وحدت نیوز (جیکب آباد) ایام فاطمیہ کی مناسبت سے گوٹھ میر شیر محمد خان میں مجلس عزا منعقد ہوئی مجلس عزا سے علامہ مقصود علی ڈومکی اور آغا سیف علی ڈومکی نے خطاب کیا جب کہ حافظ صدام حسین جاکھرانی نے نعت اور منقبت کا نذرانہ پیش کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سیدہ کائنات حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی حیات طیبہ پوری انسانیت خصوصا صنف نسواں کے لئے بہترین نمونہ عمل ہے۔ حیاء عفت عصمت اور انسانی کمالات و پاکیزہ کردار کے باعث سید الانبیاء ص نے آپ کو سیدہ النساء العالمین کا خطاب دیا۔

انہوں نےکہا کہ آل سعود نے جنت البقیع اور جنت المعلیٰ کے تاریخی قبرستان اور آل رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے مقدس مزارات منہدم کرکے ناقابل معافی جرم کیا ہے وہ انتقام الہی سے نہیں بچ سکتے۔ ہمیں جنت البقیع کی تعمیر کے لئے فاسق و فاجر لوگوں سے کسی خیر کی امید نہیں ان شاء اللہ جنت البقیع عنقریب خدا کے صالح بندوں کے ہاتھوں تعمیر ہوگا۔

انہوں نےکہا کہ فیس بک انتظامیہ کی جانب سے ہزاروں لوگوں کے اکاونٹس بند کرنا شرمناک عمل ہے آزادی اظہار کے نام نہاد علم برداروں کی جانب سے آزادی اظہار پر پابندی ان کے دوغلے منافقانہ کردار کو بے نقاب کرتا ہے۔

وحدت نیوز(گلگت) گلگت بلتستان میں حالیہ شدید برفباری سے دور افتادہ علاقوں میں عوام شدید پریشانی سے دوچار ہیں۔محکمہ خوراک کی غفلت سے کارگاہ اور نلتر میں بروقت راشن نہ پہنچانے سے گندم کا بحران پیدا ہوا ہے۔ریکارڈ توڑ برفباری کی وجہ سے رابطہ سڑکیں بلاک ہیں ،عوام کی پریشانیوں کاکوئی پرسان حال نہیں۔چیف سیکرٹری صورت حال کا ازخود نوٹس لیکر فوری اقدامات کی ہدایات صادر کرے۔

 مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی سے وحدت ہائوس گلگت میں کارگاہ اور نلتر کے نمائندہ وفود نے ملاقات کرکے حالیہ برفباری کے نتیجے میں عوامی مشکلات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر انہوںنے کہاکہ انتظامیہ کو چاہئے کہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے دورافتادہ علاقوں جہاں قدرتی آفات سے رابطہ سڑکیں بلاک ہونے کا خدشہ موجود رہتا ہے وہاں پہلے سے احتیاطی تدابیر اختیار کی جانی چاہئیں۔موجودہ صورتحال میں گلگت بلتستان کے بیشتر اضلاع کے دورافتادہ علاقوں کا ضلعی ہیڈکوارٹر سے رابطہ منقطع ہوچکا ہے اور خوراک کی قلت پیدا ہوچکی ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ محکمہ خوراک کی غفلت سے آج کارگاہ میں ایک سو دس گھرانے محصور ہوکررہ گئے ہیں اور پندرہ دن سے کوٹہ کا گندم بھی نہیں پہنچاہے ۔کارگاہ کے عوام غذائی قلت کا شکار ہوچکے ہیں ، رابطہ سڑک مکمل بلاک ہے اور شدید برفباری کے بعد برفانی تودے گرنے کا خطرہ بھی موجود ہے۔برفانی تودے گرنے سے انسانی جانوں کو خطرات لاحق ہیں۔انتظامیہ کو چاہئے کہ فوری اقدامات کرکے دورافتادہ علاقوں کے عوام کو گندم کی ترسیل یقینی بنائیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین راولپنڈی کے ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ علی اکبر کاظمی نے کہا ہے کہ امریکہ نے مسلمانوں کے خلاف جوچنگاری سلگانے کی کوشش کی آج وہ امریکہ کے خلاف نفرت کی آگ میں بدل چکی ہے۔امریکہ کو اس کے جارحانہ اقدام پر ساری دنیا میں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔اسلام آباد میں ”مردہ باد امریکہ“ ریلی ایک تاریخ اجتماع  اور خطے کو امریکی تسلط سے آزاد کرنے کانقطہ آغاز ثابت ہو گا۔

عالم اسلام کے لیے سب سے بڑا خطرہ امریکہ کا وجود ہے۔امریکہ،اسرائیل اور بھارت وہ شیطانی ٹرائیکا ہے جس نے عالمی امن کو سبوتاژکر رکھا ہے۔ملک کی مختلف شیعہ سنی جماعتوں کا عالم استعمار کے خلاف مشترکہ آواز بلند کرنے کا فیصلہ پاکستانی عوام کا امریکہ سے نفرت کا برملا اظہار ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ا تحاد امت فورم کے زیر اہتمام ”مردہ باد امریکہ“ریلی کو کامیاب بنانے کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں مختلف مذہبی و سماجی جماعتوں سے  رابطوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ریلی کا آغاز 19جنوری بروز اتوار سہ پہر دو بجے آبپارہ چوک اسلام آباد سے ہو گا۔ریلی کے شرکا امریکی ایمبیسی کی طرف مارچ کریں گے۔ریلی کے انعقاد کا مقصد عالم اسلام کے عظیم مجاہد حاج قاسم سلیمانی، ابو مہدی المہندس اور ان کے رفقاء پر امریکی حملے کے خلاف اقوام عالم کے سامنے اپنا احتجاج ریکارڈ کرانا ہے۔

ریلی میں مجلس وحدت مسلمین،امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن،تحریک بیداری امت مصطفی،امامیہ آرگنائزیشن،آئی ڈی سی،انجمن دعائے زہرا،انجمن جانثاران اہلبیتؑ،مرکزی ماتمی دستہ اورمامیہ حسینہ گلگت بلتستان سمیت نوحہ خوان تنظیمیں اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات شرکت کریں گی۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام حالیہ ایران امریکہ کشیدگی اور پاکستان پر مرتب ہونے والے اثرات کے حوالے سے ''آل پارٹیز کانفرنس''آج مقامی ہوٹل میں ہوگی، اس حوالے سے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے بشپ آف ملتان لیوپال سے ملاقات کے بعد جاری بیان میں کیا۔

علامہ اقتدار حسین نقوی نے مسیحی رہنمائوں کو بھی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت اور ملک کی موجود صورتحال کے حوالے سے اظہار خیال کرنے کی دعوت دی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے رہنما علامہ قاضی نادر حسین علوی، صوبائی ترجمان ثقلین نقوی اور پادری نعیم جاوید بھی موجود تھے۔ ملاقات میں موجودہ ملکی صورتحال پر گفتگو کی گئی ۔

 علامہ اقتدار حسین نقوی کا کہنا تھا کہ سردارلشکر اسلام قاسم سلیمانی کا قتل امریکی گریٹر پلان کا حصہ ہے، امریکہ نے ایران کیخلاف جارحیت کی تو امریکہ افغانستان کی طرح ایران میں بھی رسوا اور پسپا ہو گا، ایران امریکی سامراج کے خلاف ڈٹ کر کھڑا ہے، امریکہ نے پچھلے پچیس سالوں کے دوران 9 مسلم ممالک میں ایک کروڑ دس لاکھ مسلمان شہید کیے ہیں، ہمیں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی بجائے امریکہ مخالف ممالک کا ساتھ دینا چاہئے۔ جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت پر ہماری حکومت کا موقف بزدلانہ ہے۔ ہمسایہ اسلامی ملک کا کھل کر ساتھ نہ دینا اسلامی اخوت کے منافی ہے۔امریکہ مسلمانوں کو آپس میں لڑا کر کمزور کرنا چاہتا ہے، اسلام دشمن طاقتوں نے فرقہ واریت کو اسلام کیخلاف ہتھیار بنا لیا ہے۔

علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کہا کہ بھارت کنٹرول لائن پر اشتعال انگیزی کے ذریعے امن دشمنی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ انتہا پسند مودی سرکار خطے کے امن کیلئے شدید خطرہ بن چکی ہے، حکومت کے اتحادی حکومتی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں، ہماری وفاداری حکومت یا اپوزیشن نہیں اسلام اور پاکستان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ڈنگ ٹپاو پالیسی پر گامزن ہے، عالمی و علاقائی قیادتیں مودی کو متنازعہ شہریت بل واپس لینے پر مجبور کریں، طاغوتی قوتوں کی مزاحمت کیلئے اتحاد امت کی ضرورت ہے، حکومت اور اپوزیشن عوامی مسائل کے حل کیلئے یکجہتی اختیار کریں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری سیاسیات محترمہ سیدہ نرگس سجاد جعفری نے کہا کہ قاسم سلیمانی شھید کی شھادت کے بعد بڑھتے ہوئے عوامی ردعمل سے خوفزدہ عناصر سوشل میڈیا پیجز بلاک کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ شھید قاسم سلیمانی کے بے رحمانہ قتل کے خلاف آواز اٹھانے والی ملی تنظیموں اور شخصیات کے آفیشل پیجز اور اکاؤنٹس بڑی تعداد میں بند کرنے کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔ ایسے اقدامات آزادی اظہار رائے کی کھلی خلاف ورزی اور عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیرنے کے مترادف ہے ۔

محترمہ سیدہ نرگس سجاد جعفری نے کہا کہ شھید قاسم سلیمانی کی شھادت کے 24 گھنٹے کے اندر    IAMQASIMSULMANI#ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیاتھا جس نے امریکہ اور اس کے حواریوں کو ہلا کہ رکھ دیا رائے عامہ تیزی سے ان کے خلاف ہورہی تھی جس کے بعد انتقامی کارروائی کرتے ہوئے ملت جعفریہ کی اہم شخصیات اور ملی تنظیموں کے سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر اکاؤنٹس کو بند کرنا شروع کر دیا گیا جو کہ شرمناک فعل ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد تمام اکاؤنٹس بحال کیے جائیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کی جانب سےسردار لشکر اسلام شہید قاسم سلیمانی ؒ کی یاد میں چالیس روزہ مجالس کا سلسلہ جاری ہے ۔ بری امام مسلم کالونی کی جامع مسجد میں شہید ضیاءالدین کی برسی ، شہید قاسم سلیمانی و شہید ابومھدی مہندس و دیگر شہدائے اسلام کی یاد میں اور ایام شہادت اولین محافظہ ولایت حضرت بی بی فاطمہ الزہراء سلام اللہ علیہا کی مناسبت شب جمعہ بعد از نماز مغربین مجلس عزاء منعقد ہوئی جس سے مرکزی سیکرٹری تربیت مجلس وحدت مسلمین جناب ڈاکٹر محمد یونس صاحب اور مولانا علی شیر انصاری نے خطاب کیا ۔

شہدائے اسلام کی مجلس ترحیم اور ایام فاطمیہ کی مناسبت سے منعقدہ اس مجلس عزاء میں بری امام کے علاقے مقیم اہل بلتستان کے افراد کی اپنے اہل خانہ ہمراہ کثیر تعداد میں شرکت ۔واضح رہے کہ تربیتی مجالس کا یہ سلسلہ پابندی کے ساتھ راولپنڈی اسلام آباد کی مختلف مساجد وامام بارگاہوں میں سردارلشکر اسلام شہید قاسم سلیمانیؒ اور ان کے ساتھیوں کے چہلم تک جاری رہے گا۔

Page 75 of 1508

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree