وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ امور سیاسیات کے زیراہتمام لاہور میں منعقدہ رسول اعظمﷺ امن کانفرنس کی تیاریاں اختتامی مراحل میں داخل ہو چکی ہیں ،تکفیری جماعتوں اور ان کے حامیوں کے علاوہ  ملک بھر کی مختلف سیاسی و مذہبی شخصیات کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جاچکی ہے، ایم ڈبلیوایم کے مرکزی پولیٹیکل سیکریٹری ناصر شیرازی کے کوآرڈینیٹرآصف رضا کے مطابق ایوان اقبال لاہور میں 11جنوری 2015کوایم ڈبلیوایم پولیٹیکل سیل کے زیر اہتمام منعقدہ رسول اعظمﷺ امن کانفرنس کی صدارت سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کریں گے، جبکہ  دیگر مقررین میں پاکستان پیپلز پارٹی کےرہنما ندیم افضل چن، مسلم لیگ (ن)کے رہنما شیخ وقاص اکرم، متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماحیدرعباس رضوی، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی، پاکستان عوامی تحریک کے رہنما ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الہٰی ، مہتمم جامعہ نعیمیہ مفتی راغب نعیمی، سنی اتحاد کونسل کے رہنما صاحبزادہ حسن رضا، مرکزی صدر آئی ایس او تہور حیدری، ایم ڈبلیوایم کے رکن بلوچستان آغا رضا رضوی، ایم ڈبلیوایم کے رہنما ناصر شیرازی ، علامہ احمد اقبال اور علامہ عبد الخالق اسدی شامل ہوں گے۔ آصف رضا کے مطابق ایم ڈبلیوایم کے سیاسی شعبے کی جانب سے تمام معزز مہمانان گرامی کو دعوت نامے ارصال کردیئے گئے ہیں ، جبکہ تقریباً تمام شخصیات نے کانفرنس میں شرکت کی یقین دہانی کروائی ہے۔

وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے 21 ویں آئینی ترمیم کی حمایت کرتے ہیں۔ آج جب پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے قومی اسمبلی میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پیش کی جانیوالی آئینی ترمیم کی مخالفت کرنے والی جماعتیں قوم کے سامنے بے نقاب ہوگئیں ہیں۔ ملکی سلامتی کے اداروں کو اس بات کا سخت نوٹس لینا چاہیے اور دہشت گردوں کو نظریاتی و سیاسی حمایت دینے والی جماعتوں کے خلاف بھی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پہلی بار پوری قوم متحد ہوئی ہے اور دہشت گردوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نبٹنے کیلئے آئین میں ترمیم کی گئی ہے جس کا خیر مقدم ہونا چاہیے مگر دہشت گردوں کے خلاف نرم گوشہ رکھنے والی مذہبی جماعتوں کے قائدین اس گناہ میں شامل نہ ہونے پر شکر ادا کر رہے ہیں گویا ان کے نزدیک دہشت گردی ختم کرنے کیلئے کی جانیوالی قانون سازی گناہ کا درجہ رکھتی ہے۔ ان کے اس عمل سے پوری قوم کو ان کی اصلیت جان لینی چاہیے۔ ہم قوم کو باور کروانا چاہتے ہیں کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری اپنی جنگ ہے جو ہم اپنی نسلوں کی بقاء کیلئے لڑ رہے ہیں اور یہ جنگ جیت تک جاری رہے گی۔ مگر دہشت گردوں کو پروان چڑھانے والی جماعتوں کو یہ جنگ ہضم نہیں ہو رہی۔ دہشت گردی ختم کرنے کیلئے دینی مدارس کے نصاب میں تبدیلی بے حد ضروری ہے۔

وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین صوبہ خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سبطین حسینی نے کہا ہے کہ ایک منظم انداز میں پرامن اور محب وطن باسیوں کی سرزمین اورکزئی ایجنسی کلایہ کو ناامن بنانے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔ معصوم بچوں اور جوانوں کو جو معاشرتی بے راہ رویوں کی بجائے ایک سالم و توانا و صحت مند کھیل میں مصروف ہوں ، نشانہ بنانا درندگی اور بزدلی کا شاخسانہ ہے۔ علاقہ مکینوں نے ہمیشہ سیکیورٹی فورسز کا ساتھ دیا، آپریشن کے دوران آئی ڈی پیز کو پناہ دی وہاں ان کی خدمت کی اور راستہ دیا لیکن اس کے باوجود کچھ عرصہ سے ہمارے پرامن علاقوں سے نامرئی ہاتھ راکٹ فائر کرکے علاقے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں کررہے ہیں، ہر ایک کو سمجھنا چاہیےکہ ہم امن اور سکون کو بھی علاقے کی زینت بنائیں گےاور دشمن کو کبھی اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

 

رہنما ایم ڈبلیو ایم نے کور کمانڈر پشاور سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ وہاں کے حالات کی نزاکت کو سمجھیں اور ان عناصر کی بیخ کنی کی جائے جو ان گھناونی کارروائیوں میں ملوث ہیں، اور اس طرح کے واقعات سے مذموم مقاصد کے حصول کے متمنی ہیں، ہم پر امن لوگ ہیں ، ہم نے طول تاریخ میں از قوت بازو اپنے وطن کا دفاع کیاہےاور کرتے رہیں گے لیکن اپنے خون سے کسی کو بھی کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ایسے حالات میں جب عسکری و سیاسی قیادت ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو مٹانے کی کوششوں میں مصروف ہےاور اکیسویں آئینی ترمیم کی منظوری ہوچکی ہے۔ کڈہ بازار جیسے سانحات کا رونما ہونا اور معصوم بچوں کو درندگی اور دہشت کا نشانہ بنانا سیاسی و عسکری قوتوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے، ملک کی مقتدر قوتوں یہ سمجھنا ہوگاکہ آخر کیوں گزشتہ کچھ عرصہ سے بے گناہوں کو نشانہ بنانے کی کوششیں ہو رہی ہیں، جنہوں نے ہمیشہ حکومت پاکستان کا ساتھ دیا۔ ایجنسی کے دیگر علاقوں کے برعکس وہاں اسلحہ اور منشیات کا کاروبار نہیں ہوتا، اغواء برائے تاوان کی وارداتیں نہیں ہوتیں، علاقے کی پسماندگی کے باوجود لوگوں کا تعلیم کی طرف رجحان ہے، پبلک سکولز موجود ہیں، لہذا ملک کے ان کٹھن اور ناگفتہ بہ حالات میں جب ہر سو امن کے قیام کی کوششیں ہورہی ہیں، ایک پرامن علاقے کے امن کو سبوتاژ کرنے کے مذموم اقدامات کسی طور پر بھی قابل قبول نہیں ہیں۔

وحدت نیوز (کراچی) سیرت پیغمبر ختمی مرتبت حضرت محمد مصطفیٰ (ص)تمام عالمین کے لئے مشعل راہ ہے، دین اسلام امن محبت اور آشتی کا مذہب ہے،اسلام قلعہ امان ہے، تعلیمات محمدی ﷺمیں کافر کو بھی بلاوجہ نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں ،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے ایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام اما م بارگاہ شاہ کربلا رضویہ سوسائٹی میں منعقدہ خاتم المرسلین ﷺکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیاجبکہ دیگر مقررین میں تحریک  منہاج القرآن کراچی ڈویژن کی ناظمہ خواہر نور فاطمہ، ایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین سندھ کی سیکریٹری جنرل خانم زہرا نجفی شامل تھیں ، مختلف نعت و منقبت خوانوں نے بارگاہ رسالت مآب میں نذرانہ عقیدت بھی پیش کیا۔

 

علامہ ناصر عباس جعفری کاکہنا تھا کہ اسلام امن کا پیغام دیتا ہے رسول اللہ کی حیات طیبہ میں ہمیں انسانیت سے محبت کا درس دیتی ہے قرآن تو غیرمسلم کے بھی حقوق بیان کرتا ہے آج یہ دشمنان اسلام کس دین کی بات کرتے ہیں اس دین کا تعلق دین محمدی(ص)سے ہرگز نہیں ہے سرزمین پاکستان میں بھی ہم کو ان تکفیریوں کو شکست دینی ہو گی ہمیں ان کا مقابلہ مل کر کرنا ہو گا ،دین محمدی ﷺکے تحفظ و ترویج کی جدوجہد میں خواتین کا کردار نا قابل فراموش ہے،اس کے لیے ہمیں اپنی ماوں بہنوں بیٹیوں کا بھی ساتھ چا ہیے ،انقلاب اسلامی ایران ہو یا لبنان یہ کامیاب جب ہوئے جب ان کی ماوں بہنوں بیٹیوں نے بھی دشمن کو نابود کرنے کے لیے خود کو آمادہ کرلیا۔بس ہمیں بھی دین محمدی کی بقاء کے لیے خود کو آمادہ کرنا ہوگا۔

وحدت نیوز (لاہور) ہم اسلام کے نام پر اسلام اور پاکستان کو قتل نہیں ہونے دینگے سیرت پیغمبر کی روشنی میں اسلام کے روشن چہرے اور پاکستان کی سلامتی و استحکام کی جدوجہد جاری رکھیں گے ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے صوبائی سیکرٹریٹ مجلس وحدت مسلمین پنجاب میں ایک خصوصی پریس کانفرنس میں کیا انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی صورت حال، دہشت گردی ،آپریشن ضرب عضب کو کامیابی سے ہمکنار کرنے اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے کے لئے مجلس وحدت مسلمین 11جنوری کو ایوان اقبال لاہور میں عظیم الشان پیغمبر اعظم امن کانفرنس کاانعقاد کریگی جس میں ملکی سطح کی تمام پڑی سیاسی جماعتوں کے مرکزی رہنماوں ،مشائخ عظام،گدی نشینوں اور مدارس دینیہ سے وابستہ شخصیات شرکت کریں گی جو دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف سنگ میل ثابت ہو گی انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی کو کسی بھی روپ میں برداشت نہیں کریں گے جو لوگ مدارس کی اوٹ میں اکیسویں آئینی ترمیم کی مخالفت کر رہے ہیں ان کا ہدف دہشت گردوں کو مدد فراہم کرنا اور قومی یکجہتی کو سبوتاژ کرنے کی  کو شش ہے یہ گروہ بے نقاب ہو چکے ہیں ہم دہشت گردوں اور اُن کے سیاسی سرپرستوں کے خلاف معتدل اور محب وطن شخصیات اور جماعتوں کو متحد کر کے اسلام کے روشن اور چمکتے چہرے کو سامنے لائیں گے اور امن و سلامتی کے پیغام کو پورے پاکستان میں پھیلائیں گے ۔انہوں نے اس عزم کا اظہا کیا کہ اسلام کے خوب صرت چہرے اور ہزاروں شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا پریس کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین کے دیگر رہنماوں علامہ امتیاز حسین کاظمی،سید اسد عباس نقوی،سید حسین زیدی،شیخ عمران علی ،رائے ناصر علی اور راناماجد علی بھی شریک تھے۔

وحدت نیوز (اسلام آباد)  قومی سیاسی صورتحال کے تناظر میں دینی جماعتوں کے غیر سیاسی اتحاد ملی یکجہتی کونسل کی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی سیکریٹری مالیات علامہ محمد امین شہیدی کی رہائشگاہ پر منعقد ہوا،ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نےاجلاس سے خطاب کرتے ہوئےکہ اکہ سانحہ پشاور کے بعد کچھ آثار ایسے نظر آرہے ہیں کہ حکومت دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لئے پرعزم ہے۔ اس سلسلے میں دہشت گردوں کے خلاف جو کارروائی کی جا رہی ہے، منجملہ ملٹری کورٹس کا قیام، ہم اس کی تائید کرتے ہیں، تاہم یہ بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشت گرد، دہشت گرد ہوتا ہے خواہ وہ مذہبی دہشت گرد ہو، لسانی دہشت گرد ہو، فرقہ وارانہ دہشتگرد ہو یا قبائلی دہشت گرد۔ لہذا ہر قسم کے دہشت گردوں کے خلاف بلااستثناء کارروائی کی جائے اور کسی کو اس سے مستثنٰی نہ کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ کسی ایک قسم کے دہشت گرد پر فوکس کرکے پورے عمل کو مشکوک نہ بنایا جائے۔

 

مجلس عاملہ کے اجلاس میں ملی یکجہتی کونسل کے دستور کی منظوری دی گئی اور مرکزی سطح پر تمام دینی جماعتوں کے قائدین پر مشتمل سپریم کونسل کے قیام کا اعلان کیا گیا۔ ملی یکجہتی کونسل کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین کےمرکزی رہنما علامہ امین شہیدی ، علامہ شفقت شیرازی ،لیاقت بلوچ، پیر عبدالرحیم نقشبندی، پیر سید محفوظ مشہدی، ثاقب اکبر، علامہ عارف حسین واحدی، سلطان احمد علی، میاں محمد اسلم، پیر ناصر جمیل ہاشمی، عبدالرشید ترابی،  ڈاکٹر عابد روﺅف اورکزئی، عبدالمتین اخونزادہ، حکیم عبدالوحید، پیر عاشق حسین بخاری، مولانا عامر صدیق، مفتی محمد عامر شہزاد، خالد محمود عباسی، محمد خطیب مصطفائی، محمد نصیر احمد اویسی، پیر سید ذاولفقار علی، حاجی ابو شریف اور کونسل کے دیگر قائدین نے شرکت کی۔

 

بعد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں ابولخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ ملی یکجہتی کونسل دہشتگردی کی کھل کر مخالفت اور فوجی عدالتوں کے حق میں ہے، تاہم دہشتگردوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے۔ اسلام آباد میں ملی یکجہتی کونسل کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ابولخیر زبیر کا کہنا تھا کہ ہم ملٹری کورٹس کے حق میں ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشت گردوں کے خلاف بلاتخصیص کارروائی کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد خواہ لسانی ہو یا فرقہ وارانہ ان کے درمیان امتیاز روا نہ رکھا جائے اور کسی کو مستثنٰی نہ ٹھہرایا جائے۔ سانحہ پشاور کی آڑ میں مدارس کیخلاف کارروائی نہ کی جائے، ثبوت کی روشنی میں کسی مدرسے کیخلاف کارروائی سے پہلے اتحاد تنظیم المدارس کو اعتماد میں لیا جائے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree