفان حیدر اور دیگر موجود تھے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree