The Latest
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین اسلام آباد کی جانب سے علی پور یونٹ میں تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد ہوا جس میں طالبات کے لیے فقہی و اخلاقی دروس کے ساتھ ساتھ بیکنگ اور بیوٹیشن کلاسز کا بھی انعقاد کیا گیا سہہ روزہ ورکشاپ میں محترمہ عنصر زہرا ، محترمہ فاطمہ امینی ، محترمہ نجمہ جعفری اور محترمہ صغریٰ نے احکام دین ، ولایت فقیہہ اور مہدویت ، عصر حاضر میں خواتین کا کردار اور درس اخلاق کے موضوعات پر تدریس کے فرائض انجام دیے۔
صدر ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ راولپنڈی / اسلام آباد محترمہ صدیقہ کائنات اور محترمہ اُم فروا نے بیکنگ ، جبکہ نائب صدر ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ اسلام آباد محترمہ نادیہ بتول اورمحترمہ رباب زہرا نے سیلف گرومنگ اور بیوٹیشن کی کلاسز لیں۔ اس موقع پر ضلعی صدر محترمہ صدیقہ کائنات نے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا اور یونٹ لیول پر دینی تربیت اور مختلف اسکلز پر مشتمل ورکشاپس کے انعقاد اور قرآن سنٹرز کے قیام کے لیے مزید کوشش جاری رکھنے کا عزم کیا۔
وحدت نیوز(پشاور) امام انقلاب، بت شکنِ عصر، آیت اللہ العظمیٰ سید روح اللہ موسوی خمینیؒ کی برسی کے موقع پر ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ پشاور کی جانب سے امام بارگاہ علی رضا، وپگڈا میں ایک پر وقار اور بامقصد فکری نشست "خمینی بت شکنؒ" کے عنوان سے منعقد ہوئی، جس میں ملت کی باہوش، باکردار اور بیدار خواتین نے شرکت کی۔
اس روح پرور نشست سے محترمہ ثمانہ ضلعی صدر ایم ڈبلیو ایم پشاوراور محترمہ زینب بنت الہدیٰ نقوی مرکزی سیکرٹری روابط ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ نے خطاب کرتے ہوئے نہ صرف انقلاب اسلامی کے تاریخی، فکری اور نظریاتی پس منظر کو اجاگر کیا بلکہ امام خمینیؒ کی جانب سے "بت شکنی" کے فلسفے کو عصر حاضر کی روشنی میں خوبصورت انداز میں بیان کیا۔
مقررین نے اپنے پُراثر خطابات میں واضح کیا کہ امام خمینیؒ کی جدوجہد صرف شاہی نظام یا سیاسی آمریت کے خلاف نہ تھی بلکہ ہر اُس فکری، تہذیبی اور طاغوتی بت کے خلاف تھی جو انسان کو اس کی اصل حقیقت اور آزادی سے محروم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں جدید تقاضوں کے مطابق نئے بت سامنے آ چکے ہیں — خواہ وہ استعمار ہو، فکری غلامی ہو، یا میڈیا کی چکاچوند میں لپٹی ہوئی ثقافتی یلغار — جن کا مقابلہ بھی اسی انقلابی فکر، شعور اور کردار سے ممکن ہے جس کی عملی تصویر امام خمینیؒ نے پیش کی۔
محترمہ زینب بنت الہدیٰ نقوی نے اپنے خطاب میں خاص طور پر خواتین کے انقلابی کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج کی بیدار اور مؤمنہ خواتین، اگر امام خمینیؒ کے افکار سے وابستگی اختیار کریں، تو وہ نہ صرف معاشرے میں تبدیلی لا سکتی ہیں بلکہ آئندہ نسلوں کے لیے بھی راہ روشن کر سکتی ہیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) وحدت یوتھ پاکستان کے سالانہ مرکزی کنونشن کے اختتام پر سید یاور کاظمی کو وحدت یوتھ کا مرکزی صدر منتخب کر لیا گیا، چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سید یاور کاظمی کو مرکزی صدر منتخب کرنے کا اعلان کیا اور اُن سے حلف لیا، یہ انتخاب باقاعدہ ووٹنگ اور اکثریتِ رائے سے عمل میں لایا گیا، جس میں ملک بھر کے وحدت یوتھ پاکستان کے ذمہ داران نے حصہ لیا،
نومنتخب صدر سید یاور کاظمی کا کہنا تھا کہ یہ منصب میرے لیے امانت ہے، قوم و ملت کی خدمت، نوجوانوں کی تربیت اور وحدت کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے، کسی بھی قوم اور ملک کی ترقی میں جوانوں کا کردار کلیدی ہوتا ہے، وحدت یوتھ کے جوانوں کی اولین ذمہ داری بنتی ہے کہ امام وقت کی سرپرستی میں قائم ہونے والی عالمی الہی حکومت کی زمینہ سازی کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) وحدت یوتھ پاکستان کے زیر اہتمام تین روزہ سالانہ مرکزی کنونشن”صدائے عدل“ کا انعقاد، جس میں ملک کے چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور آزاد جموں کشمیر سے وحدت یوتھ کے جوانوں کی بڑی تعداد شریک، تنظیمی وتربیتی کنونشن میں ملک بھر سے آئے شرکاء کو مرکزی صدر وحدت یوتھ ونگ علامہ تصور مہدی نے والہانہ انداز میں خوش آمدید کہا اور افتتاحی کلمات کہے۔
مرکزی کنونشن کے شرکاء سے وائس چیئرمین ایم ڈبلیو ایم پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی نے مہدویت عصر حاضر کے تناظر میں کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدل وانصاف کسی بھی ریاست کا بنیادی تقاضا ہے، تاریخ میں کبھی بھی پوری دنیا پر عدل کی حکومت قائم نہیں رہی، یہ شرف صرف حکومت امام مہدی کو حاصل ہو گا، وحدت یوتھ کے جوانوں کی اولین ذمہ داری بنتی ہے کہ امام وقت کی سرپرستی میں قائم ہونے والی عالمی الہی حکومت کے لیے زمینہ سازی اور کردار ادا کریں۔
چیئرمین ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے معاون خصوصی و چیف آرگنائزر سید ناصر عباس شیرازی نے حالات حاضرہ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیڑھ سالہ خاک و خون کے کھیل کے باوجود اسرائیل اپنے مقاصد میں مکمل ناکام ہے، تمام تر جدید ٹیکنالوجی اور امریکہ سمیت مغربی قوتوں کے تعاون کے باوجود بھی صہیونی ریاست دو تنظیموں کے سامنے بے بس ہے، اپنی شکست کو چھپانے کیلئے اسرائیل غزہ میں نسل کشی کر رہا ہے اور خوراک و ادویات کی بندش کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے جو عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
شرکاء کنونشن سے ماہر تعلیم ڈاکٹر ثقلین عباس نقوی نے ٹائم منیجمنٹ کے عنوان پر گفتگو کی، دیگر مقررین میں صوبائی صدر علامہ سید علی اکبر کاظمی، سید یاور کاظمی اور راجہ مصطفی حیدر شامل تھے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان وومن ونگ کی مرکزی صدر محترمہ سیدہ معصومہ نقوی نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ خضدار میں بچوں کی سکول بس پر حملہ اور معصوم شہادتوں کے دلسوز واقعے نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا ہے۔ پاکستان میں دہشتگردانہ کاروائیوں کا سلسلہ طول پکڑتا جا رہا ہے ایسے دل دہلا دینے والے واقعات اور معصوم طالب علم بچوں کی جانوں کا ازالہ زبانی کلامی بیانات سے ممکن نہیں ۔
ان سنگین اور دلخراش واقعات کی مذمت کے بجائے فوری اقدامات ہونے چاہئے ملکی ریاستی اداروں اور سیکیورٹی انتظامیہ آخر کب تک غفلتوں کا شکار رہے گی ؟ حکومت اور ریاستی اداروں کو اس سانحے میں ملوث سہولتکاروں اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہیے ۔ میں شہید ہونے والے معصوم بچوں کے والدین سے اظہار تعزیت کرتی ہوں اور زخمی بچوں کی صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں اللہ تعالی ہمارے ملک اور اسکے عوام پر اپنا کرم فرمائے اور اسکے دشمنوں کو نابود فرمائے۔
وحدت نیوز(لاہور) صدر مجلس وحدت مسلمین پاکستان وومن ونگ سیدہ معصومہ نقوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارت نے مملکت عزیز پاکستان پر حملہ کرکے ایک بار پھر اپنے وحشی اور دہشت گرد ہونے کا ثبوت دیا ہے ۔
پاکستانی قوم امن پسند قوم ہے جو کبھی بھی جنگ کو امن پر فوقیت نہیں دیتی لیکن بات جب وطن عزیز کے دفاع اور حرمت پر آجائے تو اس ملک کا بچہ بچہ اپنے وطن کی خاطر جان کی بازی لگانا جانتا ہے ۔
مودی سرکار کو اپنی اس جارحیت اور دہشتگردانہ حملوں کی بھاری قیمت چکانا ہوگی۔ ملک کی سلامتی و دفاع کے لیے قوم کی خواتین و بیٹیاں ، مرد و جواں ، بزرگ و بچہ سب متحد ہیں اور ہر قسم کی قربانی کے لیے آمادہ ہیں ۔ خدا اس مملکتِ خداداد کو اپنی حفظ و امان میں رکھے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کے مرکزی وفد نے مرکزی صدر وومن ونگ سیدہ معصومہ نقوی کی قیادت میں چئیرمین مجلس وحدت مسلمین سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس جعفری سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی، وفد نے علامہ راجا ناصر عباس حفظہ اللہ کو ایم ڈبلیو ایم کے چئیرمین منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ۔
سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے وفد کا شکریہ ادا کیا اور اپنی گفتگو میں نہج البلاغہ و قرآن کریم کے مطالعے اور معاشرے میں ان کی تعلیمات کو عام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔اس موقع پر علامہ راجا ناصر عباس جعفری کی جانب سے ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ کی مرکزی صدر محترمہ معصومہ نقوی کو معطر قرآن پاک کا نادر و خوبصورت نسخہ ہدیہ کیا گیا۔وفد نے زیر تعمیر جامعہ ولایہ بھارہ کہو سترہ میل کی شاندار تعمیرات کا مشاہدہ کیا اور قائد وحدت علامہ راجا ناصر عباس جعفری کی اس علمی دانشگاہ کی منفرد طرز تعمیرکی کاوش کو سراہا۔
وحدت نیوز(چنیوٹ)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی جانب سے رجوعہ سادات میں چودہ روزہ معارف اسلامی ورکشاپ کا انعقاد ۔مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر سیدہ معصومہ نقوی کی جانب سے رجوعہ سادات میں خواتین کے لیے چودہ روزہ معارف اسلامی کورس کا انعقاد کیا گیا ۔ کورس کے اختتامی روز حجۃ الاسلام مولانا حافظ محمد حیدر نقوی ، مولانا عمران حیدر اور مولانا حسن مہدی کاظمی نے خطاب کیا اس موقع پر مرکزی صدر کی جانب سے خواہران کو نفیس جوایز اور مجلہ حریم ولایت ھدیہ کیے گئے ۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر سیدہ معصومہ نقوی نے عالمی یوم مزدور کے موقع پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کی خوبصورت دنیا محنت کشوں کی مرہونِ منت ہے ، کسی بھی ملک، قوم اور معاشرے کی ترقی میں مزدوروں کا کردار بہت اہم ہوتا ہے، مگر سب سے زیادہ حق تلفی بھی انہی کی، کی جاتی ہے۔اسلام مزدور کے حقوق کو نہایت اہمیت دیتا ہے۔ رسول خدا صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات ہیں کہ مزدور کا معاوضہ پسینہ خشک ہونے سے پہلے ادا کیا جائے، اور اسے وہی کھلایا پہنایا جائے جو آجر خود استعمال کرتا ہو۔ حتیٰ کہ آپؐ نے فرمایا: ‘‘جس نے اپنے ماتحت کا حق ادا نہ کیا، قیامت کے دن میرا ہاتھ اس کے گریبان میں ہوگا۔
’’انہوں نے کہا مزدوروں کا عالمی دن کار خانوں، کھیتوں، کھلیانوں، کانوں اور دیگر کار گاہوں میں سرمائے کی بھٹی میں جلنے والے لاتعداد محنت کشوں کا دن ہے۔ مقامِ افسوس یہ ہے کہ عالمی سطح پر مزدوروں کا یہ دن بڑے اہتمام کے ساتھ منا کر ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار تو کیا جاتا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ طبقہ آج بھی سرمایہ داری نظام کے زیرتسلط بری طرح پس رہا ہے جس کا کوئی پرسانِ حال نہیں۔ موجودہ مہنگائی سے عام آدمی تو متاثر ہوا ہی ہے جبکہ مزدور طبقہ تو عملاً زندہ درگور ہو چکا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی سطح پر مزدوروں کے ساتھ یکجہتی کا دن منا کر فرض پورا نہیں ہو جاتا اور نہ ہی حکومتوں کو کاغذی کارروائیوں میں ان کی اجرت بڑھا کر مطمئن ہوجانا چاہیے۔ مزدور ایک قابل رحم طبقہ ہے، مہنگائی کے تناسب سے ہی ان کی اجرت مقرر ہونی چاہیے اور ان کے حالات بہتر بنانے کیلئے مروجہ قوانین پر سختی سے عملدرامد کیا جائے، تب ہی ان کے ساتھ یکجہتی کے تقاضے پورے ہوسکیں گے۔
وحدت نیوز(ملتان)ولادت با سعادت شہزادی معصومہ قُم سلام اللہ علیہا و روزِ دختران کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین جنوبی پنجاب (ملتان) کے زیر اہتمام نو سال کی بچیوں کےلیے جشن عبادت کا انعقاد کیا گیا جس میں مرکزی نائب صدر ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ محترمہ سعیدہ موسوی نے خصوصی شرکت کی اور ننھی دختران سے خطاب کیا۔
اس پُرنور محفل میں ننھی بچیوں کے لیے مختلف خاکوں اور ماڈلز کے ذریعے پردے کی اہمیت اور دینی واجبات کی ادائیگی کے بارے میں آگاہی دی گئی ۔ اس موقع پر بچیوں کے مابین دلچسپ کوئز مقابلہ کا بھی انعقاد ہوا۔جشن میں شریک تمام نو مکلف بچیوں کو چادر اور جائے نماز ہدیہ کیے گئے ۔