The Latest
وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختون خوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ وحیدکاظمی نے کہا ہے کہ ہم نے ملک اور قوم اتحاد و وحدت اور امن امان کی خاطر بہت قربانیاں دیں ہیں، جس کی مثال تاریخ میں بھی نہیں ملتی، اب مزید ہمارے صبر کا امتحان نہ لیا جائے، ملک کا کوئی صوبہ اور شہر نہیں جس میں ہم نے لاشیں نہ اٹھائی ہوں۔شہید واجد حسن قزلباش کا بہیمانہ قتل صوبائی حکومت کے منہ پر تبدیلی کا طمانچہ ہے کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والی تحریک انصاف اپنے صوبے کے لوگوں کو تحفظ فراہم نہیں کر سکتی، ملک میں کیا خاک تبدیلی لائے گی۔ اِن خیالات کا اظہارمجلس وحدت مسلمین کے صوبائی رہنماء علامہ وحید کاظمی نے واجد حسن کے بہیمانہ قتل پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے پشاور کے پوش علاقے قصہ خوانی ڈھکی میں واجد حسن کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانے والے دہشت گردوں کی پرزور مذمت کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے کہا کہ ملزمان کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دے کر تبدیلی کا ثبوت دیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد جب اور جہاں چاہیں بیخوف ہو کر کاروائیاں کرتے ہیں اور ان کو روکنے ٹوکنے والا کوئی نہیں، جو کہ حکومتوں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ملک اور قوم، اتحاد و وحدت اور امن و امان کی خاطر بہت قربانیاں دیں ہیں، جس کی مثال تاریخ میں بھی نہیں ملتی، اب مزید ہمارے صبر کا امتحان نہ لیا جائے۔ ملک کا کوئی صوبہ اور شہر نہیں جس میں ہم نے لاشیں نہ اٹھائی ہوں۔ ہم نے لاشوں پر کھڑے ہو کر بھی اتحاد و وحدت اور امن وامان کا درس دیا۔ ہماری نظریں صوبائی حکومت کے غیر سنجیدہ اقدامات پر ایک عرصہ سے ہیں اور پولیس انتظامیہ کی طرف سے تو ہم کئی بار مایوس ہوئے کہ پولیس افسران بھی روایتی خوشامدی اور مفلوج نظام کا حصہ بن کر ہی کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میڈیا پر آ کر صوبے کی پولیس میں تبدیلی لانے کے دعوے تو بہت کرتی ہے مگر معاملہ اِس کے برعکس ہی دکھائی دیتا ہے۔علامہ وحید کاظمی نے مرکزی اورصوبائی حکومت کو متنبہ کیا کہ اگر حالات جوں کے توں رہے تو اپنے نوجوانوں کی حفاظت کے لیے ہم راست اقدام اٹھائیں گے اور پھر وزیر اعلی ہاوس، گورنر ہاوس اورسڑکوں پر آنے سے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا۔
واجد حسن کو قصہ خوانی ڈھکی میں شہید کیا گیا۔ واجد حسن قزلباش فعال شیعہ کارکن تھے اور پشاور کے مرکزی شیعہ آبادی میں میڈیکل کلینک اور میڈیکل سٹور تھا اکثر اوقات ہسپتال روڈسے میڈیکل سٹور کے لئے دوائی لے آتے تھے۔ شہید واجد حسن ڈاکٹرثقلین کو جس وقت شہید کیا جا رہا تھا اس وقت موقع پر موجود تھے اور ملزمان کو دیکھ لیا تھا اور کئی بار عدالت میں گواہی کے لئے گئے۔ جسکی وجہ سے اس کو شروع سے ہی دھمکی ملتی تھی۔ انہوں کئی بار تھانے میں اپنی شکایت بھی درج کئے تھے۔ پیچلے سال جب خواجہ عمران کو شہید کیا گیا تو ایس پی سٹی نے شیعہ رہنماوں سے مذکرات کیے تو اس وقت ہم نے واجد حسن کو سیکورٹی دینے کے لئے بات کی تھی اور انہوں نے واجد حسن کو سیکورٹی دینے کا وعدہ بھی کیا تھا مگر بعد میں کئی بار یاد کرانے کے باوجو د کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔ شہید واجد حسن کا ایک بیٹی جو فرسٹ ائیراور ایک بیٹا ساتویں میں پڑھتا ہے۔ شہید واجد حسین سابق کونسلر عابد حسین قزلباش کے سگے بھائی ہیں سابق کونسلر عابد حسن پر قاتلانہ حملہ ہوچکا جس میں وہ بال بال بچ گئے تھے۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ ناصرعباس جعفری نے خیر پور میں بس حادثے پر دلی رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوات سے کراچی آنے والی بس اور ٹرک حادثے میں جاں بحق ہونے والے58افراد کی نا گہانی موت قومی سانحہ ہے، مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں میں انہوں نے کہا کہ خیرپور بس حادثہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اورحکومتی اداروں کی نا اہلی کا نتیجہ ہے، اوور اسپیڈنگ ،اوور لوڈنگ، اوورٹیکینگ جیسے سنگین مسائل پر ٹریفک پولیس اور موٹر وے پولیس یہ تو غفلت برتتی ہے یہ رشوت لے کر قانون کی خلاف روزی کا باعث بنتی ہے، انہوں نے اس قومی سانحے کا ذمہ دار متعلقہ اداروں کا ٹھراتے ہوئےسندھ حکومت سےمطالبہ کیا کہ غفلت برتنے والوں کے خلاف ٹھوس کاروائی عمل میں لائی جائے، مجلس وحدت مسلمین حادثےمیں جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
وحدت نیوز (کراچی) انتہا پسندوں کیخلاف گھیرا تنگ کیے بغیر امن کا قیام ناممکن ہے ملک کے مختلف شہروں میں عالمی دہشت گرد تنظیم کی وال چاکنگ تشویش ناک ہے پر امن معاشرے کے قیام کیلئے رواداری اور برداشت کے کلچر کو فروغ دینا ہوگا اقلیتی برادری قوم کا حصہ ہے ان کا احساس محرومی دور کرنا حکومتوں کا فرض ہے، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور رکن اسلامی نظریاتی کونسل علامہ امین شہیدی نےشہدائے سانحہ انچولی کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں میں انسانیت نام کی کوئی چیز نہیں تھر میں انسانیت بھوک اور افلاس کے ہاتھوں مر رہی ہے لیکن روٹی کپڑا اور مکان کے دعویدار موت بانٹنے میں مصروف ہیں پاکستان کو بیرونی سے زیادہ اندرونی دشمنوں سے خطرہ ہے انہوں نے کہا کہ کراچی اور پشاور میں ملت جعفریہ کیخلاف منظم انداز میں ٹارگٹ کلنگ جاری ہے آئے دن گھروں سے جنازے اُٹھ رہے ہیں دہشت گردوں کے ہاتھوں ان دونوں صوبوں کے حکمران یرغمال بنے ہوئے ہیں پنجاب میں انتہا پسندوں کو کھلی چھٹی دے دی گئی ہے گجرات اور کوٹ رادہ کشن کے ملزموں کو عبرت کا نشان نہ بنایا گیا تو یہاں عراق اور شام جیسے حالات پیدا ہونے سے کوئی نہیں بچا سکتا اسلام امن ،محبت ،بھائی چارے کا دین ہے اور ہمیں انسانیت کے احترام کا درس دیتا ہے علامہ شہیدی نے کوئٹہ میں گذشتہ 6 دن سے پھنسے زائرین کو فوری کوئٹہ لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے بلوچستان گورنمنٹ کے ذمہ داران سے کہا کہ اگر غفلت کے نتیجے میں کسی بھی قسم کا زائرین کو کوئی نقصان پہنچا تو وہ اس کے ذمہ دار ہونگے۔
ریسکیو 1122بلتستان کو مثالی ادارہ بنانے میں ایم ڈبلیوایم بھر پور معاونت کرے گی، علامہ ناصرعباس جعفری
وحدت نیوز(اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے دورہ اسکردو کے موقع ریسکیو 1122 کے آفس کا دورہ کیا انکے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژنعلامہ آغا علی رضوی، سید جعفر شاہ موسوی اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم بلتستان علامہ شیخ زاہد حسین زاہدی تھے۔ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے ریسکیو 1122 اسکردو کے انچارچ سے ادارہ کو درپیش مسائل سنے۔ ریسکیو 1122 نے علامہ راجہ ناصرعباس جعفری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نہایت ہی قلیل مدت میں سینکڑوں حادثات کو احسن طریقے سے کم وسائل کے باجود ریسکیو ٹیم نے ریسکیو دی۔ بلتستان میں ریسکیو ٹیم کو شدید مشکلات درپیش ہیں اگرچہ صوبائی حکومت اپنی بساط کے مطابق وسائل کی فراہمی کی کوشش کر رہی ہے لیکن یہاں کے مسائل کی نوعیت مختلف ہونے کے سبب ناکافی ہے۔ انہوں نے کہ یہاں کی ٹیم کی تربیت بالخصوص غوطہ خوری، کے لوازمات اور فور ویلر گاڑی کی عدم موجودگی کا ذکر کیا۔ ریسکیو 1122 کے مسائل سننے بعد علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ریسکیو ٹیم کو کم وسائل کے باوجود خدمات سرانجام دینے پر انکو خراج تحسین پیش کیا اور انکے اس عمل کو انسانیت کی خدمت قرار دیا۔ اس موقع پر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے ریسکیو 1122 اسکردو کے لیے ایک عدد فورویلر ایمبولینس، غوطہ خوری کی تربیت اور خوطہ خوری کے لوازمات کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی،اور کہا کہ ریسکیو 1122بلتستان کو مثالی ادارہ بنانے میں ایم ڈبلیوایم بھر پور معاونت کرے گی۔ ریسکیو ٹیم نے مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے معاونت کی یقین دہانی پرعلامہ راجہ ناصرعباس جعفری اور دیگر احباب کا شکریہ ادا کیا۔
وحدت نیوز(گجرات)مجلس وحدت مسلمین گجرات کے ضلعی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علی رضا نے کہا ہے کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت چند عناصر گجرات شہر کے امن کو تہ و بالا کرنے اور فرقہ وارانہ فسادات شروع کروانے کی کوششیں کر رہے ہیں، گجرات واقعہ پر من گھڑت کہانیاں سنا کر لوگوں کے جذبات کے ساتھ کھیلنے والوں کا فوری طور پر نوٹس لیا جائے، رہنما ایم ڈبلیو ایم گجرات کا اسلام ٹائمز سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بعض دین فروش ملاں جنہیں تکفیری عناصر کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے، گجرات کے واقعہ کو توڑ مروڑ کر پیش کرکے مجرم کو بچانا چاہتے ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم رہنما علی رضا نے نمائندہ اسلام ٹائمز کو بتایا کہ افضل قادری نامی ملاں جس نے گجرات پولیس کے ساتھ ملاقات کے بعد بیان جاری کیا کہ گجرات واقعہ کے مجرم کے خلاف 302 نہیں بلکہ دفعہ 304 لگائی جائے، چونکہ واقعہ اچانک جذبات کی وجہ سے پیش آیا، دوسری جانب اسی ملاں نے ایک موقع پر کہا ہے کہ قاتل پولیس اہلکار نے رات ساڑھے تین بجے ایک خواب دیکھا، جس میں اسے یہ کام کرنے کو کہا گیا، رہنما ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام، شدت پسندی کے تدارک اور اداروں کو ایسے عناصر سے پاک کرنے کے لئے قاتل پولیس اہلکار کو قرار واقعی سزا دلائی جائے۔
وحدت نیوز(سرگودھا) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ سیاسیات کے مرکزی سیکریٹری ناصرعباس شیرازی نے سرگودھا کے علاقے فروکہ کا دورہ کیا اور عاشور کے روز پیش آنے والے واقعہ میں گرفتار اسیران سے مختلف تھانوں میں جاکر ملاقاتیں کیں اور انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اسیروں سے گفتگو کرتے ہوئے ناصرعباس شیرازی کا کہنا تھا کہ انشاءاللہ کسی بھی بےگناہ اسیر کو جیل میں نہیں رہنے دیا جائیگا اور گرفتار افراد کی رہائی کیلئے ہر ممکن قدم اٹھایا جائیگا۔ اس سے پہلے ناصر عباس شیرازی نے علاقہ معززین سے ملاقاتیں کیں اور واقعہ پر مشاورت کی گئی۔
وحدت نیوز (کھرمنگ) مرکزی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے آج کھرمنگ طولتی میں مجلس عزا سے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب معاشرہ تمام تر اخلاقی و انسانی اقدار کو کھو بیٹھتا ہے اور انسانی اوصاف گراوٹ کی آخری حدوں کو چھوتا ہے تو اس معاشرے میں یزید جیسے فاسق و فاجر انسان حاکم بن جاتا ہے۔ ایسے معاشرے میں یزید اپنے اوچھے ہتھکنڈے کے ذریعے معاشرے میں قتل و غارت، ظلم و زیادتی، ناانصافی اور بدعنوانی کا بازار گرم کرتا ہے اور عوام میں خوف و ہراس پھیلا کر طاقت اور شدت کے ذریعے حق کو باطل اور باطل کو حق بنا کر پش کرتا ہے ایسے میں اچھے اوصاف کے حامل اور حق کے علمبردار حسین ابن علی (ع) جیسی ہستیاں مقتل گاہ کی طرف تشریف لے جاتی ہیں اور اس معاشرے میں انسانی اقدار کو حیات بخشتی ہیں۔
علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے خطاب میں کہا کہ کربلا میں نواسہ رسول (ص) نے تاریخ کی مختصر ترین جنگ میں انسانی اوصاف جیسے حیاء، شجاعت، وفا، بہادری، عدل و انصاف، تقویٰ اور دیانتداری کو حیات بخشتی ہے۔ امام حسین فخر مسیحا ہے، انہوں نے معاشرہ اور انسانی اقدار دونوں کو زندہ کیا۔ انسانی اقدار کے اعلٰی ترین نمونے تاریخ انسانیت میں کربلا کے علاوہ کہیں نظر نہیں آتے۔ یہ امام عالی مقام کا ہی معجزہ ہے کہ انہوں نے کربلا کو حق و باطل کو جانچنے کا پیمانہ بنا دیا۔ ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ عصر حاضر کی کربلا میں یزیدی طاقتوں اور قوتوں سے نبرد آزما ہوں اور کربلا سے رہنمائی لیتے ہوئے عصر حاضر کے یزیدوں کے تخت و تاج کو ٹھوکروں پر رکھیں۔
وحدت نیوز (اپرچھتر) علَم کو تھام کر اعلان کیا تھا علی ؑ کی شیر دل بیٹی نے کہ یہ علم گھر گھر پہنچے گا، سربلند ہو گا ،تاریخ گواہ ہے کہ ہر ممکن کوششیں کیں گئیں لیکن یزید و پیرکار ناکام ہوئے، ذکر حسین ؑ جاری رہا ، ذکر حسین ؑ عین عبادت ہے، ڈٹ کر کریں گے، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصورحسین نقوی الجوادی و سیکرٹری روابط مولانا سید حمید حسین نقوی نے اپر چھتر میں عابد حسین قریشی کے گھر مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ اہلبیت علیھم السلام نے دین مبین کی سربلندی کے لیئے اپنے خانوادے کو بھی فدا کر دیا، اسلامی اقدار کے احیاء کے لیئے جانوں کی قربانی پیش کی، اور ایک اصول دے دیا کہ جان کی خاطر سب کچھ کرو لیکن جب دین پر آنچ آنے لگے تو جان کو بھی دین پر قربان کر دو، عزاداری سیدالشہداء ؑ دین اسلام کی تبلیغ و ترویج کا اہم ذریعہ ، فتح دین کا اعلان ہے، نمازیں و اذانیں سیدالشہداء کے صدقے سرعام جاری ہیں ، کل جب یزید نہ چاہتا تھا کہ توحید و رسالت کا پرچار ہو ، وہ داخل دشنام ہوا اور اذانیں و نمازیں اس کی شکست فاش کا اعلان کرتی ہیں، عزاداری ہمیں عزت و سرفرازی سے ہمکنار کرتی ہے، اس کے لیئے اپنی جانوں کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے، امت مسلمہ متحد و منظم ہو کر اپنے اصلی دشمن استعمار کے خلاف حسینی بن کر برسرپیکار رہے گی، علَم حسین ؑ ہماری بقاء کا ضامن ، ملکر تھام رکھیں گے، آزاد کشمیر کا پرامن خطہ تمام مسالک کا گلدستہ، ہر کوئی مہر و محبت سے رہتے ہوئے اپنی مذہبی عبادات کو انجام دیتا ہے، اس سے آزاد کشمیر واقعاً جنت نظیر کی مثال پیش کرتا ہے۔
وحدت نیوز(ڈی آئی خان) خیرالعمل فاؤنڈیشن کی طرف سے ضلع ڈی آئی خان تحصیل پہاڑ پورمیں تقریب برائے تقسیم ایتام فنڈز کا انعقاد کیا گیا جس میں مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکر ٹری ویلفیئر تہورعباس ،صوبائی سیکر ٹری سیا سیات تنویر مہدی ، ضلعی جنرل سیکر ٹری مولانا زاہد جعفری ،تحصیل کے جنرل سیکرٹری آغا شاہ اور مرکزی نمائند ایتام جی ایچ نقوی سمیت علاقہ کے معززین نے شرکت کی ۔تفصیلات کے مطابق خیرالعمل فاؤنڈیشن کے ایتام فنڈ ز کے ذریعے ڈی آئی خان کے مختلف علاقوں میں33 یتیم بچوں میں 3 ماہ کی اقساط کی رقوم تقسیم کی گئی اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی اور ضلعی رہنماؤں نے خطاب کیا اور بتایا کہ اس کے علاوہ خیرالعمل فاؤنڈیشن کے تحت ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں مزید فلاحی منصوبے تر تیب دیئے جا رہے ہیں۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) خیرالعمل فاﺅنڈیشن گلگت بلتستان ،کشمیر،اورکزئی ایجنسی پارا چنار، کوئٹہ ،ڈیرہ اسما عیل خان کے بعد اب جلد ہی پنجاب میں بھی تقریبا 200 یتیم بچوں کی کفالت کے کام کا آغازکررہی ہے اس سلسلے میں ابتدائی سروے و کیسزکے انتخاب اور تحقیقات کے لیے مرکزی ایتام کمیٹی کے اراکین نے چیئر مین خیرالعمل فاﺅنڈیشن کی ہدایات پر میانوالی کے مختلف علاقوں میں یتیم بچوں کے گھر گھر جا کر تصدیق و تحقیق کا کام شروع کر دیا ان یتیم بچوں کو بالغ ہونے تک ماہانہ تعلیمی کفالت کے لیے منتخب کیا جائے گا کمیٹی کے اراکین نے واپسی پر چیئر مین خیرالعمل فاﺅنڈیشن نثارعلی فیضی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس دورہ میں میانوالی کے مختلف علاقوں میں ضلعی افراد کی معاونت کے ساتھ کیسز کی تحقیقات کی گئیں اور ڈیٹا مرتب کیا گیا چیئر مین خیرالعمل فاﺅنڈیشن نثار علی فیضی نے ایتام کمیٹی کے اراکین کی کاوشوں کو سراہا اور اس بات کی طرف متوجہ کیا کہ یتیموں کی کفالت رفاھی کاموں میں سب سے زیادہ پر معنوی اور اہم ترین کام ہے جسے خود رسول اکرم ﷺ اور حضرت امام علی ؑ نے اپنے لیے پسند کیا اور اس کام کے اجرو ثواب کو بیان کیا انہوں نے کہا کہ خیرالعمل فاﺅنڈیشن گزشتہ دو سالوں سے ملک بھر میں 800 کے قریب یتیم بچوں کی کفالت کا کام سر انجام دے رہی ہے جس پر ماہانہ لاکھوں روپے دیئے جارہے ہیں اس کام کو نہایت شفاف انداز میں انتہائی مخلص اور ذمہ دار ٹیم کے ذریعے سے ملک بھر میں منظم کیا جا رہا ہے ۔