وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع وسطی کے سابق سیکریٹری جنرل اور خیرالعمل فاؤنڈیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکریٹری برادر زین رضا رضوی کے والد سید سبطین رضا رضوی کے انتقال پر ایم ڈبلیوایم کے مرکزی صوبائی او ر ضلعی رہنماوں نے افسوس او ر تعزیت کا اظہار کیا ہے، ایم ڈبلیوایم کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری، مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی، مرکزی سیکریٹری امور تنظیم سازی مہدی عابدی،مرکزی سیکریٹری فلاح وبہبود علامہ باقر عباس زیدی، صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصودڈومکی،کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل میثم عابدی اور دیگر نے مشترکہ تعزیتی بیان میں کہا کہ برادر زین رضوی اور ان کے اہلِ خانہ کی خدمت میں دلی تعزیت پیش کرتے ہیں اور دعاگو ہیں کہ اللہ رب العزت مرحوم کے درجات بلند اور انکو شہدائے کربلا ؑکے ساتھ محشور فرمائے اور بردار زین رضوی اور انکے اہلِ خانہ کو صبر و استقامت عطا فرمائے۔
واضح رہے کہ مرحوم سید سبطین رضا رضوی گذشتہ ایک ہفتے سے کراچی کے مقامی اسپتال میں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیر علاج تھے اور جانبرنا ہو سکے، مرحوم کی نماز جنازہ مسجد و امام بارگاہ کاروانِ حیدری نیو کراچی سیکٹر 11-D میں ادا کی گئی ، اس موقع پر مرحوم کے اہلِ خانہ سمیت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماؤں علامہ سید باقر زیدی، سید محسن شہریار، کراچی ڈویژن اور ضلع وسطی کے رہنماؤں، کارکنان سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اور مومنین کی کثیر تعداد شریک تھی۔
وحدت نیوز(پاراچنار) کرم ایجنسی کے رہنما شبیر ساجدی نے لاہور میں خود کش حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اقدام قرار دیا ہے اور حکومت سے خود کش حملوں کے ماسٹر مائنڈ تک رسائی اور اسے بے نقاب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پاراچنار میں مجلس وحدت مسلمین کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کرم ایجنسی کے سیکریٹری جنرل شبیر ساجدی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں دہشت گردی کے واقعات میں معصوم لوگ نشانہ بن رہے ہیں۔ لاہور خود کش حملے کی مذمت کرتے ہوئے شبیر ساجدی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور اسے بزدلانہ اقدام قرار دیا۔ شبیر ساجدی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت خود کش حملوں کے ماسٹر مائیڈ تک رسائی حاصل کریں اور انہیں عبرت کا نشان بنائیں۔ شبیر ساجدی نے کہا کہ حکومت دہشت گردوں کے خلاف قدم بڑھائیں، عوام فورسز کے شانہ بشانہ دہشت گردوں کے خلاف لڑیں گے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی و ضلعی رہنماؤں کا ایک اہم اجلاس مرکزی رہنما نثار فیضی کی زیر صدارت مرکزی سیکرٹریٹ میں ہوا۔اجلاس میں شہید عارف حسینی کی برسی کے سلسلے میں ہونے والی ’’مہدی ؑ برحق کانفرنس ‘‘کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا ء نے راولپنڈی، اسلام آباد، چکوال، اٹک، جہلم، اور پنجاب کے دیگر اضلاع میں جاری رابطہ مہم کی تفصیلی رپورٹ اجلاس میں پیش کی اور اپنے اپنے علاقوں میں ہونے والے روابط اور پیش رفت سے انتظامی کمیٹی کے سربراہ کو آگاہ کیا، اجلاس میں مرکزی سیکرٹری رابطہ اقرار ملک، مرکزی سیکرٹری یوتھ ڈاکٹر یونس، مسئول آ فس علامہ عبدالخالق اسدی، رکن شوری عالی علامہ اقبال بہشتی، ڈپٹی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ اصغر عسکری، صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی نیاز بخاری اور صوبائی سیکرٹری تعلیم اظہر کاظمی نے بھی شرکت کی،اس موقعہ پر بتایا گیا کہ 6اگست بروز اتوار پریڈ گراؤنڈ (شکرپڑیاں) اسلام آباد میں شہید قائد کی برسی کی تقریب منعقد ہو گی جس میں ملک کے تمام بڑے شہروں سے شیعہ سنی افراد شریک ہوں گے۔اس سلسلے میں نامور علما، کرام اور مختلف مذہبی و سیاسی شخصیات کو بھی مدعو کیا جا چکا ہے۔تمام اضلاع میں روابط کا سلسلہ تقریبا مکمل ہو چکا ہے۔تشہیری مہم میں مجلس وحدت مسلمین کے کارکنان نے شب و روز محنت کر کے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ مختلف علاقوں کی جامع مساجد میں نماز جمعہ کے اجتماعات میں پمفلٹ کی تقسیم اور اعلانات کیے گئے اور شہید حسینی کی قومی خدمات پر روشنی ڈالی گئی۔تقریب کے روز سٹیج کی تیاری ، ساؤنڈ سسٹم کی مناسب تنصیب اور نشست و برخاست کے معاملے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے اس امر کو یقینی بنانے پر اتفاق رائے ہوا کہ مذکورہ معاملات کو بہترین انداز میں طے کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔
اجلاس میں آئندہ جمعہ پر مرکزی و صوبائی شخصیات نماز کے اجتماعات سے خطاب کا شیڈول بھی طے کیا گیا،چیئرمین کانفرنس نثار فیضی نے تمام مسئولین کی فعالیت کو سراہتے ہوئے آئندہ ایام میں اور بھی بھرپور فعالیت پر زور دیا،اجلاس میں وحدت یوتھ کے ڈاکٹر یونس اور وفا حیدر نے یوتھ کی فعالیت پر بریفنگ بھی دی،اراکین نے وحدت یوتھ کی کاوشوں کو سراہا۔بتایا گیا کہ برسی کی تقریب کو حکومت کی طرف سے فول پروف سیکورٹی کی فراہمی کے سلسلے میں متعلقہ انتظامیہ سے بات چیت بھی حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔ اس کے علاوہ مجلس وحدت مسلمین کے سینکڑوں سکاؤٹس کو کانفرنس کے داخلی اور خارجی راستوں پر تعینات کیا جائے گا تاکہ ہر آنے جانے والےکی کڑی نگرانی کی جا سکے۔کانفرنس کے چیئرمین نثار فیضی نے تقریب کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی و ضلعی عہدیدران کی کاوشوں کو سراہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک ملی فریضہ ہے جس کو ہم سب نے مل کر ادا کرنا ہے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان پنجاب کابینہ کاخصوصی اجلاس جمعہ 28جولائی کو لاہور وحدت ہاؤس پنجاب میں 6 بجے شام طلب کر لیا گیا ہے، صوبائی ٖڈپٹی سیکریٹری جنرل پنجاب ڈاکٹر سید افتخار حسین نقوی کے مطابق اجلاس میں شہید قائد علامہ عار ف حسین الحسینی ؒ کی برسی کی مناسبت سے اسلام آباد میں منعقدہ مہدی ؑبرحق کانفرنس میں پنجاب بھر سے بھر پور عوامی شرکت کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دی جائے گی اجلاس میں تمام کابینہ ممبران شریک ہوں گے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور کی شوریٰ کا اجلاس ضلعی سیکریٹری جنرل علامہ حسن رضا ہمدانی کی زیر صدارت وحدت ہاؤس پنجاب میں منعقد ہوا، جس میں پنجاب کے سیکریٹری آفس سید حسین زیدی نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں ضلعی کابینہ کے علاوہ ضلع لاہور کے مختلف یونٹوں سے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں مہدیؑ برحق کانفرنس میں شرکت کی حوالے سے گفتگو ہوئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی سیکریٹری جنرل علامہ حسن رضا ہمدانی نے شہید عارف حسین الحسینی کے زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس وقت پاکستان میں شہید عارف حسین الحسینی کے افکار کو زندہ کرنا ہم سب پر واجب ہے اور مجلس وحدت مسلمین ہمیشہ کی طرح اس بار بھی شہید کی برسی کو پوری عقیدت اور جوش و جذبے سے منانے گی تاکہ کہ شہید کے نظریات کا زیادہ سے زیادہ پرچار کیا جا سکے۔ اس وقت وطن عزیز جن مشکلات کا شکار ہے ان سے شہید عارف حسین الحسینی کے افکار اور نظریات کو پروان چڑھا کر باہر نکالا جا سکتا ہے،ضلع لاہور ہمیشہ کی طرح زندہ دلی کا ثبوت دیتے ہوئے مہدی برحق کانفرنس کو کامیاب کرنے کے ہر ممکن کوشش کرے گا۔
وحدت نیوز(ہری پور) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری تعلیم و کنوینیئر مہدی برحق کانفرنس نثار فیضی اور صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقبال بہشتی کی جعفری ہائوس ہری پور آمد ،شعبہ خواتین کی صوبائی سیکرٹری جنرل راضیہ جعفری ،صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل روبینہ واجد ،ضلعی سیکرٹری تصور نقوی اور کابینہ کی دیگر عہدیداران سے ملاقات کی اور چھ اگست کی راولپنڈی پریڈ گرائونڈ میں ہونے والی مہدی برحق کانفرنس کے حوالے سے بات چیت کی اور کہا کہ پوری تاریخ اٹھا کردیکھی جائے قوموں کی آزادی اور ترقی میں خواتین کا کردار واضع نظر آتا ہے چھ اگست کو قائد شہید عارف حسین حسینی کی 29ویں برسی کے سلسلہ میں منعقد ہونے والی مہدی برحق کانفرنس دنیا اور باالخصوص وطن عزیز پاکستان کے بدلتے ہوئے حالات میں غیر معمولی اہمیت کی حامل کانفرنس ہوگی جس میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کی بھرپور نمائندگی وقت کی ضرورت ہے لہذا ایم ڈبلیو ایم کی جملہ عہدیداران و کارکنان اس کانفرنس میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں جس پر راضیہ جعفری نے قائدین کو آگاہ کیا کہ اس سلسلہ میں پہلے ہی خواتین کی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں جو گائوں گائوں اور گھر گھر جاکر خواتین کو کانفرنس میں شرکت پر آمادہ کررہی ہیں ہم یقین دلاتی ہیں کہ حسب روایت اس کانفرنس میں بھی خیبرپختونخوا، ہزارہ اور خصوصا ضلع ہری پورسے خواتین کی بھرپور نمائندگی ہوگی جس پر نثار فیضی نے خواتین کے جذبہ پر ان کا شکریہ ادا کیا اور خوشی کا اظہار کیا ۔