وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ گلگت بلتستان کے زیر اہتمام سالانہ عوامی جلسہ بعنوان " تکریم شہدا و حمایت مظلومین جہاں کانفرنس" سکردو یادگار شہداء پر منعقد ہوئی ۔
کانفرنس میں سربراہ مجلس وحدت مسلمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، چیف آرگنائزر ایم ڈبلیو ایم سید ناصر عباس شیرازی، علامہ آغا سید راحت حسین الحسینی، ایم این اے انجینئرحمید حسین،صدر مجلس علمائے مکتب اہل بیتؑ علامہ سید حسنین عباس گردیزی، اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان محمد کاظم میثم،صوبائی صدر ایم ڈبلیو ایم آغا سید علی رضوی،صدر ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن علامہ صادق جعفری، التمش ترابی فرزند شہید علامہ حسن ترابی، ممبر جی بی اسمبلی وزیر سلیم، یعقوب شہباز،شہدائے گلگت بلتستان کے ورثاء، پاکستان تحریک انصاف کےعہدیداران اور کارکنان، انجمن امامیہ بلتستان کے اراکین سمیت سیاسی، مذہبی جماعتوں کے قائدین شریک ہوئے۔
اس اجتماع میں علمائے کرام سمیت غیور اہلیان بلتستان کا ٹھاٹے مارتا سمندر دور تک دکھائی دے رہا تھا۔فضاء لبیک یا حسینؑ کے فلک شگاف نعروں سے گونج رہی تھی۔
یاد رہے کہ ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے ہر سال جون کے مہینے میں سکرود میں شہداء اور مظلوم کے حوالے سے بڑے عوامی جلسے کا اہتمام کیا جاتا ہے جس میںملک بھر سے اہم سیاسی و مذہبی قائدین شرکت کرتے ہیں۔