The Latest
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن ضلع ملیر کی جانب سے یوم عرفہ اور یوم شہادت حضرت مسلم بن عقیل (ع) کی مناسبت سے دعائے عرفہ و مجلس عزا کا انعقاد مسجد حسنین جعفر طیار سوسائٹی میں کیا گیا۔ دعائے عرفہ کی تلاوت مولانا ناظر الحسنین جعفری نے کی جبکہ اس موقع پر مجلس عزا سے خطاب معروف عالم دین مولانا محمد علی الحسینی نے کیا۔ اس موقع پر مومنین و مومنات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد علی الحسینی نے
کہا کہ آج حزب اللہ لبنان مادی وسائل سے نہیں بلکہ معصومین کے فرمان دعا مومن کا ہتھیار ہے پر عملی طور پر عمل کرکے بتا رہی ہے کہ دشمن کو زیر کرنے کیلئے دعا سے بڑا کوئی ہتھیار نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ روز عرفہ کے دن انسان جس مقام ہر بھی موجود ہو پروردگار سے خالص ہو کر مخاطب ہو اور تصور میں میدان عرفات میں اپنی ذات کو موجود پائے تو خدا اس کی عبادات کو وہ ہی درجہ دے گا جو میدان عرفات میں موجود عازم حج کا ہوگا
کوئٹہ میں دعائے عرفہ کا اجتماع بہشت زینب گنج شہداء قبرستان میں منعقد ہوا جس میں ہزاروں کی تعداد میں مرد وخواتین نے شرکت کی اور اللہ کے حضورنواسہ رسول اللہ حضرت امام حسین کی تعلیم کردہ دعا دعائے عرفہ کی تلاوت کی اور انتہائی خضوع اور خشوع سے اپنے گناہوں کی مغفرت مانگی
دعاکی تلاوت علامہ ہاشم موسوی سمیت متعدد دیگر علمائے کرام نے کی آخر میں علامہ ہاشم موسوی نے دعامانگی انہوں نے عالم اسلام کشمیر فلسطین کے مسلمانوں کے حق میں دعا کی اور وطن عزیز کی سالمیت کی دعامانگی اور دہشت گردوں اور سامراجی ایجنٹوں کی نابودی کے لئے بھی اللہ کے حضور دعا کی گئی
اس اجتماع کے آخر میں شہداء کے لئے فاتحہ خوانی اور عزاداری بھی گئی
مجلس وحدت مسلمین لاہور کے زیر اہتمام دعائے عرفہ کا اجتماع بیکھے وال موڑ گلشن زہراؑ میں منعقد ہوا جس میں لاہور بھر سے کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔ دعائیہ اجتماع میں تمام مکاتب فکر کے لوگ شریک تھے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے دعائے عرفہ کی تلاوت کی۔ اجتماع کے موقع پر روح پرور مناظر دیکھنے میں آئے۔ ہر مسلمان اشک بار آنکھوں سے اللہ رب العزت سے اپنے گناہوں کی بخشش اور وطن عزیز پاکستان اور مسلمانوں خصوصاَکشمیر اور فلسطین کے حق میں خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
دعائیہ اجتما ع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ امین شہید ی نے کہا کہ مسلمانوں کی تمام مشکلات کا حل صرف اور صرف خدا بزرگ و برتر سے مضبوط روابط اور اس رب کریم کے سامنے جھکنے سے ہی ہو گا۔ استعماری طاقتیں مسلمانوں سے خوف زدہ ہی اسی لئے ہیں کہ مسلمان خدا کے سوا کسی کے محتاج نہیں ہوتے۔ وہ ہم سے یہی طاقت یعنی دعا اور مناجات کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ ہم میں سے ہر مسلمان کو چاہیے کہ ایسے اجتماعات زیادہ سے زیادہ منعقد کریں اور لوگوں کو قرب الہیٰ کی دعوت دی
ایران نے اپنے صوبے آذربائجان سے دیگر شہروں اور دیہاتوں کے لئے ائیرٹیکسی کا آغاز کیا یہ ائیر ٹیکسی دن میں کئی بار انتہائی سستے کرائے پر مختلف شہروں اور دیہاتوں کے درمیان رفت وآمد کرے گی
ایرانی آذربائجان صوبے کے گورنر کا کہنا تھا کہ عنقریب اس ائیر ٹیکسی کے دائرہ کار کو بڑھادیا جائے گا انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس ائیرٹیکسی میں پرائیوٹ سیکٹر کے لئے سرمایہ کاری کا مواقع موجود ہیں اور ان کے تعاون سے اس انتہائی سستی ائیرٹیکسی کو دیگر شہروں اور دیہاتوں تک پھیلانے میں مدد ملے گی
یہ اپنی نوعیت کی ایک منفرد سرویس ہوگی جو اس وقت کسی بھی ایشائی ملک میں موجود نہیں جبکہ کے صرف چند ایک ممالک میں محدود پیمانے پر ائیرٹیکسی اور چاٹر طیاروں کا روحجان موجود ہے
افغانستان میں نماز عید کے اجتماع میں خودکش حملے میں کم از کم 37 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں صوبائی پولیس چیف عبدالخالق اقصائی بھی شامل ہیں۔ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شمالی افغانستان کے صوبے فریاب کے شہر میمنہ میں خودکش حملہ آور نے نماز عید کے دوران خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں 37 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔ صوبہ فریاب کے ڈپٹی گورنر عبدالستار باریز کے مطابق شہر کی مرکزی مسجد میں جیسے ہی نماز عید ختم ہوئی نامعلوم خودکش حملہ آور نے مسجد میں داخل ہوکر خود کو دھماکے سے اڑالیا۔
ہلاک ہونے والوں میں عام شہری، پولیس و انٹیلی جنس اہلکار شامل ہیں۔ فوری طور پر کسی نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ 2001ء میں افغانستان میں امریکی جارحیت اور طالبان حکومت کے خاتمے کے بعد طالبان نے ملک کے جنوبی اور مشرقی علاقوں پر توجہ مرکوز کرلی تھی اور شمالی علاقہ نسبتاً پرامن تصور کیا جاتا تھا، تاہم انہوں نے اب شمالی علاقوں میں بھی اپنی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔
مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن ڈسٹرکٹ ملیر کی جانب سے مرکز سے موصول شدہ ہدایات کی روشنی میں 15 تا 25 اکتوبر عشرہ ناموسِ رسالت (ص) کا انعقاد کیا گیا۔ اس حوالے سے ضلع کے مختلف یونٹس میں مجالس کے پروگرام منعقد کئے گئے۔ کھوکراپار یونٹ، جعفر طیار یونٹ، اسٹیل ٹاؤن یونٹ، کورنگی یونٹ، حسین آباد یونٹ، فیوچر کالونی یونٹ اور غازی ٹاؤن یونٹ میں مجالس اور دروس کے پروگرام منعقد کئے گئے جس میں مختلف علمائے کرام اور سینئر تنظیمی ساتھیوں نے خطاب فرمایا اور شہید ناموس رسالت (ص) سید علی رضا تقوی کی عظیم شہادت کے فلسفے پر روشنی ڈالی۔ اس کے علاوہ 19 اکتوبر کو مرکزی امام بارگاہ جعفر طیار سوسائٹی سے موٹر سائیکل ریلی بعنوان ’’ لبیک یا رسول اللہ (ص) ریلی ‘‘ نکالی گئی جو ضلع بھر کا گشت کرنے کے بعد واپس مرکزی امام بارگاہ جعفر طیار سوسائٹی پر آکر اختتام پذیر ہوئی۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے ملک کے تمام چھوبڑے شہروں اور دیہاتوں میں آج یوم عرفہ کے دن سید الشہداء ،نواسہ رسول حضرت امام حسین ع کی تعلیم دی گئی دعاعرفہ کی اجتماعی تلاوت کا اہتمام کیا ہے
اس نورانی اور پر فیض دعاکے بڑے اجتماع کراچی ،لاہور، بھکر،جہلم ،ملتان،فیصل آباد،پنڈی اسلام آباد،کوئٹہ پیشاور میں ہونگے
مجلس وحدت مسلمین لاہور کے زیر اہتمام" روز عرفہ "کے موقع پر امت مسلمہ خاص طورپر کشمیر ، فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں اور وطن
عزیز پاکستان کی سلامتی کے لئے" دعائے عرفہ" کا پروگرام ترتیب دیا گیا ہے۔ جس میں تمام مکاتب فکر کو مد عو کیا گیا ہے۔ دعا عرفہ کی تلاوت و خصوصی دُعا مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی صاحب کرائیں گے اس پرفیض روحانی دعا کی محفل میں آپ لائیو شامل ہوسکتے ہیں
21 اکتوبر بروز اتوار مجلس وحدت مسلمین لاڑکانہ کے تحصیل رتوڈیرو میں عشرہ ناموسِ رسالت اور شہید ناموس رسالت کےچہلم کے سلسلے میں مجلس ترحیم کا انعقاد کیا گیا۔ مجلس مرکزی امام بارگاہ بڑا علم پاک پہ منعقد کی گئی، جسے مولانا شاھد عبّاس شمسی نے خطاب کرتے ہوئے رسولِ خدا ﷺ کی شان میں گستاخی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے عالم اسلام کے خلاف یہود و نصرای کے بگڑے ہوئے افراد کی سازش کہا انہوں نے یوم عشق رسول اللہ پر احتجاج کے بجائے بلوے کرنے والوں کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا یہ لوگ اسلام کے دشمن ہیں اور نام نہاد مسلمان جو مسلمانوں کے بھیس میں اسلام اور مسلمانوں کی تذلیل کر رہے
ہیں ان کو پہچاننے کے لئیے عوام کو بیدار رہنے کی ھدایات دیں۔ مجلس میں عزاداروں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ مجلس وحدت مسلمین تحصیل رتو ڈیرو کے سیکریٹری جنرل برادر عزادار حسین اور ڈپٹی سیکریٹری جنرل مولانا ذولفقار سومرو کے علاوہ علائقہ کی معتبر شیعہ شخصیت سیّد الطاف حسین شاہ صاحب نے بھی شرکت کی
حجاج کرام کے نام رہبر مسلمین آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کا پیغام
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الحمد اللہ رب العالمین و صلوات اللہ و سلامہ علی الرسول الاعظم الامین وعلی آلہ المطہرین المنتجبین و صحبہ المیامین۔
رحمتوں اور برکتوں سے معمور موسم حج آن پہنچا اور اس نے ان خوش قسمت لوگوں کو جنہیں اس نورانی منزل کی باریابی کا شرف حاصل ہوا ہے، فیض الہی سے روبرو کر دیا ہے۔ یہاں ہر لمحہ اور ہر مقام آپ حجاج کی ایک ایک فرد کو روحانی و مادی ارتقاء کی دعوت دیتا ہے۔ اس مقام پر مسلمان مرد و زن، فلاح و نجات کی دعوت الہی پر صدائے لبیک بلند کرتے ہیں۔ یہاں ہر ایک کو برادری، یگانگت اور پرہیزگاری کی مشق کرنے کا موقعہ ملتا ہے۔ یہ تعلیم و تربیت کا مرکز، امت اسلامیہ کے اتحاد و عظمت و تنوع کی جلوہ گاہ اور شیطان و طاغوت سے پیکار کا میدان ہے۔ خدائے حکیم و قدیر نے اسے وہ مقام قرار دیا ہے جہاں مومنین اپنے مفادات کا مشاہدہ کریں گے۔ جب ہم چشم بصیرت اور نگاہ عبرت کو وا کرتے ہیں تو یہ وعدہ ملکوتی ہماری انفرادی و سماجی زندگی کی تمام وسعتوں کا احاطہ کر لیتا ہے۔
مناسک حج کی انفرادی خصوصیت دنیا و آخرت کی آمیزش اور انفرادیت و اجتماعیت کا آپس میں ضم ہو جانا ہے۔ ہر طرح کی آرائش سے عاری پرشکوہ خانہ کعبہ، ایک ابدی و استوار محور کے گرد دلوں اور جسموں کا طواف، نقطہ آغاز سے نقطہ اختتام کے درمیان منظم اور پیہم سعی و جستجو، عرفات و مشعر کے نجات بخش میدانوں کی سمت عمومی روانگی، اس محشر عظیم میں پیدا ہونے والی خضوع کی کیفیت جو دلوں کو صفا و شادابی عطا کرتی ہے، شیطان کے مظہر پر عمومی یلغار، اس موقعہ پر ہر جگہ، ہر رنگ اور ہر قسم کے لوگوں کا ان تمام اسرار آمیز اور معانی و علامات ہدایت سے لبریز مناسک میں ایک دوسرے کے قدم سے قدم ملا کے چلنا، اس پرمعنی و پرمغز عبادت کی انفرادی خصوصیات ہیں۔
یہی مناسک ہیں جو دلوں کو یاد الہی سے ربط دیتے اور قلب انسانی کو نور تقوی و ایمان سے منور بھی کرتے ہیں، انسان کو شخصی حصار سے باہر لاکر امت اسلامیہ کی رنگارنگ اجتماعیت میں ضم بھی کر دیتے ہیں، لباس تقوی سے بھی اسے آراستہ کر دیتے ہیں جو گناہوں کے زہر آلود تیروں کے سامنے ڈھال کا کام کرتا ہے، اس کے اندر شیطانوں اور طاغوتوں پر حملہ آور ہونے کا جذبہ بیدار کرتے ہیں۔ اس مقام پر پہنچ کر حاجی اپنی آنکھ سے امت اسلامیہ کی وسعتوں کی جھلک دیکھتا اور اس کی صلاحیت و توانائی سے آگاہ ہوتا ہے، مستقبل کے تئيں پرامید ہو جاتا ہے اور اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے خود کو آمادہ پاتا ہے، اگر توفیق و نصرت الہی اس کے شامل حال ہو جائے تو پیغمبر عظیم الشان سے اپنی بیعت اور اسلام سے اپنے مستحکم میثاق کی تجدید کرتا ہے، اپنی اور امت کی اصلاح اور کلمہ اسلام کی بلندی کے لئے اپنے اندر عزم راسخ پیدا کرتا ہے۔
یہ دونوں باتیں یعنی اپنی اصلاح اور قوم کی اصلاح، دو دائمی فریضے ہیں۔ اہل تفکر و تدبر کے لئے فرائض دینی میں غور و خوض اور بصیرت و خرد سے کام لینے کی صورت میں اس کا طریق کار تلاش لینا دشوار کام نہیں ہے۔ اصلاح نفس کا آغاز شیطانی خواہشات کے خلاف جد و جہد اور گناہوں سے اجتناب کی سعی سے ہوتا ہے اور اصلاح امت کا آغاز دشمن اور اس کے منصوبوں کی شناخت اور اس کی ضربوں، فریبوں اور دشمنیوں کو بے اثر بنانے کے لئے مجاہدت سے۔ پھر یہ عمل مسلمانوں اور مسلم اقوام کے دلوں، زبانوں اور ہاتھوں کے باہمی رابطے سے تقویت پاتا کرتا ہے۔
موجودہ دور میں عالم اسلام کے اہم ترین مسائل میں سے ایک کہ امت اسلامیہ کی تقدیر و سرنوشت سے جس کا گہرا تعلق ہے، شمالی افریقا اور خطے میں رونما ہونے والے انقلابی تغیرات ہیں جو تا حال کئی بدعنوان، امریکا کی فرمانبردار اور صیہونزم کی مددگار حکومتوں کے سقوط اور اسی قسم کی دیگر حکومتوں کے تزلزل کا باعث بنے ہیں۔ اگر مسلمانوں نے اس عظیم موقعے کو گنوا دیا اور اسے امت اسلامیہ کی اصلاح کی راہ میں استعمال نہ کیا تو وہ بہت بڑے خسارے میں جائیں گے۔ اس وقت جارح و مداخلت پسند سامراج ان عظیم اسلامی تحریکوں کو منحرف کر دینے کے لئے پوری طرح حرکت میں آ گیا ہے۔
ان عظیم قیاموں میں مسلمان مرد و زن، حکمرانوں کے استبداد اور امریکا کے تسلط کے خلاف جو قوموں کی تحقیر و تذلیل اور جرائم پیشہ صیہونی حکومت کے ساتھ ساز باز پر منتج ہوا ہے، اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے موت و زندگی کی اس عظیم لڑائی میں اسلام، اسلامی تعلیمات اور اسلامی نعروں کو اپنا سفینہ نجات مانا ہے اور ببانگ دہل اس کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ مظلوم فلسطینی قوم کے دفاع اور غاصب حکومت کے خلاف جہاد کو اپنے مطالبات میں سر فہرست قرار دیا ہے۔ مسلم اقوام کی جانب دوستی کا ہاتھ بڑھاتے ہوئے امت اسلامیہ کے اتحاد کی دلی خواہش کا اعلان کیا ہے۔
یہ ان ملکوں میں عوامی قیاموں کے بنیادی ستون ہیں جہاں حالیہ دو برسوں میں عوام نے آزادی و اصلاح پسندی کا پرچم لہرایا اور انقلاب کے میدانوں میں جسم و جان کے ساتھ قدم رکھا ہے۔ یہی چیزیں عظیم امت اسلامیہ کی اصلاح کی بنیادوں کو مضبوطی و پائيداری عطا کر سکتی ہیں۔ ان اساسی اصولوں پر ثابت قدمی ان ملکوں میں عوامی انقلابوں کی فتح کی لازمی شرط ہے۔
دشمن انہیں بنیادوں کو متزلزل کر دینے کے در پے ہے۔ امریکا، نیٹو اور صیہونزم کے بدعنوان مہرے کچھ لوگوں کی غفلت و سادہ لوحی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مسلم نوجوانوں کی طوفانی تحریک کو منحرف کر دینے، انہیں اسلام کے نام پر ایک دوسرے سے دست و گریباں کر دینے اور سامراج مخالف اور صیہونیت مخالف جہاد کو عالم اسلام کی گلیوں اور سڑکوں پر اندھی دہشت گردی میں تبدیل کر دینے کی کوشش کر رہے ہیں، تا کہ مسلمانوں کا خون ایک دوسرے کے ہاتھوں سے زمین پر بہے، دشمنان اسلام اپنی مسدود راہوں کو کھول سکیں اور اسلام اور اس کے مجاہدین بدنام اور ان کی شبیہ مسخ ہو جائے۔
اسلام اور اسلامی نعروں کے خاتمے کے سلسلے میں مایوس ہو جانے کے بعد انہوں نے اب مسلم فرقوں کے درمیان فتنہ انگیزی کا رخ کیا ہے اور شیعہ خطرے اور سنی خطرے کی سازشی باتیں کرکے امت اسلامیہ کے اتحاد کے راستے میں رکاوٹیں ایجاد کر رہے ہیں۔ وہ علاقے میں اپنے زرخرید عناصر کی مدد سے شام میں بحران پیدا کرتے ہیں، تاکہ قوموں کی توجہ اپنے ممالک کے حیاتی مسائل اور گھات میں بیٹھے خطرات سے ہٹا کر اس خونریز مسئلے پر مرکوز کر دیں، جسے انہوں نے خود عمداً پیدا کیا ہے۔ شام میں خانہ جنگی اور مسلمان نوجوانوں کا ایک دوسرے کے ہاتھوں قتل عام وہ مجرمانہ عمل ہے جو امریکا، صیہونزم اور ان کی فرمانبردار حکومتوں کے ہاتھوں شروع ہوا ہے اور اس آگ کو مسلسل ہوا دی جا رہی ہے۔ کون باور کر سکتا ہے کہ مصر، تیونس او لیبیا کی سیاہ رو آمریتوں کی حامی حکومتیں اب شام کے عوام کی جمہوریت پسندی کی حامی بن گئی ہیں؟ شام کا قضیہ اس حکومت سے انتقام لئے جانے کا قضیہ ہے جس نے تین دہائیوں تک اکیلے ہی غاصب صیہونیوں کا مقابلہ اور فلسطین و لبنان کی مزاحمتی تنظیموں کا دفاع کیا ہے۔
ہم شام کے عوام کے طرفدار اور اس ملک میں ہر طرح کی بیرونی مداخلت اور اشتعال انگیزی کے مخالف ہیں۔ اس ملک میں کوئی بھی اصلاحی اقدام خود وہاں کے عوام کے ہاتھوں اور خالص ملی و قومی روشوں سے انجام پانا چاہئے۔ یہ بات کہ عالمی تسلط پسند عناصر اپنی تابع فرمان علاقائی حکومتوں کی مدد سے کسی ملک میں بحران کھڑا کر دیں اور پھر اس ملک میں بحران کے نام پر خود کو ہر مجرمانہ کارروائی کا مجاز جانیں، بہت بڑا خطرہ ہے۔ اگر علاقے کی حکومتوں نے اس پر توجہ نہ دی تو انہیں بھی اس استکباری عیاری میں اپنی باری آنے کا منتظر رہنا چاہئے۔
بھائیو اور بہنو! موسم حج، دنیائے اسلام کے حیاتی مسائل پر غور و فکر کا موقعہ ہے۔ علاقے کے انقلابوں کا مستقبل اور ان انقلابوں سے زخم کھانے والی طاقتوں کی ان انقلابوں کو منحرف کر دینے کی کوششیں، انہی مسائل میں شامل ہیں۔ مسلمانوں کے درمیان نفاق پیدا کرنے اور اسلامی جمہوریہ ایران کے سلسلے میں انقلابی ملکوں کو بدگمانی میں مبتلا کر دینے کی خائنانہ سازشیں، مسئلہ فلسطین، مجاہدین کو تنہا اور فلسطین کے جہاد کی شمع کو خاموش کر دینے کی کوششیں، مغربی حکومتوں کی اسلام دشمنی پر مبنی تشہیراتی مہم، پیغمبر اعظم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی ملکوتی بارگاہ میں گستاخانہ حرکت کا ارتکاب کرنے والوں کی ان کی جانب سے حمایت، بعض مسلم ممالک میں خانہ جنگی اور ان کے حصے بخرے کر دینے کے مقدمات، انقلابی قوموں اور حکومتوں پر مغربی تسلط پسند طاقتوں سے ٹکراؤ کا خوف بٹھانا اور اس توہم کی ترویج کہ ان کے مستقبل کا انحصار انہی جارح طاقتوں کے سامنے سر تسلیم خم کر دینے پر ہے، اسی قسم کے دوسرے اہم اور حیاتی مسائل ان اہم ترین مسائل میں ہیں جن کے بارے میں حج کے اس موقعے پر آپ حجاج کرام کی ہمفکری اور ہمدلی کے زیر سایہ تدبر و تفکر کرنے کی ضرورت ہے۔
بیشک نصرت و ہدایت خداوندی، جانفشانی کرنے والے مومنین کو امن و سلامتی کی راہ سے آشنا کرے گی۔ والذین جاہدوا فینا لنہدینہم سبلنا..»
والسلام عليكم و رحمتہ اللہ و برکاتہ
سيّد علي خامنہ ای