The Latest
وحدت نیوز (مٹیاری) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری روابط محترمہ سیمی نقوی نے ایم ڈبلیوایم صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ دوست علی سعیدی اورخواتین کارکنان کے ہمراہ گوٹھ غلام حسین لغاری میں شھید محمد خان لغاری کے اھل خانہ سے ملاقات کی ، اس موقع پر محترمہ سیمی نقوی نے کہا کہ شھادت ہماری میراث ہے ہم شہادتوں پر واویلا نہیں کرتے بلکہ سیرت جناب زینبؑ پر چلتے ہوئے سجدہ شکر بجا لاتے ہیں ، بعد ازاں مقامی امامبارگاہ میں علاقے کی خواتین ان کی منتظر تھیں محترمہ سیمی نقوی نے گوٹھ گودر لغاری میں یونٹ قائم کیا اور کہا کہ موسم کی سختی کربلائی مائوں بہنوں کے حوصلے پست کرنے میں ناکام ہے ، ہم ہر مشکل اور سختی میں جناب زینب سلام الله علیھا کے طویل سفر اور تکالیف و مصائب کو یاد کرتے ہیں اور انھی سے درس استقامت حاصل کرتے ہیں۔ اس نشست میں محترمہ سیمی نقوی نے یونٹ ممبران سے حلف لیا اور تعلیم بالغاں سکول کی بنیاد بھی رکھی۔
وحدت نیوز(راولپنڈی) والدین کی خدمت، شوہر کی اطاعت ، اولاد کی بہترین تربیت اور معاشرے میں الہی نظام کے لیے کوشاں رہنا یہ سب جناب زھرا سلام اللہ علیھا کی سیرت کو کردار سے ہمیں سیکھنے کو ملتا ہے، ان کاخیالات کا اظہارمجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین راولپنڈی ڈویژن کی سیکرٹری جنرل محترمہ قندیل زھرا نےایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین راولپنڈی ڈویژن کی جانب سے با مناسبت ولادت باسعادت حضرت فاطمة الزھرا سلام اللہھ علیھا “یوم مادر” کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتےہوئے کیا، انہوںنے کہا کہ ہم زندگی کے تمام پہلو میں خاتون جنت جناب سیدہ ؑ کو اپنا آئیڈیل قرار دیتے ہیں ، آج کے اس پر آشوب دور میں سیرت جناب سیدہؑ سے منسلک رہنے میں ہی ہماری نجات کا سامان ہے،اس موقع پر ضلعی کابینہ کی توسیع کی گئ اور مختلف شعبہ جات کی مسئولین کا انتخاب ہوا۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سالمیت و استحکام کے لیے دعا مانگی گئی۔
وحدت نیوز(جہلم) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع جہلم کے زیر اہتمام الفضل میرج ہال دینہ میں دختر رسول اکرم ص, جناب فاطمہ الزہرا س کی ولادت باسعادت پر جشن کوثر کے عنوان سے ایک عظیم الشان کانفرنس منعقد کی گئی جس میں شیعہ اور سنی علماء کرام نے بہترین۔انداز میں سیرت حضرت فاطمہ زہرا (س) بیان کی۔ اس پاک و بابرکت محفل میں علاقہ کے سنی و شیعہ مرد و خواتین نے بھرپور شرکت کی، اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ممبر پنجاب اسمبلی اور ایم ڈبلیو۔ایم پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل(شعبہ خواتین) خانم سیدہ زہرا نقوی نے اپنے خطاب میں کہاکہ خاتون جنت حضرت فاطمہ زہرا کی سیرت و کردار نہ صرف کہ خواتین کے لئے نمونہء عمل ہے بلکہ مردوں کو بھی ان کی سیرت پاک کے پیش نظر اپنی زندگی گزارنی چاہئیے اور یہ کہ حضرت فاطمہ (س) توحید کے پرچار کے لئے ہمیشہ رسول خدا (ص) کے شانہ بشانہ رہیںاور مصائب و تکالیف برداشت کیں ،کانفرنس کے اختتام پر ملکی سالمیت اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایات کے مطابق* دفاع مادر وطن ریلی* نکالی گئ اور ملک پاکستان کی سلامتی و امن کے لئے دعا کی گئی۔
وحدت نیوز(فیصل آباد) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ضلع فیصل آباد کی جانب سے جشن ولادت باسعادت حضرت فاطمة الزھراؑ کا اہتمام کیا گیا ۔ اس پر رونق محفل سےایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی مسئول مدارس محترمہ بشری شریف، ضلع فیصل آباد کی سیکرٹری جنرل محترمہ مقدس نقوی، مسئول تعلیم و تربیت محترمہ سیدہ ثمینہ نقوی ، مسئول نشرو اشاعت محترمہ نور زھرا کے علاوہ ایم ڈبلیو ایم شعبۂ خواتین کی مرکزی سیکرٹری فلاح و بہبود محترمہ فرحانہ گلزیب نے خطاب کیا۔
محترمہ فرحانہ گلزیب نے اپنے خطاب میں کہا کسی بھی معاشرے کی ترقی میں خواتین کا کردار لازم و ملزوم ہے باشعور اور تعلیم یافتہ خواتین فلاحی معاشروں کے قیام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں ، یہ ہمارا وظیفہ ہے کہ ہم اپنے کردار و عمل کے ذریعے سیرت جناب سیدہ سلام اللہ علیھا کو عام کریں ان کی تعلیمات کو گھر گھر پہنچائیں اور حقیقی معنوں میں پیرو سیدہؑ بن کر روز محشر بی بی کے سامنے سرخرو ہو سکیں۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زھرا نقوی صاحبہ نے امام بارگاہ خدیجة الکبری ملتان میں منعقدہ محفل جشن جناب سیدہ سلام اللہ علیھا سے خطاب کیا ، آپ حضرت فاطمة الزھرا ؑ کے اوصاف و کمالات بیان کرتے ہوئے کہا کہ سیدہ دو عالمؑ کی صفات تجلی مظھر خدا ہیں ، آپ کے مقام و مرتبہ کو سمجھنا عقل انسانی سے بالاتر ہے ، جناب سیدہ خدا کے رازوں میں سے ایک راز ہیں۔ وہ بی بی کہ جو کل کائنات کی مالکہ ہو جسکا منصب اتنا بلند و بالا ہو کہ کوئی اور اس پر فائز نہ ہوسکے اپنے گھر میں ایک سادہ سی زندگی بسر کرتے ہوے تمام خواتین کے لیے اسوہ کاملہ کے طور پر سامنے آئیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ گھر اور گھرداری ، شوہر داری ، ایک بہترین بیٹی اور ایک بہترین ماں کے اندر کیا خوبی ہونی چاہئے وہ سب جناب سیدہؑ نے ہمیں سکھایا ہے اور نہ صرف اپنے گھر کو منظم کرنا بلکہ اپنے دین کا دفاع کرنا راہ خدا میں جہاد کرنا ، باطل کے سامنے آواز حق بلند کرنا ایک عورت اگر حقیقی معنوں میں کنیز فاطمہ زھراؑ بننا چاہتی ہے تو اسے ہر میدان میں اسوہ فاطمی اپنانا ہوگا،اپنے خطاب کے اختتام پر محترمہ زھرا نقوی نے شرکاء محفل کو مجلس وحدت مسلمین کا تعارف پیش کیا اور اس الہی تنظیم میں شامل ہونے کی دعوت دی جس پر خواتین نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔ اس جشن میں خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
وحدت نیوز (لاہور) متحدہ علماءبورڈ پنجاب کی نئی باڈی میں شیعہ مکتب فکر کی نمائندگی نصف کرنے کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کی رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرانقوی نے تحریک التواءپنجاب اسمبلی میں جمع کروادی ہے،تحریک التوائے کار میں محترمہ زہرا نقوی نے کہاکہ متحدہ علمابورڈ پنجاب میں ماضی کے برخلاف اس مرتبہ شیعہ مکتب فکر کو دیگر مسالک کے مساوی نمائندگی نہیں دی گئی ، نوٹیفکیشن کے مطابق متحدہ علماءبورڈ میں بریلوی مکتب فکرکے9 علماءاور ایک خاتون عالمہ ،دیوبند مکتب فکر کے9علماءاور ایک خاتون عالمہ ، اہل حدیث مکتب فکر کے 5علماءاور ایک خاتون عالمہ جبکہ اہل تشیع مکتب فکر کے 4علماءاور ایک خاتون عالمہ کو شامل کیا گیا ہے۔
تحریک التواءمیں انہوں نے کہاہے کہ یہ بورڈ مذہبی ہم آہنگی کے لئے بنایاجاتاہے، ماضی کی روایات کے مطابق اس بورڈ میں چاروں مسالک کو برابر کی نمائندگی دی جاتی رہی ہے،کسی ایسے بورڈ یا کمیٹی میں جو فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لئے بنائی جارہی ہو اس میں مختلف مسالک کے نمائندوں کی تعدادکا مختلف ہونافرقہ وارانہ ہم آہنگی کے بجائے فرقہ واریت پھیلانے کا باعث بن سکتاہے،محکمہ اوقاف اور مذہبی امور کی جانب سے متحدہ علماءبورڈ کی تشکیل نو کے نوٹیفکیشن سےفرقہ وارانہ تعصب کی بو آتی ہے، متحدہ علماءبورڈ پنجاب میں تمام مسالک کی مساوی نمائندگی کا ناہونا فرقہ وارایت کا باعث بن سکتاہے۔
ان کا مزیدکہاتھاکہ اس سے لگتاہےکہ اداروں میں بیٹھے ہوئے افسران ایک مسلک کو خاص عینک لگاکر دیکھتے ہیں،اس نوٹیفکیشن سے پاکستان بھر اور بالخصوص پنجاب میں اہل تشیع اور تمام مسالک کے اتحاد بین المسلمین کے داعی افراد میں تشویش پائی جاتی ہے،زہرانقوی نے کہاکہ اس طرح کا نوٹیفکیشن ملت جعفریہ جو کہ عرصہ درازسے دہشت گردی کا شکاررہی ہے کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے اوروزیر اعظم پاکستان اور چیئرمین تحریک انصاف محترم عمران خان کے وژن سے بھی مطابقت نہیں رکھتا، انہوںنے وزیر اعلیٰ پنجاب اور مذہبی امور سے گذارش کی ہے کہ فوری طور پر اس متعصبانہ نوٹیفکیشن کی منسوخی کے احکامات جاری کیئے جائیں۔
وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی سیکرٹری جنرل و ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب سیدہ زہرا نقوی نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستانی عوام پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، پاک فوج نے بھارتی جنگی جنون قابل فخر جواب دیکر پوری قوم کاسر فخرسے بلند کردیاہے،گلگت سے گوادر تک عوام وطن پر جان نثار کرنے کے لئے تیار ہے ۔بھارتی بزدلانہ وار پاکستان کو اشتعال دلانے کی کوشش ہے ، ہندوستانی حکومت اسلحے کے انبار پر بیٹھ کر خوش فہمی میں مبتلا ہے، ہندوستانی سیاست میں جنگی نعروں کا رواج خطے کے امن کے لئے شدید خطرہ بن چکے ہیں، پاک بھارت کشیدگی کے دوران او آئی سی کا کردار شرمناک ہے ، بھارت کس حیثیت میں او آئی سی اجلاس میں شرکت کر رہا ہے ؟ پاکستانی حکومت او آئی سی ممالک سے فوری رابطہ کرئے، اگر او آئی سی معاملات کو درست نہیں کر سکتی تو خراب کرنے سے باز رہے ، ہندوستانی حملے کو عالمی قوتیں سنجیدگی سے دیکھے، ہندوستان خطے میں جنگ کی آگ کو بھڑکا رہا ہے بھارتی اشتعال انگیزی کے خلاف تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہونا ہو گا۔
ان خیالات کااظہار اُنہوں نے ملتان میں سیدہ فاطمہ زہرا سیرت کانفرنس اور بعدازاں ایم ڈبلیو ایم کے رہنمائوں سے ملاقات میں کیا ۔اس موقع پر صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، سلیم عباس صدیقی، مہر سخاوت علی اور دیگر رہنما موجود تھے۔ سیدہ زہرا نقوی نے مزید کہا کہ مودی سرکار ہوش کے ناخن لے الیکشن جیتنے کیلئے خطے کے امن کو تباہ نہ کرے، پاکستان ایک پُرامن ملک ہے ، دہشتگردی کا سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو ہوا، ستر ہزار پاکستانی دہشتگردی کا شکار ہوئے لیکن پاکستان نے ہمیشہ امن کو ترجیح دی، پاکستان نے ہمیشہ دوستی کا ہاتھ بڑھا یا اور صلح کا پیغام دیا مگر دوسری طرف ہندوستان ہٹ دھرمی کا شکار ہے، پاکستان کا ہر بچہ ملک کے دفاع کے لیے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، وطن کا دفاع ہمارے لیے عزت، وقار اور کسی سعادت سے کم نہیں ہے۔
وحدت نیوز(ڈیرہ اسماعیل خان) شہزادی کونین اعلی الہی اور انسانی کمالات و فضائل کی حامل تھیں، آپ کی الہی فضیلت میں یہی کافی ہے کہ آپ جب بھی بزم رسالت میں تشریف لاتیں پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آگے بڑھ کر آپ کا استقبال کرتے اور بی بی دوعالم کو اپنی جگہ پر بٹھاتے، مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ضلع ڈیرہ غازی خان کے زیر اہتمام بامناسبت ولادت باسعادت جناب سیدہ سلام اللہ علیھا “سیرت حضرت فاطمہ زھراؑ” کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا ،جس سے مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی محترمہ زھرا نقوی نے خطاب کیا ۔
آپ نے خاتون جنت کے فضائل اور ان کی سوانح حیات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ جناب سیدہ سلام الله علیھا کہ فضائل و مناقب کی کوئ حد نہیں ، آپ وہ عظیم ہستی ہیں کہ جن کی طہارت و عفت کی گواہی خود خدا نے اپنی کتاب میں دی ہے ،حضرت فاطمہ زھرا اپنی والدہ گرامی حضرت خدیجہ کی اعلیٰ صفات کا واضح نمونہ تھیں جود و سخا، اعلیٰ فکری اور نیکی میں اپنی والدہ کی وارث اور ملکوتی صفات و اخلاق میں اپنے پدر بزرگوار کی جانشین تھیں۔ وہ اپنے شوھر حضرت علی(ع) کے لئے ایک دلسوز، مھربان اور فدا کار زوجہ تھیں ۔
انہوں نے کہا کہ ہم خواتین اگر دین و دنیا میں کامیابی چاہتی ہیں تو ہمیں اسوہ جناب سیدہ س پر عمل پیرا ہونا ہوگا ، ہم پر لازم ہے کہ ہم بی بی کی سیرت کا مطالعہ کریں اور ان کی تعلیمات و کردار پر عمل کریں اور اسے عام کریں اس سیمینار کے اختتام پر محترمہ زھرا نقوی صاحبہ نے نو منتخب سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ضلع ڈیرہ فازی خان محترمہ لیلیٰ رباب سے حلف لیا۔
وحدت نیوز(فیصل آباد) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ضلع فیصل آباد کے یونٹ 104 محلہ شمس آباد میں میلاد مسعود حضرت فاطمة الزھرا س کا انعقاد ہوا۔ جس میں ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی مسئول مدارس ،محترمہ بشری شریف نے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں آپ نے جناب سیدہؑ کی سیرت کے مختلف پہلوؤں کو بیان کیا ایک موقع پر آپ نے امام جعفر صادقؑ کا قول نقل کرتے ہوے کہا کہ جس نے بھی معرفت کیساتھ جناب فاطمہ زھرا ؑ کو پہچان لیا در حقیقت اس نے شب قدر کو پہچان لیا۔ فاطمہ ؑکو فاطمہؑ اسی لیے کہتے ہیں کہ کوئی آپ کی حقیقی معرفت حاصل نہیں کرسکتا ۔آپؑ سورہ کوثر کی تفسیر ہیں خدا نے رسول خدا صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کو آپ کی صورت میں خیر کثیر عطا کیا اور آج دنیا کے ہر کونے میں نسل فاطمہؑ موجود ہے ، خدا نے اپنے محبوب نبیؐ کی نسل کو جناب زھرا سلام اللہ علیھا سے جاری رکھا۔
وحدت نیوز (چکوال) یومِ مادر، یومِ دختران، یومِ زوجہ یا یومِ ہمشیر المختصر یومِ خواتین* کے لیے کوئی دن مناسب ہے تو وہ ولادتِ با سعادت صدیقہ، طاہرہ، حضرت فاطمہ الزہراؑ ہےمجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین ضلع چکوال کی جانب سے پر وقار جشن ولادت فاطمة الزھرا سلام الله علیھا کا انعقاد کیا ، اس جشن سعید سے محترمہ تغزل شاداب صاحبہ نے خطاب کیا جس میں مناقب و فضائل جناب سیدہؑ بیان کرتے ہوئے کہاکہ حضرت فاطمہ زہرا (علیہاالسلام)، پیغمبر اکرم (صلی اللہ علیہ و آلہ) اور حضرت خدیجة الکبری (سلام اللہ علیہا) کی بیٹی ہیں اور زہراء ، صدیقہ، طاہرہ، مبارکہ، زکیہ، راضیہ، محدثہ اور بتول آپ کے القاب ہیں۔
انہوں نے خاتون جنت کے عبادتی پہلو کو بیان کرتے ہوئے مزید کہا جب آپ گھر کے کاموں سے فارغ ہوتی تھیں تو عبادت میں مشغول ہوجاتی تھیں، نماز پڑھتیں،دعا کرتیں،خداکی بارگاہ میں گریہ و زاری کرتیں اور دوسروں کے لئے دعائیں کرتی تھیں، امام صادق(علیہ السلام) اپنے جد امجد حضرت امام حسن بن علی (علیہ السلام) سے روایت نقل کرتے ہیں کہ امام حسن علیہ السلام نے فرمایا: میری والدہ گرامی شب جمعہ کو صبح تک محراب عبادت میں کھڑی رہتی تھیں اور جب دعا کے لئے ہاتھ اٹھاتیں تو باایمان مردوں اور عورتوں کے لئے دعا فرماتیں، لیکن اپنے لئے کچھ نہیں کہتی تھیں، ایک روز میں نے سوال کیا: اماں جان ! آپ دوسروں کی طرح اپنے لئے کیوں دعائے خیرنہیں کرتیں؟ آپ نے کہا: میرے بیٹے ! پڑوسیوں کا حق پہلے ہے۔ اس جشن سعید میں خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔